یوں تو میں شام سے کچھ پہلے ہی گھر جاتا ہوں - پرویز اختر

فرخ منظور

لائبریرین
یوں تو میں شام سے کچھ پہلے ہی گھر جاتا ہوں
گھر میں ہوتے ہوئے پر جانے کدھر جاتا ہوں

میرے بچّوں کے تحفظ کی ضمانت جو نہیں
نام قاتل کا بتاتے ہوئے ڈر جاتا ہوں

میری اُ نگلی نہیں پکڑے ہوئے کوئی پھرکیوں
میں کھلونوں کی دکانوں پہ ٹھہر جاتا ہوں

مجھ سے رسماً بھی کوئی بات نہیں کرتا ہے
خالی ہاتھوں سے اگر لوٹ کے گھر جاتا ہوں

موت اور نیند میں کچھ فرق نہیں ہے پرویز
صبح جی اُٹھتا ہوں اور رات کو مر جاتا ہوں
 

محسن حجازی

محفلین
بہت ہی اعلی! لاجواب! ایسا لہجہ بشیر بدر کے ہاں ہے تو سہی لیکن یہاں تو انتہا ہی ہو گئی
کیا کہنے!
ان صاحب کا کوئی تعارف؟
 

زینب

محفلین
میری اُ نگلی نہیں پکڑے ہوئے کوئی پھرکیوں
میں کھلونوں کی دکانوں پہ ٹھہر جاتا ہوں


بہت‌خوب
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت ہی اعلی! لاجواب! ایسا لہجہ بشیر بدر کے ہاں ہے تو سہی لیکن یہاں تو انتہا ہی ہو گئی
کیا کہنے!
ان صاحب کا کوئی تعارف؟

بہت شکریہ محسن بھائی، کسی اور غزل میں بتایا تھا کہ پرویز اختر صاحب سعودی عرب میں رہتے تھے اور نوید صادق صاحب کے دوست تھے - کچھ عرصہ ہوا ان کا انتقال ہوچکا ہے ان کی کتاب "سائبان ہاتھوں کا" اعجاز صاحب کی کتابوں کی سائٹ سے ڈاون لوڈ کی جا سکتی ہے -
 

محمد وارث

لائبریرین
موت اور نیند میں کچھ فرق نہیں ہے پرویز
صبح جی اُٹھتا ہوں اور رات کو مر جاتا ہوں


ایسے شعر کا خالق نہیں مر سکتا!

شکریہ فرخ صاحب۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
موت اور نیند میں کچھ فرق نہیں ہے پرویز
صبح جی اُٹھتا ہوں اور رات کو مر جاتا ہوں


ایسے شعر کا خالق نہیں مر سکتا!

شکریہ فرخ صاحب۔

بالکل درست فرمایا وارث صاحب! اسی لئے تو مرنے کے بعد پھر سے یہاں جی اٹھے ہیں - :)‌ بہت شکریہ قبلہ!
 
Top