ایسا ممکن نہیں تھا کہ جہاں اپنے اتنے سارے پسندیدہ محفلین کے خاکے لکھتا ، آپ کا نہ لکھتا ۔ اسے پہلے ایڈیشن میں شامل نہ کرنے ک کی وجہ وہی تھی کہ جو تابش بھائی کو لکھی۔ ایک تو میں یہاں سال بھر کی غیر حاضری کے بعد آیا تھا اور دوسرے آپ بھی محفل پر ایک عرصے سے غائب تھیں ۔ محفل پر موجود ہوتے ہیں تو لوگوں کے مراسلوں سے ان کے موڈ اور کیفیت کا پتہ چل جاتا ہے۔ لیکن عدم موجودگی میں خیال یہ آتا ہے کہ نجانے اب کون کس صورتحال سے گزر رہا ہے اور کس کیفیت میں ہے۔کہیں ایسا نہ ہو کہ میں اپنی طرف سے شوخی بگھارتے ہوئے لاعلمی میں کسی طبیعت پر گراں گزروں اور رنج کا باعث بن جاؤں ۔ ویسے تو آپ کی دائمی زندہ دلی کو دیکھتے ہوئے اس کا امکان بہت ہی کم تھا لیکن پھر بھی اس بات کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے آپ کا خاکہ شامل نہیں کیا تھا۔ کل دوبارہ سے یادداشت کی مدد سے ٹائپ کیا اور مزاح کی خاطر کچھ نئے اضافے کیے۔ آپ کی زندہ دلی ، خوش دلی ، صاف دلی ، سادہ دلی ، ٰ کشادہ دلی اور وغیرہ وغیرہ دلی سے امید تھی کہ آپ اس خاکہ کشی پر مسکرانے میں بخل سے کام نہیں لیں گی۔ مزاح نگاری میرا شعبہ نہیں لیکن اتنے پیارے پیارے محبت کرنے والے، شائستہ اور با ذوق و باکمال محفلین سے رخصت ہوتے اور اللہ حافظ کہتے وقت چاہتا ہوں کہ جتنی خوشگوار یادیں اور مسکراہٹیں جمع کرسکوں بہتر ہے کہ مستقبل کے لیے خزانہ بنتی جائیں ۔ آپ کی پذیرائی ، مسکراہٹوں اور قہقہوں کا بہت شکریہ!

اللہ کریم آپ کو ہزاری عمر عطا فرمائے ، اپنی جنت میں شاد و آباد رہیں ۔ آمین!
کئی محفلین کے خاکے ذہن میں بُنتا رہتا ہوں بس انہیں قرطاس پر منتقل کرنا ذہنی فرصت اور وقت مانگتا ہے ۔ بدقسمتی سے یہ دونوں ہی کم میسر آتے ہیں ۔ بہت کچھ لکھنے کا ارادہ ہے لیکن پھر وہی بات کہ کرنے کے کام زیادہ ہیں اور وقت کم۔۔۔۔۔
مروت کی بات نہیں ۔ آپ ایسا سوچیے بھی مت ۔ میں نے بہت خلوص اور محبت سے یہ سب خاکے لکھے ہیں۔ میں اپنے قلم پر ان محفلین کا قرض سمجھتا ہوں کہ جن سے دس سال تک گپ شپ رہی۔ جنہوں نے اتنی محبت سے میری شاعری کو قبولیت اور پذیرائی بخشی۔ اسے آپ الوداع کہنے کا میرا انداز سمجھ لیجیے۔ میں بس ہلکے پھلکے شگفتہ انداز میں سب محبتی لوگوں سے اور محفل سے اپنی وابستگی اور تعلق کا اظہار کرر ہا ہوں۔
مریم افتخار بٹیا بہت قابل اور محنتی ہیں ۔ بہت محبتی اور با ادب ہیں۔ میں ہمیشہ ہی سے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کامعترف رہا ہوں۔صابرہ امین ، آپ نے بالکل درست اندازہ لگایا ، ان کا خاکہ لکھنا بھی میری فہرست میں شامل ہے۔ مریم اتنا عرصہ محفل سے غائب رہیں کہ ان کے بارے میں پرانا مواد ڈھونڈنے میں وقت لگ رہا ہے۔ اور آنلائینہ لکھنے کے لیے وہ مواد اور حوالہ جات بہت ضروری ہیں۔


بس ڈر مجھے یہی لگتا ہے کہ ایسا نہ ہو میرے یہ منصوبے پورے ہونے سے پہلے محفل بند ہوجائے ۔ دعا ہے کہ محفل ابھی کچھ دن اور چلے !