اردو لائبریری سائٹ کا اجراء

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،

مجھے یہ بتاتے ہوئے نہایت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ اردو لائبریری پراجیکٹ کے لیے ایک علیحدہ سائٹ (www.urdulibrary.org) سیٹ اپ کر دی گئی ہے۔ یہ سائٹ میڈیا وکی سوفٹویر پر مبنی ہے جو کہ اس پراجیکٹ کی نوعیت کے اعتبار سے موزوں سوفٹویر ہے اور یہ وقت کے ساتھ ساتھ ڈیٹا کے بڑھتے ہوئے حجم کو بخوبی منظم رکھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

جیسا کہ اس سائٹ سے ظاہر ہے، یہ بالکل نئی ہے۔ ‌‌یہ اردو کونٹینٹ پبلش کرنے کے لیے بالکل تیار ہے۔ اس کے ایڈٹ ایریاز میں اردو ویب پیڈ کی انٹگریشن موجود ہے۔ لیکن ابھی بھی اس پر بہت کام ہونا باقی ہے جیسے کہ میڈیا وکی کے انٹرفیس کا اردو ترجمہ، یوزر منیجمنٹ وغیرہ۔ میں ابھی تک کچھ مسائل کو تکنیکی طور پر حل نہیں کر پایا ہوں۔ ایک مسئلہ تو یہی ہے کہ لائبریری سائٹ پر آپ کو الگ سے اپنا یوزر اکاؤنٹ بنانا پڑے گا۔ فی الحال ہمارے پاس single site sign on کا کوئی حل موجود نہیں ہے لیکن اس سمت میں ہماری تحقیق جاری ہے۔ اس کا حل دریافت ہونے کے بعد آپ کو پھر سے نئے نظام کے تحت لاگ ہونا پڑے گا۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ تکنیکی دشواریاں ہمارے کام کی رفتار میں حائل نہیں ہوں گی۔

یہاں میں اردو لائبریری پراجیکٹ کی مشن سٹیٹمنٹ دہرانا چاہوں گا۔

ڈیجیٹل اردو لائبریری پراجیکٹ کا مقصد اردو زبان میں تاریخی اور علمی ورثے کو محفوظ کرنا اور اس تک لوگوں کی رسائی آسان بنانا ہے۔ ایک طرف ہم اردو زبان میں موجود قیمتی اور نایاب مواد کو تلف ہونے سے بچانا چاہتے ہیں تو دوسری طرف ہم لوگوں کو اردو کی ترویج اور علم پھیلانے کی خاطر کاپی رائٹ سے آزاد مواد تخلیق کرنے کی تحریک بھی دینا چاہتے ہیں۔ ہماری ان کاوشوں کا محرک وکی سورس، وکی بکس اور پراجیکٹ گٹن برگ جیسے پراجیکٹ ہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ اردو مواد پر مشتمل بھی ایسی ہی ایک سائٹ موجود ہو جہاں سے علم کے سوتے پھوٹیں۔

ہمیں اس پراجیکٹ کا آئیڈیا انڈیا کے ایم معین صاحب نے دیا تھا اور شروع میں شاکر نے اس پراجیکٹ کا کام سنبھالا تھا۔ اس پراجیکٹ نے اصل رفتار سیدہ شگفتہ اور قیصرانی کی شمولیت کے وقت پکڑی۔ اس کے بعد اس پراجیکٹ کے جاری رہنے کا کریڈٹ پوری لائبریری ٹیم کو جاتا ہے۔ آپ دوستوں کی کاوشوں نے ہی اس پراجیکٹ کو اتنی وسعت دی ہے کہ اب اس کے لیے علیحدہ سائٹ کا بندوبست کیا گیا ہے۔ میں اس کامیابی پر آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ابھی اس سائٹ کا آغاز ہے۔ اس پر تکنیکی اعتبار سے بھی کافی کام ہونے والا ہے۔ مجھے لگ رہا ہے کہ اس میں استعمال کردہ پوائنٹ سائز کافی چھوٹا ہے۔ اسے میں کچھ بڑا کر دوں گا۔ اس وقت اس سائٹ کی کیفیت کا مقابلہ محفل فورم کے آغاز سے کیا جا سکتا ہے جب میں نے محض تجرباتی طور پر اردو فورم سیٹ اپ کی تھی۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں بہتری آتی گئی۔ میں امید کرتا ہوں کہ ہماری لائبریری سائٹ بھی وقت گزرنے کے ساتھ بہتر سے بہتر ہوتی جائے گی۔

کاپی رائٹ کا معاملہ

اب جبکہ ہم لائبریری پراجیکٹ کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، میں یہاں کاپی رائٹ کا معاملہ خاص طور پر زیر بحث لانا چاہوں گا۔ ہماری ترجیح واضح طور پر کاپی رائٹ سے آزاد یا اجازت لیے گئے مواد پر کام ہونا چاہیے۔ یہ لائبریری پراجیکٹ کو بالخصوص اور اردو ویب کو بالعموم تنازعات سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ اس طرح ہمیں محنت سے ٹائپ کیا ہوا مواد بھی تلف نہیں کرنا پڑے گا۔

کاپی رائٹ اور دوسرے تمام معاملات پر گفتگو چلتی رہے گی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ لائبریری سائٹ پر زمرہ جات اور ذیلی زمرہ جات بنا کر وہاں کام شروع کر دیا جائے۔ اگرچہ لائبریری سائٹ پر بھی تبادلہ خیال کی سہولت موجود ہے، جوکہ میڈیا وکی کی فیچر ہے۔ میری درخواست ہے کہ ہر طرح کی ڈسکشن کے لیے اسی فورم کا استعمال کیا جائے، خواہ اس کا ربط وہاں دے دیں۔ آپ میں سے کچھ دوست پہلے سے ہی وکی پیڈیا پر کام کرنے سے واقف ہوں گے۔ ان دوستوں سے درخواست ہے کہ وہ اس سلسلے میں باقیوں کی رہنمائی فرمائیں۔ جیسے جیسے میرے ذہن میں اس سلسلے میں باتیں آتی جائیں گی، میں یہاں عرض کرتا رہوں گا۔ نئی لائبریری سائٹ کی ایک مرتبہ پھر مبارک ہو۔

والسلام
 

بدتمیز

محفلین
لائبریری سائٹ پر آپ کو الگ سے اپنا یوزر اکاؤنٹ بنانا پڑے گا۔ فی الحال ہمارے پاس single site sign on کا کوئی حل موجود نہیں ہے

انٹرنیٹ پر gmail اور live کے ڈومین نیم سے ای میل ایڈریس کا اعلان ہوتے ہی ایک دوڑ شروع ہو گئی تھی کہ کون اپنا پسندیدہ یوزر نیم پہلے حاصل کرے۔ دونوں جگہوں پر خیال رکھیں کہ کوئی شرارت سے کسی دوسرے کا نام نہ لے لے۔ میں تو بچ گیا ہوں۔ باقیوں کا پتہ نہیں۔
 

بدتمیز

محفلین
یہ نئی جگہ دیکھ کر جتنی خوشی ہو رہی ہے بیان کرنے سے قاصر ہوں :lol: الگ جگہ سے زیادہ آپکی مہارت کا اندازہ بھی ہو گیا :) میں عام طور پر ایسی پوسٹ کرنے سے گریز کرتا ہوں لیکن واقعی بہت عمدہ کام کیا ہے۔ جتنی تعریف کروں کم ہے۔
 

جاویداقبال

محفلین
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ،

واقعی نبیل بھائی، آپ نے بہت اچھا کام کیاہے ۔ جزاک اللہ خیر۔

اس کام کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔ اللہ تعالی آپ کواوراس محفل کواورسربلندیاں عطا فرمائے (آمین ثم آمین)


والسلام
جاویداقبال
 

نبیل

تکنیکی معاون
جاوید اقبال اور بی ٹی (شکریہ شمیل :wink: ) بہت شکریہ۔ ابھی تو آپ لوگ اس سائٹ میں بہت سی امپروومنٹس دیکھیں گے۔ میں اپنے لوکل سسٹم پر تجربات کر رہا ہوں اور مجھے میڈیا وکی کے انٹرفیس کی اردو لوکلائزیشن میں بھی ایک بریک تھرو ملا ہے۔ کچھ ٹیسٹنگ کے بعد اسے بھی سائٹ پر ڈال دوں گا۔
 

خرم

محفلین
ماشاءاللہ بہت اچھا کام ہے۔ ایک تجویز ہے جو پیش کرنا چاہ رہا ہوں ۔ لفظ sandbox کا ترجمہ اگر “تختہ مشق“ کر دیا جائے تو بہتر نہ ہوگا؟
 
مبارک باد

بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلام علیکم
میری طرف سے بھی بہت بہت مبارک
کیونکہ ہم بھی اس ٹیم میں شامل ہے۔
A journey of thousand mile is starting by taking the first step


واجدحسین
 
ایک چیز جو مجھے پھر سے یاد آئی وہ یہ کہ لائبریری کے متحرک اور مسلسل کام کرنے والے ممبران کا تذکرہ ضرور ہوتے رہنا چاہیے اور ہو سکے تو ایک لسٹ مرتب کرنی چاہیے جس میں جس نے جتنا کام کیا ہو اس حوالے سے اس کا نام فہرست میں ہو۔

اور کچھ نہیں مگر جن لوگوں نے کام کیا ہے وہ سراہے جانے پر کچھ دیر خوش ضرور ہوں گے :lol:
 

رضا

معطل
نبیل بھائی آپ کو بہت بہت مبارک ۔

عرضاں نے گزاریاں۔۔۔۔
لائبریری کا انٹرفیس اتنا دلکش نہیں ہے ۔آپ کو اس پر کام کرنا چاہیے کیونکہ اصل چیز انٹرفیس ہی ہوتا ہے۔
 

بدتمیز

محفلین
مجھے تو اس کا وکی پیڈیا جیسا انٹر فیس اچھا لگا۔ سادہ سا معصوم سا۔ ابھی تو میں بے چینی سے اس کے اردو انٹرفیس کا انتظار کر رہا ہوں۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،

میں یہ عرض کرنا چاہ رہا تھا کہ لائبریری وکی موجودہ حالت میں بھی اردو مواد پبلش کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اس کے انٹرفیس کا اردو ترجمہ انشاءاللہ ایک دو دن میں تیار ہو جائے گا۔ جہاں تک اس کے انٹرفیس کی سادگی کا تعلق ہے تو اس کو بہتر بنانے میں ابھی کچھ وقت لگے گا۔ میرے خیال میں بہتر تھیم کا استعمال فی الحال ثانوی اہمیت رکھتا ہے۔ میں فی الحال پیج لے آؤٹ بہتر بنانے اور اس کے ٹمپلیٹ بنانے کے بارے میں تحقیق کر رہا ہوں۔

والسلام
 

مہوش علی

لائبریرین
میں بھی اس پر تجربات پر لگی ہوئی ہوں اور سیکھنے کی کوشش کر رہی ہوں۔

مزید یہ کہ میڈیا وکی کی کچھ ایکسٹنشنز شاید ملٹی میڈیا لائبریری کے کام بھی آ سکتی ہیں۔ میں اُن پر بھی کچھ کام کر رہی ہوں۔ (نبیل بھائی، آپ بھی یہ چیز ذہن میں رکھیں اور ان ایکسٹنشنز پر ایک نظر ڈال لیجئے گا)۔

باقی آپ سب لوگوں کو مبارکباد۔

والسلام۔
 
Top