لعنت مجھ پر --- لعنت مجھ پر

مغزل

محفلین
شکریہ مرزا جی ، بہر کیف یہ میرا ذاتی عمل ہے اور میں اپنے اس عمل میں اپنی پوری روح کے ساتھ شامل ہوں‌، خیر ۔۔ آپ کی محبتوبں کے لیے سراپا ممنون و متشکر ہوں ، والسلام
 

مغزل

محفلین
لعنت مجھ پر
میں نے کراچی میں‌ خون کی ہولی کھیلی ، میں نے ہی آگ لگائی ، میں ہی سوگ میں ہوں ،
میں‌ہی ماتم کناں ہوں ، میں ظالم ہوں میں ہی مظلوم بھی ۔۔ سو ----
لعنت مجھ پر
 

S. H. Naqvi

محفلین
ہاہاہاہاہا واہ کیا خوب جناب، کیا خود پر لعنت کرنے سے ان مسائل کا حل نکل آئے گا؟ کیا لعنت سے یہ سب ظلم رک جائے گا؟ ارے بابا کہیں آپ کا تعلق کسی اور ٹولے سے تو نہیں کہ ہر ایک پر لعنت بیجھ کے خود کو بری کر لیتے ہیں؟ ارے اگر اس ظلم پر دل اتنا ہی پریشان ہے تو کچھ کیجئیے نا میرے بھائی!!! یہ کیا کہ اپنے گھر میں بیٹھ کر، کھا پی کر، بس خود پہ لعنت بیجھ کرمطمعن ہو کر بیٹھ گئے ہیں؟ واہ کیا طریقہ ڈھونڈا ہے آپ نے احتجاج کا!!!! ارے سچ میں یہ سب کچھ آپ کا دل جلا رہا ہے اور یہ سب دیکھ کر آپ کو اپنے انسان ہونے پہ غصہ آ رہا ہے تو صاحب کچھ کیجئیے نا، صرف لعنت سے کام نہیں چلے گا۔ ارے آپ کچھ نہ کر سکے لیکن کسی ایک، ہاں صرف کسی ایک لعنتی کو ہی ختم کر ڈالا، بدل ڈالا تو یقین کیجئیے یہ عمل آپ کا خود پہ ہزار بار لعنت کرنے سے بہتر ہو گا!!!!!! اور کچھ نہیں تو کم از کم جنگلوں کو ہی نکل جائیں تاکہ اس دنیا میں کوئی تو سچا ہو!!!کوئی تو مثال بنے، یا پھر چھوڑیں سب اور "ہم سب" کے ٹولے میں شامل ہو جائیں، کھائیں پیئیں، کچھ مزمتی بیان دیا کریں اور زندگی کے دن "جیو اور جینے دو" کے اصول پر گزاریں، کیوں نا حق جی جلاتے ہیں!!1
 

مغزل

محفلین
س ہ (ح) نقوی صاحب /صاحبہ
میں بنیادی طور پر قلمکار ہوں ۔ ہتھیارا نہیں ہر چند کہ معاملہ انتہائی غلیظ سطح پر آچکا ہے ۔مگر میں جیسا بھی ہے میں اس ملک کے قانون کو ہاتھ میں لینے کا نہیں سوچ سکتا سو یہ اشتعال کی پھونکیں میرا کچھ نہ بگاڑ سکیں گی۔پھر یہ کہ اس لڑی کی ابتداسے محفلین میرے مزاج کو جانتے ہیں کہ یہ لڑی خالصتاً میری ذاتی داخلی کیفیت کے حوالے سے ہے اوردیگر دوست بھی میری اس خلوت میں اپنا فلسفہ نہیں جتاتے کہ وہ سب جانتے ہیں کہ ان کا اپنا نکتہ نظر پیش کرنے سے میری لڑی کی حیثیت مجروح ہوگی۔ میں تو خیر خود کو لعن طعن کربھی رہا ہوں ۔۔ بعضوں کو یہ بھی نصیب نہیں ہوتا ،سورۃ بقرہ کی آیت کی طرح دلوں پر قفل لگ جاتے ہیں ۔ مزید واضح کردوں کہ میں کسی ’’ لعنتی‘‘ کو ختم کرنے کا قائل نہیں ’’ لعنت‘‘ کے ختم ہونے کا قائل ہوں ، عام زندگی میں جو کرسکتا ہوں جس محاذ پر کر سکتا ہوں کرتا ہوں ۔میں نے مملکتِ خداداد پاکستا ن کے قانون کی کبھی خلاف ورزی نہیں کی ، الحمد للہ، مجھےسترہ برس ہونے کو ہیں کبھی میرا چالان نہیں ہواکہ میں سڑک کے قوانین بھی جانتا ہوں اور عمل بھی کرتا ہوں۔پاکستان بھر کے کسی تھانے میں میرے حوالے سے کسی ذاتی جھگڑے کی بھی مثال نہیں ملتی، میں نے جو بھی کچھ کیا وہ قانون کے دائرے میں رہ کر کیا یہ الگ بحث ہے کہ قانون میں کہاں کہاں جھول موجود ہے۔۔میں کسی غّرے میں مبتلا نہیں کہ جتلاتا پھروں مگر آپ کے سوال نے مجھے مجبور کیا کہ میں آپ کی ذہنی بالیدگی پر حرف نہ آنے دوں ۔
قبلہ یا محترمہ
میں نہ بجلی چور ہوں نہ گیس چور، نہ کبھی ٹیکس بچایا، سڑکوں پر جھاڑو بھی دی تو ایک شاعر ادیب ہونے کی حیثیت میں تاکہ لوگوں کو اصلاح احوال کا اشارہ مل سکے ، ٹریفک جام میں ہنگاموں میں گھرکو کبھی نہیں بھاگا بلکہ دوسروں کی مدد میں اپنی جان ہتھیلی پر لے کر منہمک رہا، ایک عرصہ ایک سرکاری ہسپتال میں بلا معاوضہ بغیر کسی نام نمود کی پرواکہ میل نرس کے فرائض بھی ادا کیے ، اس حد تک کہ ہسپتال کے اراکین اپنا بوجھ مجھ پر ڈالنے لگے اور اپنے فرائض سے بھاگنے لگے تو ایک طویل خط کےبعد وہ ہسپتال چھوڑ دیا کہ میری مدد کی وجہ سے اگر آپ لوگ چور بازاری پر اتر آئے ہیں تو اللہ حافظ،
قبلہ / محترمہ،
آئیے میں بتاتا ہوں آپ کو۔۔ کھا پی کر مطمعن بیٹھنے والے لوگ خود کو لعن طعن نہیں کرتے ایسا وہی کرتے ہیں جنہیں اپنے ہونے اور اپنے ارزاں ہونے کا احساس ہوتا ہے۔جہاں قانون آڑے آجاتا ہے وہاں میں خود کو لعن طعن کرتا ہوں ۔امید ہے آپ کا مزاج میری باتوں سے برہم نہ ہوگا،میں فطرتاً باغی ہوں اپنے ماحول کا جو مجھے اس ارضِ پاک پر نظر آتاہے ۔ مگر میں کبھی احتجاج کےنام پر اپنے جیسے انسان کے جان و مال کو ہلاکت میں نہیں ڈال سکتا ، میں نے ہی ایک بزرگ فنکار کےحوالے سے آرٹس کونسل پاکستان کے سامنے اس دن احتجاج میں شرکت کی جب آرٹس کونسل میں انتخابات ہورہے تھے ،ہمارا کہنا صرف اتنا تھا کہ معاشرے میں شاعر ادیب فنکارکو اس کا اصل مقام دیا جائے ورنہ ہم شاعروں ادیبوں فنکاروں سے اپنے جوتے پالش کروائیں، خدا گواہ کی ایک فٹ پاتھ پر سارا دن دھوپ میں بیٹھے رہے اور مزے کی بات یہ کہ شاعروں ادیبوں کے جوتے پالش کیے ۔۔ ایڈمرل ایم آئی ارشد سے لے کر اس وقت حکومت میں منصب کے اسیربسیوں ’لیڈرز‘‘ ہمارے ساتھ اسی فٹ پاتھ پر بیٹھے اور جوتے پالش کیے۔۔ بعد میں ان کی آنکھیں سروں کی پشت پر چلی گئیں یہ الگ قصہ ، حوالہ کے طور پر کسی بھی ٹی وی کی فوٹیج دیکھ سکتے ہیں۔۔ یہ کسی اجرت کی خاطر نہیں تھا، ہاں ایک بات اور کہ اس کی پاداش میں ہمیں آرٹس کونسل کی رکنیت سے ہاتھ دھونا پڑے، ہم پر مشاعروں اور ادبی تقاریب پر شرکت پر پابندی لگائی گئی، یہ سب ’’کھا پی کر لعن طعن کرنے والے ‘‘ نہیں کرتے قبلہ میں اختلاف کی حد میں کسی سے رعایت نہیں مانگتا، اپنے حصے کی غلاظت خود دھوتا اور سمیٹتا ہوں، اور میں اکیلا ہی نہیں ہوں ایسا، ۔۔ میرا حلقہ احباب اسی سوچ پر کاربند ہے۔ میں نوجوان نسل کا واحد شاعر تھا جس پر مشرف دور میں حکومت مخالف شعر پڑھنے پر پابندِ سلاسل بھی کیا گیا میں اپنے بزرگوں کی روح سے شرمندہ نہیں ہوں قبلہ۔۔ لوگ عام طور پر مصرع لکھنے افسانہ لکھ لینے کو ادب گردانتے ہیں ادب تذکیہ کا نام ہے ۔ اور قربانی مانگتا ہے ،میری ان سطور کو جذباتی یا میرا غصہ نہ سمجھا جائے میں بڑے سکون سے گوش گزار کررہا ہوں۔۔ ادب خود ایک تحریک کا نام ہے ایک فسلفہ کا نام ہے ایک طرزِ حیات کا نام ہے ، اس میں مجھ ایسے چھوٹے اپنے حصے کی صعوبتیں بھی جھلیتے ہیں، کھا پی کر مطمعن نہیں ہوتے ۔۔ اور خود کو مجبور پاکر خود پر ’’ لعن طعن ‘‘ بھی کرتے ہیں۔۔۔ اس لیے میری اس لڑ ی کو میرے ذاتی فلسفے پر ہی رہنے دیجے ۔۔۔ جب تک ظلم جبرو استبداد رہے گامیرا طریق یہی رہے گا۔۔۔ لیجے میں لگاتا ہوں نعرہِ مستانہ۔۔۔۔ ’’ لعنت مجھ پر ‘‘ ’’ لعنت مجھ پر ‘‘
 

مغزل

محفلین
کس کس کو روئیں گے محمود بھائی، یہاں تو آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔
سب کو روئیں گے شمشاد بھائی ، خود کو بھی تو رونا ہے ناں سو پہلے خود کو روتا ہوں۔ ہمارے معاشرے میں کسی شاعر لکھاری کو محض ٹٹ پونجیا سمجھ لیا گیا ہے، بلکہ بھانڈ میراثی تک ، خود نام نہاد شعراء نے شاعروں ادیبوں کی یہ وقعت طے کروائی ہے کہ۔۔ خود کہتے ہیں کہ شاعر درباری مسخرے ہوتے ہیں۔۔ اس لیے کہتا ہوں ۔۔ ایسی پستی میں، میں شاعر ہوں لعنت مجھ پر
 

مغزل

محفلین
اپنا ہی ایک مراسلہ نظر آگیا ۔ اُ سے تو یہاں ہونا چاہیے تھا۔۔۔
خیر حالات ویسے ہی ہیں ’’ ناٹو ‘‘ کا ’’ نپولین‘‘ اپنا کام کر چکا اور ہم شہیدوں کو دفنا بھی چکے ۔۔

کسی نے طاعون کے بعد شہر دیکھا ہو تو سمجھ سکتا ہے ۔گلی کے نکڑ سے گھر تک شاید پیر دھرنےکی جگہ ملے زہرخوردہ کتوں کی طرح انسان (بروزنِ حیوان) پڑے ہونگے ۔ بے گور و کفن لاشے ۔۔ جنہیں انسان نامی درندے نے ادھیڑ رکھا ہو ۔۔ کسی کے سر میں سوراخ سے گندا (تعصب سےبھرا ) خون رسے گا کسی کے دھڑ سے ۔۔ کسی کی آنکھیں ابل رہی ہونگی ۔۔ کسی کان کٹے ہونگے آراہ کتوں کو رزق ملے گا ، لاشیں اٹھانے والوں کو رزق ملے گا ۔۔ کفن بیچنے والوں کو دال روٹی ملے گی۔۔ قبریں کھودنے والوں کے ہاں گوشت پکے گا۔۔ قصابوں کی چاندی ہوگی ۔ قناتیں لگیں گی ۔۔ دیگیں پکیں گی۔ اور امت ِ محمدی ۔۔۔۔۔۔۔ بڑے شان سے دانتوں میں خلال فرماتے ہوئے کہے گی ۔۔ بریانی اچھی تھی ۔۔مگر مصالحہ کم تھا۔۔۔۔۔۔۔ دوسرا کہے گا۔۔۔۔۔ یار فلاں کے ہاں کیا بریانی تھی قسم سے مزا آگیا۔ پھر ہم ایک بار اور محمد احمد کی نظم ’’ بے حسی ‘‘ پڑھیں گے اور ۔۔۔۔۔ اناللہ و انا الیہ راجعون ۔۔ کاپی پیسٹ کرتے رہیں گے۔۔۔ زیادہ ہوا تو ‘‘ احتجاج’’ کریں گے۔۔ اور ۔۔۔ اگلے واقعے کا انتظار۔۔۔ سچ ہے جو بویا تھا وہ کاٹ رہے ہیں ہم ۔۔۔ بوڑھی ہڈیوں والے قائد اعظم کو جو قوم ایمبولینس میں آکسیجن نہ دے سکے ایندھن نہ دے سکے ۔۔ اس کے ساتھ یہی ہونا چاہیے ۔۔۔

رحم کے قابل نہیں تھا آدمی
آسماں نے جو کیا اچھّا کیا !!!!
(انور شعور)

ہمارا المیہ ہی یہی ہے کہ کسی نجات دہندہ کی تلاش میں‌ہوتے ہیں ۔ جیے بھٹو۔ کبھی جیے الطاف، جیے ولی ، جیے نواز اور جیے فلاں کے نعرے لگاتے ہوئے ووٹ دینے ہم ہی جاتے ہیں۔۔ اور پھر یہ ناسور ۔۔ سؤر بن کر ہمارے خون سے منھ دھوتے ہیں۔ ہمیں جاہل رکھ کر دال روٹی میں‌الجھا دیا گیا ۔۔۔حیف ہم جانوروں سے بھی بد تر ہیں۔ کوئی عذاب ہی ہمیں سنبھال سکتا ہے ۔ دنیا میں دو طرح کی قومیں ہیں ۔۔۔ زوال یافتہ اور زوال پزیر۔ ہم تیسری نسل ہیں ۔۔ جو ’’ زوال آمادہ ‘‘ ہیں۔۔ مذہب کو بھی ہم منھ کا چٹخارہ بنارکھا ہے ۔۔لاکھوں کعبے میں جاتے ہیں ۔۔۔۔۔ مووی بناتے ہیں اور واپس آکر ۔۔ انسانوں کا خون چوستے ہیں۔ عبادات دکھلاوے کی ۔۔ بس پیسہ اور اقتدار ۔۔۔۔ کی بدمستی ہی ہمارا مذہب ہے ۔ لعنت ہم پر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ (یہاں کسی کو ’’ ہم ‘“ پر اعتراض ہو تو ’’ہم ‘‘ سے مراد میری لی جائے )

کیا کہتے ہیں ؟؟؟ ہے نا لعنت مجھ پر۔۔۔۔لعنت مجھ پر کہ میں اس قوم کا فرد ہوں جو اپنے دیئے ہوئے ٹیکس سے لاشیں خریدتی اور بیچتی ہے اور ’’شہادت‘‘ کے تمغے تقسیم کرتی ہے۔۔لعنت مجھ پر۔
 

حماد

محفلین
قہر درویش بر جان درویش ---آپ اپنے سینے میں حساس دل رکھتے ہیں ، اور حقیقی معنوں میں درویش ہیں اسلئے دوسروں کی بجائے خود اپنے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں۔ دوسروں کے گریبان پکڑنے کی بجائے، پہلے خود اپنے گریبان میں جھانک رہے ہیں۔ وگرنہ آجکل کے نام نہاد درویش صرف دوسروں پر لعنت بھیج کر خود کو مجاہد اعظم سمجھ بیٹھتے ہیں۔
 
سچا درویش تو وہی ہے جو ہمیشہ اُنہیں شیاطین اوردجالی گروہوں پرلعنت بھیجتا ہے جن پر کتابِ حکمت قران حکیم بھی کھلی لعنت بھیجتا ہے ، سچا درویش وہی ہے جو انہی دشمنان اسلام پر لعنت بھیجتا ہے جن پر اللہ جل جلالہ ، اللہ کے آخری نبی خاتم الانبیاء صلی اللہ وسلم اورانہیں خاتم النبیین ماننے والے مسلمانوں کی لعنتیں تا قیامت ہیں ۔ سچا درویش وہی ہے جو اللہ کے سچے نبیوں پر ہردم درود اورکافروں کے پالے فتنوں پرہر دم لعنت بھیجتا ہے۔ اسی لئے تو سچے درویشوں کے چہرے پر ہمیشہ اللہ کا نور برستا ہے اوراللہ ہی اُن کی حفاظت کرتا ہے
 
كَيْفَ يَهْدِىْ اللّٰهُ قَوْمًا كَفَرُوْا بَعْدَ اِيْمَانِهِمْ وَشَهِدُوْۤا اَنَّ الرَّسُوْلَ حَقٌّ وَّجَآءَهُمُ الْبَيِّنٰتُ‌ؕ وَاللّٰهُ لَا يَهْدِىْ الْقَوْمَ الظّٰلِمِيْنَ‏ ۔ اُولٰٓٮِٕكَ جَزَآؤُهُمْ اَنَّ عَلَيْهِمْ لَعْنَةَ اللّٰهِ وَالْمَلٰٓٮِٕكَةِ وَالنَّاسِ اَجْمَعِيْنَۙ‏ (آل عمران :۸۷ ، ۸۸)
ترجمہ :۔ اللہ تعالیٰ اس قوم کو کیونکر ہدایت دے گا کہ جس نے اپنے ایمان کے بعد کفر کیا اور انہوں نے گواہی دی تھی کہ یقیناًرسول سچّاہے اور ان کے پاس روشن دلائل بھی آئے۔ اور اللہ تعالیٰ ظلم کرنے والوں کو ہدایت نہیں دیتا۔ یہ وہ لوگ ہیں کہ ان کا بدلہ یہ ہے کہ ان پر یقیناًاللہ تعالیٰ کی اور اس کے فرشتوں کی اور سب لوگوں کی لعنت ہے۔
اللہ بھی کافروں اور اسلام کے دشمنوں پر لعنتیں بھیجتا ہے اور اللہ کا ہر نیک بندہ اور سچا درویش بھی
 
اللہ قرآن مین جن شیاطین اوران کے چیلوں دین اور قوم کے غداروں ، اسلام دشمن گروہوں پر لعنت بھیجتا ہے سچا درویش بھی انہیں پر لعنتیں بھیجتا ہے

۱۔ابلیس پر لعنت

وَّ اِنَّ عَلَیْکَ اللَّعْنَةَ اِلٰي یَوْمِ الدِّیْنِ

یقینا تجھ پر قیامت کے دن تک لعنت ہے۔

(سورہ حجر، آیت ۳۵)

وَّ اِنَّ عَلَیْکَ لَعْنَتِیْٓ اِلٰی یَوْمِ الدِّیْنِ

اور یقینا قیامت تک تجھ پر میری لعنت ہے۔

(سورہ ص، آیت ۷۸)

خدا نے اس پر لعنت کی (اس کو اپنی رحمت سے دور کر دیا) اس پر شیطان نے کہا میں تیرے بندوں میں اپنا ایک مخصوص حصہ ضرور لوں گا۔

۲۔ کافروں پر لعنت

الف: عمومی لعنت

اِنَّ اللهَ لَعَنَ الْکَافِرِیْنَ وَ اَعَدَّ لَہُمْ سَعِیْرًا۔

یقینا خداوند عالم نے کافروں پر لعنت کی ہے۔ (ان کو اپنی رحمت سے دور کر دیا ہے) اوران کے لئے جلا دینے والا عذاب مہیا کیا ہے۔

(سورہ احزاب، آیت ۶۴)

اِنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا وَمَاتُوْا وَہُمْ کُفَّارٌ اُولَآئِکَ عَلَیْہِمْ لَعْنَةٌ اللهِ وَالْمَلَآئَکَةِ وَالنَّاسِ اَجْمَعِیْنَ۔

وہ لوگ جنہوں نے کفر اختیار کیا اور کفر کی حالت میں مر گئے ان پر خدا، فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے۔

(سورہ بقرہ، آیت ۱۶۱)

وَعَدَ اللهُ الْمُنَافِقِیْنَ وَالْمُنَافِقَاتِ وَالْکُفَّارَ نَارَ جَہَنَّمَ خَالِدِیْنَ فِیْہَا، ہِیَ حَسْبُہُمْ، وَ لَعَنَہُمُ اللهُ، وَلَہُمْ عَذَابٌ مُّقِیْمٌ۔

خداوند عالم نے منافق مردوں، منافق عورتوں اور کافروں سے جہنم کی آگ کا وعدہ کیا ہے جس میں وہ ہمیشہ رہنگے۔ یہ ان کے لئے کافی ہے اور خدا نے ان پر لعنت کی ہے اور ان کے لئے ابدی عذاب ہے۔

(سورہ توبہ، آیت ۶۸)

ب۔ جو لوگ ایمان لانے کے بعد کافر ہو گئے

کَیْفَ یَہْدِی اللهُ قَوْمًا کَفَرُوْا بَعْدَ اِیْمَانِہِمْ وَ شَہِدُوْآ اَنَّ الرَّسُوْلَ حَقٌّ وَّ جَآئَہُمُ الْبَیِّنَاتُ، وَاللهُ لاَ یَہْدِیْ الْقَوْمَ الظَّالِمِیْنَ۔ اُولٰٓئِکَ جَزَآوٴُہُمْ اَنَّ عَلَیْہِمْ لَعْنَةَ اللهِ وَالْمَلَآئِکَةِ وَالنَّاسِ اَجْمَعِیْنَ۔

خدا ان لوگوں کی کیونکر ہدایت کرے گا جو ایمان لانے کے بعد کافر ہو گئے۔ انہوں نے رسول کی حقانیت کی گواہی دی تھی اور ان کے پاس روشن دلیلیں آئیں تھیں اور خدا ظالم قوم کی ہدایت نہیں کرتا ہے۔ ان لوگوں کی جزا یہ ہے کہ ان پر اللہ کی، ملائکہ کی اور تمام لوگوں کی لعنت ہے۔

(سورہ آل عمران، آیات ۸۶-۸۷)
 
سچا درویش تو وہی ہے جو ہمیشہ اُنہیں شیاطین اوردجالی گروہوں پرلعنت بھیجتا ہے جن پر کتابِ حکمت قران حکیم بھی کھلی لعنت بھیجتا ہے ، سچا درویش وہی ہے جو انہی دشمنان اسلام پر لعنت بھیجتا ہے جن پر اللہ جل جلالہ ، اللہ کے آخری نبی خاتم الانبیاء صلی اللہ وسلم اورانہیں خاتم النبیین ماننے والے مسلمانوں کی لعنتیں تا قیامت ہیں ۔ سچا درویش وہی ہے جو اللہ کے سچے نبیوں پر ہردم درود اورکافروں کے پالے فتنوں پرہر دم لعنت بھیجتا ہے۔ اسی لئے تو سچے درویشوں کے چہرے پر ہمیشہ اللہ کا نور برستا ہے اوراللہ ہی اُن کی حفاظت کرتا ہے
سارا بیٹا آئیندہ آپ میری حمایت یا دفاع میں کسی کو بھی کبھی بھی کوئی بھی جواب نہیں دو گی ۔۔۔۔۔ نہ تو سید عطا اللہ شاہ بخاری رحمۃ اللہ علیہ اور پیر مہر علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ جیسوں درویشوں کی صدائے حق کو کوئی صلیبی پروردا دبا سکا اور نہ ہی ان کے اس حقیر پیروکار کی آواز کبھی دب سکے گی ، یہ لوگ صرف یورپی پناہ میں سکرین کے پیچھے بیٹھے ایسے ذاتی حملے کر سکتے ہیں ۔آواز ِسگاں کم نہ کنند رزق گداراں
 
لعنت مجھ پر
میں نے کراچی میں‌ خون کی ہولی کھیلی ، میں نے ہی آگ لگائی ، میں ہی سوگ میں ہوں ،​
میں‌ہی ماتم کناں ہوں ، میں ظالم ہوں میں ہی مظلوم بھی ۔۔ سو ----​
لعنت مجھ پر
برادرم محمود مغل صاحب آپ کی یہ گہری باتیں عام لوگوں کی سمجھ میں نہیں آئیں گی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ حسین بن منصور حلاج کی صدائے انالحق کا مطلب بھی لوگوں کوبہت دیر بعدسمجھ آیا تھا جب سید بلھے شاہ رحمۃ اللہ علیہ نے کہا ۔۔۔۔رانجھا رانجھا کردی نی میں آپے رانجھا ہوئی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 

عثمان

محفلین
قہر درویش بر جان درویش ---آپ اپنے سینے میں حساس دل رکھتے ہیں ، اور حقیقی معنوں میں درویش ہیں اسلئے دوسروں کی بجائے خود اپنے ضمیر کو جھنجھوڑ رہے ہیں۔ دوسروں کے گریبان پکڑنے کی بجائے، پہلے خود اپنے گریبان میں جھانک رہے ہیں۔ وگرنہ آجکل کے نام نہاد درویش صرف دوسروں پر لعنت بھیج کر خود کو مجاہد اعظم سمجھ بیٹھتے ہیں۔
نہ چھیڑ درویشاں نوں ! :grin:
 

مغزل

محفلین
سارہ بہن شاد سلامت آباد کامران رہو۔
ہر چند کہ میرے پاس کوئی اختیار نہیں آپ کو روکنے کا مگر التماس گزار ہوں کہ لڑی کے نفسِ مضمون سے مراسلت میں ہم سب کی بہتری ہے۔۔یہ لڑی خالصتاَ میں نے خو د پر لعن طعن کے لیے بنائی تھی۔ غالباً میرےمراسلات یا تو آپ نے پڑھے نہیں یا میری خامی کجی کوتاہی ہوگی کہ میں اپنی بات آپ تک نہیں پہنچا پایا۔ فاروق درویش صاحب کی بات سر آنکھوں پر۔۔اس پر عمل کیا کیجے ۔۔ لو حافظ ِ شیراز کی غزل کاایک شعر یاد آگیا، آپ کی نذر کرتا ہوں۔۔۔

اسپِ تازی شدہ مجروح بہ زیرِ پالاں
طوقِ زرّیں ہمہ در گردنِ خر می بینم

میری ننھی سی بہنا، آپ نے جو جو مراسلات یہاں چسپاں کیے ہیں وہ مجھ ناچیز کے ’’ خود لعنتی‘‘ ایسے عمل سے مطابق نہیں ۔ وہ ’’ شریعت‘‘ والوں کا کام ہے ، میں ’’تصرّفی‘‘ اختیار سے خود طعنہ زن کا معمول ہوں، رہی بات ’’دُرویش کی کہ وہ لعن طعن (دوسروں پر)کرتا ہے ‘‘ اس پر آپ الگ لڑی بنائیں میں اپنے مقدور بھر جہل سمیت وہاں حاضر ہوتا ہوں۔۔ امید ہے مجھے آپ سے سیکھنے کو ملے گا۔ کہ درویش کیا ہوتا ہے اس کے مدارج و مناصب کیا ہوتے ہیں اور یہ کس عالم میں طعن پر قادر ہوتا ہے۔۔ ہاں ’’فاروقی‘‘ (عمرِ فارقی سے مراد)سلسلہ کے ’’ درویش‘‘ اگر ایسا کرتے ہیں تو میں میں عرض گزار ہوہی چکا کہ آپ سلسلہ شروع کیجے اور باقی ماندہ گفتگو وہاں ہوگی انشا اللہ۔

حاشیہ :
دیگر دوستوں سے بھی دست بستہ (ہاتھ باندھ کر / ہاتھ جوڑ کر) التماس ہے کہ لڑی کو فروگزاشت کے تنور میں نہ جھونکا جائے ۔۔
ہاں کسی دوست کو میرے اس عمل سے تکلیف پہنچتی ہے تو منتظمین کو اطلاع کریں اور یہ لڑی ہی حذف کروادیں مگر خدارا اپنے اپنے فلسفے سے مجھ ناچیز و جہل مرتبت کو محروم رکھیں۔
 

مغزل

محفلین
برادرم محمود مغل صاحب آپ کی یہ گہری باتیں عام لوگوں کی سمجھ میں نہیں آئیں گی ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔
حسین بن منصور حلاج کی صدائے انالحق کا مطلب بھی لوگوں کوبہت دیر بعدسمجھ آیا تھا جب سید بلھے شاہ رحمۃ اللہ علیہ نے کہا ۔۔۔ ۔
رانجھا رانجھا کردی نی میں آپے رانجھا ہوئی ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔

جزاک اللہ فاروق صاحب۔۔۔۔
 

S. H. Naqvi

محفلین
آپ کا مراسلہ پڑھ کر دلی طور پر آپ سے معذرت کرنے کو جی چاہ رہا ہے۔۔۔۔۔۔! میرے مراسلے سے آپ کے جو دلی جذبات مجروح ہوئے ہیں میں اس کے لیے تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔۔۔۔! کیپ اٹ اپ۔۔۔۔۔۔!
 

مغزل

محفلین
آپ کا مراسلہ پڑھ کر دلی طور پر آپ سے معذرت کرنے کو جی چاہ رہا ہے۔۔۔ ۔۔۔ ! میرے مراسلے سے آپ کے جو دلی جذبات مجروح ہوئے ہیں میں اس کے لیے تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں۔۔۔ ۔! کیپ اٹ اپ۔۔۔ ۔۔۔ !
ارے نہیں قبلہ / محترمہ
ایسا نہیں ہے میں تو بس جو سچ ہے بول جاتا ہوں ۔۔
آپ خیال مت کیجے گا۔مولا خوش رکھے ۔ آمین
 
Top