احمد بھائی ۔ میں ان سے بارہا یہی التماس کر چکا ہوں کہ دھاگے کے موضوع پر رہا کریں، یہ لطیفوں کے دھاگے پر بھی ہائے ہائے اسلام پاکستان اور سخن کی پوسٹوں پر بھی اپنا مغرب پسندی کا رونا رونے بیٹھ جاتے ہیں۔ یہ ایک الگ سے دھاگہ کھولیں، بسم اللہ میں ان کے ساتھ پر امن با ادب بحث کیلیے تیار ہوں، تاکہ میرے تمام محفلین بھائیوں کو بھی ان کے انٹی پاکستان اور پرو مغرب علم کی بلندیوں اور گھاٹیوں کا اندازہ ہو جائے۔
بہت سی لڑیوں میں کئی بار نہ جانے کن کن موضوعات پر بحث و تکرار ہو چکی ہیں۔ خود ہم بھی دو دو دن تک جھک مارتے رہے اور پورے ہفتے طبیعت اُکھڑی رہی۔ بہت سے لوگ بھاگ بھی گئے۔ ہم بھی کئی بار بیزار ہوئے، کئی کئی دن محفل میں جھانکا تک نہیں۔ لیکن سب بے کار۔
محفل میں آج تک جتنی بھی بحث و مباحثے ہوئے ہیں اُن سے آج تک ایک بھی شخص قائل نہیں ہوا۔ سب بے سود اور سب لا حاصل۔
محفل میں نہ تو عارف کریم یہودیوں کی طرف سے جہاد کے لئے بھیجے گئے ہیں اور نہ ہی ہم لڑائی پر معمور ہیں۔ ہم نے تو بقائے باہمی (Co-Existence) کی خاطر بہت سی باتوں کا نظر انداز کرنا سیکھ لیا ہے اب عارف بھائی اور دیگر دوستوں کو بھی یہ چیز سیکھنا ہوگی۔
بہت آسان ہے کہ محفل پر لعنت بھیج کر انسان چلا جائے، مگر ان چھوٹی چھوٹی باتوں کی وجہ سے ایک اتنی اچھی محفل کو کھو دینا مناسب نہیں ہے۔
تاہم میری آپ سے اور عارف بھائی سے درخواست ہے کہ جو معاملات بار بار مختلف لڑیوں میں سر اُٹھا رہے ہیں اُن پر باقاعدہ لڑیاں بنائی جائیں اور آپس میں اچھی طرح بحث و مباحثہ ہو تاکہ باقی دھاگے با آسانی چل سکیں اور یہ باتیں بار بار بیچ میں نہ آئیں۔