مجھے یاد نہیں پڑتا کہ کوئی دن ایسا گزرا ہو جب میں نے اردو محفل کا رخ نہ کیا ہو۔ نبیل بھائی کی رائے کا احترام اپنی جگہ، تاہم میں مؤدبانہ اختلاف کی جسارت کروں گا۔ میرے نزدیک محفل گزشتہ ایک دو برس میں بھی صرف گپ شپ کا ذریعہ نہیں رہی، بلکہ یہ ایک فکری اور علمی تبادلہ خیال کا مؤثر پلیٹ فارم رہی ہے۔
اس محفل کے توسط سے ایسے صاحبانِ علم سے استفادہ کرنے کا موقع ملا، جنہوں نے زندگی کے تجربات کو نہایت لطیف اور ہلکے پھلکے انداز میں ہمارے ساتھ شیئر کیا۔ اُن باتوں نے نہ صرف علم میں اضافہ کیا، بلکہ زندگی کو بہتر طور پر سمجھنے اور گزارنے کا سلیقہ بھی عطا کیا۔
ذاتی طور پر میں نے یہاں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ محفل کے مکالمات، بحث و مباحثے، اور اراکین کے خیالات نے میرے اندر تجزیے اور برداشت کی وہ صلاحیت پیدا کی جو شاید کسی اور ذریعے سے ممکن نہ تھی۔
بانیانِ اردو محفل کا میں تہِ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ایک ایسا فورم قائم کیا، جو وقت کے ساتھ اپنی نوعیت بدلتا رہا۔ ممکن ہے کہ بانیان کا مقصد کچھ اور ہو، اور ہم نے اس پلیٹ فارم کو کسی اور زاویے سے برتا ہو، مگر ہمارے لیے یہی انداز زیادہ موزوں اور مؤثر رہا۔
یہ بات بجا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ محفل میں اراکین کی شرکت میں نمایاں کمی آئی، اور مکالمے کی وہ فضا بھی ماند پڑ گئی جس نے ایک وقت میں ہمیں جوڑے رکھا تھا۔