اللہ کی رحمت اتری ہےسارے گھر میں چھائی خوشیاں

باسم

محفلین
خلیری بہن کی پیدائش پر
اللہ کی رحمت اتری ہےسارے گھر میں چھائی خوشیاں​
گڑیا جیسی پیاری مُنّی دامن بھر کے لائی خوشیاں​
بھیّا کی بہنا آئی ہے سب کا منہ میٹھا کرواؤ​
ننھی جان کا صدقہ دے دیں دادی اماں کو بلواؤ​
چھوٹی چھوٹی اس کی آنکھیں ننھے ننھے اسکے پاؤں​
نانی اماں یہ کہتی ہیں میں تو اس پہ واری جاؤں​
گال اس کے امی جیسے ہیں ناک اس کی ابو جیسی ہے​
ہونٹوں سے پھپھو لگتی ہے پیشانی ماموں جیسی ہے​
سنجیدہ ہو دادا لگتی جب ہنستی نانا لگتی ہے​
گول مٹول سے چہرے میں اک چھوٹی سی دنیا بستی ہے​
چچا جان کھلونے لائے خالہ نے کپڑے بھیجے ہیں​
پیار کے سب انداز نرالے اللہ نے ہم کو بخشے ہیں​
یقیناً اصلاح کی بہت گنجائش ہے​
 

نایاب

لائبریرین
اصلاح بارے تو " مصلح " ہی جانیں ۔
بہت بہترین نظم لگی مجھے تو
خلیری بہنا کو ڈھیروں دعائیں ۔ اللہ سدا اپنی امان میں رکھے آمین
 

الف عین

لائبریرین
مبارک ہو چاہے دو سال بعد سہی۔
کیا واقعی اصلاح درکار ہے؟ ویسے تکنیکی طور پر اس میں دو بحور مل گئی ہیں
مفعول مفاعیلن فعلن۔۔ دو بار
اور فعلن فعلن یا فعل فعولن۔۔ چار بار
 
مبارک ہو چاہے دو سال بعد سہی۔
کیا واقعی اصلاح درکار ہے؟ ویسے تکنیکی طور پر اس میں دو بحور مل گئی ہیں
مفعول مفاعیلن فعلن۔۔ دو بار
اور فعلن فعلن یا فعل فعولن۔۔ چار بار
استاد جی کا اشارہ شاید پہلے مصرعے میں اللہ کی رحمت پر ہے۔ جسے لکھنے واکا اللَ کی رحمت کہہ گیا ہے شاید۔ :)
 
مفعول سے تقطیع کرو تو یہ مکمل ’اللاہ‘ تقطیع ہوتا ہے۔ اس میں کوئی غلطی نظر نہیں آئی مجھے۔

استاد جی اگر دو بحریں مل گئیں ہیں تو یہ جائز کیوں ہوا؟
میری ناقص عقل کے مطابق متقارب اور متدارک مل گئیں ہیں اس میں. جو جائز نہیں شاید.
اور مجھے تو ایسی کوئی مثال بھی کبھی نہیں ملی اساتذہ کے کلام میں.
 

محمد وارث

لائبریرین
یہ فعلن آٹھ بار ہے، اور جہاں ضروری سمجھا خفیف کو ثقیل میں توڑا گیا ہے۔ میری نظر میں بھی وزن کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
 
یہ فعلن آٹھ بار ہے، اور جہاں ضروری سمجھا خفیف کو ثقیل میں توڑا گیا ہے۔ میری نظر میں بھی وزن کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

گستاخی معاف وارث بھائی!!!

اللہ کی رحمت اتری ہےسارے گھر میں چھائی خوشیاں

ننھی جان کا صدقہ دے دیں دادی اماں کو بلواؤ

میری ناقص معلومات کے مطابق:
ان دونوں مصرعوں میں کوئی ایک صحیح ہوسکتا ہے۔ اگر پہلے کو صحیح مانیں تو فعِلن آجائے گا اور دوسرا مصرع جس میں فعل فعولن ہے وہ بے وزن رہے گا۔
یا دوسرے کو ٹھیک مان لیں تو فعِلن پہلے مصرعے میں غلط ہوگا۔
ان دونوں اوزان کا اجتماع کیونکر جائز ہے؟
(ہر بار کی طرح صرف سوال ۔۔انکار نہیں)
 
Top