اکثر بہت کمزور خیال کسی ایسے طاقتور تفکر کو جنم دیتا ہے، جس کی بنیاد پر تصورات کا ایسا لامتناہی سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جس کی کوئی اصل نہیں ہوتی۔ اور بعض اوقات اسی فکر کی بنیاد پر ہماری شعور کے ان گوشوں تک بھی رسائی ہو جاتی ہے جن سے ہم خود بھی لا علم ہوتے ہیں۔ سیکھنے کے اس ارتقائی سفر میں زندگی میں ایسے بہت سے مقام آتے ہیں۔ یہ محفل بھی ایسا ہی ایک پڑاؤ ہے۔
یہاں شمولیت سے قبل بھی چند ایک ڈسکشن فورمز کو جوائن کیا جو اب فعال نہیں ہیں۔ لیکن سب سے زیادہ وقت اردو محفل پر ہی گزرا۔ یہاں کئی علم دوست ہستیوں کی صحبت میسر ہوئی۔ جن میں سرِ فہرست سر
الف عین ہیں۔انہوں نے نو آموز شعراء کی جس طرح بے غرض اور بے لوث رہنمائی کی ہے وہ ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔ بانیانِ محفل کے وژن نے بھی انتہائی متاثر کیا۔
محفل سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ شاعری کے اصول و ضوابط اور عروض سے متعلق آگاہی ہوئی۔ آنلائن کمیونٹی کے رویوں کو جانچنے اور پرکھنے میں مدد ملی۔ مختلف عقائد اور نظریات کو قریب سے جاننے اور سمجھنے کا موقع ملا۔ اپنی کئی خامیاں اور کمزوریاں بھی خود پر منکشف ہوئیں۔ ذاتی مشاہدات اور تجربات میں اضافہ ہوا۔اردو محفل کے اب تک کے اس ساتھ میں کوئی احساسِ رائیگانی تو نہیں لیکن زندگی کے سفر میں اس مقام کو پیچھے چھوڑ جانے کا دُکھ ضرور رہے گا۔