"ب" سے بچ کر رہنا

"ب" سے بچ کر رہنا
سید خرم ریاض
یہ نجومی لوگ بھی بڑے عجیب ہوتے ہیں۔ بعض اوقات ایسی بات کہہ جاتے ہیں کہ اس سے دوسروں کی زندگی خراب ہوجاتی ہے۔
ہمارے گھر کے کچھ دور ایک نجومی صاحب نے ڈیرا جما رکھا تھا۔ ایک روز میں نے سوچا کہ ان سے اپنے مستقبل کے بارے میں پوچھنا چاہیے۔ چنانچہ میں ان کے پاس گیا۔ انہوں نے میرا ہاتھ دیکھا اور فرمانے لگے، "زندگی میں ہمیشہ "ب" سے بچ کر رہنا۔ مطلب یہ کہ اگر تمہیں زندگی پیاری ہے تو "ب" سے شروع ہونے والی چیزوں سے بچنا۔"
یہ سن کر میرا سر چکرانے لگا اور پہلی دفعہ دن میں تارے نظر آنے کا مطلب سمجھ آیا۔
میں وہاں سے کسی نہ کسی طرح اٹھا اور گھر آ کر "بستر" کے بجائے فرش پر لیٹ گیا۔ امّی نے دیکھا تو کہا، "بیٹا! کیا ہوا؟"
"کچھ نہیں امّی! وہ ذرا سر چکرا رہا ہے اور ہاں برائے مہربانی مجھے بیٹا نہ کہیے گا۔"
"لیکن کیوں؟ کیا تم میرے بیٹے نہیں ہو؟" امّی نے حیرت سے کہا۔
"ہوں تو، لیکن مجھے لڑکا کہیے۔" میں نے ہاتھ جوڑتے ہوے کہا۔ ابھی میری اور امّی کی یہ گفتگو ہو رہی تھی کہ باجی کالج سے آ گئیں۔ ان کا موڈ خراب تھا۔ مجھے دیکھتے ہی برس پڑیں، "ارے! یہ تم فرش پر کیوں لیٹے ہو؟"
"بس آپا! ذرا گرمی لگ رہی تھی۔" میں نے بہانہ بنایا۔
"ایں! اسے کیا ہوگیا؟ یہ مجھے باجی سے آپا کہہ رہا ہے؟" انہوں نے غصے سے کہا۔
بہرحال، میں اٹھ کر کھڑا ہو گیا، کیوں کہ "بیٹھنا" تو میرے نصیب میں نہ تھا۔ پھر امّی سے پوچھا، "امّی! آج کیا پکایا ہے؟"
انہوں نے کہا، "بھنڈی اور بکرے کا گوشت۔"
یہ سن کر مجھے رونا آ گیا۔ "ب" والی چیز کھانا تو دور کی بات، میں انہیں دیکھ بھی نہیں سکتا تھا۔ خیر جناب! میں ہوٹل میں آ گیا اور دو سموسوں کا آرڈر دیا۔ بیرا سموسے رکھ کر چلا گیا۔ میرے ساتھ میز پر بیٹھا ایک شخص "برفی" کھا رہا تھا۔ اسے دیکھ کر میرا دماغ خراب ہو گیا اور میں وہاں سے اٹھ کر چلا آیا۔
مہینے کی "بارہ" "بیس" اور "بائیس" تاریخیں میرے لیے منحوس تھیں۔ دن میں جب بھی "بارہ" بجتے دل میں ایک ہول سا اٹھنے لگتا۔ "بادام" کی آئس کریم تو میری جان کی دشمن ہو گئی۔ ہفتے میں "بدھ" کے دن محتاط رہنا پڑتا کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ جائے۔ کتابوں کو اب "بستے" کے بجائے ہاتھوں میں لے جانے لگا۔ اب تو "بس" میں جاتے ہوئے ڈر لگتا تھا۔ روز پیدل ہی اسکول جاتا تھا۔
سر کے "بال" جو مجھے بےحد عزیز تھے ناچار منڈوانے پڑے۔ کچھ دن پہلے ابّو نے ایک "بیکری" خریدی تھی۔ شام کے وقت وہاں بیٹھتا تھا، لیکن اب میں نے ابّو سے صاف کہہ دیا کہ مجھے معاف کر دیں، میں بیکری پر نہیں بیٹھ سکتا۔
"بقر عید" کے دنوں میں ہر طرف "بکروں" کو دیکھ کر مجھے سانس اوپر نیچے ہوتا محسوس ہوا۔ "بلال" اور "باسط" جیسے دوستوں سے دوستی چھوڑنی پڑی۔ کوئی "باتونی" شخص آ جاتا تو گھبراہٹ سی ہونے لگتی اور دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی۔ "برسات" جیسے موسم سے الجھن ہونے لگتی۔ "بارش" سے اب جان کے لالے پڑ گئے۔ "بلّی" بھی جان کی دشمن ہو گئی۔
انہی دنوں میرے دوست "بابر" کی شادی تھی۔ لازمی بات ہے "برات" بھی جانی تھی اور وہ بھی "بہاول پور"۔ ابّو نے کہا، "بیٹا! تم بہت دنوں سے کہیں نہیں گئے۔ "بابر" تمہارا دوست بھی ہے۔ چلے جاؤ۔"
اب میں ابّو کو کیا بتاتا کہ وہاں تو اتنی سارے "ب" جمع ہیں۔ بھلا آپ ہی بتائیے کہ اتنی بہت سی "ب" کے درمیان میں میں زندہ رہ سکتا تھا۔
"بدھ" کے روز امّی نے "بکرے" کی "بریانی" پکائی۔ "بریانی" دیکھ کر منہ میں پانی بھر آیا، کیوں کہ بریانی مجھے بہت پسند ہے۔ اب تو مجھ سے رہا نہیں گیا۔ نجومی کو جا کر گردن سے پکڑ لیا کہ یہ تم نے کیسی مصیبت میں پھنسا دیا ہے۔ اس نے کہا، "ارے بھئی! غلطی ہو گئی۔ تمہارے ستارے کہتے ہیں "ن" سے پرہیز کرنا ہے۔
اب آپ بتائیے میں کیا کروں۔۔۔
٭٭٭​
 

قرۃالعین اعوان

لائبریرین
بہت ہی مزہ آیا تھا یہ تحریر پڑھ کر ہم کزنز نے پھر بہت بار اس طرح کے کھیل کھیلے کہ اب اتنی دیر میں تم نے ب استعمال نہیں کرنا یا فلاں حرف استعمال نہیں کرنا
آج یہ ایک بار پڑھ کر پھر :heehee: وہی سب یاد آگیا
 
بہت خوب!
جب اس نے ن سے پرہیز کرنے کا کہا تو سب سے پہلے اس کی ”ناک“ کاٹنی چاہیے تھی، پھر اس ”نالائق“ کو اتنا مارنا تھا کہ وہ آیندہ خود کو ”نجومی“ کہنا ہی بھول جاتا۔
نامرادا۔۔۔۔!
ظاہر ہے اگر اس کی جگہ آپ نجومی سے ملتے تو کیا آپ نیلم نبیل نایاب ناعمہ عزیز نیرنگ خیال نگار ف نکتہ ور نوید ظفر کیانی نوید صادق نمرہ نوآموز ندیم عامر نازنین ناز ناز پری وغیرہ سے بات چیت ترک کردیتے کیا؟
 

مہ جبین

محفلین
بہت خوب!
جب اس نے ن سے پرہیز کرنے کا کہا تو سب سے پہلے اس کی ”ناک“ کاٹنی چاہیے تھی، پھر اس ”نالائق“ کو اتنا مارنا تھا کہ وہ آیندہ خود کو ”نجومی“ کہنا ہی بھول جاتا۔
نامرادا۔۔۔ ۔!
ظاہر ہے اگر اس کی جگہ آپ نجومی سے ملتے تو کیا آپ نیلم نبیل نایاب ناعمہ عزیز نیرنگ خیال نگار ف نکتہ ور نوید ظفر کیانی نوید صادق نمرہ نوآموز ندیم عامر نازنین ناز ناز پری وغیرہ سے بات چیت ترک کردیتے کیا؟

:laugh::laugh::laugh:
 

نکتہ ور

محفلین
بہت خوب۔
میں "س" سے دور بھاگتا ہوں
سکر کا سربت سیسم کے سجر کے سائے میں فرس پر نسست فرما کر سام سات بجے نوس کیا۔
 

شمشاد

لائبریرین
اردو میں ہی لکھا ہوا ہے۔ تم ایسا کرو کہ بہت ساری سینوں پر تین تین نقطے ڈال کر شینیں بنا لو۔ مثلاً سکر کو شکر، سربت کو شربت وغیرہ کر لو۔
 
Top