کیا ملال اب کے دھریں سینۂ پُر خار کے پاس ۔ فاتح الدین بشیرؔ

فاتح

لائبریرین
میر تقی میر اور حضرت میرزا اسد اللہ خان غالب رحمۃ اللہ علیہ کی زمین میں خاکسار کی ایک غزل

کیا ملال اب کے دھریں سینۂ پُر خار کے پاس​
گُلِ آزار کھِلے خرمَنِ پِندار کے پاس​
ایک ویرانی ہے تعمیرِ مسلسل کی اَساس​
حسرتیں آن بَسیں مرقدِ مِعمار کے پاس​
مَوت اَنگُشت بدنداں ہے یہ کس کا ہے نصیب​
اُستُخواں دار پہ، سر زانُوئے دِلدار کے پاس​
باس تھی جن میں بَدَن کی ترے، ہم آبلہ پا​
رِہن رکھ آئے ہیں وہ سانس بھی گلزار کے پاس​
اَصلِ آئینہ فقط ریگ مگر صُورت کَش​
نُور کس آنکھ کا ہے دیدۂ زنگار کے پاس​
عُذر طُرفہ سا ہے اک لغزشِ پیہم کا بشیرؔ​
کار آموزیِ عصیاں کا، سیہ کار کے پاس​
فاتح الدین بشیرؔ​
 
فرخ منظور

لائبریرین
اَصلِ آئینہ فقط ریگ مگر صُورت کَش
نُور کس آنکھ کا ہے دیدۂ زنگار کے پاس
کیا بات ہے۔ انتہائی خوبصورت غزل۔ بہت داد قبول کیجیے فاتح صاحب۔ بڑی مدت کے بعد دیدار ہوا آپ کا ۔ آتے رہا کیجیے۔
 
الف عین

لائبریرین
واہ، اچھی غزل ہے، زنگار والے شعر کے علاوہ مجھے یہ شعر بھی بہت اچھا لگا
باس تھی جن میں بَدَن کی ترے، ہم آبلہ پا​
رِہن رکھ آئے ہیں وہ سانس بھی گلزار کے پاس​
 
محمد وارث

لائبریرین
کیا کہنے جناب فاتح صاحب، بہت خوب غزل کہی آپ نے اور غالب کی زمین کا حق ادا کیا، سبھی اشعار بہت اچھے ہیں۔​
ایک ویرانی ہے تعمیرِ مسلسل کی اَساس​
حسرتیں آن بَسیں مرقدِ مِعمار کے پاس​
مَوت اَنگُشت بدنداں ہے یہ کس کا ہے نصیب​
اُستُخواں دار پہ، سر زانُوئے دِلدار کے پاس​
باس تھی جن میں بَدَن کی ترے، ہم آبلہ پا​
رِہن رکھ آئے ہیں وہ سانس بھی گلزار کے پاس​
واہ واہ واہ، لاجواب۔ بہت داد قبول فرمائیں محترم۔​
 
dehelvi

محفلین
مَوت اَنگُشت بدنداں ہے یہ کس کا ہے نصیب​
اُستُخواں دار پہ، سر زانُوئے دِلدار کے پاس​
مجھے تو یہ شعر پسند آرہا ہے۔کیا کہنے فاتح صاحب کے۔ پوری غزل عمدہ ہے۔​
 
فاتح

لائبریرین
کیا کہنے جناب فاتح صاحب، بہت خوب غزل کہی آپ نے اور غالب کی زمین کا حق ادا کیا، سبھی اشعار بہت اچھے ہیں۔​
ایک ویرانی ہے تعمیرِ مسلسل کی اَساس​
حسرتیں آن بَسیں مرقدِ مِعمار کے پاس​
مَوت اَنگُشت بدنداں ہے یہ کس کا ہے نصیب​
اُستُخواں دار پہ، سر زانُوئے دِلدار کے پاس​
باس تھی جن میں بَدَن کی ترے، ہم آبلہ پا​
رِہن رکھ آئے ہیں وہ سانس بھی گلزار کے پاس​
واہ واہ واہ، لاجواب۔ بہت داد قبول فرمائیں محترم۔​
وارث صاحب! آپ کی جانب سے اس قدر خوبصورت داد پا کر غزل کی قیمت وصول ہو گئی۔ ممنون ہوں۔
 
فاتح

لائبریرین
بہت ہی خوب جناب فاتح الدین بشیر صاحب! بہت ہی عمدہ غزل پیش کی ہے جناب نے۔۔ بہت عمدہ!
بہت شکریہ جناب کاشفی صاحب۔ آپ کی محبتوں پر ممنون ہوں۔

فاتح الدین نے کیا خوب غزل فرمائی
خوب برتاؤ کیا ہے سبھی اشعار کے ساتھ
بہت شکریہ شاکر القادری صاحب۔ آپ کی حوصلہ افزا داد پر ممنون ہوں۔
 
نافرع

محفلین
آپ کی شا عری پڑھ کر بہت لطف آتا ہے۔ دل میں حسرت سی رہے جاتی کہ کاش ہم بھی ایسے ستاروں کو آسماں سے توڑلا ئیں اورالفا ظ کے درمیاں رکھ دئیں۔
 
Top