ڈاکٹر توصیؔف تبسّم:::::: تم نے تو کہا تھا ہر حقیقت :::::: Dr. Tauseef Tabassum

طارق شاہ

محفلین



آگہی
تم نے تو کہا تھا ہر حقیقت
اِک خوابِ ابد ہے در حقیقت


رنگوں کے سراب سے گُزر کر
رعنائیِ خواب سے گُزر کر


نیرنگئ زیست سب فسانہ
کیا گردِشِ وقت، کیا زمانہ


تاروں بھرے آسماں کے نیچے!
کُھلتے نہیں نُور کے دَرِیچے


تارِیک ہے زندگی کا رستا
گہرے ہوں ہزار غم کے سائے

چلتے رہو یُونہی چشم بَستہ
اِک یاد کو حرزِ جاں بنائے


لیکن ، یہ حقیقتوں کے پیکر !
پاکوب، برہنہ، دست بر سر

کرتے ہیں نگاہ سے اشارے
کہتے ہیں کہ، ہم بھی ہیں تمھارے

اُڑتی ہُوئی گرد راستوں کی
لائی ہے خبر مُسافروں کی

کیا دیکھیے، کوئی نِکل کے آگے
مسدُود ہر اِک رہِ سفر ہے

ہر ضرب پہ یا ں اجل کے آگے
مجبور حیات بے سپر ہے

ٹھہرا ہے کہیں گُزرتا لمحہ
جاگے ہُوئے درد کی صدا پر

ہنستے ہیں دلِ شکستہ پا پر
سمٹے ہُوئے پر خُود آگہی کے

پھیلے ہُوئے کوس زندگی کے
طے کر نہ سکیں گے لوگ جیسے

مُرجھائے ہُوئے چمن کے پُھولو!
بولو ، کہ اجل کا ہاتھ کیسے

شاخوں سے اُتارتا ہے ہم کو
مٹّی میں سنوارتا ہے ہم کو

ڈاکٹر توصیف تبسّم
 
آخری تدوین:
Top