ماحولیاتی انصاف، پاکستانی مطالبہ منظور، متاثرہ ممالک کیلئے عالمی فنڈ قائم، 134 ترقی پذیر ملکوں کو فائدہ ہوگا، عبوری کمیٹی قائم، آئندہ برس دبئی اجلاس

21 نومبر ، 2022

شرم الشیخ (اے ایف پی، جنگ نیوز) موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مصر میں جاری عالمی کانفرنس’’ کوپ 27‘‘ ماحولیاتی تباہی سے متاثرہ کمزور ممالک کیلئے ’’ڈیمج اینڈ لاس فنڈ‘‘ کے قیام کے تاریخی معاہدے پر اختتام پذیر ہوگئی، اس عالمی فنڈ سے 134ترقی پذیر ممالک کو فائدہ ہوگا، معاہدے پر عملدرآمد کیلئے عبوری کمیٹی قائم کردی گئی، کمیٹی ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کے نقصانات کے ازالے کیلئے قواعد وضوابط طے کرے گی، فنڈنگ کے نئے اور اضافی ذرائع بھی تلاش کئے جائیں گے، عبوری کمیٹی آئندہ برس دبئی میں کوپ 28کے اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دو ہفتے طویل مذاکرات میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج پر قابو پانے کیلئے مزید اقدامات پر اتفاق نہ ہوسکا،اقوام متحدہ، برطانیہ اور یورپی یونین سمیت کئی ممالک نے گوبل وارمنگ پر قابو پانے کیلئے کاربن کا اخراج کم کرنے کیلئے مزید اقدامات پر اتفاق نہ ہونے پر تنقید کی ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹرس نے کہا ہے کہ مذاکرات میں ماحولیاتی تباہی سے ہونے نقصانات کے ازالے کیلئے فنڈ کا قیام انصاف کی جانب اہم پیش رفت ہے تاہم گلوبل وارمنگ پر قابو پانے کیلئے کاربن کا اخراج کم کرنے کی ہنگامی ضرورت پر پیش رفت میں ناکامی ہوئی، انہوں نے کہا کہ کرہ ارض بدستور ایمرجنسی روم میں ہے، ہمیں فوری طور پر شدت سے کاربن کا اخراج کم کرنا ہوگا اور کوپ کانفرنس اس اہم مسئلے کو حل نہ کرسکی، برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے خربدار کیا ہے کہ ہمیں مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ فرانس نے بھی کہا ہے کہ مذاکرات میں عزم کی کمی نظر آئی، گرین ہاوس گیس کے اخراج اور قدرتی ایندھن کے استعمال کو ترک کرنے پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، یورپی کمیشن کے نائب صدر فرانز ٹمرمانس کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کو مایوسی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ 80سے زائد ممالک نے کاربن کا اخراج کم کرنے کی حمایت کی تھی، انہوں نے کہا کہ ہمارے سامنے جو کچھ ہے وہ لوگوں اور کرہ ارض کیلئے ناکافی ہے، ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں زیادہ ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے والے بڑے ممالک کی جانب سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج کم کرنے کیلئے اضافی اقدامات شامل نہیں رہے، امریکا میں ماحولیات سے متعلق سفیر جان کیری نے اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گرین ہاؤس گیسز (نقصان دہ گیسز ) کے اخراجات کیلئے پیش رفت تیز کرے ، جان کیری کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی بحران دو طرفہ مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے ،امید ہے چین اپنی عالمی ذمہ داری نبھائے گا ، چینی سفیر زائی نے جان کیری سے ملاقات کو تعمیری ، دوستانہ اور مثبت قرار دیا ہے،جنوبی افریقا نے عالمی فنڈ کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں مزید ہنگامی اقدام کی ضرورت ہے ۔ کوپ 27اجلاس کے حتمی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گلوبل وارمنگ میں اضافے کی حد کو صنعتی دور سے قبل کی حد1.5فیصد تک برقرار رکھنے کیلئے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ پہلی بار اعلامیے میں قابل تجدید توانائی پر بھی بات کی گئی ہے جبکہ ماضی میں کوئلے پر چلنے والے بجلی کے پلانٹس پر انحصار اور ایندھن کے استعمال کو سلسلہ وار کم کرنے کے مطالبات کو بھی دہرایا گیا ہے۔

یہ خبر روزنامہ جنگ سے لی گئی ہے
 

وجی

لائبریرین
بس پیسے بنانے کا ایک اور ذریعہ پیدا کیا گیا ہے ۔
ہمارے سیاستدان تو بڑے خوش ہونگے۔
 
Top