یہ کرم ہے تیرے فراق کا، کہ جواں ہیں میری یہ خَلوتیں۔۔۔برائے تنقید و اصلاح

اسد قریشی

محفلین
یہ کرم ہے تیرے فراق کا، کہ جواں ہیں میری یہ خَلوتیں
مری دھڑکنوں میں جو سوز ہے، یہ ہیں مجھ پہ تری عِنایتیں
تجھے احِتراز ہے ہست سے، مجھے بُود کی ہیں مشقّتیں
یہ ہی ہست و بود میان میں مرے عشق کی ہیں رکاوٹیں
جو شرابِ دِید کی چاہ میں ہوا اَنگ اَنگ یہ طُور ہے
یہ فِشار خون کہیں جسے تری دِید کی ہیں یہ کُلفتیں
مجھے کب فَنا سے گُریز ہے، یہاں لمحہ لمحہ عذاب ہے
میں ہوں منتظر ترے حکم کا، کہ نصیب ہوں مجھے قُربتیں
تری بے قراریاں، کلفتیں، کسی طور مجھ سے چُھپی نہیں
ابھی جھیلنا ہیں اسد تجھے یہ زماں مکان کی وَحشتیں
 
یہ کرم ہے تیرے فراق کا، کہ جواں ہیں میری یہ خَلوتیں
مری دھڑکنوں میں جو سوز ہے، یہ ہیں مجھ پہ تری عِنایتیں
تجھے احِتراز ہے ہست سے، مجھے بُود کی ہیں مشقّتیں
یہ ہی ہست و بود میان میں مرے عشق کی ہیں رکاوٹیں
جو شراب دید کی چاہ میں ہوا انگ انگ یہ طُور ہے
یہ فِشار خون کہیں جسے تری دید کی ہیں یہ کُلفتیں
مجھے کب فَنا سے گریز ہے، یہاں لمحہ لمحہ عذاب ہے
میں ہوں منتظر ترے حکم کا، کہ نصیب ہوں مجھے قُربتیں
تری بے قراریاں، کلفتیں، کسی طور مجھ سے چُھپی نہیں
ابھی جھیلنا ہیں اسد تجھے یہ زماں مکان کی وَحشتیں

اچھی غزل ہے۔ مگر رکاوٹیں قافیہ درست نہیں۔
 
باباجی

محفلین
واہ بہت خوب اسد بھائی

یہ کرم ہے تیرے فراق کا، کہ جواں ہیں میری یہ خَلوتیں
مری دھڑکنوں میں جو سوز ہے، یہ ہیں مجھ پہ تری عِنایتیں
 
الف عین

لائبریرین
درست ہے غزل، ٹائپو کی ایک آدھ غلطی ہے شاید جیسے مطلع میں ’تیری عنایتیں‘ کا محل ہے۔ یہ ہی ہست و بود، ’یہی ہست و بود‘ ہونا تھا۔ بس مجھے ایک ہی اعتراض ہے، وہ بھی بہت اہم نہیں۔ کہ محاورے میں زیادہ تر پہلے لفظ کو مکمل کہا جاتا ہے، اور دوسرے میں تٍخصیر روا رکھی جاتی ہے۔ زمان و مکاں تو درست ہے، لیکن زماں مکان کچھ اٹ پتا سا لگ رہا ہے۔
 
شاہد شاہنواز

لائبریرین
غزل کو ٹھیک کہہ دیا گیا ہے استاد محترم کی جانب سے تو میری بات کا ذکر کیا؟ لیکن یہ صرف ایک ابہام ہے جس سے میں بھی سیکھ سکوں گا ۔۔

یہ کرم ہے تیرے فراق کا، کہ جواں ہیں میری یہ خَلوتیں
مری دھڑکنوں میں جو سوز ہے، یہ ہیں مجھ پہ تری عِنایتیں
÷÷ یہ دو بار ہوگیا، غلط نہیں ہے، لیکن دور ہوسکتا ہے:​
یہ کرم ہے تیرے فراق کا کہ جوان ہیں مری خلوتیں​
÷÷دوسرے مصرعے میں سوز واحد ہے، عنایتیں جمع ، کیا یہ اجتماع درست ہے؟، تری کی جگہ تیری تو خیر ٹائپو ہے۔
 
اسد قریشی

محفلین
اعجاز صاحب اگر مصرعہِ ثانی یوں کر دیا جائے

ابھی جھیلنا ہیں اسد تُجھے یہ زماں مکاں کی ہی وحشتیں۔

تو کیا یہ اٹ پٹا پن ختم ہو سکتا ہے ؟
 
الف عین

لائبریرین
اعجاز صاحب اگر مصرعہِ ثانی یوں کر دیا جائے

ابھی جھیلنا ہیں اسد تُجھے یہ زماں مکاں کی ہی وحشتیں۔

تو کیا یہ اٹ پٹا پن ختم ہو سکتا ہے ؟
درست تو زمان و مکاں ہی ہے، باقی کسی دوسری صورت میں اجنبیت تو باقی رہے گی۔ زماں مکان ہی رہنے دو۔ یہاں ’ہی‘ بھرتی کا لگ رہا ہے۔
 
Top