میں اس کام میں کیسے شامل ہوسکتا/سکتی ہوں؟

نعمان

محفلین
اردو ویب، کمپیوٹنگ اور بالخصوص ویب پر اردو زبان کی ترقی اور ترویج کے لئیے رضاکارانہ بنیادوں پر بنایا گیا ایک ویب سائٹ ہے۔ اس فورم میں ہم اوپن سورس سوفٹویر کو مقامیانے یعنی انہیں اردو کے قالب میں ڈھالنے کی کوششوں پر مباحثہ کرتے ہیں۔ اردو ویب کے لوکلائزیشن پروجیکٹس کا ایک سرسری جائزہ اس وکی صفحہ پر ملاحظہ فرمائیں۔

ہمیں اندازہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس کام میں ہماری مدد کرنا چاہتے ہونگے مگر کام کی پیچیدگی اور اس میں حائل مشکلات یا لوکلائزیشن و ترجموں کے کام سے قطعا ناواقفیت کی بنا پر ہمارے ساتھ شامل نہ ہوپاتے ہونگے۔ اس پوسٹ کا مقصد ایسے لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ اس پوسٹ میں ہم آپ کو سکھائیں گے کہ اردو ویب پر کس طرح ترجمے کا کام کیا جاسکتا ہے اور کس طرح آپ اوپن سورس کمیونٹی اور اردو زبان کی ترقی و ترویج میں حصہ لے سکتے ہیں۔

اردو ویب کے لوکلائزیشن پروجیکٹس کا سب سے اہم حصہ ہے سوفٹویرز کا ترجمہ کرنا۔ اس کے لئیے اوپن سورس کمیونٹی gettext tools استعمال کرتی ہے۔ ان ٹولز کی مدد سے مقامیانے کے لائق یا ترجمہ کرنے کے لائق فائلوں کو بصورتpo file بانٹا جاتا ہے۔ پو فائل ایک خاص قسم کی ٹیکسٹ فائل ہوتی ہے۔ جس میں ایک سطر میں انگریزی اصطلاح ہوتی ہے اور دوسری خالی جس میں ترجمہ کرنے والا اپنا ترجمہ شامل کرتا ہے۔

مثال کے طور پر دیکھئیے یہ پو فائل۔ اسے ڈاؤنلوڈ کیجئیے اور اپنی پسند کے ٹیکسٹ ایڈیٹر میں کھول کر دیکھئیے۔

پو فائلیں ایڈیٹ کرنے کے لئیے گرچہ ایک معیاری ٹیکسٹ ایڈیٹر کافی ہے۔ لیکن انٹرفیس کی سہولت کے ساتھ کئی ایسے مفت اور آسان ایڈیٹر بھی دستیاب ہیں جو اس کام کو اور بھی زیادہ سہل بنادیتے ہیں۔ جیسے poedit یا اگر آپ لنکس استعمال کررہے ہیں تو gtranslator۔

اگر آپ کوئی ایڈیٹر استعمال نہیں کرنا چاہتے تو آپ یہ فائلیں آنلائن بھی ترجمہ کرسکتے ہیں۔ اردو ویب کے انٹرانس پر اکاؤنٹ بنائیے اور دیکھیں یہ صفحہ۔ اس صفحے پر آپ کو انگریزی اصطلاحات کے سامنے اردو ترجمے نظر آرہے ہونگے۔ جن ترجموں کے آگے صحیح کا نشان ہے وہ درست ہیں انہیں نہیں چھیڑیں تو بہتر ہے۔ جن تراجم کے آگے گفٹ باکس کا نشان ہے وہ سفارش کردہ ترجمے ہیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ وہ صحیح ہیں تو انہیں سبمٹ کردیں۔ جن انگریزی اصطلاحات کے آگے No Suggestions available لکھا آئے ان کے لئیے کوئی سفارش کردہ ترجمہ دستیاب نہیں اور آپ اس معاملے میں آزاد ہیں کہ اپنا ترجمہ سفارش کریں۔

انٹرانس اور آفلائن ایڈیٹنگ کا موازنہ

زیادہ تر رضاکاران پو فائلیں آفلائن ایڈیٹ کرنا مناسب سمجھتے ہیں۔ تاہم انٹرانس کا استعمال بھی بہت مفید ہے کیونکہ آپ کا کام فورا آنلائن آجاتا ہے۔ اور دوسرے لوگ آپ کے کام تک فوری رسائی پاتے ہیں۔ آفلائن ایڈیٹ کرنے میں یہ قباحت ہے کہ ہوسکتا ہے کوئی اور اس فائل پر پہلے ہی ترجمہ کررہا ہو اور آپ بھی شروع کردیں یوں ایک جیسے ترجمے موصول ہونے کی صورت میں افرادی قوت کا ضیاع ہوتا ہے۔

آفلائن ایڈیٹنگ یا ترجمہ کرنا کئی لحاظ سے فائدہ مند ہے۔ جیسے کہ بغیر انٹرنیٹ کنکشن کے کام کرسکنے کی صلاحیت، سست انٹرنیٹ کنکشن کی صورت میں آفلائن کام زیادہ تیز رفتار ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے آپ کو انٹرانس پر نصب اردو کی بورڈ استعمال کرنے میں دشواری ہوتی ہے اور آپ اپنے کمپیوٹر کا کی بورڈ استعمال کرنا چاہتے ہوں۔ یا آپ کو آفلائن ایڈیٹر سہل معلوم ہوتے ہوں۔

آنلائن یا آفلائن یہ سراسر آپکا اپنا فیصلہ ہے جو آپ اپنی آسانی اور سہولت دیکھتے ہوئے کرتے ہیں۔

دستیاب اوزار

ترجمہ کرتے وقت آپ کو کئی مرتبہ ہچکچاہٹ کا سامنا ہوسکتا ہے۔ جیسے آیا کوئی ترجمہ صحیح ہے یا نہیں؟ دیگر لوگ اس انگریزی الفاظ کے لئیے کیا ترجمہ استعمال کررہے ہیں؟ نئے الفاظ کے ترجمے کے سلسلے میں کس سے مدد و مشاورت حاصل کی جائے؟ وغیرہ۔

اردو ویب پر لوکلائزیشن کے کام کو آسان تر بنانے کے لئیے کافی کام کیا جاچکا ہے۔ اور آپ کو کئی سہولیات میسر ہیں۔ ضروری ہے کہ بطور مترجم آپ ان سہولیات سے واقف ہوں تاکہ ان کا کماحقہ فائدہ حاصل کرسکیں

اردو ویب لوکلائزیشن پالیسی گائیڈ لائن۔ اردو ویب کے تمام لوکلائزیشن منصوبہ جات اس پالیسی گائیڈ لائن پر استوار ہیں۔ یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اسے پڑھیں اور اسی دستاویز کی رہنمائی میں ترجمے کا کام انجام دیں۔ اس دستاویز کا مقصد معیاری تراجم کو ممکن بنانا، ہم آہنگی برقرار رکھنا اور یکسانیت سے بچنا ہیں۔ اس کا مطالعہ ضروری اور لازمی ہے۔ اس رہنما کے بارے میں آپ اپنے سوالات یہاں پوچھ سکتے ہیں۔

اردو ورڈ بینک۔ ایک چھوٹی سی ویب بیسڈ ڈکشنری ہے جس میں سوفٹویر کو مقامیانے اور ترجمہ کرنے کے لئیے کوئی بھی کسی بھی انگریزی اصطلاح کا ترجمہ شامل کرسکتا ہے۔ ترجمے دیکھ سکتا ہے اور ترجموں کی درخواست کرسکتا ہے۔ یہاں موجود ترجمے اردو ویب کی لوکلائزیشن پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مدون کئیے جاتے ہیں۔ آپ چاہیں تو اس میں موجود ترجموں کی درخواستوں کے جوابات دے سکتے ہیں، نئے ترجمے شامل کرسکتے ہیں یا اسے بطور لغت استعمال کرسکتے ہیں۔

اردو محفل لوکلائزیشن فورم۔ اردو محفل کے اس سب فورم کو ہم مقامیانے کے منصوبوں پر مباحثوں، استسفارات، مدد، رہنمائی اور مشاورت کے لئیے استعمال کرتے ہیں۔ آپ اس حوالے سے اس فورم میں کوئی بھی نیا تذکرہ شروع کرسکتے ہیں۔ یہ فورم تمام لوکلائزیشن منصوبوں کی تنظیم، ترتیب، مشاورت کے لئیے مرکزی پلیٹ فارم ہے۔ اس لئیے اس پر حصہ لینا بطور مترجم آپ کے لئیے نہایت مفید ہوگا۔

اردو ترجمہ ٹیم۔ یہ اچھا ہوگا کہ بطور رضاکار آپ اپنی خدمات کی دستیابی سے دیگر رضاکاران کو اس تھریڈ کے ذریعے آگاہ کریں۔ یہاں پیغام دینے اور اظہار دلچسپی ظاہر کرنے پر آپ کو کوئی ایک فائل آپ کی خواہش اور منشاء کے مطابق سونپ دی جائیگی۔ ایسا اس لئیے کیا جائیگا کہ کہیں کوئی رضاکار کسی ایسی فائل کا ترجمہ شروع نہ کردے جو پہلے ہی کوئی دوسرا رضاکار کررہا ہے۔

اگر اس کتابچے میں کوئی اہم معلومات بیان ہونے سے رہ گئی ہو یا آپ کو درکار معلومات حاصل نہ ہوں تو اپنا پیغام اسی تھریڈ کے جوابات میں شامل کریں۔
 

نورالدین

محفلین
اردو ویب، کمپیوٹنگ اور بالخصوص ویب پر اردو زبان کی ترقی اور ترویج کے لئیے رضاکارانہ بنیادوں پر بنایا گیا ایک ویب سائٹ
اگر آپ کوئی ایڈیٹر استعمال نہیں کرنا چاہتے تو آپ یہ فائلیں آنلائن بھی ترجمہ کرسکتے ہیں۔ اردو ویب کے انٹرانس پر اکاؤنٹ بنائیے اور دیکھیں یہ صفحہ۔ اس صفحے پر آپ کو انگریزی اصطلاحات کے سامنے اردو ترجمے نظر آرہے ہونگے۔ جن ترجموں کے آگے صحیح کا نشان ہے وہ درست ہیں انہیں نہیں چھیڑیں تو بہتر ہے۔ جن تراجم کے آگے گفٹ باکس کا نشان ہے وہ سفارش کردہ ترجمے ہیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ وہ صحیح ہیں تو انہیں سبمٹ کردیں۔ جن انگریزی اصطلاحات کے آگے No Suggestions available لکھا آئے ان کے لئیے کوئی سفارش کردہ ترجمہ دستیاب نہیں اور آپ اس معاملے میں آزاد ہیں کہ اپنا ترجمہ سفارش کریں۔
مذکورہ ربط پر تو یونی کوڈ ٹائپنگ کے پراجیکٹ چل رہے ہيں ۔ کیا اردو لوکلائزیشن کا منصوبہ اس ربط پر ختم کر دیا گیا ہے ؟
 
Top