نظر لکھنوی نعت: جامعِ اوصاف ہے جو حسن کی تصویر ہے ٭ نظرؔ لکھنوی

جامعِ اوصاف ہے جو حسن کی تصویر ہے
وہ نبیؐ مجھ کو ملا ہے یہ مِری تقدیر ہے

کیا ہے زورِ حیدریؓ کیا قوت شبیرؓ ہے
زورِ بازوئے محمدؐ ہی کی اک تعبیر ہے

تزکیہ اخلاق کا، افکار کی تطہیر ہے
ہر طرح تذکیر ہے، تنذیر ہے، تبشیر ہے

کس طرح سنورے بشر غوطہ زنِ تدبیر ہے
وہ کہ ہے معمارِ انساں فکرِ ہر تعمیر ہے

وہ رفیعُ الذِّکر ہے از فضلِ ربِّ ذوالجلال
فرش سے تا عرش اس کے نام کی تکبیر ہے

صورتِ انور خوشا دیباچۂ اُمّ الکتاب
سیرتِ اطہر کتاب اللہ کی تفسیر ہے

ذی وجاہت، ذی حشم، ذی جاہ و عالی مرتبت
وہ امام الانبیا ہے، صاحبِ توقیر ہے

وہ ہے محبوبِ خدا بھی، وہ شہِ لولاک بھی
کائنات اس کی ہے سب اس کے لیے تسخیر ہے

معتکف ہو کر بہ قرآں چنتے رہیے دُرِّ ناب
بخششِ شاہِ ہدیٰؐ ہے مفت کی جاگیر ہے

٭٭٭
محمد عبد الحمید صدیقی نظرؔ لکھنوی
 
Top