نیرنگ خیال

لائبریرین
حسب معمول صبح فجر کے وقت آنکھ کھلی۔ اذانوں کی آواز سنائی دے رہی تھی۔ اٹھ کر کھڑکی سے باہر جھانکنے کی کوشش کی۔ لیکن دھند کے باعث کچھ نظر نہیں آیا۔ نماز کے بعد چائے بنائی اور کپ پکڑ کر گھر سے باہر نکل آیا۔ آج 2013 کا آخری سورج طلوع ہونے والا ہے۔ میں اس سورج پر ایک الوداعی نگاہ ڈالنا چاہتا ہوں۔ کیوں؟ مجھے معلوم نہیں۔ گزشتہ کئی سالوں کے ڈوبتے سورج پر الوداعی نگاہ ڈالنا عادت تھی۔ اس سال اپنی روایت بدلنے کا سوچا۔ طلوع ہوتا سورج دیکھا جائے گا۔

سورج کو اس چیز سے کوئی سروکار نہیں کہ کون سا دن سال اور مہینہ ہے۔ وہ تو اپنی روش پر قائم ہے۔ مگر انسان جس کو ہر چیز کو ناپنے تولنے کی عادت ہے۔ اس نے وقت تولنے کو بھی باٹ ایجاد کر رکھے ہیں۔ یہ سال، گزشتہ سال، آنے والا سال۔ انسان جب بھی وقت کی بات کرتا ہے۔ ناپنے کے لیے اسی ترازو کا استعمال کرتا ہے۔ زمین نے اپنا ایک چکر سورج کے گرد مکمل کر لیا۔ 365 دن گزر گئے۔ اس حساب سے عطارد کا ایک سال 88 دن کا بنتا ہے۔ بقول مقبول عامر
کوئی پڑاو نہیں‌ وقت کے تسلسل میں
یہ ماہ سال کی تقسیم تو خیالی ہے​

12 ستمبر کا ڈوبتا سورج محمد زین العابدین کی زندگی کا پیغام لے کر آیا۔ اور مغرب کے بعد عشاء سے پہلے نومولود میری گود میں تھا۔ میرا وارث خاموش تھا اور میری ماں رو رہی تھی۔ اس شام میں نے خوشی کے آنسو دیکھے۔ بہت خوبصورت شام تھی۔ ساری عمر یاد رہنے والی شام۔ دوسری بوجھل صبح 22نومبرکی تھی۔ میں سستی سے بستر میں لیٹا تھا۔ نماز کا وقت گزرتا جا رہا تھا۔ اور مجھے اٹھنا عذاب لگ رہا تھا۔ کہ ابو کا فون آیا۔ بیٹا تمہاری پھپھو کا انتقال ہوگیا ہے۔ ہر وقت دعائیں دینے والی مجسم محبت پھپھو دنیا سے کنارہ کر گئی تھی۔ میرے چاہنے والوں میں ایک کی کمی ہوگئی۔ تیسری خوبصورت شام پھر 28 دسمبر کی تھی۔ جب میرا بھانجا اس دنیا میں آیا۔ میں جن سے محبت کرتا ہوں۔ ان میں ایک کا اضافہ ہوگیا۔ جبکہ باقی محبتیں ہنوز اپنی جگہ برقرار۔ اپنی ماں کی بات یاد آرہی ہے کہ محبتیں رزق کی طرح بڑھتی گھٹتی ہیں۔ شاید ہمیں ان میں کشادگی کی دعا مانگتے رہنا چاہیے۔

یہ سال میرے لیے صرف تین دن کا رہا۔ اس سال کے 362 دنوں کا میرے پاس کوئی حساب نہیں ہے۔ کیسے سورج طلوع ہوئے۔ غروب ہوئے۔ کتنی برساتیں برسیں۔ کچھ یاد نہیں۔ صرف تین دن ایسے ہیں جو میرے سامنے ہیں۔ مجھے یاد ہیں۔ بقیہ سب دن کہرے میں گم ہیں۔ بالکل اس سورج کی طرح جو مشرق سے طلوع تو ہو گیا ہے۔ لیکن کہرے میں گم ہے۔ اس طرح یہ سال کا ہندسہ بھی کہرے میں گم ہونے والا ہے۔ کل کے سورج طلوع ہونے کے ساتھ ہی کہرا اور گہرا ہوجائے گا۔ اور محض تین دن اپنا نشان برقرار رکھ کر مجھے یہ احساس دلائیں گے کہ یہ سال بھی کبھی زندگی میں آیا تھا۔
 
آخری تدوین:

محمداحمد

لائبریرین
واہ ۔۔۔۔۔!

کہتے ہیں اچھی تحریر دل سے نکلتی ہے اور دل میں پہنچ کر ہی گھر کرتی ہے۔

شاید ایسی ہی تحاریر کے بارے میں یہ بات کہی جاتی ہے۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
آپ کی حوصلہ افزائی ہی کا نتیجہ ہے کہ ہم ہر چیز آپ کے سامنے لا دھرتے ہیں۔۔۔۔ :)

واہ ۔۔۔ ۔۔!

کہتے ہیں اچھی تحریر دل سے نکلتی ہے اور دل میں پہنچ کر ہی گھر کرتی ہے۔

شاید ایسی ہی تحاریر کے بارے میں یہ بات کہی جاتی ہے۔
شکریہ احمد بھائی۔۔۔۔ :) چلیں کوئی نہیں شکریہ۔۔۔ یہ تو آپ کا فرض تھا۔۔۔ ویسے قیصرانی بھائی کا بھی فرض ہے۔۔۔ :D
 

محمداحمد

لائبریرین
آپ کی حوصلہ افزائی ہی کا نتیجہ ہے کہ ہم ہر چیز آپ کے سامنے لا دھرتے ہیں۔۔۔ ۔ :)


شکریہ احمد بھائی۔۔۔ ۔ :) چلیں کوئی نہیں شکریہ۔۔۔ یہ تو آپ کا فرض تھا۔۔۔ ویسے قیصرانی بھائی کا بھی فرض ہے۔۔۔ :D

آپ کا اعترافی بیان پڑھ کر ہم نے سوچا تھا کہ چلیے 10000 پوسٹ کی مبارکباد کی لڑی لگا دیں۔ لیکن وہاں پہنچے تو پتہ چلا کہ قیصرانی بھائی تو کب کے سبقت لے جا چکے ہیں ۔

بہرکیف یہ تہنیتی پیغام نہ پوسٹ کر سکنے کی اعلیٰ کارکردگی پر ہم نے اگلے سال کے لئے بھی کوچے میں دائمی سکونت کا مصمم ارادہ کر لیا ہے۔
 

عائشہ عزیز

لائبریرین
تحریر پڑھنے کے بعد
نینی بھیا آپ جب بھی لکھتے ہیں مجھے تبصرہ کرنے کے لیے کوئی لفظ سمجھ نہیں آتا
اس لیے ریٹنگ سے کام چلائیے (زبردست!!!!)
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
آپ کا اعترافی بیان پڑھ کر ہم نے سوچا تھا کہ چلیے 10000 پوسٹ کی مبارکباد کی لڑی لگا دیں۔ لیکن وہاں پہنچے تو پتہ چلا کہ قیصرانی بھائی تو کب کے سبقت لے جا چکے ہیں ۔

بہرکیف یہ تہنیتی پیغام نہ پوسٹ کر سکنے کی اعلیٰ کارکردگی پر ہم نے اگلے سال کے لئے بھی کوچے میں دائمی سکونت کا مصمم ارادہ کر لیا ہے۔
یعنی الفاظ آپ کو جو بھی تصویر سے ملیں۔۔۔ کوچہ میں آنا جانا رہے گا۔۔۔۔ :p
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
تحریر پوری پڑھنے سے پہلے
آج طلوع ہوتا سورج میں نے بھی دیکھا
یہ سال بھی گزر گیا۔۔یقین نہیں آتا
سال گزر گیا۔۔۔۔۔ لیکن اس سال میں زندگی کتنے لمحے رہی قابل غور ہے :)

تحریر پڑھنے کے بعد
نینی بھیا آپ جب بھی لکھتے ہیں مجھے تبصرہ کرنے کے لیے کوئی لفظ سمجھ نہیں آتا
اس لیے ریٹنگ سے کام چلائیے (زبردست!!!!)
گڑیا کا شکریہ :) یہ تو حسن ظن ہے گڑیا کا۔۔۔۔ :)
 

عمر سیف

محفلین
تحریر بلاگ پہ پڑھ لی تھی ۔۔ اچھا لکھا ۔۔۔
اس طرح دیکھا جائے تو میرا سال صرف ایک دن پہ محیط تھا ۔۔ 28 جنوری ۔۔۔ اس کے بعد سب ختم ۔۔۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
تحریر بلاگ پہ پڑھ لی تھی ۔۔ اچھا لکھا ۔۔۔
اس طرح دیکھا جائے تو میرا سال صرف ایک دن پہ محیط تھا ۔۔ 28 جنوری ۔۔۔ اس کے بعد سب ختم ۔۔۔
ذہن کی نگری سے وہ تمام واقعات کہرے کے پردے میں چھپ جاتے ہیں جو کہ معمولات کے مطابق ہوں۔ بس وہی رہ جاتا ہے جو روزمرہ کے معمولات سے الگ ہو۔ :)
آپ کی حوصلہ افزائی پر شکرگزار ہوں :)
 
Top