تیرہویں سالگرہ عرفان سعید بھائی کا انٹرویو

ادارہ مدیرانِ انٹرویو و محفل سے ہرگز معذرت خواہ نہیں کہ ہم سے پیارے عرفان سعید بھائی کی یہ بیتابی دیکھی نہیں جا رہی تھی-
مذاق ایک طرف رکھتے ہوئے، کل ساری رات خواب میں اردو محفل کے انٹرویو کے جوابات چلتے رہے۔ صبح اٹھا تو انٹرویو کی اجازت کی خوشگوار حیرت ہوئی۔ پوری زندگی کبھی انٹرویو نہیں دیا۔ گھر میں تفتیش روز ہوتی ہے۔ اس پس منظر میں میری فطری طفلانہ عجلت پر درگزر فرمائیں۔
یوں بھی جب سے معلوم پڑا کہ انہوں نے پالیمر میں مقالے جات لکھ رکھے ہیں ہمیں ان سے اُلفت و ہمدردی یکساں و بیک وقت ہو گئی ہے- لہذا ہم انکا انٹرویو شروع کر رہے-

انج وی بقول شخصے اگر دو انٹرویو ایک ساتھ بھی چل رہے ہوں تو کوئی نو بال نہیں ہو جاندی- وغیرہ وغیرہ

نور سعدیہ شیخ نے کہا:
عرفان سعید زندگی کے دومقاصد لیے پیدا ہوئے جس میں پہلا تو عرفانِ کیمسڑی ہے. حاضرین! کیمسٹری کے فارمولے جہاں بلائے جان ہوتے ہیں. کہیں پالیمرز، کہیں نامیاتی مرکبات، کہیں کیتھوڈ اور اینوڈ کا چکر، کہیں الیکٹران ایفینٹی تو کہیں انشقاق کا عمل .یہ کہنا بجا ہوگا عرفان صاحب محفل میں اک طرف تو ماہر کیمیا ہیں تو دوسری طرف انسانی کیمیاگری کے فن کو ادب کے لطیف گوشوں میں ڈھونڈنے کے خواہاں ہیں. یہ ان کا شخصیت کا دلچسپ مگر متضاد پہلو ہے.. ہمیں تو لگتا ہے کہ عرفان صاحب تو محبت کی تعریف بھی الیکڑان، پروٹان کی تشبیہات سے کریں گے تو رقابت کے جذبے کو مقناطیسی قطب کے ذریعے متعارف کرائیں گے مگر اے دِل تھم ذرا! کیمیا عرف عام "چاچا مستری " کے ماہر اردو ادب کی ضخیم کتب کا سیر حاصل مطالعہ کرچکے ہیں. قابلِ حیرت امر یہ ہے کہ نہ تو سر کے بال اترے نا موٹے عدسوں والے عینک لگی، نا محبوط الحواس ہوئے بلکہ رنگا رنگی فطرت کو اردو زبان میں ڈھال کے محفل میں رونق افزا ہیں. شنید ہے کہ "وزن "کے معاملے میں تو خواتین پریشان ہوتی ہیں مگر یہاں تو الٹی گنگا بہ نکلی. راقم نے خود ایسے مراسلے دیکھے ہیں جن میں وزن کو توازن میں لانے کے ٹوٹکے پوچھے جارہے تھے. گھبرائیے نہیں، یہاں شاعری میں وزن کی بات کی جارہی ہے. اس وزن موئے نگوڑے نے جانے کتنے "میر " ہم سے چھین لیے تو کہیں اقبالِ ثانی بننے کے خواب "وزن " کے نیچے کچل دیے گئے. عرفان صاحب ایسے دھنی، وزن نہ سہی نثر سہی! نثر بھی ایسی شائستہ و دل پذیر کہ پطرس صاحب کی روح جھلکتی دکھتی ہے تو کہیں شفیق الرحمان کی یاد آنے لگتی ہے .... اور ان کی نثمیں تو ضمیر جعفری کی یاد دلاتی ہیں ... تو آیے محفل کی اس دلچسپ رنگا رنگ شخصیت کا بھرپور تالیوں میں استقبال کیجیے ....

جی، محفلین کی پرزور اصرار پر آج یہ انٹرویو دینے پر اسٹیج پر تشریف لائے ہیں. آداب عرض ہے!
 
عرفان بھائی پہلے میرے اس واحد سوال کا جواب دے دیں کہ پولی پولی ویال (پولی ایتھائلینز و پروپلینز) عرف عام میں نیرنگ پرا تے شاپر کب تک ڈی گریڈ ایبل ہو جائیں گے- اور تب تک انکے ممکنہ نقصانات پر کچھ روشنی ڈالیں- شکریہ

تے فئیر اے پئے جے سوال ہن دتی جاؤ جواب- میں کاپی پیسٹ کری جاواں گا-

سوالنامہ:
1) اپنے آپ کو فقط تین الفاظ میں بیان کریں۔

2) جو آپ بننا چاہتے تھے اور جو آپ ہیں ، ان میں کتنا فرق پاتے ہیں؟

3) آپ کے فیملی ممبرز کون کون ہیں اور آپ کس سے سب سے زیادہ قریب ہیں؟

4)آپ عرصہ دراز سے جرمنی میں مقیم ہیں۔ آپ کے خیال میں کوئی ایک ایسی بات جو جرمن عوام کو پاکستانی عوام سے سیکھنی چاہیے؟

5)آپ کتنے مذہبی ہیں؟ نیز اگر کسی سے مذہب کے معاملے میں شدید اختلاف رائے ہو تو کیا کرتے ہیں؟

6) آپ کو پسِ پردہ رہنا اچھا لگتا ہے یا سب کے درمیان اپنی الگ اور نمایاں شناخت کی خواہش موجود ہے؟

7) دوسروں کی کون سی عادت آپ کے لیے ناقابل برداشت ہو سکتی ہے؟ نیز آپ کا موڈ ٹھیک کرنے کے لیے انہیں کیا کرنا پڑتا ہے؟

8 ) آپ کی سب سے بڑی کامیابی اور سب سے بڑی ناکامی کیا ہے؟ نیز اس ضمن میں آپ کے تجربے سے سیکھنے والوں کو کوئی نصیحت کرنا چاہیں گے؟

9) کوئی ایسا لمحہ جس نے آپ کی سوچ یا آپ کی زندگی کی کہانی کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہو؟

10) آپ کے خیال میں کون سی تین ہستیوں نے دنیا پر سب سے زیادہ اثرات مرتب کیے ہیں؟

11) آپ کے پاس ٹائم مشین ہے اور آپ 13.7 ارب سال پہلے کائنات کے بننے سے لیکر آج تک کے کسی بھی زمانے میں جا کر کسی ایک تاریخی واقعے کو روکنا یا بدلنا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس سے اس زمانے سے لیکر آج تک کی تاریخ بدل جائے گی۔ سو یہ بتائیں کہ آپ کا انتخاب کونسا واقعہ ہو گا اور اس میں کیا تبدیلی ہو گی اور کیوں؟ اور اس سے موجودہ زمانے پر کیا اثر پڑے گا؟

12) اگر آپ کسی ایسے سفر پر نکلیں کہ جس سے اپنی مرضی سے واپس نہ آ سکتے ہوں تو اپنے ساتھ (کھانے پینے کے سوا) کن تین اشیا کو لے جانا ضروری سمجھیں گے کہ جن کے سہارے سفر اور جب تک چاہیں زندگی کٹ سکے؟

13) اگر ایک محفلین کی حیثیت سے آپ کی زندگی کے کئی قیمتی سال اس محفل میں گزرے ہوں اور آپ کی اس سے گہری وابستگی ہو مگر خدانخواستہ آپ معطل ہو جائیں تو آپ کے جذبات اور آپ کا رد عمل کیا ہوگا؟
 
عمومی سوالات تو اوپر ہو چکے اور آپ پر ان کے جوابات بھی لازم ہیں۔ اب میں کوشش کروں گی کہ آپ سے متعلق کچھ خصوصی سوالات کیے جائیں۔ سیٹ بیلٹ باندھ لیں۔ :)

سوالنامہ:

1) 'عرفان سعید' کی ڈیفینیشن لکھیں ۔ (ایک جملہ جو آپ کی شخصیت کی مکمل ترجمانی کرے نیز فقط آپ پر صادق آتا ہو۔) نیز ان کا ایمپیریکل فارمولا کیا ہے اور دنیا کی کن عظیم شخصیات سے اس ایمپیریکل فارمولے کی مماثلت ہے؟

2) کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ کی بصیرت لیب سے باہر بھی سبھی چیزوں کو بظاہر دیکھنے کی بجائے ان کے اٹامک سٹرکچرز ، پوزیشنز اور ممکنہ ری ایکشنز دیکھنے لگی ہو؟

3) فرض کیجیے کہ آپ ایک مرکب ہیں تو آپ کے بنیادی عناصر کیا ہیں؟

4) آپ کی زندگی کا اثاثہ کیا ہے؟

5) اپنے حافظے کی سب سے بڑی تیزی اور سب سے بڑی کمزوری کا ایک ایک قصہ تحریر کیجیے۔

6) آپ کا شعبہ سائنس ہے اور ایک مدت سے بیرون ملک مقیم ہیں مگر اس قدر خوبصورت طرز تحریر ہے، اس کے پیچھے کیا محرکات کار فرما ہیں؟

7) آپ کون کون سی زبانیں روانی سے بول سکتے ہیں نیز بیرون ملک رہتے ہوئے آپ اپنی مادری زبان سے کس حد تک وابستہ ہیں؟

8 ) آپ کی رائے میں اردو محفل فورم کے پروز اور کونز کیا ہیں؟

9) کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ زندگی کا کوئی فلسفہ آپ پر کیمیا پڑھتے ہوئے کھلا ہو؟ مفصل نوٹ لکھیے۔

10) آپ نے آج تک کن کن غیر نصابی سرگرمیوں/ مشاغل اور کھیلوں میں حصہ لیا ہے نیز ان سرگرمیوں کے علاوہ اس کیمیا دان کی شوخی گفتار اور شگفتہ مزاجی کا راز کیا ہے؟
 
آخری تدوین:

عرفان سعید

محفلین
عرفان بھائی پہلے میرے اس واحد سوال کا جواب دے دیں کہ پولی پولی ویال (پولی ایتھائلینز و پروپلینز) عرف عام میں نیرنگ پرا تے شاپر کب تک ڈی گریڈ ایبل ہو جائیں گے- اور تب تک انکے ممکنہ نقصانات پر کچھ روشنی ڈالیں- شکریہ
خالص سائنسی بنیادوں پر اس کا جواب یہ ہے کہ کبھی بھی نہیں۔جب تک شاپنگ بیگ پولی ایتھیلین (مختصرا: پالیتھین) اور اس قببیل کے پولیمر سے بن رہے ہیں، اس کا امکان تقریبا صفر ہے الا یہ کہ بائیو ٹیکنالوجی میں کوئی ایسا محیر العقول کارنامہ رونما ہو کہ ان پلاسٹک کو کھانے والے مائکرو آرگنزم وجود میں آ جائیں۔ پلاسٹک کے جس عالمی عفریت کے تناظر میں آپ نے سوال اٹھایا ہے، اس سے نمٹنے کے دو طریقے ہیں۔
۱۔ پالیتھین اور اس قبیل کے پلاسٹک کو ایک بار استعمال کے بعد کوڑا کرکٹ بنانے کی بجائے دوبارہ کارآمد و قابلِ استعمال بنایا جائے۔اس سمت بہت تیزی سے کام جاری ہے۔ نہ صرف یہ کہ تحقیقاتی ادارے اور بڑی کمپنیاں اس جانب تیزی سے پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ حکومتیں ایسی قانون سازی کر رہی ہیں کہ ری سائیکلنگ کے امر کو یقینی بنایا جائے۔
۲۔ پالیتھین پلاسٹک کی بجائے ایسے پولیمر استعمال کیے جائیں جو قدرتی طور پر اجزا میں منتشر ہو جائیں۔ مجھے دو وجوہات کی بنا پر اس مذہب کے مبلغوں سے شدید اختلاف ہے۔ پہلے یہ کہ ایسے پلاسٹک کی قیمت ہوشربا ہو گی اور ایک عام آدمی کی دسترس سے دور ہو گا۔ دوسرے یہ کہ ایسے پلاسٹک ہمارے حیاتیاتی ماحول کے فطری سلسلے میں دخل انداز ہو کر پالیتھین سے بڑا دیو ہمارے سامنے کھڑا کر دیں گے۔
 
عرفان سعید

محفلین
لیجیے جناب انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں۔ کچھ سوالوں کے جوابات کے ساتھ خادم حاضر ہے۔ باقی کے لیے اگلی قسط کا انتظار فرمائیے۔
1) اپنے آپ کو فقط تین الفاظ میں بیان کریں۔
جذباتی، تخیلاتی، جمالیاتی
2) جو آپ بننا چاہتے تھے اور جو آپ ہیں ، ان میں کتنا فرق پاتے ہیں؟
۴۰ فیصد تک بن گیا۔ ۶۰ فیصد نہیں بن پایا۔ ایف۔ایس۔سی کے سالِ دوئم سے نامیاتی کیمیا کے اندھے عشق میں گرفتار ہوا۔ تبھی یہ ٹھان لی تھی کہ کیمسٹری میں پی۔ایچ۔ڈی کرکے محقق بننا ہے۔ایک اعلی تجربہ گاہ، تخیل کے گھوڑے کو بے لگام کرنے کی آزادی، دنیائے کیمیا کی نامعلوم وادیوں کی سیاحت؛ ان سب کی شدید خواہش تھی جو بدرجہ اتم پوری ہوئی۔
اس کے ساتھ ساتھ تدریس کا بے پناہ شوق تھا۔ لیکچر دے کر یوں لگتا تھا کہ پورا عالم زیرِ نگوں ہو گیا ہے۔ یہ خواہش پوری نہ ہو سکی۔ ایک کمپنی میں سائنسدان ہوں۔
کیمیا کے بعد سر پر دوسرا جنون قرآن مجید کی تفہیم و تفسیر پر بے پناہ تحقیق کا سوار ہوا۔ یہ شوق اس حد تک تھا کہ اس پر اپنے پہلے معشوق، کیمیا، کو بھی قربان کرنے کے لیے تیار تھا۔ والد صاحب سے بات کی کہ سب چھوڑ چھاڑ کر اس دینی تعلیم کے میدان کو اپناتا ہوں۔ اللہ بخشے والد صاحب یہ سن کر زیادہ خوش نہیں ہوئے۔ ان کی خوشی کی خاطر یہ ارادہ ترک کر دیا۔ یہ خواہش اگر پوری ہوتی تو کہہ سکتا تھا، زندگی میں جو چاہا پا لیا۔
3) آپ کے فیملی ممبرز کون کون ہیں اور آپ کس سے سب سے زیادہ قریب ہیں؟
ایک بیٹا اور ایک چھوٹی بیٹی۔ دونوں بچوں سے بہت زیادہ پیار ہے لیکن بیٹی زیادہ لاڈلی ہے۔
4)آپ عرصہ دراز سے جرمنی میں مقیم ہیں۔ آپ کے خیال میں کوئی ایک ایسی بات جو جرمن عوام کو پاکستانی عوام سے سیکھنی چاہیے؟
جی تقریبا سات سال سے فن لینڈ میں ہوں۔ اس سے قبل دو سال جرمنی میں مقیم رہا۔
آہ! تاسف اور افسوس کے ساتھ جرمن عوام کو یہی کہہ سکتا ہوں کہ آپ بس ایک کام کریں۔
کبھی وہ کچھ نہ کریں جو ہماری عوام کرتی ہے۔
5)آپ کتنے مذہبی ہیں؟ نیز اگر کسی سے مذہب کے معاملے میں شدید اختلاف رائے ہو تو کیا کرتے ہیں؟
مذہب سے اب بھی بے پناہ دلچسپی ہے۔ مذہب کی فلسفیانہ گفتگو بہت پسند ہے۔اسلام کے علاوہ دیارِ غیر میں جن مذاہب سے سابقہ پیش آیا ان کے بارے میں بھی اپنے مقامی رفقاء کار سے دریافت کرتا رہتا ہوں۔
شدید ترین مذہبی اختلافات کو بھی تہذیب و شائستگی کا پابند ہونا چاہیے۔ذاتی تعلقات کو ہر طرح کے اختلاف اور تعصب سے بالا تر ہونا چاہیے۔
میٹرک میں میرے عظیم استاد جنھوں نے میری زندگی کا دھارا علم کی منزلوں کی جانب موڑ دیا، میرے سب سے بڑے محسن ہیں۔ مذہب کے اعتبار سے وہ قادیانی تھے۔ میں ختمِ نبوت پر دل کی گہرائیوں سے ایمان رکھتا ہوں۔ اتنے بڑے بنیادی مذہبی اختلاف کے باوجود میرے دل میں ایک استاد اور محسن کا جس طرح احترام ہونا چاہیے، اس میں ذرہ برابر بھی فرق نہیں آیا۔
6) آپ کو پسِ پردہ رہنا اچھا لگتا ہے یا سب کے درمیان اپنی الگ اور نمایاں شناخت کی خواہش موجود ہے؟
کار ہائے نمایاں سرانجام دوں تو نمایاں ہونے کا دل بھی کرتا ہے۔ بصورتِ دیگر پسِ پردہ رہنے میں ہی عافیت ہے۔
7) دوسروں کی کون سی عادت آپ کے لیے ناقابل برداشت ہو سکتی ہے؟ نیز آپ کا موڈ ٹھیک کرنے کے لیے انہیں کیا کرنا پڑتا ہے؟
کسی بھی شخص کی عزتِ نفس کو مجروح کیا جائے تو میری برداشت سے باہر ہے۔ جب تک متاثرہ شخص معاف نہ کر دے اور ارتکاب کرنے والا شخص اپنے رویے کی اصلاح نہ کر لے، مجھے منانا امرِ محال ہے۔
 
آخری تدوین:

عرفان سعید

محفلین
جوابات کی دوسری قسط ملاحظہ کریں۔
8 ) آپ کی سب سے بڑی کامیابی اور سب سے بڑی ناکامی کیا ہے؟ نیز اس ضمن میں آپ کے تجربے سے سیکھنے والوں کو کوئی نصیحت کرنا چاہیں گے؟
ایم ایس سی میں پنجاب یونیورسٹی میں ٹاپ کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اسے زندگی کی سب سے بڑی کامیابی گردانوں گا اس لیے نہیں کہ بہت زیادہ نمبر حاصل کر لیے۔ میری نگاہ میں حصولِ علم اور قابلیت کو نمبروں اور ڈگریوں کی بے وزن ترازو میں نہیں تولنا چاہیے۔ جس بنا پر اسے فوزِ عظیم سمجھتا ہوں، وہ انتہائی نامساعد حالات، شدید گھریلو پریشانیاں، خود کفالتی کی سو فیصد ذمہ داری ، معاش کی تگ و دو میں نصاب کے لیے وقت کے شدید فقدان کے باوجود ٹاپ کرنا ہے۔ میں نے یہی سیکھا اور آپ کو بھی بتانا چاہوں گا کہ زندگی کی بڑی سے بڑی مصیبت بھی آپ سےہرگزبڑی نہیں۔
ایف۔ایس۔سی کے بعد دو سال خوب اردو نثر کی کتب بینی کا موقع ملا۔ اس دوران تھوڑا بہت لکھنا بھی شروع کی۔ خوش بختی سے ایک طباعتی ادارے نے ایک انگریزی کتاب کو اردو قالب میں ڈھالنے کے لیے مجھے معینہ مدت کے معاہدے پر ملازم رکھ لیا۔ تقریبا ۷۰ فیصد ترجمے کا کام سر انجام پانے کے بعد چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر کام روکنا پڑا۔ اس کے کچھ عرصے بعد نصابی سرگرمیوں نے کچھ اس طرح گھیرا کہ بیس سال زندگی میں اردو کا نام و نشان تک نہیں۔
نومبر ۲۰۱۴ میں فن لینڈ میں یوم اقبال میں تقریر کرنے کا موقع ملنے کی دیر تھی کہ بجھی ہوئی چنگاری دوبارہ بھڑک اٹھی۔ دو دہائی بعد جب قلم اٹھایا تو ایک مختصر سی تحریر بانگ درا کے ایک منظر پر لکھ ڈالی۔اپنی گم شدہ متاع کا سراغ پانے نکلا تو اردو محفل سے ملاقات ہوگئی۔ اللہ کا شکر کہ اب اس صلاحیت کو دوبارہ زندہ کرنے کا پلیٹ فارم میسر آگیا ہے۔ ان بیس سالوں کو مڑ کر دیکھتا ہوں تو غم، افسوس اور حسرت کا احساس ہوتا ہے۔ جس کا اظہار میں نے اپنے تعارف میں بھی کیا ہے۔ یہی کہہ سکتا ہوں کہ خدا جب کسی نعمت سے نوازے تو دل و جان سے اس کی قدر کریں۔
9) کوئی ایسا لمحہ جس نے آپ کی سوچ یا آپ کی زندگی کی کہانی کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہو؟
نویں جماعت کے امتحانات کے بعد میں نے سکول تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اتفاق سے جس دن سکول چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ لینے جانا تھا، والد صاحب بھی ساتھ ہو لیے۔ اتفاق سے ہیڈ ماسٹر صاحب ابو کے پرانے واقف نکلے جنہوں نے اُن کو سکول نہ چھوڑنے پر قائل کر لیا۔ چار و ناچار اس سکول میں دسویں کو جاری رکھنا پڑ گیا۔عین اس وقت ایک نئے کلاس ٹیچر کا تقرر ہوا۔ ان کے اندازِ تدریس کے بارے میں فقط اتنا ہی کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان، جاپان، جرمنی اور فن لینڈ کی اعلی ترین درسگاہوں میں بھی اس پائے کا استاد نہیں دیکھا۔ وہ لمحہ جب میرے والد اچانک میرے ساتھ سکول چل دیے، ان لمحوں میں کاتبِ تقدیر نے میری داستانِ حیات لکھ ڈالی تھی۔
10) آپ کے خیال میں کون سی تین ہستیوں نے دنیا پر سب سے زیادہ اثرات مرتب کیے ہیں؟
تین برگزیدہ پیغمبر: حضرت ابراہیمؑ، حضرت عیسیؑ اور آنجناب حضرت محمدﷺ۔
معشرِ انبیا و صلحا کے علاوہ کلام کیا جائے تو اسکندر، ہومر اور آئن سٹائن کا نام لوں گا۔
11) آپ کے پاس ٹائم مشین ہے اور آپ 13.7 ارب سال پہلے کائنات کے بننے سے لیکر آج تک کے کسی بھی زمانے میں جا کر کسی ایک تاریخی واقعے کو روکنا یا بدلنا ہے۔ ظاہر ہے کہ اس سے اس زمانے سے لیکر آج تک کی تاریخ بدل جائے گی۔ سو یہ بتائیں کہ آپ کا انتخاب کونسا واقعہ ہو گا اور اس میں کیا تبدیلی ہو گی اور کیوں؟ اور اس سے موجودہ زمانے پر کیا اثر پڑے گا؟
اگر ایسا ممکن ہوتا تو مولانا حمید الدین فراہی ( ۱۹۳۰- ۱۸۶۳) کی وفات کو مؤخر کر دیتا تاکہ وہ قران مجید پر اپنی تفسیر اور تحقیق مکمل کر کے دنیا کے حوالے کرجاتے۔
مولانا حمید الدین فراہی اپنے کام اور نام سے عام لوگوں کے لیے اجنبی ہیں۔حمید الدین فراہی مولانا امین احسن اصلاحی کے استاد تھے، جو کہ محترم جاوید احمد غامدی کے استاد تھے۔
مولانا حمید الدین فراہی کا قرآن پر کام ایک معرکۃ الارا اور علم کی نئی دنیائیں متعارف کروانے والا غیر معمولی کام ہے۔ وہ اپنی زندگی میں اسے پایۂ تکمیل کو نہ پہنچا سکے۔ یہ کام نامکمل حالت میں بھی علمی جلالت کے سحر میں جکڑ لیتا ہے۔ منتہائے کمال کو پہنچتا تو علم کی ایک نئی کائنات وجود میں لے آتا۔
جاوید احمد غامدی کو جو لوگ ان کے منفرد انداز کی وجہ سے جانتے ہیں، وہ شاید یہ نہ جانتے ہوں کہ اس کی بنا حمید الدین فراہی ڈال کر گئے تھے۔
12) اگر آپ کسی ایسے سفر پر نکلیں کہ جس سے اپنی مرضی سے واپس نہ آ سکتے ہوں تو اپنے ساتھ (کھانے پینے کے سوا) کن تین اشیا کو لے جانا ضروری سمجھیں گے کہ جن کے سہارے سفر اور جب تک چاہیں زندگی کٹ سکے؟
ایک ہی کافی ہے۔
اتنی رقم کہ سفر اور زندگی آسانی سے کٹ جائے۔
13) اگر ایک محفلین کی حیثیت سے آپ کی زندگی کے کئی قیمتی سال اس محفل میں گزرے ہوں اور آپ کی اس سے گہری وابستگی ہو مگر خدانخواستہ آپ معطل ہو جائیں تو آپ کے جذبات اور آپ کا رد عمل کیا ہوگا؟
خدا نہ کرے کہ کبھی ایسا ہو۔ محفل کے دم سے تو زندگی میں رونق ہے۔ ایسا ہو گیا تو سمجھوں گا کہ زندگی کا بہت بڑا خسارہ برداشت کرنا ہے شدید کرب و اضطراب کے ساتھ۔
اے گروۂ مدیران و منتظمین! اس ناچیز و حقیر سے دانستہ و نادانستہ، حالتِ بیداری و خوابیدگی، یا اختیاری و اضطراری حماقتِ کبیرہ و صغیرہ سر زد ہو گئی ہو تو اس تقصیر سے صرفِ نظر فرمائیں۔
 
عرفان سعید

محفلین
جوابات کا سلسلہ آگے بڑھاتے ہیں۔
1) 'عرفان سعید' کی ڈیفینیشن لکھیں ۔ (ایک جملہ جو آپ کی شخصیت کی مکمل ترجمانی کرے نیز فقط آپ پر صادق آتا ہو۔) نیز ان کا ایمپیریکل فارمولا کیا ہے اور دنیا کی کن عظیم شخصیات سے اس ایمپیریکل فارمولے کی مماثلت ہے؟
حساس، متجسس، سادہ اور خوش مزاج انسان۔
ایک عامی کا عظیم لوگوں سے کیا موازنہ ؟
2) کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ آپ کی بصیرت لیب سے باہر بھی سبھی چیزوں کو بظاہر دیکھنے کی بجائے ان کے اٹامک سٹرکچرز ، پوزیشنز اور ممکنہ ری ایکشنز دیکھنے لگی ہو؟
جی بالکل، یہ تو کہہ لیں یونیورسٹی کے دور میں عام معمول کی چیز تھی۔
شادی اور خاص طور پر بچوں کی ذمہ داریوں کے باعث کیمیا دفتر کے دروازے کا ساتھ ہی مقفل کر کے آتا ہوں۔بیگم بھی کیمسٹری میں پی۔ایچ۔ڈی ہیں اس لیے گھر آنے پر ان کے فیس سٹرکچرز، پوزیشنز اور ممکنہ ری ایکشنز کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔
3) فرض کیجیے کہ آپ ایک مرکب ہیں تو آپ کے بنیادی عناصر کیا ہیں؟
سوچ، احساس، عمل
4) آپ کی زندگی کا اثاثہ کیا ہے؟
انسان، کائنات اور زندگی کی حقیقت جو قرآن بتاتا ہے۔ اس لیے مسلمان ہونا اور اپنا خاندان اثاثہ ہیں۔
5) اپنے حافظے کی سب سے بڑی تیزی اور سب سے بڑی کمزوری کا ایک ایک قصہ تحریر کیجیے۔
ایک سال قبل میری کمپنی کے ایک نہایت منجھے ہوئے اور عالمی سطح پر مشہور سائنسدان سے چائے کی میز پر گفتگو چل رہی تھی۔ دورانِ گفتگو یونیورسٹی دور میں پڑھے ہوئے ایک موضوع کا ذکر چھڑ گیا۔ میں نے ۱۸ سال قبل پڑھا ہوا ٹاپک فورا کاغذ قلم لیکر بتانا شروع کیا۔ حیرت انگیز طور پر من و عن ویسے ہی بیان کر دیا جیسے پڑھا تھا۔ ایک خوش گوار حیرت ہوئی۔
بھولنے کے تو ہزاروں قصے ہیں۔ موبائل جیب میں ہوتا ہے اور پورے گھر میں ڈھونڈ رہا ہوتا ہوں۔
6) آپ کا شعبہ سائنس ہے اور ایک مدت سے بیرون ملک مقیم ہیں مگر اس قدر خوبصورت طرز تحریر ہے، اس کے پیچھے کیا محرکات کار فرما ہیں؟
آپ کا حسنِ ظن ہے۔ صرف دو سال کے دوران تھوڑی بہت کتابیں دیکھی ہوں۔ بیس سال تک اردو کو ہاتھ نہ لگایا ہو تو کیا اندازِ تحریر ہو سکتا ہے؟ مستقل اس کو شش میں ہوں کہ مجھے بھی قلم پکڑنے کا سلیقہ آ جائے۔
7) آپ کون کون سی زبانیں روانی سے بول سکتے ہیں نیز بیرون ملک رہتے ہوئے آپ اپنی مادری زبان سے کس حد تک وابستہ ہیں؟
اردو، پنجابی، انگریزی، جاپانی روانی کے ساتھ بول لیتا ہوں۔تھوڑی بہت جرمن اور فینش زبان بھی کام میں لے آتا ہوں۔
مادری زبان پنجابی ہے۔ یہاں فن لینڈ میں کچھ چنیدہ لوگوں سے صرف پنجابی میں ہی گفتگو کرتا ہوں۔
8 ) آپ کی رائے میں اردو محفل فورم کے پروز اور کونز کیا ہیں؟
مجھے تواب تک فائدے ہی فائدے نظر آئیں ہیں۔
اردو لکھنے پڑھنے کا موقع ملتا رہتا ہے۔
بہت سے دلچسپ مکالمہ جات سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔
تمام احباب بہت گرم جوش اور ممد و معاون نظر آتے ہیں۔
کوئی ادبی اشکال پیش آئے تو فورا اہل علم دوڑے چلے آتے ہیں۔
الغرض کیا نہیں ہے اس محفل میں؟
9) کیا کبھی ایسا ہوا ہے کہ زندگی کا کوئی فلسفہ آپ پر کیمیا پڑھتے ہوئے کھلا ہو؟ مفصل نوٹ لکھیے۔
جی بے شمار فلسفے سمجھ آئے ہیں۔
اب مادے کی بنیادی اکائی ایٹم اور اس کی اندورنی ساخت کو ہی لے لیجیے۔قانونِ تزویج آپ کو اس خوردبینی دنیا میں بھی الیکٹران اور پروٹان کی شکل میں کارفرما نظر آتا ہے۔
مفصل مضمون کسی اور موقع کے لیے
10) آپ نے آج تک کن کن غیر نصابی سرگرمیوں/ مشاغل اور کھیلوں میں حصہ لیا ہے نیز ان سرگرمیوں کے علاوہ اس کیمیا دان کی شوخی گفتار اور شگفتہ مزاجی کا راز کیا ہے؟
جرمنی میں قیام کے دوران (۲۰۱۱ - ۲۰۰۹) تک کرکٹ کھیلا کرتے تھے۔ اس کے علاوہ ٹیبل ٹینس اور آجکل تیراکی۔
یونیورسٹی دور میں ویلکم اور فئیر ویل کے ڈرامائی خاکوں میں مختلف کردار ادا کیے۔
پچھلے تین سال سے تقریری مقابلوں کا شوق سر پر سوار ہے۔
فقرے بازی کی عادت مزاج کا حصہ ہے۔ کیمسٹری کی خالص فنی بحثوں میں بھی یہ اسلوب قائم رہتا تھا۔
 
آخری تدوین:

فہد اشرف

محفلین
السلامُ علیکم عرفان سعید بھائی۔
آپ نے مشکل سوالوں کے جواب بہت خوش اسلوبی سے دیے اب آپ سے کچھ ایلمنٹری سوالات۔۔

1۔تاریخ پیدائش اور zodiac sign بتانا پسند کریں گے؟
2۔فارغ اوقات میں کیا کرتے ہیں؟
3۔پسندیدہ کتاب اور مصنف؟
4۔ زمرہ 'آپ کی تحریریں' میں آپ کی کچھ شگفتہ تحریریں موجود ہیں۔ وہ کیا چیز ہے جو آپ سے کہتی ہے کہ لکھو۔
5؟آپ کی ایک عادت جو آپ کو پسند ہے اور ایک جو نہیں پسند ہے؟
6۔ آپ کا کوئی آئیڈیل ہے؟ کیوں ہے؟
7۔اردو محفل تک کن راستوں سے آئے؟ رکنیت کے ابتدائی دن کیسے رہے؟
8۔کھانے کے شوقین ہیں یا بس جینے کے لیے کھاتے ہیں؟
9۔شادی ارینج ہوئی تھی؟
10۔نسل نو کے بارے میں آپ کے خیالات۔
۔۔۔۔۔
شکریہ
 
آخری تدوین:

عرفان سعید

محفلین
حاضر ہوں جناب۔
1۔تاریخ پیدائش اور zodiac sign بتانا پسند کریں گے؟
۱۹ جون، برج جوزا ہے۔
2۔فارغ اوقات میں میں کیا کرتے ہیں؟
جاب اور بچوں کی مصروفیات کے بعد بہت کم وقت ملتا ہے۔ موقع ملے تو اعلی پائے کی تقاریر سننا پسند ہے۔
3۔پسندیدہ کتاب اور مصنف؟
"مذہب اور جدید چیلنج" از وحید الدین خان
4۔ زمرہ 'آپ کی تحریریں' میں آپ کی کچھ شگفتہ تحریریں موجود ہیں۔ وہ کیا چیز ہے جو آپ سے کہتی ہیں کہ لکھو۔
فشارِ خیالات
5؟آپ کی ایک عادت جو آپ کو پسند ہے اور ایک جو نہیں پسند ہے؟
پسندیدہ عادت: شدید بدمزگی کے باوجود فریق مخالف کے جذبات کا خیال رکھنا
ناپسندیدہ عادت: بہت سی پریشانیوں کو اپنے تک محدود کر لینا
6۔ آپ کا کوئی آئیڈیل ہے؟ کیوں ہے؟
حمید الدین فراہی اپنے غیر معمولی اسلوبِ تحقیق کی وجہ سے۔
7۔اردو محفل تک کن راستوں سے آئے؟ رکنیت کے ابتدائی دن کیسے رہے؟
نیٹ پر شعر کے "وزن" کے بارے میں تلاش کرتا آپہنچا تھا۔
ابتدائی دنوں میں خوب پذیرائی، رہنمائی اور حوصلہ افزائی ملی۔
8۔کھانے کے شوقین ہیں یا بس جینے کے لیے کھاتے ہیں؟
اچھے کھانے بہت مرغوب ہیں۔ہر ملک کے پکوان چکھے بھی ہیں اور گھر میں بنتے بھی ہیں۔ بیگم پکانے میں لاثانی ہیں۔ ان کے زیرِ سایہ میں بھی پکانا سیکھ گیا۔
9۔شادی ارینج ہوئی تھی؟
شادی پسند کی تھی۔
10۔نسل نو کے بارے میں آپ کے خیالات۔
نسل نو کے اندر بے شمار پوٹینشل موجود ہے۔ ٹیکنالوجی کے سونامی میں ضرورت اس امر کی ہے ان کی درست سمت نشاندہی کی جائے اور اپنی تہذیب و روایات کے ساتھ تعلق کو استوار کر کے اس کو پروان چڑھایا جائے۔
 
آخری تدوین:

نور وجدان

لائبریرین
اس دلچسپ سلسلے کو آگے بڑھاتے سوالات میری جانب سے:)

سوالنامہ:

آپ اپنی عادات، اطوار سے اک مستقل مزاج شخصیت معلوم ہوتے ہیں مگر اردو ادب کیساتھ گہری وابستگی کے باوجوداسکو فراغت پر کیوں اٹھا رکھا؟

۲.ہمیں علم ہے کہ آپ نے وزن کی باقاعدہ مشق کرنا شروع کردی ہے. آپ کو اوزان کے بارے کب علم ہوا؟ تب کیا ردعمل تھا؟

۳. نثر پر مزاح ہو یا شاعری آپ دونوں میں خوب دسترس رکھتے ہیں، اتنی باکمال تحاریر لکھتے ہیں کہ قاری ہنس کے لوٹ پوٹ ہو جائے. کس مزاح نگار سے متاثر ہیں؟

۴. آپ محفل میں کافی عرصہ سے مقیم ہیں مگر مراسلہ جات بہت قلیل ہیں .. اس کے پیچھے کیا رمز پوشیدہ ہے؟

۵. آپ جاپان جانے کا شوق رکھتے تھے قبل اس کے تعلیمی سلسلے نے آپ کو دیارِ غیر میں دھکیلا ؟

۶.انسانی روح کی کیمیا گری کیسے ممکن ہے؟ اس کا سائنس سے کیا تعلق ہے؟

۷.آپ والدین سے لاڈ سے بات منواتے تھے یا ضد سے؟

۸. کتنے بہن بھائی ہیں؟ کس سے لڑائی رہتی تھی اور کیوں؟

۹. روایت ہے کہ بیٹے ماں سے اور بیٹیاں باپ سے گہری انسیت رکھتی ہیں؟ آپ کے ساتھ کیسا معاملہ تھا؟

۱۰. فرض کیا کہ آپ مستقبل کے شاعرِ مشرق ہیں تو اپنی کس خوبی ِ فکر سے متعارف ہونا پسند کریں گے
 
عرفان سعید

محفلین
دوبارہ حاضر ہوں۔
آپ اپنی عادات، اطوار سے اک مستقل مزاج شخصیت معلوم ہوتے ہیں مگر اردو ادب کیساتھ گہری وابستگی کے باوجوداسکو فراغت پر کیوں اٹھا رکھا؟
"مستقل مزاجی" پہ آپ کا حسنِ ظن ہے۔میرا خیال ہے کہ جذبات کی رو میں بہہ کر متلون مزاجی بھی کافی کچھ طبیعت کا حصہ ہے۔
"اردو ادب سے گہری وابستگی" کی بھی تصریح کردوں۔ ایک زمانے میں جب خوب نثر بینی میں مصروف رہا، تو اشغال اردو کے مذہبی ادب، اور بطورِ خاص تفسیرِ قرآن کی طرف تھا۔ اردو ادب کے بڑے بڑے نثر نگاروں کا نام لیں تو نام کی حد تک ہی واقف ہوں۔
اردو ادب شاید اولین ترجیح نہ بن سکی۔زندگی کے دوسرے مشاغل میں بھی اتنا الجھا کہ اس بازار کا رخ کم ہی کیا۔
.ہمیں علم ہے کہ آپ نے وزن کی باقاعدہ مشق کرنا شروع کردی ہے. آپ کو اوزان کے بارے کب علم ہوا؟ تب کیا ردعمل تھا؟
حادثاتی طور پر ایک نظم کہہ ڈالی۔ بعد میں معلوم ہوا کہ بے وزن ہے۔کافی عرصے اس شش و پنج میں رہا کہ "وزن" کس بلا کا نام ہے؟ پھر کافی مواد مل گیا اور سمجھ بھی آگئی۔ بلکہ کہنا چاہیے کہ آ سمجھ گئی۔
۳. نثر پر مزاح ہو یا شاعری آپ دونوں میں خوب دسترس رکھتے ہیں، اتنی باکمال تحاریر لکھتے ہیں کہ قاری ہنس کے لوٹ پوٹ ہو جائے. کس مزاح نگار سے متاثر ہیں؟
میری کم مائیگی دیکھیے کہ بیس سال پہلے پطرس کے دو چار مضامین پڑھے ہوں گے۔ اس کے علاوہ کسی کو پڑھنے کا اتفاق نہیں ہوا۔
۴. آپ محفل میں کافی عرصہ سے مقیم ہیں مگر مراسلہ جات بہت قلیل ہیں .. اس کے پیچھے کیا رمز پوشیدہ ہے؟
آپ نے بھی دکھتی رگ پہ ہاتھ رکھ دیا۔ بہت بار محفل کی زیارت مہینوں کے تعطل کا شکار رہی ہے۔ کوشش کروں گا کہ زیارت ہوتی رہے۔
۵. آپ جاپان جانے کا شوق رکھتے تھے قبل اس کے تعلیمی سلسلے نے آپ کو دیارِ غیر میں دھکیلا ؟
تعلیم کے سلسلے میں ہی جاپانی حکومت کی جانب سے پی۔ایچ۔ڈی کا وظیفہ ملا۔ بطورِ خاص جاپان جانے کو کوئی شوق و ارادہ نہ تھا۔
۶.انسانی روح کی کیمیا گری کیسے ممکن ہے؟ اس کا سائنس سے کیا تعلق ہے؟
انسانی روح کے عناصرِ ترکیبی کو سمجھ کر ان کے متقضیات کے لیے حتی الامکان کوشش کی جائے۔ سائنس کو مادے کا علم مانتا ہوں، روح کی بحث اس کے دائرۂ کار سے ماورا ہے۔
۷.آپ والدین سے لاڈ سے بات منواتے تھے یا ضد سے؟
بچپن میں ضدی تھا لیکن پھر آہستہ آہستہ سمجھ دار ہوتا گیا۔ بعض معاملات میں ابھی بھی ضد کر لیتا ہوں۔
۸. کتنے بہن بھائی ہیں؟ کس سے لڑائی رہتی تھی اور کیوں؟
ماشاءاللہ چار بھائی اور ایک بہن ہے۔ میرا نمبر دوسرا ہے۔ اپنے سے بڑے اور چھوٹے بھائی سے بچپن میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑائی ہوتی تھی۔ عمر کا فرق زیادہ نہیں تھا اس لیے۔
۹. روایت ہے کہ بیٹے ماں سے اور بیٹیاں باپ سے گہری انسیت رکھتی ہیں؟ آپ کے ساتھ کیسا معاملہ تھا؟
امی کے بہت قریب ہوں۔
۱۰. فرض کیا کہ آپ مستقبل کے شاعرِ مشرق ہیں تو اپنی کس خوبی ِ فکر سے متعارف ہونا پسند کریں گے
بالفرضِ محال ہی کہیں گے۔ اگر ایسا ہوتا تو انسان، کائنات اور زندگی کے حقائق کے اعلی ترین ابلاغ کے طور پر معروف ہونا پسند ہوتا۔
 
آخری تدوین:

نور وجدان

لائبریرین
کے اندازِ تدریس کے بارے میں فقط اتنا ہی کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان، جاپان، جرمنی اور فن لینڈ کی اعلی ترین درسگاہوں میں بھی اس پائے کا استاد نہیں دیکھا

ہم ایسے استاد کے متعلق جاننا مزید چاہیں گے. محترم عرفان، آپ کو عرفانِ ذات استاد سے ملتا چاہے دنیاوی ہو یا دینی ... یہ تو اچھا لگا پڑھ کے بُہت
ن لمحوں میں کاتبِ تقدیر نے میری داستانِ حیات لکھ ڈالی تھی۔

کاتبِ تقدیر نے آپ سے پوچھا تھا، کیا تھا من میں؟ یہ داستان کیمسٹری سے ہٹ کے تھی؟
بقول شاعر
خودی کو کر بلند اتنا ..........

اسکندر، ہومر اور آئن سٹائن

اک فاتح، اک شاعر اک سائنس دان ... تعجب ہے! سمت ہا سمت چلوں .. کبھی ادھر تو کبھی ادھر

ہ کام نامکمل حالت میں بھی علمی جلالت کے سحر میں جکڑ لیتا ہے۔ منتہائے کمال کو پہنچتا تو علم کی ایک نئی کائنات وجود میں لے آتا۔

سنا ہے کہ خام علم جلالت میں بھی گمراہ کردیتا
کیا خیال ہے؟

جذباتی عمل پر یقین رکھتے ہیں؟

انسانی روح کے عناصرِ ترکیبی کو سمجھ کر ان کے متقضیات کے لیے حتی الامکان کوشش کی جائے۔
آپ تقاضے سمجھ چکے تو بتایے کہ آپ کے مرکبات ِِ روح کے کیا تقاضے تھے؟ ان کی کیمیا گری کیسے کی؟
بالفرضِ محال ہی کہیں گے۔ اگر ایسا ہوتا تو انسان، کائنات اور زندگی کے حقائق کے اعلی ترین ابلاغ کے طور پر معروف ہونا پسند ہوتا۔

صراحت درکار ہے ...پلیز!
 
زیک

مسافر
اسلام کے علاوہ دیارِ غیر میں جن مذاہب سے سابقہ پیش آیا ان کے بارے میں بھی اپنے مقامی رفقاء کار سے دریافت کرتا رہتا ہوں۔
جاپانی مذاہب کے بارے میں کتنا جانتے ہیں؟ کیا اس موضوع پر محفل پر کچھ شیئر کرنا پسند کریں گے؟
 
زیک

مسافر
بیگم بھی کیمسٹری میں پی۔ایچ۔ڈی ہیں

تعلیم کے سلسلے میں ہی جاپانی حکومت کی جانب سے پی۔ایچ۔ڈی کا وظیفہ ملا۔ بطورِ خاص جاپان جانے کو کوئی شوق و ارادہ نہ تھا۔
کیا بیگم سے ملاقات جاپان میں پی ایچ ڈی کے دوران ہوئی تھی؟ کیا آپ کی بیگم کا تعلق جاپان سے ہے؟

میاں بیوی کے ایک ہی فیلڈ میں ہونے کے کیا فائدے اور نقصانات آپ نے محسوس کئے؟
 
یہاں انٹرویو ٹیم کی طرف سے سوالات کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچا اور اب یہ لڑی محفلین کی طرف سے سوالات کو خوش آمدید کہتی ہے۔ :)
 
عرفان سعید

محفلین
جاپانی مذاہب کے بارے میں کتنا جانتے ہیں؟ کیا اس موضوع پر محفل پر کچھ شیئر کرنا پسند کریں گے؟
محفل میں ایک جگہ اختصار سے اس بارے میں لکھا تھا، جسے من و عن ذیل میں نقل کر رہا ہوں۔ تفصیلی مضمون کو کسی اور وقت کے لیے اٹھا رکھتا ہوں۔ اس مفید مشورے کے لیے بہت عنایت۔
جاپان کی سرزمین کا اصل اور قدیم مذہب شنتو ہے۔ چھٹی صدی میں بدھ مت چین کے ذریعے جاپان داخل ہوا۔ تب سے دونوں مذاہب جاپانی تاریخ کا حصہ ہیں۔ بدھ مت تقریبا ۴۰ فیصد کے قریب ہے، اور شنتو کے بعد دوسرا بڑا مذہب ہے۔
دونوں مذاہب اپنی اصل، اساس، قدامت، تفصیلات وغیرہ میں کافی مختلف ہیں۔ دونوں کے معبد بھی الگ الگ ہیں۔
بدھ مت کے لیے مندر، اور شنتو کے لیے شرائن مخصوص ہے۔
 
عرفان سعید

محفلین

بیگم بھی کیمسٹری میں پی۔ایچ۔ڈی ہیں

شادی پسند کی تھی۔

تعلیم کے سلسلے میں ہی جاپانی حکومت کی جانب سے پی۔ایچ۔ڈی کا وظیفہ ملا۔ بطورِ خاص جاپان جانے کو کوئی شوق و ارادہ نہ تھا۔

کیا بیگم سے ملاقات جاپان میں پی ایچ ڈی کے دوران ہوئی تھی؟ کیا آپ کی بیگم کا تعلق جاپان سے ہے؟

میاں بیوی کے ایک ہی فیلڈ میں ہونے کے کیا فائدے اور نقصانات آپ نے محسوس کئے؟
اشتیاق احمد کے جاسوسی ناولوں کے کردار انسپکٹر جمشید کی طرح کیا کڑی سے کڑی ملائی ہے آپ نے۔
سوالوں کی نوعیت نجی ہوتی جارہی ہے۔ بات کچھ آگے بڑھے تو ایسا نہ ہو کہ ہمیں کہنا پڑ جائے "حساسیت کے پیشِ نظر یہ سوال محلِ نظر ہے"
یہ تو ہم نے صرف ارزاہ تفنن چٹکی لی ہے۔ جواب اگلے مراسلے میں۔
 
ہمارا بھی سوال ہے. اصل میں ہم بھی 'سائنسدانوں کے ہاتھوں زیر تعمیر سائنسدان' ہیں :heehee: (بائیو ٹیکنالوجی میں) اس لیے ہم نے آپ کے انٹرویو کو شاید کچھ اور طرح سے بھی لیا ہو اور زیادہ فائدہ اٹھایا ہو:battingeyelashes:.
تاہم سوال نجی ہی ہے. :cool2: پوچھنا یہ تھا کہ ہماری پیاری بھرجائی کیا جاب کرتی ہیں؟ اور کیمسٹری گھر سے باہر کیوں رکھنی پڑتی ہے؟
کیا کیمسٹری ہے اس جوڑے کی!
 
عرفان سعید

محفلین
کیا بیگم سے ملاقات جاپان میں پی ایچ ڈی کے دوران ہوئی تھی؟ کیا آپ کی بیگم کا تعلق جاپان سے ہے؟

میاں بیوی کے ایک ہی فیلڈ میں ہونے کے کیا فائدے اور نقصانات آپ نے محسوس کئے؟
بیگم کا تعلق پاکستان سے ہے۔ مجھ سے ایک سال بعد وہ بھی جاپانی حکومت سے سکالرشپ لیکر میری ہی لیب میں پی۔ایچ۔ڈی کرنے آئیں۔ اس پر مزید طرہ یہ کہ ان کا آفس ڈیسک میرے ڈیسک سے متصل تھا۔ اس پس منظر میں فائدے اور نقصان ملاحظہ کریں۔

فائدے
۱۔ لیب میں کام کے دوران بار بار گھر سے فون نہیں آتا تھا کہ ،کب آنا ہے؟، کیا ہو رہا ہے؟، جلدی نہیں آ سکتے؟ فون کی تو نوبت آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ بس ساتھ والے ڈیسک سے رعب دار آواز آتی تھی، "اب یہ کیا ہو رہا ہے؟"۔
۲۔ گھر جانے پر جو بند گوبھی کی مانند بیگم کے مکھڑے کا نظارہ کرنا پڑتا ہے۔ اس کی بجائے بیگم کے چہرۂ انور کی زیارت کا شرف ہر وقت حاصل رہتا تھا۔
۳۔ پی۔ایچ۔ڈی کے لیل و نہار میں کوئی ایک لمحہ ایسا نہ تھا کہ بیگم کی مستعد نگاہوں سے اوجھل ہوا ہوں۔
۴۔ بیگم اس انداز میں کی بورڈ پر انگلیاں چلاتیں کہ ان کی کہنیٔ مبارک کا نشانہ عین ہمارا گردہ تھا۔ اس کے نتیجے میں ہم ادھر اُدھر نگاہ اٹھائے بغیر پوری دلجمعی اور ارتکاز کے ساتھ اپنے کام میں مگن رہتے۔
۵۔ ان غیر معمولی حالات میں پی۔ایچ۔ڈی کرنے پر یونیورسٹی نے دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ہمیں "متقی" کی اعزازی ڈگری عطا کی۔

نقصانات
۱۔ خدا نے ہر انسان کو آزاد پیدا کیا ہے تو پھر یا اہلیہ! آپ نے ہماری فطری آزادی کیوں سلب کر لی ہے۔
۲۔ بیگم کا لیب میں کسی سے تناؤ ہو گیا تو چارو ناچار خود بھی تن جاؤ۔
۳۔ بیگم کے تجربات ناکام ہوں تو سارا قصور میرا۔ اور میری ناکامی؛ اس کا مالک تو میں خود ہوں ہی۔
 
آخری تدوین:

عرفان سعید

محفلین
پوچھنا یہ تھا کہ ہماری پیاری بھرجائی کیا جاب کرتی ہیں؟
بچوں کی دیکھ بھال کے سبب آٹھ سال گھر ہی رہیں۔ آجکل فینش زبان کا ایک کورس کر رہی ہیں۔ بچے ان کی اولین ترجیح ہیں۔
اور کیمسٹری گھر سے باہر کیوں رکھنی پڑتی ہے؟
بچوں کی مصروفیات ہی اتنی ہیں کہ اس کا وقت نہیں ملتا۔
 
Top