فراز میں کیوں اُداس نہیں

فرحت کیانی

لائبریرین
میں کیوں اُداس نہیں

لُہولہان مرے شہر میرے یار شہید
مگر یہ کیا کہ مری آنکھ ڈبڈبائی نہیں
نظر کے زخً جگر تک پہنچ نہیں پائے
کہ مجھ کو منزلِ اظہار تک رسائی نہیں
میں کیا کہوں کہ پشاور سے چاٹگام تلک
مرے دیار نہیں تھے کہ میرے بھائی تھے

وہی ہوں میں مرا دل بھی وہی جنوں بھی وہی
کسی پر تیر چلے جاں فگار اپنی ہو
وہ ہیروشیما ہو ، ویتنام ہو کہ بٹ مالو×
کہیں بھی ظلم ہو آنکھ اشکبار اپنی ہو
یہی ہے فن کا تقاضا یہی مزاج اپنا
متاعِ درد سبھی پر نثار اپنی ہو

نہیں کہ درد نے پتھر بنا دیا ہے مجھے
نہ یہ کہ آتشِ احساس سرد ہے میری
نہیں کہ خونِ جگر سے تہی ہے میرا قلم
نہ یہ کہ لوحِ وفا برگِ سرد ہے میری
گواہ ہیں مرے احباب ، میرے شعر ثبوت
کہ منزلِ رسن و دار گرد ہے میری

بجا کہ امن کے بربط اُٹھائے آج تلک
ہمیشہ گیت محبت کے گائے ہیں میں نے
عزیز ہے مجھے معصوم صورتوں کی ہنسی
بجا کہ پیار کے نغمے سنائے ہیں میں نے
چھڑک کے اپنا لہو اپنے آنسوؤں کی پھوار
ہمیشہ جنگ کے شعلے بجھائے ہیں میں نے

میں سنگدل ہوں نہ بیگانۂ وفا یارو
نہ یہ کہ میں ہوں کسی خواب زار میں کھویا
تمہیں خبر ہے کہ دل پر خراش جب بھی لگے
تو بند رہ نہیں سکتا مرا لبِ گویا
وہ مرگِ ہم نفساں پر حزیں نہیں ہے تو کیوں
جو فاطمی و لوممبا کی موت پر رویا

دلاورانِ وفا کیش کی شہادت پر
مرا جگر بھی لہو ہے پہ وقفِ یاس نہیں
سیالکوٹ کے مظلوم ساکنوں کے لیے
جز آفریں کے کوئی لفظ میرے پاس نہیں
میں کیسے خطۂ لاہور کے پڑھوں نوحے
یہ شہرِ زندہ دلاں آج بھی اُداس نہیں

جنوں فروغ ہے یارو عدو کی سنگ باری
ہزار شکر کہ معیارِ عشق پست نہیں
دریدہ سر ہیں تو کیا غم شکستہ دست نہیں
مرے وطن کی جبیں پر دمک رہا ہے جو زخم
وہ نقشِ فتح ہے داغِ غمِ شکست نہیں

گریزد از صفِ ما ہر کہ مردِ غوغا نیست
کسے کہ کشتہ نشد ، از قبیلۂ ما نیست


کلام : احمد فراز

×کشمیر کا ایک قصبہ
 

حسان خان

لائبریرین
میرا ذاتی خیال ہے کہ احمد فراز مرحوم غزل کے بجائے نظم کے اچھے شاعر تھے، جس کا ایک ثبوت یہی نظم ہے۔ یہ بدقسمتی ہے کہ اُنہوں نے غزل پر ہی توجہ مرکوز رکھی اور آج وہ غزل کے حوالے سے ہی مشہور ہیں۔
خیر یہ صرف میری ذاتی رائے ہے۔ :)
 

فرحت کیانی

لائبریرین
انتخاب کی پسندیدگی کے لئے بہت بہت شکریہ غدیر زھرا ، عائشہ عزیز ، سید شہزاد ناصر ، بھلکڑ ، فراز اور حسان خان! :)

میرا ذاتی خیال ہے کہ احمد فراز مرحوم غزل کے بجائے نظم کے اچھے شاعر تھے، جس کا ایک ثبوت یہی نظم ہے۔ یہ بدقسمتی ہے کہ اُنہوں نے غزل پر ہی توجہ مرکوز رکھی اور آج وہ غزل کے حوالے سے ہی مشہور ہیں۔
خیر یہ صرف میری ذاتی رائے ہے۔ :)


میں بھی آپ کی رائے سے کسی حد تک متفق ہوں حسان۔ :)
 

عبدالحسیب

محفلین
عمدہ شراکت فرحت کیانی صاحبہ بہت شکریہ

میرا ذاتی خیال ہے کہ احمد فراز مرحوم غزل کے بجائے نظم کے اچھے شاعر تھے، جس کا ایک ثبوت یہی نظم ہے۔ یہ بدقسمتی ہے کہ اُنہوں نے غزل پر ہی توجہ مرکوز رکھی اور آج وہ غزل کے حوالے سے ہی مشہور ہیں۔
خیر یہ صرف میری ذاتی رائے ہے۔ :)

میری ادنیٰ رائے بھی یہی ہوگی اگر دریافت کی جائے :):)
 
Top