اردو ویب، انٹرنیٹ پر اردو کا ایک اہم سنگ میل

نبیل

تکنیکی معاون
میں نے جریدہ کمپیوٹنگ کے لیے اردو ویب پر مضمون لکھا تھا جسے میں ذیل میں پیش کر رہا ہوں۔ اس میں کچھ ردوبدل اور اضافے کے بعد اسے اردو ویب کے پروموشنل میٹیریل کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔


اردو ویب، انٹرنیٹ پر اردو کا ایک اہم سنگ میل

اردو ویب [1] انٹرنیٹ‌ پر (تحریری شکل میں) اردو کی ترویج کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ بدقسمتی سے دوسری زبانوں کے مقابلے میں اردو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بالعموم اور ویب کی دنیا میں بالخصوص بہت پیچھے رہ گئی ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ اردو ویب سائٹس کا تصویری اردو پر انحصار رہا ہے۔ ونڈوز اور دوسرے آپریٹنگ سسٹمز اور ویب سٹینڈرڈز میں یونیکوڈ کی سپورٹ قریب قریب ایک عشرے سے شامل ہے۔ دوسری جانب ویب صفحات پر قابل استعمال اردو ٹروٹائپ اور اوپن ٹائپ فونٹس بھی عرصہ دراز سے مہیا ہیں۔ اس تناظر میں ابھی تک بڑے اردو جرائد سمیت دوسری اردو ویب سائٹس کی کثیر تعداد کا تصویری اردو پر انحصار کرنا ایک حیران کن امر ہے۔ تصویری شکل میں اردو ڈیٹا نہ صرف ڈسک سپیس اور بینڈوڈتھ بہت زیادہ صرف کرتا ہے بلکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نکتہ نظر سے اس کی قدروقیمت بھی صفر کے قریب ہوتی ہے۔ سرچ انجن تصویری اردو کو انڈکس نہیں کر سکتے اور اس وجہ سے اسے انٹرنیٹ پر ڈھونڈھنا ممکن نہیں رہتا۔ اردو ویب پر ہمارا عزم انٹرنیٹ پر اردو کو دوسری زبانوں کے ہم پلہ لانا ہے۔ اس مقصد کے لیے کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر یونیکوڈ (تحریری) اردو کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

آغاز

چند سال قبل کچھ عوامل نے انٹرنیٹ پر تحریری اردو کی مقبولیت بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ مرکز تحقیقات اردو (crulp) کے ریلیز کردہ نفیس فونٹس خاص طور پر سے نفیس نستعلیق فونٹ کی بدولت اردو کے قابل استعمال فونٹ میسر آئے جبکہ بی بی سی اردو ڈاٹ کام ویب سائٹ کو اردو ویب سائٹ میکنگ میں ایک سنگ میل قرار دیا جا سکتا ہے۔ اسی زمانے میں اردو میں بلاگ بھی لکھے جانے لگے۔ اردو بلاگنگ بھی ویب پر اردو کی ترویج میں ایک اہم فیکٹر ثابت ہوئی۔ان اردو بلاگز کے لکھنے والے چند بلاگرز نے نئے اردو بلاگ سیٹ اپ کرنے کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کاوش شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے زکریا اجمل نے اردو بلاگنگ کے نام سے ایک بالگ شروع کیا۔ اس کے ساتھ ہی آصف اقبال نے ان معلومات کو بہتر طور پر منظم کرنے کے لیے ایک وکی پیڈیا سیٹ اپ کیا۔ اس طرح ہم نے اردو بلاگنگ بلاگ اور وکی پیڈیا پلیٹ فارم پر کمپیوٹر پر اردو انسٹال کرنے اور اردو میں بلاگ لکھنے سے متعلق معلومات اکٹھی کرنا شروع کر دیں۔ بہت جلد ہماری کاوشوں کا دائرہ اردو بلاگنگ کے سلسلے میں رہنمائی فراہم کرنے سے آگے نکل گیا۔ زکریا نے اردو سیارہ کے نام سے اردو بلاگز کا ایک فیڈ ایگریگیٹر سیٹ اپ کیا جہاں اردو بلاگز پر شائع ہونے والی تازہ پوسٹس پڑھی جا سکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ راقم الحروف نے ویب صفحات پر اردو لکھنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے جاوا سکرپٹ پر مبنی ایک ایڈیٹر اردو ویب پیڈ لکھا۔ اس کے بعد میں مزید فری سوفٹویر اردو ایڈیٹر اور اردو ایڈیٹر لائٹ لکھے۔ اسی زمانے میں قدیر احمد رانا بھی ہماری کاوشوں میں شامل ہوگئےجو کہ اس وقت phpbb فورم سوفٹویر کی لینگویج فائلز کا اردو ترجمہ کر رہے تھے۔ ہماری کاوشوں کا دائرہ بڑھتے دیکھ کر زکریا نے ان پراجیکٹس کو ایک جگہ مجتمع کرنے اور اس مقصد کے لیے ایک نئی ویب سائٹ سیٹ اپ کرنے کےی تجویز پیش کی۔ زکریا کے بلاگ پر ہی اس نئی ویب سائٹ کا ڈومین نیم منتخب کرنے کے لیے رائے عامہ کا انعقاد ہوا جس کے نتیجے میں اس سائٹ کا نام اردو ویب رکھا گیا۔ اس کے کچھ دنوں بعد اردو ویب کے لیے ویب سپیس خریدی گئی جہاں راقم الحروف نے اردو محفل فورم سیٹ اپ کی جسے انٹرنیٹ پر پہلی مکمل اردو فورم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ آنے والے دنوں میں اردو ویب انٹرنیٹ پر اردو کی ترویج کی کاوشوں کا مرکز بن گیا جہاں اردو سے محبت رکھنے والے مختلف پراجیکٹس میں اپنا حصہ شامل کر رہے ہیں۔ اردو ویب کے اہم حصوں کی تفصیل ذیل میں فراہم کی جا رہی ہے۔

اردو سیارہ [2]

یہ ایک فیڈ ایگریگیٹر ہے جہاں مختلف اردو بلاگز کی فیڈ شامل ہوتی ہے۔ اس میں صرف فعال اردو بلاگز کی فیڈ شامل رہتی ہے۔ اردو سیارہ نے بھی اردو بلاگنگ کو مقبول بنانے اور اس کی فعالیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اردو ویب بلاگ [3]

یہ اردو ویب کا آفیشل بلاگ ہے جہاں اردو ویب پر جاری پراجیکٹس کی اپڈیٹ اور اردو کمپیوٹنگ کے سین کی دوسری خبریں پوسٹ کی جاتی ہیں۔

اردو ویب وکی پیڈیا [4]

اردو ویب وکی پیڈیا ہماری اردو کی ترویج کی کاوشوں کا ایک اہم حصہ رہا ہے۔ شروع میں آصف نے اسے سیٹ اپ کرنے کے لیے وکاوکی (WikkaWiki) سوفٹویر کا استعمال کیا۔ اس وکی پیڈیا کا مقصد بالعموم اردو کمپیوٹنگ اور بالخصوص اردو بلاگنگ سے متعلقہ معلومات اکٹھا کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم تشکیل دینا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس وکی پیڈیا پر مفید معلومات اکٹھی کی گئی ہیں۔ اس مواد کو مزید بہتر انداز میں منظم کرنے کے لیے ہم نے میڈیا وکی سوفٹویر پر مبنی ایک نئی سائٹ تشکیل دینے کا ارادہ کیا ہے۔ ان سطور کی اشاعت تک غالباً اس نئی سائٹ کا قیام بھی عمل میں آجائے گا۔

اردو ویب پراجیکٹس سائٹ [5]

یہاں اردو ویب پر جاری تمام سوفٹویر پراجیکٹس کی ورژن کنٹرول سسٹم میں کوڈ رپازٹری دیکھی جا سکتی ہے۔ اردو ویب پر تمام سوفٹویر پراجیکٹس کے ورژن کنٹرول کے لیے سب ورژن (subVersion) ورژن کنٹرول سسٹم کا استعمال کیا جاتا ہے۔

اردو لوکلائزیشن پلیٹ فارم [6]

یہ انٹرانس سوفٹویر پر مبنی پلیٹ فارم ہے جہاں اردو ویب کے تمام اردو مقامیانے (لوکلائزیشن) کے پراجیکٹس منظم کیے جاتے ہیں۔ ان میں سے سب بڑا اور اہم پراجیکٹ لینکس کی اردو لوکلائزیشن کا پراجیکٹ ہے۔ اس وقت لینکس کے نوم (gnome) ڈیسک ٹاپ کے اردو ترجمہ پر کام جاری ہے جو کہ چالیس ہزار کے قریب اصطلاحات اور عبارتوں پر مشتمل ہے۔ انٹرانس میں اردو ویب پیڈ شامل کیے جانے سے اس میں اردو ٹائپ کرنا بہت آسان ہو گیا ہے اور اس سے اردو ترجمے کے کام میں بہت مدد ملتی ہے۔

اردو لائبریری پراجیکٹ سائٹ [7]

اردو لائبریری پراجیکٹ اردو ویب کے اہم ترین پراجیکٹس میں سے ہے۔ اس کا مقصد کاپی رائٹ سے آزاد متون کو تحریری شکل میں ویب پر محفوظ کرنا ہے۔اس طرح ہم اردو کے قیمتی اور نایاب مواد کو معدوم ہونے سے بچانا چاہتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ہی عام لوگوں کی اس تک رسائی آسان بنانا چاہتے ہیں۔ پہلے سے موجود کاپی رائٹ سے آزاد مواد برقیانے کے ساتھ ساتھ لائبریری پراجیکٹ ایک ایسا پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے جہاں مصنفین نیا اور کاپی رائٹ سے آزاد ادبی اور تدریسی مواد تخلیق کر سکتے ہیں۔ لائبریری پراجیکٹ کا آغاز محفل فورم سے ہوا تھا جو کہ ایک ڈسکشن فورم ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس پراجیکٹ میں وسعت آتی گئی اور اس کے لیے علیحدہ سائٹ کی ضرورت محسوس ہونے لگی۔ اسی لیے میڈیا وکی سوفٹویر پر مبنی ایک علیحدہ سائٹ تشکیل دی گئی۔ وکی پیڈیا لائبریری پراجیکٹ کی نوعیت کے اعتبار سے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے اور اس پر صارفین کو مواد کے نظام پر مکمل کنٹرول حاصل ہوتا ہے اور وہ خود سے نئے زمرہ جات اور ذیلی زمرہ جات بنا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وکی پیڈیا پر مواد کا لے آؤٹ بھی اپنی مرضی کے مطابق مرتب کرنا ممکن ہے۔ لائبریری پراجیکٹ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے لیکن اس کے باوجود اس پراجیکٹ پر کام کرنے والوں کے جذبے اور لگن کی بدولت کئی کتابوں کی ٹائپنگ اور پروف ریڈنگ پر کام مکمل ہو گیا ہے اور بت سے مسودات پر کام جاری ہے۔ ہمیں امید ہے کہ مناسب تشہیر اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لائبریری پراجیکٹ سائٹ پراجیکٹ گٹن برگ اور وکی سورس کے مقابلے کی سائٹ بن جائے گی۔

اردو محفل فورم [8]

اردو محفل فورم اردو ویب کا مرکزی اور فعال ترین حصہ ہے۔ اردو محفل فورم کو انٹرنیٹ پر پہلا مکمل یونیکوڈ اردو فورم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اردو محفل فورم پی ایچ پی بی بی فورم سوفٹویر پر مبنی ہے جس میں اردو سپورٹ شامل کرنے میں کئی لوگوں کی کاوش شامل ہے۔ پی ایچ پی بی بی کی لینگویج فائلوں کا ترجمہ قدیر احمد رانا نے فراہم کیا جبکہ راقم الحروف نے اس میں ویب بیسڈ ایڈیٹر اردو ویب پیڈ بھی شامل کر دیا جس سے فورم پر اردو ٹائپ کرنا نہایت آسان ہو گیا۔ شروع میں یونیکوڈ ڈیٹا کے حوالے سے چند مسائل درپیش آتے تھے جس کی وجہ پی ایچ پی سکرپٹنگ لینگویج میں یونیکوڈ کی ناکافی سپورٹ کا ہونا ہے۔ خوش قسمتی سے زکریا نے ان مسائل کا حل دریافت کر لیا۔ اردو محفل فورم کو اپنے قیام کے بعد بتدریج مقبولیت حاصل ہونا شروع ہو گئی۔ عام طور پر لوگ شروع میں تحریری اردو کے استعمال سے ہچکچاتے ہیں اور پرانے تصویری اردو یا رومن اردو کے طریقے پر ہی چلتے رہتے ہیں۔ لیکن ان پر ایک مرتبہ اردو ٹیکسٹ کی افادیت واضح ہو جائے تو وہ واپس پرانے طریقے پر نہیں جاتے۔ محفل فورم پر شامل اردو ویب پیڈ میں صوتی اردو کی بورڈ استعمال ہوا ہوا ہے جسے سیکھنا نہایت آسان ہے۔

محفل فورم کی خصوصیت اس پر موجود اردو کمپیوٹنگ سے متعلقہ زمرہ جات ہیں جہاں مختلف پراجیکٹس کی پیشرفت کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ محفل فورم پر ہلکی پھلکی گپ شپ کے ساتھ ساتھ سیاسی صورتحال پر تبصرے اور مباحث کے زمرہ جات بھی موجود ہیں۔

اردو ویب پر تمام پراجیکٹس پر کام مکمل طور پر رضا کارانہ بنیادوں پر اور اوپن سورس سپرٹ کے تحت ہو رہا ہے اور ان پراجیکٹس کی کامیابی کا دارومدار اردو سے محبت کرنے والوں اور علم پھیلانے والوں کے جذبے اور لگن پر ہے۔ ہماری دعا ہے کہ اردو کی ترویج کا یہ کاروان ہمیشہ یونہی جاری رہے۔


روابط

[1] اردو ویب (www.urduweb.org)
[2] اردو سیارہ (www.urduweb.org/planet)
[3] اردو ویب بلاگ (www.urduweb.org/blog)
[4] اردو ویب وکی پیڈیا (www.urduweb.org/wiki)
[5] اردو ویب پراجیکٹس سائٹ (projects.urduweb.org)
[6] اردو لوکلائزیشن پلیٹ فارم (l10n.urduweb.org)
[7] اردو لائبریری پراجیکٹ سائٹ (www.urdulibrary.org)
[8] اردو محفل فورم (www.urduweb.org/mehfil)
 

محمد وارث

لائبریرین
بہت خوب نبیل بھائی، بہت اچھا مضمون ہے آپ کا اور آپ نے بہت خوبصورت انداز سے اردو ویب کا تعارف پیش کیا ہے۔

مجھے یقینِ کامل ہے کہ محبانِ اردو کی کاوشوں سے اردو ویب اور اس کے تمام پروجیکٹس دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہیں گے۔
 

فاتح

لائبریرین
نبیل صاحب!
کافی سال، شاید ڈیڑھ دہائی قبل کی بات ہے کہ انٹرنیٹ پر پہلی بار اردو شاعری کا ایک صفحہ نظر سے گزرا اور "مت پوچھ ولولے دلِ نا کردہ کار کے" کا عالم تھا۔ تب ایک لمبی سی صدائے "کاش" بلند ہوئی کہ جب کمپیوٹنگ کی دنیا میں عربی بطور ٹیکسٹ موجود ہے تو اردو کیوں نہیں؟ لیکن اس واہ اور آہ کے سوا عملی طور پر کچھ نہ کر سکا۔
پہلے پہل جب ان پیج ہاتھ آیا تو لگا کہ شاید اب کام بن گیا لیکن وہ بھی اپنی ذات کی حدود سے ہی نہ نکلا۔
اس کے بعد انٹرنیٹ پر تصویری شکل میں اردو پڑھنے کو تو ملتی رہی لیکن مخصوص الفاظ تلاش کرنا یا انہیں کاپی کر کے استعمال کرنا نا ممکنات میں‌ ہی شمار ہوتا تھا۔
لیکن اب آپ سب کی کوششیں رنگ لائی ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب انٹرنیٹ پر اردو کا کافی مواد بطور ٹیکسٹ موجود ہے اور اس میں ہر لمحے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

نبیل صاحب! آپ کا یہ مضمون انٹرنیٹ پر اردو تحریر کی تاریخ کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کے ساتھ دوسرے تمام دوستوں کو، جنہوں نے انٹرنیٹ پر اردو کی ترویج میں حصہ لیا اور لیتے چلے جا رہے ہیں، جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین!
 

ماوراء

محفلین
زبردست نبیل بھائی۔ بہت اچھا مضمون لکھا ہے۔ میں آپ سے کہنا بھی چاہتی تھی کہ کیا آپ یہ مضمون محفل پر پوسٹ کر سکتے ہیں۔ اور آپ نے خود ہی پوسٹ کر دیا۔ :best:
 

الف عین

لائبریرین
اچھا مضمون ہے نبیل۔ لیکن یہ مضمون کمپیوٹنگ جریدے کے لئے تو درست ہے، لیکن اضبار یا اردو کے ادبی یا دوسرے قسم کے رسائل کے لئے کچھ زیادہ تکنیکی ہو گیا ہے۔ تھوڑا پاپولر بنانے کی ضرورت ہے۔
 

مغزل

محفلین
بہت خوب نبیل صاحب ۔ دیگر دوست بھی اپنے مضامین ارسال کریں تو ایک ای بک بن سکتی ہے۔
 
Top