محمد ﷺ کی ذات ہے (ہلاؔل جعفری)


کُن کی تجلیّات محمد ﷺ کی ذات ہے
نُورِ الہیّات محمد ﷺ کی ذات ہے

عکسِ جمالیات محمد ﷺ کی ذات ہے
آئینہ دارِذات محمد ﷺ کی ذات ہے

بعد از خدا کی ذات محمد ﷺ کی ذات ہے
اللہ کی صفات محمد ﷺ کی ذات ہے

مقصودِ کائنات محمد ﷺ کی ذات ہے
تکمیلِ شش جہات محمد ﷺ کی ذات ہے

سرتاپا التفات محمد ﷺ کی ذات ہے
رحمت کی کلیات محمد ﷺ کی ذات ہے

تاریکیِ لحد ہو کہ ہنگامِ حشر ہو
صورت گرِ نجات محمد ﷺ کی ذات ہے

کہتے ہیں جس کو باعثِ تخلیقِ کائنات
وہ ذات ایک ذات محمد ﷺ کی ذات ہے

جن کا نہیں جواب نہ جن کی کہیں مثال
وہ بےمثال ذات محمد ﷺ کی ذات ہے

کرتے ہیں آپ بات خدا کی زبان میں
قرآں کی بات بات محمد ﷺ کی ذات ہے

آتا ہے جس کے واسطے رب کی جناب سے
نذرانہِ صلٰوۃ محمد ﷺ کی ذات ہے

تُو بھی ہلاؔل مانگ لے جو مانگتا ہے آج
مائل بہ التفات محمد ﷺ کی ذات ہے

کلام : ڈاکٹر سیّد ہلاؔل جعفری
 
Top