تیسرا دور
یہ دور دوسرے دور کے تقریباََ 7-8 سال بعد کووڈ وبا کے دور میں شروع ہوا جب سب گھروں میں بیٹھنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ اس دور کا آغاز
محمد شعیب کے وٹس ایپ گروپ سے ہوا جسے انہوں نے مجلس ادبیات عالیہ کا نام دیا اور ایک شاہکار داستانوی کتاب گل بکاؤلی کی ٹائپنگ شروع کروائی اپنے دوستوں اور جاننے والوں کے ساتھ مل کر۔ اس میں ایک ایک صفحہ ایک شخص کو ملتا تھا اور کام ختم کرنے پر دوسرا صفحہ ملتا تھا۔ میں نے ایک صفحہ لیا اور ایک تہائی لکھنے میں کامیاب ہوا تھا کہ دہائی مچ گئی صفحہ مکمل نہ کرنے پر۔ افسوس وہ مکمل صفحہ کسی اور نے کیا۔ میں نے بعد ازاں کئی صفحات مکمل کیے مگر مجھے یہ ایک ایک صفحہ کرنے میں مزہ نہیں آیا کیونکہ اردو محفل پر دس بیس اور اس سے زیادہ صفحات بھی مختص کرکے اپنے حساب سے ٹائپنگ کرنے کی پچھلے دو ادوار میں عادت پڑ گئی تھی۔ میں نے شعیب سے مشورہ کرکے اردو محفل پر ایک کتاب کا ڈول ڈالا جو کچھ زیادہ ہی گہرا ڈل گیا اور توقع سے بڑھ کر رسپانس نے چار چاند لگا دیے۔
اولین محفلین جنہوں نے حامی بھری اور داستانوی ادب کو ٹائپ کرنے اور کروانے میں پیش پیش رہیں ان میں
نور وجدان شامل تھیں۔ اس کے بعد پھر اردو محفلین نے کمال کر دیا اور بیسیوں کتابیں ٹائپ، پروف کرکے برقی اشاعت تک پہنچائیں۔ اس دور کے محفلین اور ان سے جڑی کتابوں کا ذکر تفصیل سے کرنے کی کوشش کروں گا اور یہ کوشش بھی ہو گی کہ ان محفل اراکین جنہیں لائبریرین کا اعزاز ملا انہیں اس دھاگے میں لایا جائے۔
کل ملا کر 62 کتابیں شائع ہوئیں اور کم و بیش تیس چالیس ٹائپنگ اور پروف کے مرحلے سے گزر چکی ہیں۔ اس دوران میں نے ایک فریم ورک بنا لیا تھا اس لیے تمام کتابیں جی ڈرائیو پر مختلف فولڈرز میں محفوظ ہیں۔ شعیب نے انہیں
آرکائیو اردو کلاسکس ربط پر عام استعمال کے لیے اپلوڈ کر رکھا ہے۔