ٹوٹ بٹوٹ کے بھائی - صوفی تبسّم

فرخ منظور

لائبریرین
ٹوٹ بٹوٹ کے بھائی

ایک بڑا ہے اِک چھوٹا ہے
اِک دبلا ہے اِک موٹا ہے

دو کہتے ہیں اُس کو بھیّا
دو کہتے ہیں اُس کو بھائی
ٹوٹ بٹوٹ کی شامت آئی
ٹوٹ بٹوٹ کے چار ہیں بھائی

دو ہنستے ہیں دو روتے ہیں
دو جاگیں تو دو سوتے ہیں

ٹوٹ بٹوٹ کرے کیا بھائی
ٹوٹ بٹوٹ کی شامت آئی
ٹوٹ بٹوٹ کے چار ہیں بھائی

لمبے لمبے بال ہیں اُن کے
گورے گورے گال ہیں اُن کے
آنکھیں اُن کی کالی کالی
صورت اُن کی بھولی بھالی
کوئی کہے یہ دو بہنیں ہیں
کوئی کہے یہ دو ہیں بھائی
ٹوٹ بٹوٹ کی شامت آئی
ٹوٹ بٹوٹ کے چار ہیں بھائی

ٹوٹ بٹوٹ کی نانی بولی
خالہ اور ممانی بولی
بولی امّی، پھوپھی، تائی
ہم سب کا ہے اِک اِک بھائی
ٹوٹ بٹوٹ کی شامت آئی
ٹوٹ بٹوٹ کے چار ہیں بھائی

اک بھائی لنگوٹی پہنے
دوسرا نکّر چھوٹی پہنے
تیسرا پہنے لمبا کرتا
چوتھا پہنے سوٹ اور ٹائی
ٹوٹ بٹوٹ کی شامت آئی
ٹوٹ بٹوٹ کے چار ہیں بھائی

اک کھاتا ہے حلوا پوُری
اک کھاتا ہے گھی کی چُوری
اک کھاتا ہے گرم پکوڑے
اک کھاتا ہے برف ملائی
ٹوٹ بٹوٹ کی شامت آئی
ٹوٹ بٹوٹ کے چار ہیں بھائی

بیٹھے ہوں تو شور مچائیں
اُٹھ بیٹھیں تو ناچیں گائیں
بھوکے ہوں تو چیخیں ماریں
پیٹ بھرے تو کریں لڑائی
ٹوٹ بٹوٹ کی شامت آئی
ٹوٹ بٹوٹ کے چار ہیں بھائی

از صوفی تبسّم
 

فرحت کیانی

لائبریرین
:happy:

یہ تو مجھے اپنی درد ناک کہانی لگ رہی ہے بس ٹوٹ بٹوٹ کی جگہ میرا نام لگا دیں اور بھائی کی جگہ بھتیجے :(


جس گھر میں بھی دو سے زیادہ بچے ہوں اس گھر کے حالات ایسے ہی ہوتے ہیں۔ :)

کبھی کبھی ایک بھتیجے کے لئے بھی ایسے حالات پیدا کرنا کچھ خاص مشکل نہیں ہوتا :)

بہت شکریہ سخنور!۔ ایک بار پھر آپ نے ٹوٹ بٹوٹ کو ہمارا مہمان بنایا:)
 

فرخ منظور

لائبریرین


بہت شکریہ سخنور!۔ ایک بار پھر آپ نے ٹوٹ بٹوٹ کو ہمارا مہمان بنایا:)

آپ کو بھی بہت شکریہ کہ آپ گوشہء اطفال میں تشریف لائیں۔ آج کل تو یوں لگتا ہے جیسے گوشہء اطفال اور موسیقی کی دنیا صرف میرے لئے ہی مختص ہوچکے ہیں۔ :)
 
Top