چوتھا کراچی جشنِ ادب

عاطف بٹ

محفلین
کراچی کے بِیچ لگژری ہوٹل میں چوتھا کراچی جشنِ ادب آج سے شروع ہوگیا ہے۔ یہ جشنِ ادب تین روز جاری رہے گا۔ اس جشنِ ادب میں پاکستان کے علاوہ دنیا بھر سے تقریبآ 200 ادباء، شعراء اور نقاد شرکت کریں گے۔ جشنِ ادب کا اہتمام آکسفرڈ یونیورسٹی پریس (او یو پی) کی جانب سے کیا جارہا ہے۔
تین روزہ جشنِِ ادب میں مختلف موضوعات پر 100 کے لگ بھگ نشستیں، مذاکرے، ورکشاپس، کتابوں کی تقاریبِ رونمائی اور دیگر سرگرمیاں ہوں گی۔
آج جشنِ ادب کے پہلے روز کلیدی خطبہ ناول نگار ندیم اسلم نے پیش کیا۔ علاوہ ازیں، آج کے موضوعات میں انگریزی ادب کے موجودہ رجحانات، غالب کی عصرِ حاضر سے مطابقت اور منٹو کی داستان گوئی شامل تھیں۔ جشنِ ادب میں آج سندھی شاعر حسن درس (مرحوم) کی کتاب اور ندیم اسلم کے نئے انگریزی ناول ’ایک اندھے شخص کا باغ (A Blind Man's Garden)‘ کی تقریب رونمائی بھی ہوئی۔
کل دوسرے روز پاکستانی سینما اور عالمی تھیئٹر پر بات ہوگی جبکہ محمد حنیف کی نئی انگریزی کتاب ’عدم لاپتہ بلوچ اور دیگر لاپتہ لوگ (The Bloch who is not Missing and Others who are)‘ کی تقریبِ رونمائی بھی ہوگی۔
جشنِ ادب کے آخری روز ایک مشاعرہ ہوگا۔ علاوہ ازیں، انتظار حسین اور زہرا نگاہ کے مابین اردو غزل اور داستان پر مکالمہ بھی جشنِ ادب کے تیسرے روز ہی ہوگا۔
او یو پی مینیجنگ ڈائریکٹر امینہ سید کے بقول میلے میں شرکت کے لیے امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، اٹلی، روس، بھارت، نیپال، بھوٹان اور چین کے علاقے تبت کے ادیب اور صاحبانِ قلم پاکستان آئے ہیں۔
بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نژاد مصنفین کی بڑی تعداد کے علاوہ فلسطینی مصنف عزالدین ابو صالح بھی جشنِ ادب میں شریک ہورہے ہیں جن کی تین صاحبزادیاں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں شہید ہوچکی ہیں۔
بھارت سے آنے والی نمایاں شخصیات میں بھارتی گلوکارہ ایلا ارون، نقاد شمیم حنفی اور مصنفہ شوبھا ڈی شامل ہیں جبکہ معروف بھارتی شاعر اور گیت نگار گلزار خرابیِ طبیعت کے باعث جشنِ ادب میں شرکت کئے بغیر ہی بھارت واپس چلے گئے ہیں۔
برطانیہ سے پاکستانی نژاد ناول نگار ندیم اسلم اور مصنف و براڈ کاسٹر لیم سیسے کے علاوہ برطانوی رکنِ پارلیمنٹ، سیاستدان اور مصنف جارج گیلووے بھی جشنِ ادب میں شریک ہورہے ہیں۔
جشنِ ادب میں شریک ہونے والی اردو زبان و ادب کی نمایاں شخصیات میں انتظار حسین، عبداللہ حسین، زہرا نگاہ، انور مسعود، امجد اسلام امجد، عطاالحق قاسمی، مستنصر حسین تارڑ، افتخار عارف، حسینہ معین، فہمیدہ ریاض اور کشور ناہید شامل ہیں۔
DE62DD2C-2E7B-4559-830E-8A4BC15C4344_mw1024_n_s.jpg
 

تلمیذ

لائبریرین
کراچی کے بِیچ لگژری ہوٹل میں چوتھا کراچی جشنِ ادب آج سے شروع ہوگیا ہے۔ یہ جشنِ ادب تین روز جاری رہے گا۔

اطلاع دینے کا شکریہ، اس کی رپورٹیں متعدد کالم نگاروں کے قلم سے اخباروں میں پڑھنے کو مل جائیں گی۔ مگر ہمیں تو نشہ ہے اپنی محفل کے رکن راشد اشرف کے ہاتھ کی لکھی ہوئی روئداد کو پڑھنے کا۔ جو یقینا تینوں روز وہاں پر موجود ہوں گے۔
بٹ جی، کیا آپ نے انہیں ٹیگ کیا ہے؟ (اگر نہیں، تو وہ اب دیکھ لیں گے:) )
 

عاطف بٹ

محفلین
عاطف بٹ بھائی ، ربط دینا پھر بھول گئے؟۔:)
براہِ کرم یہ تقاضا پورا کر دیں۔
یہ تو واقعی میں بھول جاتا ہوں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ میں کئی جگہوں سے تھوڑی تھوڑی معلومات اکٹھی کر کے ایک مربوط رپورٹ بنا کر محفل میں پیش کرتا ہوں۔ بہرحال، یہاں وائس آف امریکہ کا لنک ہی کافی ہے کہ بہت سی معلومات وہاں سی لی گئی تھیں اور ابتدائی حصہ آج ’ڈان‘ کے صفحہ اول پر شائع ہونے والی خبر کا اردو ترجمہ ہے۔
 

زبیر مرزا

محفلین
جب میں نہیں تو شہر میں مجھ سا کوئی تو ہو:) ذکر کراچی اور اس پر ایسی تقریب
چلیں اپنے بھائی اور دوستوں کو بتاتا ہو کوئی جاسکا تو احوال بھی بتائے گا
بہت شکریہ عاطف بٹ
 

یوسف-2

محفلین
عاطف بھائی ! ٹیگ کرنے کا بہت بہت شکریہ۔ یہ ایک بہترین اور بھرپور سالانہ تقریب ہوا کرتی ہے۔ میں پچھلے سال اس تقریب میں شریک تھا۔ جب میں نے ایک سیشن میں محترم انتطار حسین صاحب کو اپنی تالیف ”پیغام قرآن و حدیث‘‘ پیش کیا تو انہوں نے کتاب کو دیکھتے ہوئے بڑی حیرت سے کہا کہ یہ میرے ہی لئے ہے نا؟ :) میں عمرہ کی ادائیگی کے لئے گذشتہ دو ہفتہ سے ملک سے باہر تھا۔ جمعرات کی شب کراچی پہنچا اور جمعہ کی صبح ملازمت کے سلسلہ میں پھر کراچی سے باہرنکلنا پڑا تو پتہ چلا کہ اس برس اس شاندار ادبی جشن میں شرکت سے محروم رہوں گا۔ تاہم اپنے قریبی دوستوں کو ایس ایم ایس کردیا کہ وہ ضرور شریک ہوں۔ امید ہے کہ ان سیشنز کی روئیداد یہاں بھی کوئی نہ کوئی ضرور شیئر کرے گا۔
 

فرحت کیانی

لائبریرین
کراچی اور لاہور والوں کے تو مزے ہو گئے۔ :)
ڈان تو کافی دنوں اس جشن کے بارے میں کچھ نہ کچھ چھاپ رہا ہے۔ بلکہ گلزار کی اچانک واپسی کی خبر بھی خاصی تفصیل سے آئی تھی اور اگلے دن امینہ سید کے نام ان کے خط پر بھی پڑھنے کو ملا تھا۔
 

عاطف بٹ

محفلین
کراچی اور لاہور والوں کے تو مزے ہو گئے۔ :)
ڈان تو کافی دنوں اس جشن کے بارے میں کچھ نہ کچھ چھاپ رہا ہے۔ بلکہ گلزار کی اچانک واپسی کی خبر بھی خاصی تفصیل سے آئی تھی اور اگلے دن امینہ سید کے نام ان کے خط پر بھی پڑھنے کو ملا تھا۔
اسلام آباد تو ایک مصنوعی شہر ہے مگر راولپنڈی میں ایسے ہی ایک جشنِ ادب کا اہتمام کیا جاسکتا ہے۔ :)
 

عاطف بٹ

محفلین
متفق۔ لیکن کرے گا کون؟
امینہ سید یہاں صرف اپنی ٹیکسٹ بکس کی مارکیٹنگ میں مصروف رہتی ہیں۔
امینہ سید سے تو امید مت رکھیں۔ کئی ایسے کام ہیں جو وہ کرسکتی ہیں مگر نہیں کررہی ہیں۔
تھوڑی سی ہمت چاہئے بس، جشنِ ادب کے لئے سپانسرز ڈھونڈ کر خود بھی کروایا جاسکتا ہے۔
 

فرحت کیانی

لائبریرین
امینہ سید سے تو امید مت رکھیں۔ کئی ایسے کام ہیں جو وہ کرسکتی ہیں مگر نہیں کررہی ہیں۔
تھوڑی سی ہمت چاہئے بس، جشنِ ادب کے لئے سپانسرز ڈھونڈ کر خود بھی کروایا جاسکتا ہے۔
درست :)
کہہ تو آپ ٹھیک رہے ہیں۔ کچھ وقت اور محنت کی ضرورت ہے، ایسا ناممکن کام بھی نہیں۔
 

عاطف بٹ

محفلین
درست :)
کہہ تو آپ ٹھیک رہے ہیں۔ کچھ وقت اور محنت کی ضرورت ہے، ایسا ناممکن کام بھی نہیں۔
جی بالکل۔ اور کیا ہی اچھا ہو کہ اردو محفل کا نام اس حوالے سے لوگوں کے سامنے آئے کہ اس نے ’راولپنڈی جشنِ ادب‘ کا اہتمام کیا۔ :)
 
Top