اک تھکا ماندہ مسافر، وہ صحرا، وہی دھوپ ۔۔۔ عبید الرحمٰن عبید

محمداحمد

لائبریرین
غزل

اک تھکا ماندہ مسافر، وہ صحرا، وہی دھوپ
پھر وہی آبلہ پائی، وہی رستہ، وہی دھوپ

میں وہی رات، بہ عنوانِ سکوں، سازِ خاموش
تو وہی چاند سراپا، ترا لہجہ وہی دھوپ

پھر کتابوں کی جگہ بھوک، مشقت، محنت
پھر وہی ٹاٹ بچھونا، وہی بچہ، وہی دھوپ

میں شجر سایہ فگن سب پہ عدو ہوں کہ سجن
میرا ماضی بھی کڑی دھوپ تھی فردا، وہی دھوپ

پھر کوئی شیریں طلب، سر میں جنوں کا سودا
وہی سنگلاخ چٹانیں، وہی تیشہ، وہی دھوپ

آسماں چھونے کی خواہش پہ ہے طائر نادم
پھر وہی قیدِ مسلسل، وہی پنجرہ، وہی دھوپ

پھر وہی جلتے مکاں، پھر وہی رقصِ بسمل
اور سورج کا عبید اب بھی تماشا وہی دھوپ

عبید الرحمٰن عبید
 
محمداحمد

لائبریرین
لا جواب، کیا خوبصورت غزل ہے، کیا نبھایا ہے ردیف کو، واہ واہ!

شکریہ احمد صاحب شیئر کرنے کیلیئے۔

بہت شکریہ! وارث بھائی!

عبید صاحب میرے تایازاد بھائی ہیں بلکہ اُس سے بھی بڑھ کر میرے اُستاد بھی ہیں۔ میں نے اُن سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
 
محمد وارث

لائبریرین
بہت شکریہ! وارث بھائی!

عبید صاحب میرے تایازاد بھائی ہیں بلکہ اُس سے بھی بڑھ کر میرے اُستاد بھی ہیں۔ میں نے اُن سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

تو پھر حضور ہماری ایک ہی استدعا ہے ہمیشہ کی طرح :)

عبید صاحب کو بھی یہاں مدعو کیجیئے، یا انکی کسی کتاب کی ہی اجازت اور فائل حاصل کر کے اردو محفل کی لائبریری کی زینت بنائیے۔ ہمیں اور بتائیے :)
 
وارث بھائی!

عبید صاحب شاذ ہی انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں لیکن پھر بھی جب اُن سے ملاقات ہوئی میں اُن سے کہوں گا اور کتاب (اجازت وغیرہ ) کی بھی بات کروں گا۔
 
مغزل

محفلین
عبید صاحب۔۔ آج کل ۔۔ کم کم ملتے ہیں ۔۔ مگر
ان کے کھلائے ہوئے چمن جگہ جگہ ملتے ہیں۔۔۔
احمد بھیا اس پیشکش کیلئے ممنون ہوں۔
بہت شکریہ
 
محمداحمد

لائبریرین
عبید صاحب۔۔ آج کل ۔۔ کم کم ملتے ہیں ۔۔ مگر
ان کے کھلائے ہوئے چمن جگہ جگہ ملتے ہیں۔۔۔
احمد بھیا اس پیشکش کیلئے ممنون ہوں۔
بہت شکریہ

بہت شکریہ مغل بھیا،

آج کل عبید بھائی کو گوشہ نشینی کچھ زیادہ ہی راس آئی ہوئی ہے۔

اُن کی دو چار غزلیں اور ٹائپ کی ہیں شئر کروں گا محفل میں ۔
 
محمد وارث

لائبریرین
وارث بھائی!

عبید صاحب شاذ ہی انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں لیکن پھر بھی جب اُن سے ملاقات ہوئی میں اُن سے کہوں گا اور کتاب (اجازت وغیرہ ) کی بھی بات کروں گا۔

شکریہ برادرم۔ ہمارا اور اردو محفل کا سلام بھی کہیئے گا ان سے، نوازش!
 
ایم اے راجا

محفلین
بہت کمال کے شاعر ہیں عبید صاحب اور اس سے بھی کمال کی شخصیت ہیں، غالبن 2007 میں انکی کتاب " جب زرد ہو موسم اندر کا" کی تقریب رونمائی ( جس میں ایک دوست نوید سروش کی معرفت بندہ بھی مدعو تھا) میں ملاقات ہوئی تھی اور انھوں نے اپنی مذکورہ کتاب اپنے دستخط کے ساتھ مرحمت فرمائی تھی، احمد صاحب آپ سے بھی وہاں ملاقات ہوئی تھی۔ بہت شکریہ۔
 
جی راجا صاحب

وہاں کافی دوستوں سے ملاقات ہوئی تھی لیکن چونکہ وہ پہلی ملاقات بہت مختصر اور سرسری تھی سو تشنگی رہ گئی اب اگر آنا ہوا تو پھر آپ سے ملاقات کریں گے۔
 
Top