کہتے ہیں لوگ ....

La Alma

لائبریرین

اب کوئی اور بھی شامت ہو گی؟
کہتے ہیں لوگ قیامت ہو گی

زیست کا متن ہوا بوسیدہ
لوحِ جاں وجہِ قدامت ہو گی

ہم اشارہ نہ کنایہ سمجھے
پھر سے ناپید علامت ہو گی

اب کہ ناصح نے کہا کیا ہو گا
طعن، تشنیع، ملامت ہو گی

معبدِ عشق ہوا ہے مسمار
اک خلش صرف سلامت ہو گی

معجزہ ہوئے ، ہوئی اک مدّت
کیوں لگے کوئی کرامت ہو گی

اشک صف باندھے کھڑے ہیں المٰی
نوحۂِ دل کی امامت ہو گی
 
فرقان احمد

محفلین
خوب صورت لہجہ!

غزل پسند آئی، خاص طور پر یہ اشعار ۔۔۔

زیست کا متن ہوا بوسیدہ
لوحِ جاں وجہِ قدامت ہو گی

معبدِ عشق ہوا ہے مسمار
اک خلش صرف سلامت ہو گی

اشک صف باندھے کھڑے ہیں المٰی
نوحۂِ دل کی ۔۔۔۔۔۔۔ امامت ہو گی
 
کہتے ہیں لوگ قیامت ہو گی کی بجائے ، لوگ کہتے ہیں قیامت ہو گی کیوں نہیں
معجزہ ہوئے ، ہوئی اک مدّت ۔ اسے دوبارہ دیکھیں شاید بحر سے خارج ہے
اور بھی عیوب ہیں جیسا کہ۔
معبدِ عشق ہوا ہے مسمار ۔ معبدِعشق کی ترکیب درست نہیں۔ اس کی بجائے ایسا درست ہوتا ۔ عشق کا معبدہ مسمار ہوا
 
La Alma

لائبریرین
خوب صورت لہجہ!

غزل پسند آئی، خاص طور پر یہ اشعار ۔۔۔

زیست کا متن ہوا بوسیدہ
لوحِ جاں وجہِ قدامت ہو گی

معبدِ عشق ہوا ہے مسمار
اک خلش صرف سلامت ہو گی

اشک صف باندھے کھڑے ہیں المٰی
نوحۂِ دل کی ۔۔۔۔۔۔۔ امامت ہو گی
پسندیدگی کا بہت شکریہ .
 
La Alma

لائبریرین
کہتے ہیں لوگ قیامت ہو گی کی بجائے ، لوگ کہتے ہیں قیامت ہو گی کیوں نہیں
معجزہ ہوئے ، ہوئی اک مدّت ۔ اسے دوبارہ دیکھیں شاید بحر سے خارج ہے
اور بھی عیوب ہیں جیسا کہ۔
معبدِ عشق ہوا ہے مسمار ۔ معبدِعشق کی ترکیب درست نہیں۔ اس کی بجائے ایسا درست ہوتا ۔ عشق کا معبدہ مسمار ہوا
آپ کی آرا کا بہت شکریہ .
"معجزہ ہوئے ، ہوئی اک مدت " ، مجھے تو بحر میں لگ رہا ہے .
معبدِ عشق کی ترکیب کیسے غلط ہے یہ میرے علم میں نہیں .
 
آپ کی آرا کا بہت شکریہ .
"معجزہ ہوئے ، ہوئی اک مدت " ، مجھے تو بحر میں لگ رہا ہے .
معبدِ عشق کی ترکیب کیسے غلط ہے یہ میرے علم میں نہیں .
بہنا ۔معبد عشق کی ترکیب کا تو اعجاز عبید صاحب بہتر بتا سکتے ہیں۔
آپ "معجزہ ہوئے ، ہوئی اک مدت " کی تقطیع کیجے تو فرق معلوم ہو جائے گا​
 
فرقان احمد

محفلین
بہنا ۔معبد عشق کی ترکیب کا تو اعجاز عبید صاحب بہتر بتا سکتے ہیں۔

سعید بھیا! معبد عشق پڑھنے سننے میں آتا رہتا ہے۔ مثال کے طور پر دو شعر پیش خدمت ہیں۔

ہجر بھی معبد عشق کا ہے وہ پرانا آذر جاناں
کھودتا ہے دل کی دیواروں پہ ہر روز تجھے!!!

یا

وہاں بن گیا معبد عشق اے دل
رہ غم میں ٹھوکر جہاں کھا گئے ہم

اساتذہ کا انتظار کر لیتے ہیں، شاید رہنمائی میسر آ جائے!
 
عباد اللہ

محفلین
کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے !!
یہ بحرِ خفیف میں غالباََ آپ کا پہلا تجربہ ہے ۔ اس بحر میں اگرچہ موزوں کرنا تو قدرے آسان ہے لیکن عجزِ بیان سے بچنا بہت مشکل۔

اب کوئی اور بھی شامت ہو گی؟
کہتے ہیں لوگ قیامت ہو گی
غالباََ آپ نے یہ کہنے کی کوشش کی ہے
کیا خوب قیامت کو بھی ہو گا کوئی دن اور

معجزہ ہوئے ، ہوئی اک مدّت
یہ مصرع اگر بحر میں بھی ہو تو "ہوئے ،ہوئی" کی تکرار ناگوار محسوس ہوتی ہے ۔
باقی اچھا کہا ہے داد قبول فرمائیے
 
ابن رضا

لائبریرین
خوب ہے! مطلع کی تعقید اور خلل کے لیے معمولی نشست و برخاست سے مدعا مزید نکھارا جا سکتا ہے جیسے کہ

لوگ کہتے ہیں قیامت ہو گی
کیا اب اور بھی کوئی شامت ہو گی؟
 
La Alma

لائبریرین
کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے !!
یہ بحرِ خفیف میں غالباََ آپ کا پہلا تجربہ ہے ۔ اس بحر میں اگرچہ موزوں کرنا تو قدرے آسان ہے لیکن عجزِ بیان سے بچنا بہت مشکل۔

غالباََ آپ نے یہ کہنے کی کوشش کی ہے
کیا خوب قیامت کو بھی ہو گا کوئی دن اور

یہ مصرع اگر بحر میں بھی ہو تو "ہوئے ،ہوئی" کی تکرار ناگوار محسوس ہوتی ہے ۔
باقی اچھا کہا ہے داد قبول فرمائیے
درست .
 
یہ دراصل فاعلاتن مفاعلن فعلن نہیں فاعلاتن فعلاتن فعلن ہے اور اس میں موزوں شعر کہنا اس سے قدرے مشکل ہے۔
ویسے غالب کا مصرعہ ایسے ہے
کیا خوب قیامت کا ہے گویا کوئی دن اور
 
ابن رضا

لائبریرین
اچھا ؟ عروض انجن تو صحیح بتا رہا ہے .
عروض سائیٹ اردو لغت میں دی گئی املا/تلفظ کے بنیاد پر تقطیع کرتی ہے اگر کسی لفظ کی املا وہاں درست نہیں تو اس میں عروض کا کیا قصور؟ البتہ سیکھنے والے غلطی کو تسلیم کرکے آگے بڑھتے ہیں دوسروں کو قصوروار نہیں ٹھہراتے. مزید براں میں نے پڑتال کی ہے تو عروض آپ کے اس مصرعے کو سرخیائے ہوئے ہے. ہاں اگر ہوئے کے درمیان سپیس ہو تو عروض "ہو"' کو الگ تقطیع کرے گا اور "ئے" کو الگ. ایسی صورت میں بھی راقم کی ہی غلطی ہو گی. الفاظ کے درست تلفظ کو نظر میں رکھتے ہوئے اگر تقطیع کی جائے تو خاطر خواہ افادہ ہوتا ہے
 
Top