اردو محفل کے شعراء سے چند سوالات

محمد بلال اعظم

لائبریرین
السلام علیکم​
اردو محفل میں شعراء سے ایک نیا مکالمہ شروع کیا جا رہا ہے محفل کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر۔​
شعر کے فنی محاسن پہ اردو محفل میں کئی مکالمے موجود ہیں لیکن یہ دھاگہ صرف شعراء کے اب تک کے شعری سفر کے متعلق ہے۔​
امید ہے ان سوالات سے محفلین کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔​
شعراءکرام اپنی مصروفیت سے وقت نکال کر سوال نامے کے ہر سوال کا اقتباس لے کر اپنا بیان شامل کرسکیں گے۔​
یہ دھاگہ صرف شعراء کرام کے جوابات کے لئے ہے۔​
عام تبصرہ جات کے لئے یہ لڑی استعمال کریں۔​
امید ہے ہمیں آپ کی معاونت میسر آئے گی۔​
  1. شاعری کا شوق آپ کے اندر کہاں سے پیدا ہوا؟
  2. جب آپ نے لکھنا شروع کیا تھا اور پہلی چیز جو آپ نے لکھی تھی کیا وہ آپ کو یاد ہے؟
  3. اپنے شعری سفر کی ابتداء میں کن اساتذہ کرام سے اصلاح لی؟
  4. کیا مراحل طے کیے آغاز میں اور کس قسم کی مشکلات پیش آتی تھیں ؟
  5. کیا آپ کو شروع ہی سے ادیب اور شاعر بننے کا شوق تھا جیسے بچوں کو ہوتا ہے، ڈاکٹر اور انجینئر وغیرہ بننے کا؟
  6. کبھی آپ نے سوچا ہے کہ آپ کیوں لکھتے ہیں؟
  7. کیا کبھی ایسے بھی ہوا ہے کہ لگتا ہے کہ غزل ہو جائے گی لیکن مطلع سے آگے نہیں چل کر دیتی؟
  8. کوئی ایسی نظم یا غزل بھی ہے ، جو پوری طرح آپ آشکار ہو گئی ہو لیکن آپ لکھنے نہ بیٹھے ہوں اور پھر وہ نظم یا غزل نہ ہوئی ہو اور رہ کر آپ کو اس کا خیال آتا ہو؟
  9. اب آپ کس شاعر اور ادیب کو زیادہ پڑھتے ہیں؟
  10. آپ کی نظر میں میعاری شاعری کیا ہے؟
  11. اردو کے ساتھ اپنے تعلق کو کیسے بیان کریں گے؟
  12. آپ کے پسندیدہ شاعر اور ادیب؟
  13. آپ اپنے اب تک کے سفر اور کام کے بارے میں کیا سوچتے ہیں، کیا زندگی ایسے ہی گزارنا چاہتے تھے جیسی آپ نے گزاری ہے؟
  14. آپ کی نظر میں آج کے دور میں کون زیادہ اچھا لکھ رہا ہے؟
  15. نئے لکھنے والوں کو کیا پیغام دیں گے؟
  16. زمانہ طالب علمی کے اگر کچھ اشعار آپ کو یاد ہوں تو سنائیں؟
  17. آپ کی تازہ تخلیق؟
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
انسلاکیہ:

محترم الف عین اعجاز عبید صاحب ، محترم محمد یعقوب آسی صاحب ، محمد خلیل الرحمٰن صاحب، محترم محمد وارث صاحب، محترم م۔ م۔ مغل ( مغزل)صاحب، محترم فاتح الدین بشیرصاحب، محترم طارق شاہ صاحب محترم فرخ منظورصاحب، محترمہ غزل ناز غزل صاحبہ، محترم محمد احمد بھائی، محترم سعود عالم ( ابن سعید) بھائی، محترم خرم شہزاد خرم بھائی، محترم محمد اظہر نذیر بھائی، محترم سید ذیشان بھائی، محترم عمران شناور صاحب، محترم مزمل شیخ بسمل بھائی، محترم مہدی نقوی حجاز بھائی، محترم شاہد شاہنواز بھائی،
منیب احمد فاتح بھائی، محمد اسامہ سَرسَری بھائی، شوکت پرویز بھائی، محترم نایاب صاحب
 
  • شاعری کا شوق آپ کے اندر کہاں سے پیدا ہوا؟
  • ’’کہاں سے‘‘ ۔۔۔ مشکل سوال ہے صاحب! اتنا یاد ہے کہ میری والدہ اسلامی کتب (پنجابی شاعری) پڑھا کرتی تھیں، رات کو گھر کے سب کام کاج نمٹا کر وہ کوئی کتاب کھول لیتیں اور اپنے طور پر لے میں پڑھا کرتیں۔ میں تو سنتے سنتے سو جاتا، دوسرے بہن بھائی کب تک جاگتے، مجھے نہیں معلوم۔
  • جب آپ نے لکھنا شروع کیا تھا اور پہلی چیز جو آپ نے لکھی تھی کیا وہ آپ کو یاد ہے؟
  • شاید نویں یا دسویں جماعت کی بات ہے۔ میرا ایک ہم جماعت تھا: عبدالخالق قمر، وہ اور میں مل کر تک بندیاں کیا کرتے۔ ہم نے ایک مشترکہ ۔۔ ہاں اسے مشترکہ ہی کہیں گے ۔۔ نظم لکھی تھی ’’برسات کا موسم‘‘ عنوان کے سوا کچھ یاد نہیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ نصاب میں شامل نظمیں ہمیشہ وزن میں پڑھا کرتا تھا، اس کو جو نام بھی دے لیجئے۔ ڈاکٹر رؤف امیر موحوم اس کو ’’شعری وجدان‘‘ کہا کرتے تھے۔
  • اپنے شعری سفر کی ابتداء میں کن اساتذہ کرام سے اصلاح لی؟
  • رسمی طور پر کوئی نہیں۔ تاہم حلقہ تخلیقِ ادب ٹیکسلا سے منسلک ہونے کے بعد اپنے ہم قلم دوستوں ہی سے سب کچھ سیکھا۔ یا پھر جو کچھ مختلف اوقات میں پڑھ لیا، اس سے سیکھا یعنی کتابوں سے۔
  • کیا مراحل طے کیے آغاز میں اور کس قسم کی مشکلات پیش آتی تھیں ؟
  • کوئی خاص مشکل (سیکھنے سکھانے کے عمل میں) کوئی نہیں آئی۔ ابتدا اسی ’’بے وزنی‘‘ سے ہوئی تاہم ’’خود تنقیدی‘‘ کا رویہ بہت کام آیا اور بہت جلد نومشقوں کی فہرست سے نکل گیا۔
  • کیا آپ کو شروع ہی سے ادیب اور شاعر بننے کا شوق تھا جیسے بچوں کو ہوتا ہے، ڈاکٹر اور انجینئر وغیرہ بننے کا؟
  • سچی بات ہے کبھی سوچا نہیں تھا۔ ایک جوہر جو قدرت نے ودیعت کر دیا ہے، 1971 کے سانحے پر اپنا کام دکھا گیا۔ ایک نظم، ایک کہانی، اور ایک ’’خط‘‘ (تینوں پنجابی میں) 1972 میں لکھیں اور اس وقت ’’ماہنامہ پنجابی زبان‘‘ لاہور میں شائع ہوئیں۔ ڈاکٹر رشید انور مرحوم مدیر تھے۔
    (ع: جنگ کھیڈ نہیں ہوندی زنانیاں دی)​

  • کبھی آپ نے سوچا ہے کہ آپ کیوں لکھتے ہیں؟
  • لکھتا ہوں بس! لکھنا چاہوں تو بہت کم لکھ پاتا ہوں، اور لکھنے پہ آؤں تو ایک ایک دن میں تین تین غزلیں بھی کہیں۔ اب تو برسوں تک ایک ایک شعر کا انتظار کرنا پڑتا ہے جیسے کہیں سے نازل ہو گا، تو دوستوں کو سنا دیں گے۔ عبدالحمید عدم تو تین دن میں ستر اسی غزلیں کہہ جاتے تھے۔
  • کیا کبھی ایسے بھی ہوا ہے کہ لگتا ہے کہ غزل ہو جائے گی لیکن مطلع سے آگے نہیں چل کر دیتی؟
  • مطلع تو دور کی بات ہے بھائی! ایک اکیلا شعر جو جب کہا تب بھی اکیلا تھا اب تک اکیلا ہے۔ ایسے کئی شعر ہیں اپنے پاس!
  • کوئی ایسی نظم یا غزل بھی ہے ، جو پوری طرح آپ آشکار ہو گئی ہو لیکن آپ لکھنے نہ بیٹھے ہوں اور پھر وہ نظم یا غزل نہ ہوئی ہو اور رہ کر آپ کو اس کا خیال آتا ہو؟
  • معذرت خواہ ہوں، آپ کا سوال سمجھ نہیں پایا۔ یہاں تو بہ ظاہر آورد ہی آورد ہے، لفظ جوڑ کے شعر ’’بنا‘‘ بھی لیتا ہوں۔
  • اب آپ کس شاعر اور ادیب کو زیادہ پڑھتے ہیں؟
  • اب تو مطالعہ بکھر گیا، جو کتاب اچھی لگ جائے اور بسا اوقات جو اچھی نہ لگے وہ بھی۔ یا پھر کوئی دوست فرمائش کر دیتے ہیں کہ اُن کی کتاب پر کچھ لکھوں، اسے تو ظاہر ہے پڑھنا پڑے گا۔
  • آپ کی نظر میں میعاری شاعری کیا ہے؟
  • اس پر بہت تفصیلی بات شاعری اور اسلوب کے حوالے سے ہو چکی، یہیں اسی فورم پر موجود ہے۔ اس سوال کا جواب ایک دو جملوں میں ممکن نہیں۔
  • اردو کے ساتھ اپنے تعلق کو کیسے بیان کریں گے؟
  • انور مسعود نے بہت عمدہ بات کی ہے:
ہاں مجھے اردو ہے پنجابی سے بھی بڑھ کر عزیز​
شکر ہے انور مری سوچیں علاقائی نہیں​

  • آپ کے پسندیدہ شاعر اور ادیب؟
  • اقبال! سب سے نمایاں ہے، پھر اساتذہ ہیں، پھر میرے اپنے ارد گرد کے دوست ہیں۔ ویسے میرا مطالعہ کم کم ہی ہے۔
  • آپ اپنے اب تک کے سفر اور کام کے بارے میں کیا سوچتے ہیں، کیا زندگی ایسے ہی گزارنا چاہتے تھے جیسی آپ نے گزاری ہے؟
  • ادب کی بات کر رہے ہیں یا عام زندگی کی۔ ادب میں تو میں مطمئن ہوں، جو کر سکا ہوں خلوص کے ساتھ کیا ہے، اور جو نہیں کر سکا وہ شاید میرے لئے تھا ہی نہیں۔ کچھ کام کیا ہوا ہے، کسی طور شائع ہو جاتا تو لوگوں کو یاد رہ جاتا! جو اللہ کو منظور۔ اگر آپ کا سوال عام زندگی کے بارے میں ہے تو اس کا مختصر ترین جواب یہ ہے کہ ’’اللہ کا شکر ادا کرنے سے قاصر ہوں‘‘۔
  • آپ کی نظر میں آج کے دور میں کون زیادہ اچھا لکھ رہا ہے؟
  • یہ انفارمیشن بلاسٹ کا دور ہے، اور ادب اس مقدار میں سامنے آ رہا ہے کہ اس کو ٹھیک طور پر پڑھنا بھی مشکل ہے، کوئی رائے اور وہ بھی پورے دور کے تقابل کے ساتھ؟ ناممکن!!
  • نئے لکھنے والوں کو کیا پیغام دیں گے؟
  • دو تین باتیں مختصر مختصر۔ (1) اپنے ساتھ، اپنے نظریات کے ساتھ، اور اپنے ملک و ملت کے ساتھ مخلص رہیں اور اپنی فکری ترجیحات کے خلاف مت لکھیں، وہ سب بناوٹی ہو گا۔ (2) نہ خود اپنے ساتھ جھوٹ بولیں نہ دوسروں کے ساتھ۔ (3) اپنے خیالات کو ابتذال سے بچائیں، نہیں تو ضائع ہو جائیں گے۔ (4) روایت کا احترام کریں، اور زبان کی اصل کو تسلیم کریں۔ (5) بے لوث محنت کریں، جلدی جلدی مشہور ہونے کی تمنا پوری ہو بھی جائے تو اس کا نتیجہ جلدی فراموش ہو جانا ہوتا ہے۔
  • زمانہ طالب علمی کے اگر کچھ اشعار آپ کو یاد ہوں تو سنائیں؟
  • کوئی بھی نہیں۔ اور اپنا طالب علمی کا زمانہ بھی کیا تھا۔ ’’دَہ جماعت پاس، ڈریکٹ حولدار‘‘ اور اس کے دس سال بعد تک کسی نہ کسی طور دو حرف پڑھ لئے وہ بھی الٹے (اے بی نہیں، بی اے!)۔ بس!
  • آپ کی تازہ تخلیق؟
  • ابھی پچھلے دنوں جو سلسلہ چلا تھا، کہ شعراء ایک دوجے کو ملا اور حاجی کہیں۔ اس میں کچھ کہا ہے، متعلقہ دھاگا دیکھ لیجئے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔ اور ہاں!
دعاؤں میں یاد رکھئے گا۔ اللہ جزا دے۔
 
Top