محفل کو لانچ کرنے والوں کا نقطہ نظر شاید یہ تھا کہ جدید دنیا سےاردو کو ہم آہنگ کرنے کے لیے سافٹ وئیر ٹولز بنائے جائیں یا ایکسپلور کیے جائیں اور اردو سے محبت رکھنے والوں کو ان سےمتعارف کرایا جائے۔ شاید وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا مقصد پورا ہوچکا ہے اس لیے اب محفل کی ضرورت نہیں رہی۔میرا خیال ہے کہ ایسا نہیں ہے۔ جدید دنیامیں ہر نیادن ایک نئی جہت کےساتھ طلوع ہو رہا ہے۔اور مستقبل اپنے ساتھ کیا کیا چیلنجز لے کر آتا ہے اس کا آج اندازہ کرنا بہت مشکل ہے۔ ہر آنے والے دن میں نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ اردو اور اردو بولنے والوں کو ہم آہنگ کرنا اس کی ضرورت آنے والے وقت میں بھی رہے گی۔
یہ تو تھا محفل کو وجود میں لانے والوں کا نقطہ نظر لیکن محفلین اردو محفل کے حوالے سےاور بھی بہت کچھ سوچتے ہیں :
1- محفل موجودہ افراتفری کے دور میں ایک سنجیدہ پلیٹ فارم ہے جہاں گلوب کے مختلف حصوں میں رہنے والوں کو اردو کے حوالے سے ایک دوسرے سے ملنے کا موقع ملتا ہے۔مختلف موضوعات پر بات چیت ہوتی ہے ۔مثبت بحث و مباحثہ ہوتا ہے۔ ایک دوسرے کا نقطہ نظر سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔
2-محفل اردو سے محبت رکھنے والے طالب علموں کے لیے درس گاہ ہے جہاں نثر نگاری اور شعروشاعری پر اساتذہ کرام دستیاب ہوتے ہیں اور اردو کے نام پر فی سبیل اللہ راہنمائی کرتے ہیں۔
3-غرض کہ نیٹ پر دستیاب دوسرے بہت سے پلیٹ فارمز سے اکتا کر اردو سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک گوشہ عافیت و سکون کا نام محفل ہے۔
اس لیے منتظمین سے گذارش ہے کہ اسے بند کرنے کا حتمی فیصلی لینے سے پہلے ایک دفعہ نظر ثانی ضرور کریں۔
مختلف لڑیوں میں محفلین کی طرف سے دی گئی تجاویز محفل کو چلانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
اگر واقعی محفل بند ہونے جارہی ہے۔ تو بند ہونے سے پہلے کچھ ہستیوں کا تہہ دل سے شکریہ مجھ پر واجب ہے۔ میں نےشاعری کے حوالے سے محفل کے اساتذہ سے بہت زیادہ استفادہ کیا ہے۔ میں جب شاعری پوسٹ کرتا تھا تو شروع میں یہ درج کرتا تھا
محترم اساتذہ کرام سے اصلاح کی درخواست ہے-
الف عین ،
ظہیراحمدظہیر ،
سید عاطف علی ،
محمد احسن سمیع راحلؔ ،
یاسر شاہ
میں ان تمام اساتذہ کا خاص طور پر جناب @الف عین صاحب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میرے جہالت پر مبنی سوالوں کا انہوں نے ہمیشہ شفقت سے جواب دیا اور میری راہنمائی کرتے رہے۔
محفل کے حوالے سے یہی میری
آخری خواہش ہے۔