الوداعی تقریب کچھ پھول تشکّر کے

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
احبابِ کرام ! الوداع کے اس موقع پر بہت ضروری ہے کہ محفل کو قائم کرنے اور بیس برس تک کامیابی سے چلانے والے محسنینِ اردو کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا جائے۔ بیشک اردو فورم کا قیام اور ڈیجیٹل عہد میں ترویجِ اردو کی بیس سالہ جدوجہد ایک تاریخ ساز سفر ہے۔ اس سفر میں جو مراحل پیش آئے اور جن تکنیکی مشکلات سے نبٹنا پڑا ان کی کہانی یقیناً تاریخِ اردو کا ایک اہم حصہ ہے اور اس پر بہت کچھ لکھا جانا چاہیے۔
بانیانِ محفل اور اس کے منتظمین کے لیے یقیناً یہ امر باعثِ فخر و مسرت ہوگا کہ ترویجِ اردو کا جو پودا انہوں نے بیس سال پہلے لگایا تھا وہ ان کی مسلسل آبیاری اور نگہداشت کے طفیل دیکھتے ہی دیکھتے ایک تناور درخت بن گیا کہ جس کے ثمر اور سائے سے بے شمار شائقینِ اردو نے استفادہ کیا اور ایک طویل عرصے تک کرتے رہیں گے۔ ان شاء اللہ العزیز!
اردو کی ترویج و ترقی کے لیے آپ کی یہ کوششیں تاریخ کا حصہ ہیں اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اس کے لیے شکریے کے چند الفاظ کافی نہیں۔ اللہ کریم آپ حضرات کو آپ کی کاوشوں کے صلے میں دین د نیا کی نعمتیں عطا فرمائے اور اجرِ خیر سے نوازتا رہے۔ آمین!
محفل کا یہ بیس سالہ سفر اگرچہ چند لوگوں نے شروع کیا تھا لیکن لوگ آتے گئے ، کارواں بنتا گیا۔ اور نتیجتاً اردو محفل کی صورت میں ایک ایسی مثالی کمیونٹی نے جنم لیا کہ جس میں ہر شامل ہونے والا اسی کا اسیر ہو کر رہ گیا۔ واقعی یہ قابلِ رشک کمیونٹی اپنی شائستگی ، سنجیدگی و شگفتگی اور موضوعات کے تنوع میں اپنی مثال آپ رہی ۔ الوداع کے اس موقع پر بہت سارے محفلین میں جو بے چینی اور دکھ کی صورتحال دکھائی دیتی ہے وہ اسی کمیونٹی سے جدائی کا مظہر ہے۔ ضروری ہے کہ اس موقع پر ان تمام محفلین کا شکریہ بھی ادا کیا جائے کہ جو اردو کے اس سفر میں شریکِ سفر رہے اور اس محفل کی رونقوں کو بڑھانے کا باعث بنے۔ خدا کرے کہ وہ سب سلامت رہیں ، شاد و آباد رہیں!
 
آخری تدوین:

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
میں پچھلے دس سالوں سے اس محبتی محفل کا حصہ رہا ہوں۔ اردو سے لگاؤ اور اردو شعر و ادب سے وابستگی مجھے یہاں لائی تھی ۔ مجموعی طور پر بہت ہی اچھا وقت گزرا ۔ بہت سارے اچھے لوگوں سے واقفیت ہوئی اور ان کی صحبت میسر آئی۔ محفل کو الوداع کہتے وقت ملال کے ساتھ ساتھ ایک احساسِ جرم بھی ہو رہا ہے کہ اس بے مثال محفل کی رونقوں کو برقرار رکھنے اور اردو شعر و ادب کی خدمت کے ضمن میں جو کوششیں کرنا چاہیے تھیں وہ کماحقہ نہیں کر سکا۔ اس کے لیے شرمندہ ہوں۔ ان برسوں میں بہت سارے احباب سے گفت و شنید رہی اور جیسا کہ کسی بھی محفل میں ہوتا ہے ان دس برسوں میں تلخ و شیریں مواقع بھی پیش آئے۔ شیریں بہت زیادہ اور تلخ بس چند ایک!
میری ہمیشہ کوشش رہی کہ محفل میں خوشگوار ، مثبت اور تعمیری فضا پیدا کرنے اور برقرار رکھنے میں اپنا حصہ ڈالتا رہوں لیکن بندہ بشر ہوں۔ اگر میری کسی بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو یا کوئی بات گراں گزری ہو تو میں دست بستہ معافی کا خواستگار ہوں۔ آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ للہ میری خطا سے درگزر فرمائیے اور فراخ دلی سے کام لیتے ہوئے مجھے معاف فرما دیجیے۔ یہ محفل برخواست ہونے کے بعد اب زندگی نا معلوم کب ، کہاں اور کن حالات میں پھر سے مل بیٹھنے اور باتیں کرنے کا موقع دے یا شاید نہ دے۔ اس لیے بہتر ہے کہ وقتِ رخصت دل صاف کر لیے جائیں۔ اللہ کریم آپ سب اچھے لوگوں کو خوش و خرم رکھے ، آپ جہاں بھی ہوں وہ آپ کو اپنی امان میں رکھے۔ شاد و آباد رہیں! آمین!
 
آخری تدوین:

صریر

محفلین
سب بڑا دکھ تو محفل پر پسندیدہ اشخاص سے جدائی کا ہے، آپ ان میں سے ایک ہیں۔ سرِراہ اپنی تو متاع بکھر گئی،‌اور سمیٹنے کی سکت نہیں!🙁
 
میں بھی پچھلے دس سالوں سے اس محبتی محفل کا حصہ رہا ہوں۔ اردو سے لگاؤ اور اردو شعر و ادب سے وابستگی مجھے یہاں لائی تھی تھا۔ مجموعی طور پر بہت ہی اچھا وقت گزرا ۔ بہت سارے اچھے لوگوں سے واقفیت ہوئی اور ان کی صحبت میسر آئی۔ محفل کو الوداع کہتے وقت ملال کے ساتھ ساتھ ایک احساسِ جرم بھی ہو رہا ہے کہ اس بے مثال محفل کی رونقوں کو برقرار رکھنے اور اردو شعر و ادب کی خدمت کے ضمن میں جو کوششیں کرنا چاہیے تھیں وہ کماحقہ نہیں کر سکا۔ اس کے لیے شرمندہ ہوں۔ ان برسوں میں بہت سارے احباب سے گفت و شنید رہی اور جیسا کہ کسی بھی محفل میں ہوتا ہے ان دس برسوں میں تلخ و شیریں مواقع بھی پیش آئے۔ شیریں بہت زیادہ اور تلخ بس چند ایک!
میری ہمیشہ کوشش رہی کہ محفل میں خوشگوار ، مثبت اور تعمیری فضا پیدا کرنے اور برقرار رکھنے میں اپنا حصہ ڈالتا رہوں لیکن بندہ بشر ہوں۔ اگر میری کسی بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو یا کوئی بات گراں گزری ہو تو میں دست بستہ معافی کا خواستگار ہوں۔ آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ للہ میری خطا سے درگزر فرمائیے اور فراخ دلی سے کام لیتے ہوئے مجھے معاف فرما دیجیے۔ یہ محفل برخواست ہونے کے بعد اب زندگی نا معلوم کب ، کہاں اور کن حالات میں پھر سے مل بیٹھنے اور باتیں کرنے کا موقع دے یا شاید نہ دے۔ اس لیے بہتر ہے کہ وقتِ رخصت دل صاف کر لیے جائیں۔ اللہ کریم آپ سب اچھے لوگوں کو خوش و خرم رکھے ، آپ جہاں بھی ہوں وہ آپ کو اپنی امان میں رکھے۔ شاد و آباد رہیں! آمین!
آپ جیسی قابل قدر اور علمی شخصیت اردو محفل کی معیاری شناخت میں شامل ہیں۔آپ اساتذہ اکرام کا عمدہ اسلوب اور خلوص و محبت کی بدولت ہمیں اردو ادب کے ساتھ ساتھ اخلاقی ادب بھی سنوارنے کا موقع ملا۔آپ اہل علم محفلین کا سایہ ہمارے سروں پر ہمیشہ رہا۔آپ کے مراسلہ جات سے بہت کچھ سیکھنے اور سمجھ کا موقع ملا۔
بانیان کی خدمات کے ساتھ اردو محفل فورم سے وابستہ تمام اساتذہ اکرام کا جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے۔
درحقیت ہمارے پاس تو نہ ہی وہ علم ہے اور نہ ایسے الفاظ کے آپ سب کی حقیقی ستائش بیان سکیں۔
اللہ کریم کی بارگاہ میں یہی التجاء ہے کہ آپ سب کو دونوں جہانوں میں عزت و اکرام سے نوازتے رہیں۔آمین
 

رضوان راز

محفلین
اردو محفل پر وارث بھائی کی ایک تحریر دیکھ کر آیا۔
محفل سے متعارف کروانے کا سہرا وارث بھائی کے سر ہے۔
پروردگار ان کی لحد کو منور فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ آمین یا رب العالمین
اس کے بعد غالب کی ایک انتہائی مشکل غزل کی تشریح کا طالب ہوا۔ یہ استادِ مکرم ظہیراحمدظہیر ہی تھے جنہوں نے اپنا قیمتی وقت ارزاں کیا اور دست گیری فرمائی۔
آپ کا ہمیشہ احسان مند رہوں گا۔
پروردگار آپ کے علم و فضل میں اِضافہ فرمائے۔آپ کو صحت اور تندرستی کے ساتھ سلامت رکھے۔ آمین
 

سیما علی

لائبریرین
محفل کا یہ بیس سالہ سفر اگرچہ چند لوگوں نے شروع کیا تھا لیکن لوگ آتے گئے ، کارواں بنتا گیا۔ اور نتیجتاً اردو محفل کی صورت میں ایک ایسی مثالی کمیونٹی نے جنم لیا کہ جس میں ہر شامل ہونے والا اسی کا اسیر ہو کر رہ گیا۔ واقعی یہ قابلِ رشک کمیونٹی اپنی شائستگی ، سنجیدگی و شگفتگی اور موضوعات کے تنوع میں اپنی مثال رہی ۔ الوداع کے اس موقع پر بہت سارے محفلین میں جو بے چینی اور دکھ کی صورتحال دکھائی دیتی ہے وہ اسی کمیونٹی سے جدائی کا مظہر ہے۔ ضروری ہے کہ اس موقع پر ان تمام محفلین کا شکریہ بھی ادا کیا جائے کہ جو اردو کے اس سفر میں شریکِ سفر رہے اور اس محفل کی رونقوں کو بڑھانے کا باعث بنے۔ خدا کرے کہ وہ سب سلامت رہیں ، شاد و آباد رہیں
ماشاءاللہ ماشا ء اللہ !ظہیر بھائی آپکی شخصیت کاحسن یہ ہےاپنی فراست و قابلیت کا رعب ڈالے بغیر انتہائی پیارے انداز میں سکھاتے۔آپ سے شاید اتنا نہ سیکھ سکے جتنا آپ نے سکھانے کی کوشش کی یہ ہماری نالائقی ہوسکتی ہے۔
۔سلامت رہیے،شاد و آباد رہیے آپ وہ ہیں جن پر اردو محفل ناز کرتی ہے۔
آپ اپنی مصروفیت کےباعث جب بھی نہ آسکے آپ کی کمی کو بڑی شدت سے ہم سب نے محسوس کیا۔
اللہ تعالیٰ آپکو صحت و تندرستی والی زندگی عطا فرمائے آمین
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ماشاء اللہ ، ظہیراحمدظہیر انتہائی قابل اور صاحب علم ہستی ہیں۔ اللہ تعالی آپ کو ہمیشہ خوش رکھے۔ آمین۔
اللہ اکبر!
آپ کے حسنِ ظن کا شکریہ ، الف نظامی صاحب! لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں ایک ادنیٰ سا طالب علم ہوں ۔ جو دو چار لفظ مجھے آتے ہیں میرے لیے قطعی کسی افتخار کا باعث نہیں ۔ سیکھنا سکھانا تو عمر بھر پر محیط ہوتا ہے اور کسی بھی گفتگو میں دو طرفہ ہوتا ہے۔ میں نے اردو محفل سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ بیشک یہاں اصحابِ علم و ہنر کا ایک مجمع موجود ہے ۔ دعا کے لیے بیحد شکریہ۔ اللہ تعالیٰ آ پ کو سلامت رکھے!
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
سب بڑا دکھ تو محفل پر پسندیدہ اشخاص سے جدائی کا ہے، آپ ان میں سے ایک ہیں۔ سرِراہ اپنی تو متاع بکھر گئی،‌اور سمیٹنے کی سکت نہیں!🙁
بھائی مجھے بھی اس دکھ میں شریک سمجھیے۔دنیا بڑی ہے ۔ اللہ کریم مالک ہیں اور حکیم و بصیر ہیں ۔ وہ ایک دروازہ بند کرتے ہیں تو ایک اور کھول دیتے ہیں۔
پیوستہ رہ شجر سے ، امیدِ بہار رکھ!
 

جاسمن

لائبریرین
آپ نے جو بھی لکھا، ہمارے دل کی بھی وہی آواز ہے۔
اور آپ سے ہم نے بہت کچھ سیکھا اور اب بھی سیکھنا چاہتے ہیں۔ لیکن اسی طرح کے کسی پلیٹ فارم پہ۔ کیونکہ بات سے بات نکلتی ہے اور ہم ان قیمتی باتوں کو اپنے پلو سے باندھنے اور عمل کی کوشش کرتے ہیں۔
اللہ پاک آپ کو دونوں جہانوں کی ساری خوشیاں اور آسانیاں عطا فرمائے۔ اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ کامل صحت دے۔ آمین!
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
آپ جیسی قابل قدر اور علمی شخصیت اردو محفل کی معیاری شناخت میں شامل ہیں۔
بالکل ، بالکل۔ دریں چہ شک ! یہ شناخت تو پکی ہے۔
کل رات ہی بیگم نے پکار کر کہا تھا: " مسٹر اردو محفل ! !!! اب کمپیوٹر سے اٹھ جائیے ، رات کے ساڑھے گیارہ بج رہے ہیں۔ صبح کام پر بھی جانا ہے۔ "

آپ اساتذہ اکرام کا عمدہ اسلوب اور خلوص و محبت کی بدولت ہمیں اردو ادب کے ساتھ ساتھ اخلاقی ادب بھی سنوارنے کا موقع ملا۔
معان بھائی ، اساتذہ کے عمدہ اسلوب اور خلوص و محبت میں کوئی شک نہیں ۔ البتہ جملے کے آخری حصے سے قارئین کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔ :D

درحقیت ہمارے پاس تو نہ ہی وہ علم ہے اور نہ ایسے الفاظ کے آپ سب کی حقیقی ستائش بیان سکیں۔
ہے تو سہی لیکن مجھے لگ رہا ہے کہ آپ کنجوسی سے کام لے رہے ہیں ۔ :D:D
 
آخری تدوین:

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
@سیما آپا ، دعا کوئی بھی مانگے آپ ہمیشہ اس پر آکر آمین کہتی ہیں۔ کتنی اچھی بات ہے ! کبھی کبھی تو جی چاہتا ہے کہ آپ کا نام آمین آپا ہونا چاہیے تھا ۔ :D
اللہ آپ کی دعائیں اور آمین قبول فرمائے۔ آمین!
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
اردو محفل پر وارث بھائی کی ایک تحریر دیکھ کر آیا۔
محفل سے متعارف کروانے کا سہرا وارث بھائی کے سر ہے۔
پروردگار ان کی لحد کو منور فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ آمین یا رب العالمین
اس کے بعد غالب کی ایک انتہائی مشکل غزل کی تشریح کا طالب ہوا۔ یہ استادِ مکرم ظہیراحمدظہیر ہی تھے جنہوں نے اپنا قیمتی وقت ارزاں کیا اور دست گیری فرمائی۔
آپ کا ہمیشہ احسان مند رہوں گا۔
پروردگار آپ کے علم و فضل میں اِضافہ فرمائے۔آپ کو صحت اور تندرستی کے ساتھ سلامت رکھے۔ آمین
ہائیں ، دکھادی نا آپ نے بھی استادی! :)
رضوان بھائی ، میں کہاں کا استادِ مکرم ہوں ۔ آپ کی طرح اردو شعر و ادب کا طالب علم ہوں۔ تعلیم و تعلم تو دو طرفہ ہوتا ہے ۔ آپ غزل نہ لگاتے تو اس پر گفتگو کا موقع کیسے ملتا ۔ اللہ کریم وارث بھائی کی مغفرت فرمائیں ، وہ تھے استادِ مکرم ۔ ان کی رحلت بڑا نقصان تھا محفل کا۔ اللہ کریم اپنے رحم و کرم کا معاملہ فرمائے! آمین
 

زیک

مسافر
اگر میری کسی بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو یا کوئی بات گراں گزری ہو تو میں دست بستہ معافی کا خواستگار ہوں۔ آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ للہ میری خطا سے درگزر فرمائیے اور فراخ دلی سے کام لیتے ہوئے مجھے معاف فرما دیجیے۔
اس طرح معافی نہیں ملے گی۔ فوراً سے پیشتر ہمارے غریب خانے یا آستانے پر تشریف لائیں اور بالمشافہ کوشش کریں۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ماشاءاللہ ماشا ء اللہ !ظہیر بھائی آپکی شخصیت کاحسن یہ ہےاپنی فراست و قابلیت کا رعب ڈالے بغیر انتہائی پیارے انداز میں سکھاتے۔آپ سے شاید اتنا نہ سیکھ سکے جتنا آپ نے سکھانے کی کوشش کی یہ ہماری نالائقی ہوسکتی ہے۔
۔سلامت رہیے،شاد و آباد رہیے آپ وہ ہیں جن پر اردو محفل ناز کرتی ہے۔
آپ اپنی مصروفیت کےباعث جب بھی نہ آسکے آپ کی کمی کو بڑی شدت سے ہم سب نے محسوس کیا۔
اللہ تعالیٰ آپکو صحت و تندرستی والی زندگی عطا فرمائے آمین
آپ کی محبت اور ذرہ نوازی ہے ۔ اس حسنِ ظن کے لیے ممنون ہوں ، سیما آپا۔ بخدا آپ محبتی لوگ تعریف و تحسین میں اس فراخدلی سے کام لیتے ہیں کہ مجھے شرمندگی ہوتی ہے۔ اللہ کریم آپ کو اس محبت اور خلوص کا صلہ عطا فرمائے ۔ آمین!
جہان تک محفل پر باقاعدہ نہ آنے کی بات ہے تو مجھے بھی اس کا قلق ہے کہ جو کرنے کے کام تھے وہ نہ کرسکا ۔ لیکن کیا کیا جائے کہ اس تیز رفتار زندگی کی ترجیحات مختلف ہیں ۔ خاص طور پر مغرب میں کاروبارِ حیات پورا آدمی مانگتا ہے ۔ جب سے محفل بند ہونے کا اعلان ہوا ہے تو کام میں عارضی طور پر کچھ کمی کرلی ہے اور بیگم سے خصوصی اجازت لی ہے کہ دو ماہ تک مارشل لاء کی سختیوں میں کمی کردیں اور عوام پر ہاتھ ہلکا رکھیں ۔ :)
 
آخری تدوین:

سیما علی

لائبریرین
سیما آپا ، دعا کوئی بھی مانگے آپ ہمیشہ اس پر آکر آمین کہتی ہیں۔ کتنی اچھی بات ہے ! کبھی کبھی تو جی چاہتا ہے کہ آپ کا نام آمین آپا ہونا چاہیے تھا
ظہیر بھائی ہم یوں کہتے ہیں کہ ۔یہ ہمارے ایک بزرگ جو اب اس دنیا میں نہیں ۔ہمیشہ اس کی ترغیب دیا کرتے تھے ۔
واضح رہے کہ آمین خود ایک دعا ہے، اور اس کا معنی ہے : "استجب"، يعنی قبول کر، اور دعا کے آداب میں سے ہے کہ دعا کے بعد آمین کہا جائے اور مختلف احادیث میں اس بات کی تاکید کی گئی ہے کہ دعا کے بعد آمین کہا جائے، اور جو آدمی کسی کو دعا دے تو سننے والے کو آمین كہنا چاہیے، اور خود دعا دینے والے کا آمین كهنا بھی درست ہے ۔۔۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
اس طرح معافی نہیں ملے گی۔ فوراً سے پیشتر ہمارے غریب خانے یا آستانے پر تشریف لائیں اور بالمشافہ کوشش کریں۔
پہلے تو آپ کو یہ بتانا پڑے گا کہ کون سی بات گراں گزری تاکہ اس کی مناسبت سےمعافی تلافی کی کوشش کی جائے ۔ :)
ریٹائرمنٹ زیادہ دور نہیں ۔ اس کے بعد وقت ہی وقت ہوگا ، ان شاء اللہ۔ اٹلانٹا مجھے تو پسند آیا تھا اور چند سال پہلے وہاں منتقل ہونے کے بارے میں سوچا بھی تھا۔ لیکن وہاں کوئی ڈھنگ کی جاب نظر نہیں آئی۔ اور ٹریفک کا مسئلہ بھی کچھ زیادہ تھا۔ اگر کبھی مستقبل قریب میں کوئی میٹنگ یا کانفرنس وغیرہ وہاں ہوئی تو ضرور چکر لگے گا۔
 
Top