پاکستان کا قومی پرچم ۔۔۔ سبز ہلالی پرچم

بلال

محفلین
تمام پاکستانی میری طرف سے ایک چھوٹا سا تخفہ قبول فرمائیں۔ تخفہ ہے کہ پاکستانی پرچم کس طرح بناتے ہیں اور اس کی پیمائش کیا ہوتی ہیں۔ بات تو چھوٹی سی ہے لیکن ہماری اکثریت پرچم کی شکل و صورت تو جانتی ہے لیکن سو فیصد درست پرچم بنانا تو دور پیمائش تک نہیں جانتے۔ اس لئے میں نے سارا طریقہ، پیمائش اور ساتھ میں ایک کیلکولیٹر بھی تیار کردیا ہے تاکہ کسی بھی پیمائش کا پتہ لگانا آسان ہو سکے۔
جیسا کہ پہلے لکھا ہے چھوٹا سا تخفہ تو یہ واقعی آپ سب کے لئے چھوٹا سا تخفہ ہے لیکن میں نے اس پر بہت محنت کی ہے۔ محنت کسی قسم کی پروگرامنگ یا کسی اور چیز پر نہیں ہوئی بلکہ پاکستانی پرچم بنتا کیسے ہیں اس پر ہوئی ہے۔ افسوس کا مقام تو یہ ہے کہ ابھی تک مجھے کوئی مستند حوالہ نہیں مل سکا۔ وکی پیڈیا اور دیگر ویب سائیٹ نے ایک ہی طریقہ جگہ جگہ کاپی پیسٹ کیا ہوا ہے جو کہ میرے خیال میں نامکمل ہے یا پھر مجھے ان کے طریقوں کی سمجھ نہیں آ رہی۔ اگر آپ کے پاس قومی پرچم کی معلومات یا کوئی مستند حوالہ ہو تو ضرور شیئر کریں۔
آپ سب سے پہلے پاکستانی پرچم بنانے اور پیمائش کے حوالے سے کچھ تفصیل دیکھیں مزید بحث بعد میں کرتے ہیں۔
پاکستانی پرچم کی شکل
pakistan-flag.jpg

پرچم کی لمبائی چوڑائی کی نسبت 3:2 ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر پرچم کی لمبائی 3فٹ ہو گی تو چوڑائی 2فٹ ہو گی۔ لمبائی کا ایک چوتھائی سفید حصہ ہوتا ہے اسی طرح باقی گہرا سبز حصہ تین چوتھائی ہوتا ہے۔ گہرے سبز حصے کے درمیان میں ایک ہلال(پہلی کا چاند) اور ستارہ ہوتا ہے۔
پاکستانی پرچم کیسے بنایا جاتا ہے؟
پرچم کی پیمائش کی نسبت کو دیکھتے ہوئے ہم یہاں لمبائی تین فٹ اور چوڑائی دو فٹ فرض کرتے ہیں۔ 3فٹ لمبائی فرض کرتے ہوئے لمبائی کا ایک چوتھائی(1/4) کے حساب سے سفید حصہ 0.75فٹ ہو گا جبکہ گہرا سبز حصہ تین چوتھائی(3/4) کے مطابق 2.25فٹ ہو گا۔
چاند اور ستارہ کیونکہ سبز حصے میں ہوتا ہے اس لئے ہم سبز حصے میں دو وتری(ترچھی) لائنیں لگائیں گے۔ ایک لائن اوپردائیں والے کونے سے لے کر نیچے بائیں والے کونے تک جس کو TR کا نام دیتے ہیں اور دوسری لائن اوپر بائیں والے کونے سے لے کر نیچے دائیں والے کونے تک لگاتے ہیں۔ اس سے ہمیں سبز حصے کے مرکز کا پتہ چل گیا ہے۔ مرکز کو تصویر میں نقطہA سے ظاہر کیا گیا ہے۔ نقطہA سے TRلائن پر اوپر کی طرف پرچم کی چوڑائی کے 1/10 فاصلہ پر یعنی 0.2فٹ کے فاصلے پر ایک نقطہB لیتے ہیں۔ نقظہB سے اتنے ہی فاصلے یعنی 0.2فٹ پر TRلائن پر اوپر کی جانب ایک اور نقطہC لیتے ہیں۔ نقطہA کو مرکز مان کر پرچم کی چوڑائی کے 3/5 یعنی 1.2فٹ قطر کا دائرہ لگاتے ہیں۔اب نقظہB کو مرکز مان کر پرچم کی چوڑائی کے 11/20 یعنی 1.1فٹ قطر کا دائرہ لگاتے ہیں۔ دونوں دائرے ایک دوسرے سے دو جگہ پر مل رہے ہیں۔ ان دونوں جگہ سے اوپر دونوں دائروں کے حصوں کو ختم کرنے سے نیچے والے حصے مل کر چاند بنا رہے ہیں۔
اب آتے ہیں ستارے کی طرف
نقطہC کو مرکز مان کر پرچم کی چوڑائی کے 1/5یعنی 0.4فٹ قطر کا دائرہ لگائیں۔ ایک ستارہ اس پیمائش کا بنائیں کہ وہ اس دائرے جتنا ہو اور دائرے کے بالکل درمیان میں آ رہا ہوں اس کے علاوہ ستارے کا ایک کونہ TRلائن پر آ رہا ہو۔ جیسا کہ تصویر میں دیکھایا گیا ہے۔ اب آپ کا پرچم بن چکا ہے غیر ضروری لائنیں ختم کر دیں۔
pakistani-flag-size.gif

اردو میں لکھتے ہوئے ہو سکتا ہے ”کا، کی، کے“ کی وجہ سے کسی چیز کی سمجھ نہ آرہی ہو تو اس لئے فارمولے لکھ رہا ہوں۔
پرچم کی لمبائی یا چوڑائی آپ اپنی مرضی کی رکھ کر باقی پیمائش تصویر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے درج ذیل فارمولوں سے نکال سکتے ہیں۔ ساتھ فرضی لمبائی چوڑائی سے بھی مثال دی ہے۔

لمبائی یعنی OL
3/2 ضرب چوڑائی
مثال:- (3/2)*2 = 1.5*2 = 3

چوڑائی یعنی OW
2/3 ضرب لمبائی
(2/3)*3 = 0.667*3 = 2

سفید حصہ یعنی OM
1/4 ضرب لمبائی
(1/4)*3 = 0.25*3 = 0.75

سبز حصہ یعنی ML
3/4 ضرب لمبائی
(3/4)*3 = 0.75*3 = 2.25

AB کا درمیانی فاصلہ
1/10 ضرب چوڑائی
(1/10)*2 = 0.1*2 = 0.2

BC کا درمیانی فاصلہ
1/10 ضرب چوڑائی
(1/10)*2 = 0.1*2 = 0.2

مرکز A کے دائرہ کا قطر
3/5 ضرب چوڑائی
(3/5)*2 = 0.6*2 = 1.2

مرکز B کے دائرے کا قطر
11/20 ضرب چوڑائی
(11/20)*2 = 0.55*2 = 1.1

مرکز C کے دائرے کا قطر
1/5 ضرب چوڑائی
(1/5)*2 = 0.2*2 = 0.4

ایک کیلکولیٹر بنایا ہے جس کی مدد سے آپ پاکستانی پرچم کی لمبائی یا چوڑائی دے کر باقی پیمائش حاصل کر سکتے ہیں۔
کیلکولیٹر کے لئے یہاں کلک کریں۔
کمپیوٹر پر پاکستانی پرچم بناتے ہوئے رنگوں کے آر جی بی ماڈل میں پرچم کے گہرے سبز رنگ کی ویلیو آر صفر، جی 102 اور بی صفر ہے۔ اس کے علاوہ Hex کوڈ #006600ہے۔
پاکستانی پرچم کے بارے میں وکی پیڈیا پر مزید معلومات آپ یہاں، یہاں اور یہاں دیکھ سکتے ہیں۔
اگر آپ کے پاس قومی پرچم کی معلومات یا کوئی مستند حوالہ ہو تو ضرور شیئر کریں۔
نوٹ:- میری تمام دوستوں سے گذارش ہے کہ تھوڑا سا وقت نکالیں اور تمام پیمائش اور کیلکولیٹر کو مختلف حوالوں سے چیک کریں۔ میں نے اپنی طرف سے بہت تسلی سے اور دھیان سے چیک کر کے پوسٹ کی ہے لیکن پھر بھی اگر مجھ سے کوئی غلطی ہو گئی ہو تو اس کی نشان دہی ہو سکے۔
 

طالوت

محفلین
شکریہ بلال ۔اس چھوٹے سے تحفے میں تو واقعی بڑی محنت ہے ۔ مگر ایک وضاحت کرتا چلوں کہ پاکستانی پرچم میں یہ ہلال بڑھتا نہیں بلکہ گھٹتا ہے ۔ بڑھتا ہلال اس کی مخالف سمت میں ہونا چاہیے ۔
وسلام
 

بلال

محفلین
شکریہ بلال ۔اس چھوٹے سے تحفے میں تو واقعی بڑی محنت ہے ۔ مگر ایک وضاحت کرتا چلوں کہ پاکستانی پرچم میں یہ ہلال بڑھتا نہیں بلکہ گھٹتا ہے ۔ بڑھتا ہلال اس کی مخالف سمت میں ہونا چاہیے ۔
وسلام

سب سے پہلے تو تخفہ پسند کرنے کا شکریہ۔
اچھا کیا آپ نے جو وضاحت کی تاکہ اس موضوع پر تھوڑی بحث برائے تعمیر ہو سکے۔ میں بھی یہی چاہتا ہوں کہ دوست احباب اس اہم موضوع کو زیر بحث لائیں تاکہ ہمیں مستند حوالے مل سکیں۔
آپ تھوڑی سی اور وضاحت کریں کیونکہ مجھے ٹھیک طرح سمجھ نہیں آ رہی۔ میں نے تصویر میں دائرے ان کے مرکز اور باقی جگہ کو مختلف رنگ اور نام دیئے ہیں تاکہ بحث کرنے میں آسانی ہو سکے۔ کیا آپ کی مراد یہ ہے سفید ہلال کی مخالف سمت میں جو ہلال وقفے والی لائنوں سے بن رہا ہے وہ بڑا ہوتا ہے اور سفید ہلال چھوٹا ہوتا ہے؟ ہو سکتا ہے پیمائش میں یا طریقے میں کوئی غلطی ہو گئی ہو اس لئے ایک اور تصویر شامل کر رہا ہوں اور اس کے مطابق اور جیومیٹری کے حساب سے تھوڑی اور باتیں لکھتا ہوں۔
pakistan-flag-geo.gif

جتنی معلومات میں اکٹھی کر سکا ہوں اس کے مطابق یہ تصویر بنائی ہے۔
اس میں ایک خط XY ہے یہ خط ہلال کے دونوں کونوں کو چھوتے ہوئے گذرنا چاہئے اور TR لائن پر یہ 90 ڈگری کا زاویہ بناتا ہو کیونکہ اس سے ہی ہمیں معلوم ہو گا کہ ہلال کا منہ بالکل اوپری دائیں کونے کی طرف ہے۔ اس کے علاوہ ستارے کے دو کونے بھی XY خط کو چھونے چاہئیں۔خط R اور خط L کا فاصلہ ایک جتنا ہو اور خط T اور خط B کا فاصلہ ایک جتنا ہونا چاہئے۔
اس کے علاوہ A سے B اور B سے C اور C سے D کا فاصلہ برابر ہونا چاہئے۔ A سے D تک کے فاصلے جتنا فاصلہ A سے ہلال کی بیرونی قوس کا بھی ہو۔
یہ باتیں بحث برائے تعمیر کے لئے لکھی ہیں تاکہ ہم سو فیصد نتائج تک پہنچ سکیں۔ یہ نہ ہو دوست یہ سمجھ جائیں کہ اپنی فلاسفی جھاڑ رہا ہے۔
 

طالوت

محفلین
بلال میرے کہنے کا مطلب ہے کہ اگر آپ پہلی یا دوسری تاریخ کا چاند دیکھیں تو وہ چاند اس شکل میں ہوتا ہے جہاں لائنوں میں ایک خالی چاند ہے ۔ یعنی بڑھتا چاند داہنی جانب سے بڑھتا ہے اور بڑھتے بڑھتے پورا ہو کر گھٹنا شروع ہو جاتا ہے اور بالآخر آخری تاریخوں میں اس شکل میں بدل جاتا ہے جیسا کہ پاکستانی پرچم میں ہے ۔
وسلام
 

بلال

محفلین
چل میرے دھاگے تھوڑا اوپر۔۔۔ چودہ اگست آ رہی ہے ہو سکتا ہے کسی کو درست پرچم بنانے کے لئے اس کی ضرورت پڑ جائے۔
 
پچھلے برس اس موقع پر ہم کچھ یوں مصروف تھے کہ یہ دھاگہ نظروں سے نہیں گذرا۔ لطف آگیا پرچم کی تفصیلات جان کر۔ :)
 

شمشاد

لائبریرین
بہت خوب بلال بھائی اور مجھے حیرت ہے کہ یہ دھاگہ میری نظروں سے اوجھل کیسے رہ گیا۔
 

میم نون

محفلین
درست پرچم کیا بنانا ہے جی، پچھلی دفعہ جب میں پاکستان گیا تھا تو ایک درزی جو کہ پرچم بنا کر بیچتا تھا، سارے پرچم الٹے سی رہا تھا میں نے اسے بتایا تو برا منانے لگا اور کہنے لگا کہ میں کافی سالوں سے ایسے ہی بنا رہا ہوں اور کبھی کسی نے مجھ پر اعتراض نہیں کیا اور کسی کا حوالہ دے کر کہنے لگا کہ میں نے انکے پاس ایسا ہی پرچم دیکھا تھا اور وہیں سے بنانا سیکھا ہے !!!!!!!!!
 

میم نون

محفلین
او دفع کریں جی، جس شخص کو اتنا نہ پتہ ہو کہ اسکے ملک کا پرچم کیسا ہے اسے کیا کہنا، اوپر سے وہ پرچم بنا بنا کر بیچ رہا تھا اور کسی نے اعتراض بھی نہیں کیا :mad:
 
Top