الیکشن 2025: یاز بمقابلہ عرفان۔۔۔دور اندیش کون؟

دور اندیش کون ہے؟

  • یاز

  • عرفان سعید


نتائج کی نمائش رائے دہی کے بعد ہی ممکن ہے۔

عرفان سعید

محفلین
ہمیں تو کتابوں سے بھی لگاؤ بہت ہے مگر اب کیا کریں 🤔
عزیزانِ محفل!
تاریخ کے اس نازک ترین موڑ پرآج اس انتخابی میدان میں جہاں دوراندیشی کا ہر جانب چرچا ہے،ایک سوال آپ سب کے دل میں بھی ضرور اٹھا ہوگا ،کہ نشان کون سا؟
کتاب یا شاہین؟

کتاب کی عظمت سے بھلا کون انکار کرے؟ کتاب تو ہماری آنکھوں کا نور،ہمارے دلوں کی ٹھنڈک ہے ۔لیکن سوچیے ذرا کہ کتاب کے صفحے پلٹنے کو اگر دوراندیشی سمجھا جائے،تو پھر شاہین کی پرواز کس کھاتے میں لکھی جائے؟ یاد رکھیے،کتاب میں اگرچہ علم ہے، لیکن علم کو عمل میں ڈھالنے کی ہمت شاہین کے پر میں ہے! کتاب محترم سہی،لیکن کتاب میں بند صفحے کبھی کبھار گرد میں اٹ جاتے ہیں ، شاہین کا پر تو روز ہوا ؤں کا سینہ چیرتا ہے،اور لمحوں میں نئی سمتوں کو تولتا ہے۔ یہی تو اصل دوراندیشی ہے۔محض صفحوں میں اور ان کی ورق گردانی میں نہیں،کھلی فضاؤں میں نئی راہوں کی تلاش میں!

اور عزیزانِ من!
دوراندیشی صرف سوچنے کا نام نہیں ،صرف لکھنے، پڑھنے کا نام نہیں ،بلکہ بروقت فیصلہ کرنے،خطرہ دیکھ کر بجلی کی طرح لپکنے،اور آگے بڑھ کر موقع کو دبوچ لینے کا نام ہے ،جس کا عملی مظاہرہ شاہین کرتا ہے۔
کتاب تو استاد کی گود میں اچھی لگتی ہے،آخر کتاب تو انتظار کرے گی کہ کوئی اس کا صفحہ پلٹے، شاہین تو خود اپنی منزل طے کرتا ہے،اور پوری محفل کو پرواز پر آمادہ کرتا ہے!

کتاب کی دانش کو سلام، لیکن شاہین کی بلند نگاہ اور تیز عمل کا کلمہ پڑھنے میں ہی ہماری محفل کی دوراندیشی کی بھلائی ہے۔یاد رکھیے ، یہ محفل روایات سے جڑی ضرور ہے،مگر جمود کی قائل نہیں،یہاں لفظ بھی چلتے ہیں،خیال بھی اڑتے ہیں،اور جب خیال کو اڑانا مقصود ہو،تو کتاب نہیں،شاہین ہی اصل نشان بنتا ہے!

آج میں یہی کہنے حاضر ہوا ہوں کہ میرا نشان شاہین —آپ کی وسعتِ نگاہ کا علمبردار،آپ کی جراتِ عمل کا ضامن،اور آپ کی محبت کی حفاظت کا پاسبان ہے! محفل کے صاحبان! کتاب کا احترام بجا،مگر شاہین کا انتخاب واجب ۔کیونکہ جہاں پرواز ہے، وہیں دوراندیشی ہے!

ووٹ دو شاہین کو، کہ ہماری محفل شاہین کی طرح اونچی اڑے، اور کبھی زمین پر رینگتی سوچ میں نہ اٹکے!

ووٹ دو شاہین کو، کہ ہماری محفل کی اڑان حوصلے کی بلندیوں تک پہنچے، اور پست فکری کے پنجے میں نہ آئے!
ووٹ دو شاہین کو، تاکہ لفظوں کو پر لگیں، اور خیالات کسی گھونسلے میں قید نہ رہیں!
ووٹ دو شاہین کو، کہ محفل کی فکر افق تک دیکھے، اور زمین پر رینگنے کی عادت چھوڑ دے!
ووٹ دو شاہین کو، تاکہ ہماری بات بھی اڑے، اور ہماری سوچ بھی ! نہ کہ محض کتاب کے صفحے پلٹتی رہ جائے!
ووٹ دو شاہین کو، کہ ہمارے قہقہے بھی پرواز کریں، اور ہماری دانش بھی !
ووٹ دو شاہین کو، کہ ادب کی دنیا کو نئی بلندیاں دکھائیں، اور روایت کی گرد میں گم نہ ہونے دیں!
ووٹ دو شاہین کو، تاکہ محفل کی بصیرت پرواز کی وسعت پائے، اور نظریں صرف لفظوں تک محدود نہ رہیں!
 
Top