نظم: ام الکتاب (سورۃ الفاتحہ کا منظوم مفہوم) ٭ تابش

ام الکتاب
سورۃ الفاتحہ کا منظوم مفہوم
٭
لائقِ ہر ثنا، مالکِ دوجہاں
تو بڑا مہرباں، تیری رحمت رواں

بادشاہی بچے گی تری ہی یہاں
جب الٹ جائے گی یہ بساطِ جہاں

ہیں ہماری عبادات تیرے لیے
تیرے آگے ہی پھیلائے ہیں جھولیاں

سیدھے رستے پہ ہم کو چلا اے خدا!
یعنی ہم کو دکھا جادۂ منعماں

اپنے مغضوب لوگوں کی رہ سے بچا
مت بنا ہم کو ہمراہیِ گمرہاں

٭٭٭
محمد تابش صدیقی
 
فہد اشرف

محفلین
بہت خوب تابش، سبحان اللہ۔
دوسرے شعر میں آپ نے شاید لپٹ جائے گی کو لپیٹ دی جائے گی معنی میں استعمال کیا جو کہ صحیح نہیں لگ رہا ہے۔ ایک بہتر متبادل پلٹ جائے گی ہو سکتا ہے لیکن اس سے لپیٹ دی جائے گی کا معنی نہیں پیدا ہو گا۔
 
جزاک اللہ خیر۔
کوئی مناسب متبادل ملتا ہے تو بدل دیتا ہوں۔
 
بہت خوب تابش، سبحان اللہ۔
دوسرے شعر میں آپ نے شاید لپٹ جائے گی کو لپیٹ دی جائے گی معنی میں استعمال کیا جو کہ صحیح نہیں لگ رہا ہے۔ ایک بہتر متبادل پلٹ جائے گی ہو سکتا ہے لیکن اس سے لپیٹ دی جائے گی کا معنی نہیں پیدا ہو گا۔
جب الٹ جائے گی یہ بساطِ جہاں
 
فہد اشرف

محفلین
دو سوال پیشِ خدمت ہیں۔

1۔ درست املا ہمراہیِ گمرہاں ہو گی یا ہمراہیٔ گمرہاں؟
2۔ گمرہاں کس قاعدے سے وجود میں آیا ہے؟
1- میرے خیال سے ی کے ساتھ کسرۂ اضافت ہی استعمال ہوتا ہے قواعد کے رو سے کیا درست ہے وہ اہل علم بتائیں گے۔
2- لاحقۂ جمع 'اں' کے استعمال سے۔
 
بہت خوب تابش بھائی!
دو سوال پیشِ خدمت ہیں۔

1۔ درست املا ہمراہیِ گمرہاں ہو گی یا ہمراہیٔ گمرہاں؟
2۔ گمرہاں کس قاعدے سے وجود میں آیا ہے؟
جزاک اللہ خیر
1۔ ہمراہیِ گمرہاں۔ ی کے ساتھ اضافت آتی ہے۔
2۔ قاعدہ اردو دان حضرات جانیں۔ میں نے تو جمع کا یہ انداز مستعمل دیکھا، اور استعمال کر لیا۔ :)
 
فاتح

لائبریرین
واہ واہ خوبصورت منظوم ترجمہ ہے۔ مبروک تابش بھائی۔
1۔ درست املا ہمراہیِ گمرہاں ہو گی یا ہمراہیٔ گمرہاں؟
درست املا وہی ہے جو تابش بھائی نے لکھی۔
2۔ گمرہاں کس قاعدے سے وجود میں آیا ہے؟
راہ اور رہ دونوں مستعمل ہیں اس لیے گمراہ اور گمرہ اور گمراہان اور گمرہان ہر دو طرح درست ہیں۔
ہر اک ٹھوکر کی زد میں لاکھ منزل
ہمیں ڈھونڈو، نصیبِ گمرہاں ہم
(مجید امجد)

انشاؔ کروں جو پیرویِ شیخ و برہمن
میں بھی انہوں کی طرح سے جوں گمرہاں رہوں
(انشاء اللہ خان انشا)
 
آخری تدوین:

عرفان سعید

محفلین
راہ اور رہ دونوں مستعمل ہیں اس لیے گمراہ اور گمرہ اور گمراہان اور گمرہان ہر دو طرح درست ہیں۔
فاتح بھائی! راہ کے متبادل رہ، گمراہ کے متبادل گمرہ لانے کا اصول کیا عمومی نوعیت کا ہے یا چند الفاظ کے لیے مخصوص ہے؟
 
فاتح

لائبریرین
فاتح بھائی! راہ کے متبادل رہ، گمراہ کے متبادل گمرہ لانے کا اصول کیا عمومی نوعیت کا ہے یا چند الفاظ کے لیے مخصوص ہے؟
ضرورت شعری ۔
سند تو یہی ہے کہ اگر اساتذہ نے برتا ہے تو برت لیں۔
ویسے فارسی کے وہ الفاظ جن کے آخر میں اہ آتا ہو مثلاً راہ، گاہ ، ماہ وغیرہ کا الف گرا کر بالترتیب رہ، گہ، مہ، وغیرہ بھی مستعمل ہیں۔
 
ضرورت شعری ۔
سند تو یہی ہے کہ اگر اساتذہ نے برتا ہے تو برت لیں۔
ویسے فارسی کے وہ الفاظ جن کے آخر میں اہ آتا ہو مثلاً راہ، گاہ ، ماہ وغیرہ کا الف گرا کر بالترتیب رہ، گہ، مہ، وغیرہ بھی مستعمل ہیں۔
پناہ پنہ، نگاہ نگہ، گناہ گنہ
 
Top