ام اویس

محفلین
اسماء سورة:

چھیالیس آیات پر مشتمل اس سورة کا مشہور نام عبس ہے۔ اس کے علاوہ اسے سورة الصاخہ اور سورة السفرہ بھی کہتے ہیں۔

روابط :
  1. سورة النازعات میں قیامت کے واقع ہونے کا بیان ہے اب سورة عبس کے آخر میں بھی قیامت کا ذکر ہے۔
  2. سورة النازعات کے آخر میں بتایا گیا کہ آپ کا یہ کام نہیں کہ آپ منکروں کو قیامت کا وقت بتائیں؛ بلکہ آپ قیامت کی سختی سے ڈرنے والوں کو، ڈرانے کے لیے بھیجے گئے ہیں۔سورة عبس کے شروع میں نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کو آپ کی اسی ذمہ داری کی طرف پوری طرح متوجہ کیا گیا ہے۔
  3. سورة النازعات میں فرعون جیسے بادشاہ کی سرکشی اور بے زاری کا ذکر ہے اب سورة عبس میں ھدایت کے طلب گارایک نابینا صحابی کے شوق کا بیان ہے۔
  4. وہاں الله تعالی کے انعاماتِ کا ذکر ہے۔ اس سورة میں بھی نعمتوں کا بیان ہے۔
  5. پچھلی سورۃ میں زمین و آسمان کی تخلیق کا بیان ہے۔ اس سورة میں تخلیقِ انسانی کا ذکر ہے۔
لفظی روابط:

اسی طرح دونوں سورتوں میں لفظی ربط بھی موجود ہے۔
  1. دونوں سورتوں میں تزکیہ لفظ آیا ہے۔
  2. دونوں سورتوں میں خشیت لفظ موجود ہے۔
  3. دونوں سورتوں میں قیامت کو ایک ایک نام دیا گیا ہے۔ الطامة الکبری (النازعات) اور الصاخہ (عبس)
شانِ نزول

ایک مرتبہ نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم قریش کے کچھ سرداروں کو اسلام کی دعوت دے رہے تھے۔ بعض روایات میں ان کے نام عتبہ، شیبہ، ابو جہل، امیہ بن خلف اور ابی بن خلف ملتے ہیں۔ اسی دوران عبداللہ بن ام مکتوم آپ کے پاس تشریف لائے جو سیدہ خدیجہ رضی الله عنھا کے پھوپھی زاد بھائی تھے اور ابتداء میں اسلام قبول کرنے والوں سے تھے۔ نابینا تھے اس لیے انہیں پتا نہیں چلا کہ وہاں قریش کے سرکردہ لوگ موجود ہیں۔ انہوں نے آتے ہی زور زور سے آوازیں دینی شروع کر دیں۔ یا رسول اللہ صلی الله علیہ وآلہ وسلم! مجھے پڑھائیے اور اس علم میں سے مجھے بھی سکھائیے جو آپ کو الله نے سکھایا ہے۔ آپ نے ان کی طرف توجہ نہ دی، وجہ یہ تھی کہ آپ عبداللہ ابن مکتوم کی طرف سے مطمئن تھے کہ وہ اسلام قبول کر چکے ہیں انہیں بعد میں بتایا جا سکتا ہے، اگر ان سرداروں میں سے کسی نے اسلام قبول کر لیا تو اسلام کوقوت مل جائے گی۔ اس پر وحی نازل ہوئی جس میں آپ کو تنبیہ کی گئی۔

اس تنبیہ میں تبلیغ کا ایک اہم اصول واضح کیا گیا یعنی دعوت کے لیے توجہ کا اصل مستحق وہ ہے جو ہدایت کی چاہت اور خواہش رکھتا ہو۔

اس واقعہ کے بعد نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم عبداللہ ابن ام مکتوم رضی الله عنہ کا بڑا اکرام فرماتے تھے۔ مدنی دور میں کئی بار آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم نے مدینہ سے باہر جانے کی صورت میں ان کو اپنا نائب مقرر کیا۔ عبد الله ابن ام مکتوم رضی الله عنہ نابینا ہونے کے باوجود جہاد میں بھی حصہ لیا کرتے تھے اور بعض روایات کے مطابق حضرت عمر رضی الله عنہ کے دور میں جنگ قادسیہ میں لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
 

ام اویس

محفلین
عَبَسَ وَتَوَلّىٰٓ (1)

(پیغمبر نے) منہ بنایا، اور رخ پھیرلیا۔

اَنْ جَاۗءَهُ الْاَعْمٰى(2)

اس لیئے کہ ان کے پاس وہ نابینا آگیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کو تنبیہ کی جا رہی ہے کہ آپ نے ناگواری محسوس کی اور ایک نابینا جو سیکھنے کی خواہش لے کر آپ کی خدمت میں حاضر ہوا، آپ نے اس سے رُخ پھیر لیا۔

نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی اس ناگواری اور رُخ موڑنے کی کچھ وجوھات بیان کی گئی ہیں۔

۱- آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم نے سوچا ام ابن مکتوم اسلام قبول کر چکے ہیں۔ جس وقت چاہیں میرے پاس آ سکتے ہیں اگر ان کے سوال کا فورا جواب نہ دیا جائے تو کوئی نقصان نہیں ہوگا لیکن اگر کافروں کی طرف توجہ نہ دی گئی تو وہ اُٹھ کر چلے جائیں گے اور ایمان سے محروم رہ جائیں گے۔

۲-آپ صلی الله علیہ وسلم نے خیال فرمایا کہ کفر و شرک بظاہر بڑے گناہ ہیں اسے زیادہ توجہ دینی چاہیے بنسبت ایک دینی مسئلے کے، جو عبد الله ابن ام مکتوم پوچھنا چاہتے تھے۔

۳-عبد الله ابن ام مکتوم کا بار بار سوال کرنا آدابِ مجلس کے خلاف تھا۔ آپ نے ادب سکھانے کے لیے اعراض کیا۔

لیکن الله تعالی کو نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی یہ بات پسند نہ آئی اس لیے الله نے آپ کو تنبیہ فرمائی۔

اس تنبیہ کی بھی کچھ وجوھات بیان کی گئی ہیں۔
  1. نبی کریم صلی الله علیہ و آلہ وسلم کفر و شرک کے خاتمے کی کوشش کر رہے تھے جو کہ بہت اہم تھا لیکن کافر سرداروں میں ہدایت کی سچی طلب نہیں تھی جب کہ نابینا صحابی ہدایت کے سچے طلب گار تھے ۔
  2. عبد الله بن ام مکتوم کو جواب دینے میں یقینی فائدہ تھا وہ آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی بات سن کر اس پر ضرور عمل کرتے۔ جب کہ کفار سے بات چیت کا فائدہ غیر یقینی تھا، شاید وہ آپ کی گفتگو سن کر ایمان لے آتے یا شاید وہ ایمان نہ لاتے۔
 

ام اویس

محفلین
وَمَا يُدْرِيْكَ لَعَلَّهٗ يَزَّكّىٰٓ (3)

اور (اے پیغمبر) تمہیں کیا خبر ؟ شاید وہ سدھر جاتا۔

اَوْ يَذَّكَّرُ فَتَنْفَعَهُ الذِّكْرٰى (4)

یا وہ نصیحت قبول کرتا، اور نصیحت کرنا اسے فائدہ پہنچاتا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

آیت کا مطلب یہ ہے کہ آپ صلی الله علیہ وسلم نہیں جانتے کہ یہ صحابی جو بات پوچھ رہے ہیں اگر آپ انہیں سکھا دیتے یا بتا دیتے تو اس کا ضرور فائدہ ہوتا۔ آپ سے سیکھ کر وہ اپنے نفس کا تزکیہ کر لیتے اور نفس کو ظاہری و باطنی گندگی سے پاک کرکے اس کی صفائی کر لیتے۔ نفس کے تزکیہ سے ان کا ایمان مضبوط ہوتا یا وہ ایمان میں کمال حاصل کر لیتے اور اگر کمال حاصل نہ بھی ہوتا تو کچھ نہ کچھ نصیحت تو ضرور حاصل کر لیتے۔ یعنی نابینا صحابی کے سوال کا جواب دینے کی صورت میں ہر لحاظ سے یقینی فائدہ تھا۔

سوال : یزّکّٰی اور یذَّکَّرُ میں کیا فرق ہے؟

جواب: یزّکّی کا معنی پاک صاف ہو جانا ہے۔ یعنی نفس کو ظاہری اور باطنی ہر طرح کی گندگی سے پاک کر لینا اور یہ متقین کا مقام ہے۔ ” یزکی “ میں مبالغہ ہے۔

یذّکّر: کا معنی نصیحت حاصل کرنا اور نصیحت کا اثر قبول کرنا ہے۔ یہ ھدایت کے راستے پر چلنے کا ابتدائی حال ہے۔ یعنی اسلام قبول کرنے کے بعد مبتدی کوالله کی یاد دلائی جاتی ہے اور نصیحت کی جاتی ہے جس سے دل میں الله کا خوف اور محبت جگہ بناتی ہے اور دین پر عمل کرنے کی خواہش بڑھتی ہے۔

یُدریک: سے خاص طور پر نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کو مخاطب کیا گیا ہے۔ یہ آپ کی دلجوئی اور عزت و تکریم ہے، اگر مسلسل غائب کا صیغہ استعمال کیا جاتا تو یوں محسوس ہوتا کہ آپ کے طرزعمل کی ناپسندیدگی کی وجہ سے آپ کو مخاطب نہیں کیا جا رہا اور یہ بات نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے لیے صدمے کی وجہ بن جاتی ۔ پہلے غائب صیغہ اور پھرحاضر صیغہ لانا، دونوں میں نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کا اکرام ہے۔

تبلیغ و تعلیم کے لیے ایک اہم قرآنی اصول:

اس موقع پر نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے سامنے دو کام آ گئے تھے۔
  1. مسلمان کو تعلیم، تعلیم کی تکمیل اور دل جوئی
  2. غیر مسلم کی ھدایت کے لیے ان کی طرف توجہ
الله تعالی کے حکم سے یہ واضح ہو گیا کہ پہلا کام اہم ہے اور دوسرے کام کی وجہ سے پہلے میں تاخیر یا کمی کوتاہی کرنا درست نہیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ مسلمانوں کی تعلیم و اصلاح کی فکر کرنا غیر مسلم کو اسلام میں داخل کرنے کی فکر سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔

فائدہ : اس آیت میں علماء کے لیے ایک اہم ہدایت ہے۔ غیر مسلموں کو اسلام کی طرف متوجہ کرنے اور ان کے شبہات دور کرنے کے لیے ایسے کام کرنا جن سے مسلمانوں میں شبہات یا شکایات پیدا ہوں درست نہیں۔ اصلاح علم اور حفاظتِ علم کو ترجیح دینی چاہیے اور اس کام کو پہلے کرنا چاہیے۔

بے وفا سمجھیں تمہیں اہلِ حرم اس سے بچو!
دیر والے کج ادا کہہ دیں یہ بدنامی بھلی
(اکبر)

اگلی آیات میں الله تعالی نے اس بات کو پوری وضاحت سے بیان کیا ہے۔
 

ام اویس

محفلین
اَمَّا مَنِ اسْتَغْنٰى(5)

وہ شخص جو بے پروائی دکھا رہا تھا۔

فَاَنْتَ لَهٗ تَصَدّٰى (6)

اس کے تو آپ پیچھے پڑتے ہیں۔

وَمَا عَلَيْكَ اَلَّا يَزَّكّٰى (7)

حالانکہ اگر وہ نہ سدھرے تو آپ پر کوئی ذمہ داری نہیں آتی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یعنی آپ یقینی فائدے کو چھوڑ کر امکان کے پیچھے جا رہے ہیں اور ایسے شخص کی ہدایت کی کوشش کر رہے ہیں جو آپ صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے دین کا طالب نہیں ہے۔ وہ آپ اور آپ کے دین سے بے رُخی اور بے نیازی اختیار کر رہا ہے، اگر اسلام قبول نہیں کرتا اور اپنا تزکیہ نہیں کرتا تو آپ مکلف نہیں؛ کیونکہ آپ نے تبلیغ کر کے اپنا فرض پورا کر دیا ہے۔

وَاَمَّا مَنْ جَاۗءَكَ يَسْعٰى(8)

اور وہ جو محنت کر کے تمہارے پاس آیا ہے۔

وَهُوَ يَخْشٰى (9)

اور وہ دل میں اللہ کا خوف رکھتا ہے۔

فَاَنْتَ عَنْهُ تَلَهّٰى (10)

اس کی طرف سے آپ بےپروائی برتتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جو شخص علم حاصل کرنے کے لیے شوق سے دوڑتا ہوا آیا ہے۔ یعنی اندھا ہونے کے باوجود کوشش کرکے محض اسلام کی باتیں سمجھنے کے لیے آپ تک پہنچا اور اس کے دل میں الله کا ڈر اور محبت بھی ہے آپ اس کی طرف توجہ نہیں فرماتے، حالاں کہ یہی شخص توجہ کے قابل ہے۔

خشی، الخشیۃ ۔ اس خوف کو کہتے ہیں جو کسی کی عظمت کی وجہ سے دل پر طاری ہوجائے۔

ان آیات میں واضح طور پرنبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کو یہ ہدایت دی گئی کہ مسلمانوں کی تعلیم و تربیت کرکے ان کو پکا مسلمان اور قوی مؤمن بنانا، غیر مسلموں کو اسلام کی دعوت دینے اور اسلام میں داخل کرنے کی فکر سے زیادہ اہم اور ضروری ہے۔
والله اعلم
یہ بھی معلوم ہوا کہ دعوت و تبلیغ میں کسی کو خاص نہیں کرنا چاہیے بلکہ صاحب حیثیت اور بےحیثیت، امیر اور غریب، آقا اور غلام مرد اور عورت، چھوٹے اور بڑے سب کو یکساں حیثیت دی جائے اور سب کو مشترکہ خطاب کیا جائے۔ یعنی تعداد سے زیادہ معیار کی اہمیت ہے اور معیار پر سمجھوتا نہیں۔
 

ام اویس

محفلین
كَلَّآ اِنَّهَا تَذْكِرَةٌ (11)

ہرگز ایسا نہیں چاہیے۔ یہ قرآن تو ایک نصیحت ہے۔

فَمَنْ شَاۗءَ ذَكَرَهٗ (12)

اب جو چاہے، اس سے نصیحت قبول کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس آیت مبارکہ میں الله سبحانہ وتعالی نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کو منع فرما رہے ہیں کہ آپ آئندہ کبھی ایسا نہ کیجیے۔ اپنے ساتھیوں سے بے رُخی نہ برتیے، مخلص مؤمنوں کو چھوڑ کر منافقوں اور مشرکوں کی طرف متوجہ نہ ہوں بلکہ مؤمنوں کو ترجیح دیں۔ قرآن مجید ایک نصیحت ہے اور آپ کے ذمہ صرف اس کی تبلیغ ہے۔ آپ کا کام پہنچا دینا ہے اب جس کا دل چاہے وہ قبول کرے جس کا دل چاہے نہ قبول کرے۔ اگر کوئی قبول نہیں کرے گا تو آپ پرگرفت نہیں، آپ اس سلسلے میں ،مشقت و تکلیف میں نہ پڑیں۔

ذَکَرَہ، کا معنی یہ بھی ہوسکتا ہے کہ جو چاہے اس سے نصیحت حاصل کرے اور یہ بھی کہ جو شخص چاہے قرآن کی نصیحت کی باتوں کا بار بار تذکرہ کرتا رہے اور یہ بھی کہ قرآن کو زبانی یاد کرلے۔ غرض قرآن کو پڑھنا، اس کی نصیحت پر عمل کرنا اور اسے زبانی یاد کرنا سب بڑے اجر وثواب کے کام ہیں۔

فِيْ صُحُفٍ مُّكَرَّمَةٍ (13)

وہ ایسے صحیفوں میں درج ہے جو بڑے مقدس ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ان آیات میں قرآن مجید کی صفات ، شان اور عظمت کا بیان ہے۔ قرآن مجید ایسے صحیفوں میں محفوظ ہے جو مکرم یعنی مقبول اور پسندیدہ ہیں، یا اس سے قرآن مجید کے وہ اوراق مراد ہیں جن میں سے فرشتوں نے لوح محفوظ سے نقل کر کے لکھا، وہ بھی جن میں کاتبینِ وحی صحابہ کرام رضوان الله علیھم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سن کر لکھا اور وہ بھی جن میں ان سے نقل کر کے لکھا گیا اور قیامت تک لکھا جائے گا۔

مَّرْفُوْعَةٍ مُّطَهَّرَةٍۢ (14)

اونچے رتبے والے ہیں، پاکیزہ ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مرفوعہ سے مراد ان صحیفوں کا الله کے نزدیک عالی شان ہونا اور بلند مرتبہ ہونا ہے یا یہ کہ وہ لوح محفوظ پر ہیں جو انتہائی بلند مقام یعنی الله کے عرش کے نیچے ہے۔ مطہرہ سے مراد یہ ہے کہ صاف ستھرے صحیفوں میں درج ہے اور زمین پر مخلص اور ایمان والے اس کے اوراق کو نہایت عزت و احترام کے ساتھ اونچی جگہ پر رکھتے ہیں۔

فائدہ: قرآن مجید کی اسی عظمت اور پاکیزگی کی وجہ سے جنبی، حیض و نفاس والی عورت اور بے وضو شخص کا اسے چھونا جائز نہیں۔
 

ام اویس

محفلین
بِاَيْدِيْ سَفَرَةٍ (15)

ان لکھنے والوں کے ہاتھ میں رہتے ہیں۔

كِرَامٍۢ بَرَرَةٍ (16)

جو خود بڑی عزت والے، بہت نیک ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یہ صحیفے یعنی قرآن مجید ایسے لکھنے والوں کے ہاتھوں میں ہیں جو نیک اور عزت والے یعنی مکرم ہیں۔ ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید لکھنے والوں کی تعریف بیان کی ہے، خواہ وہ فرشتے ہوں یا کاتبین وحی، صحابہ کرام ہوں یا دوسرے، فرمایا یہ لوگ اللہ کے ہاں بہت عزت والے اور نہایت نیک ہیں۔

اگر سفرة (سفارت) بمعنی سفیر یعنی قاصد ہو تو پھر اس میں علماء کرام بھی شامل ہیں۔ کیونکہ علماء نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم اور امت کے درمیان قاصد اور سفیر ہیں اور نبی کریم صلی الله علیہ وسلم کی تعلیمات امت تک پہنچانے پر مامور ہیں۔

قرآن مجید کی یہ تمام صفات اس بات کی دلیل ہیں کہ یہ الله تعالی کی نازل کردہ کتاب ہے۔

قُتِلَ الْاِنْسَانُ مَآ اَكْفَرَهٗ (17)

خدا کی مار ہو ایسے انسان پر، وہ کتنا ناشکرا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔

پچھلی آیت میں قرآن مجید کی عظمت و شان کا اظہار کیا گیا۔ کیونکہ کافر الله کی کتاب قرآن مجید کا انکار کرتے ہیں اس لیے اس آیت میں ان پر لعنت کی گئی ہے اگرچہ مخاطب انسان کو کیا گیا ہے لیکن اس سے مراد منکرِ قرآن ہی ہیں۔

مِنْ اَيِّ شَيْءٍ خَلَقَهٗ (18)

(وہ ذرا سوچے کہ) اللہ نے اسے کس چیز سے پیدا کیا ؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

انکار کی وجہ عموما انسان کا غرور اور تکبر ہے۔ الله سبحانہ وتعالی انسان کو اس کی اصل بتا کر اس کی حقیقت جتا رہے ہیں کہ انسان دیکھے الله نے اسے کس قدر حقیرشے سے پیدا کیا۔

مِنْ نُّطْفَةٍ ۭ خَلَقَهٗ فَقَدَّرَهٗ (19)

نطفے کی ایک بوند سے، اسے پیدا بھی کیا، پھر اس کو ایک خاص انداز بھی دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

الله جل جلالہ ہی انسان کا خالق ہے اور وہ خوب جانتا ہے کہ انسان کو کس چیز سے پیدا کیا ہے اس لیے انسان کو اس کی اوقات جتاتے ہوئے بتایا کہ تجھے پانی کے ایک قطرے سے بنایا، پھر مختلف حالتوں سے گزارنے کے بعد انسان کی تخلیق خاص اندازے اور بڑی حکمت سے کی۔ جسامت ، اعضا، قد و قامت، شکل و صورت ، جوڑ و بند ، آنکھ ، ناک ، کان ایک خاص اندازے سے پیدا کیے، ذرا اس کے خلاف ہو جائے تو انسان کی صورت بگڑ جائے۔

“قدّرہ” کی ایک تفسیر یہ بھی بیان کی گئی الله تعالی نے انسان کو پیدا کیا اور اس کا اندازہ مقرر کیا کہ کتنی عمر ہوگی، مال کتنا ہوگا۔ رزق کتنا ملے گا اور کیا کیا عمل کرے گا۔ سعید ہوگا یا شقی۔

ثُمَّ السَّبِيْلَ يَسَّرَهٗ (20)

پھر اس کے لیے راستہ بھی آسان بنادیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس آیت سے کئی صورتیں مراد ہیں۔

۱- یہ کہ الله تعالی نے خاص انداز سے انسان کی تخلیق کی۔ اپنی حکمت سے اسے ماں کے پیٹ میں تین اندھیروں کے اندر اس طرح محفوظ رکھا کہ جس کے پیٹ میں یہ سب کچھ ہو رہا ہے اس کو بھی تفصیل سے اس کا علم نہیں۔ جہاں اس کی تخلیق ہوئی اور جہاں وہ بن کر تیار ہوا وہاں سے دنیا میں آنے کا راستہ باوجود تنگ ہونے کے الله تعالی نے اپنی رحمتِ کاملہ سے ایسا آسان کر دیا کہ دو تین کلو وزنی جسم صحیح سالم برآمد ہوتا ہے۔ عام طور پر ماں کو خاص نقصان نہیں پہنچتا۔
فتبارک الله احسن الخالقین۔

۲- یہ کہ اللہ تعالیٰ نے اس کو ایسی قوت اور صلاحیت دی کہ وہ دنیا میں موجود وسائل و اسباب سے کام لے کر اپنی زندگی آسانی سے گزار سکے۔

۳- یہ کہ اللہ تعالیٰ نے اسے خیر و شر کے دونوں راستے سمجھا دیے۔ اس کی فطرت میں ان کی تمیز رکھ دی۔ پھر انبیاء علیھم السلام اور کتابوں کے ذریعے بھی سب کچھ سمجھا دیا، اور اسے اختیار دے دیا کہ جو راہ وہ چاہے اختیار کرلے۔ پھر جو راہ بھی اختیار کرے اللہ تعالیٰ اسی راستے کو اس کے لئے آسان بنا دیتا ہے۔
 

ام اویس

محفلین
ثُمَّ اَمَاتَهٗ فَاَقْبَرَهٗ (21)

پھر اسے موت دی، اور قبر میں پہنچا دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انسان کی ابتدا اور پیدائش بیان کرنے کے بعد اس کی انتہا یعنی موت اور قبر کا بیان ہے۔ انسان کا اختتام مصیبت نہیں ہے بلکہ درحقیقت الله سبحانہ وتعالی کا خاص انعام ہے۔ موت میں بے شمار حکمتیں پوشیدہ ہیں۔ حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ مؤمن کے لیے موت ایک تحفہ ہے۔
مرنے کے بعد زمین میں دفن کرنا بھی ایک نعمت ہے۔ انسان کو دوسری مخلوق یعنی جانوروں کی طرح نہیں چھوڑ دیا کہ مر گیا تو وہیں گل سڑ گیا بلکہ انتہائی احترام سے غسل دے کر کفن پہنا کر قبر میں رکھ دیا جاتا ہے۔
مسئلہ: اس آیت سے معلوم ہوا کہ مردہ انسان کو دفن کرنا واجب ہے۔

ثُمَّ اِذَا شَاۗءَ اَنْشَرَهٗ (22)

پھر جب چاہے گا اسے دوبارہ اٹھا کر کھڑا کردے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

الله سبحانہ وتعالی جب چاہے گا انسان کو دوبارہ زندہ کر دے گا اور اس سے حساب کتاب لے گا ۔ یعنی جس طرح انسان اپنے پہلی بار پیدا ہونے اور مرنے کے معاملہ میں بےبس تھا اسی طرح دوبارہ زندہ کیے جانے کے معاملے میں بھی بے بس ہے، اللہ تعالی جب چاہے گا اسے زندہ کرکے کھڑا کر دے گا۔ اگر انسان اپنی تخلیق کے پورے عمل پرخود ہی غور کرلے تو اس کے پاس موت کے بعد دوبارہ جی اٹھنے سے انکار کی کوئی وجہ باقی نہیں رہتی۔

كَلَّا لَمَّا يَقْضِ مَآ اَمَرَهٗ (23)

ہرگز نہیں ! جس بات کا اللہ نے اسے حکم دیا تھا، ابھی تک اس نے وہ پوری نہیں کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

انسان کو یہ حکم دیا گیا تھا کہ وہ اللہ کا فرمانبردار بن کر رہے۔ یہ حکم اس کی فطرت میں رکھا گیا، پھر پیغمبروں اور کتابوں کے ذریعہ بھی اللہ تعالیٰ نے رہنمائی فرمائی۔ اگر وہ اپنی پیدائش کے حالات پر غور کرتا تو اس کے لیے اللہ کا فرمانبردار بن کر رہنے کے سوا کوئی چارہ نہ تھا۔ مگر اس نے ان تقاضوں کو پورا نہیں کیا۔ نہ تو توحید کا اقرار کیا، نہ رسالت کا اور نہ ہی قیامت کا ۔

بعض مفسرین نے اس آیت کو ایک الگ آیت سمجھنے کی بجائے سابقہ آیت سے منسلک کیا ہے اور اس کا مطلب یہ بیان کیا ہے کہ اللہ جب چاہے گا زندہ کرکے اٹھائے گا ابھی ایسا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس دنیا کی آبادی اور کائنات کی تکمیل سے متعلق اس کا جو طے شدہ حکم ہے وہ ابھی پورا نہیں ہوا۔
 

ام اویس

محفلین
ربط آیات:24 تا 32

پچھلی آیات میں تخلیقِ انسانی کی ابتدا اور انتہا کا ذکر تھا۔ مقصد الله تعالی کی قدرت کاملہ اور ان انعامات کا بیان تھا جن کا تعلق خود انسان کی ذات اور پیدائش و موت کے ساتھ ہے، ان دلائل کا انکار کرنے والے انسان کو تنبیہ کی گئی کہ نعمتوں کا تقاضا تو یہ تھا کہ انسان ان میں غور کرکے الله پر ایمان لاتا اور اس کے احکام کی تعمیل کرتا لیکن انسان نے ناشکری کرتے ہوئے ایسا نہیں کیا۔ اب الله تعالی کے ان انعامات کا ذکر ہے جو پیدائش اور موت کے درمیانی زمانے میں انسان کو عطا کیے گئے ہیں۔

فَلْيَنْظُرِ الْاِنْسَانُ اِلٰى طَعَامِهٖٓ (24)

پھر ذرا انسان اپنے کھانے ہی کو دیکھ لے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

انسان اپنے کھانے پر غور کرے جو لقمہ وہ منہ میں ڈالتا ہے اس کی تیاری میں کون کون سی قوتیں استعمال ہوتی ہیں، جس خوراک کو وہ ایک معمولی چیز سمجھتا ہے ، اس پر ذرا غور کرے کہ یہ آخر پیدا کیسے ہوتی ہے ۔ اگر خدا نے اس کے اسباب فراہم نہ کیے ہوتے تو کیا انسان کے بس میں یہ تھا کہ زمین پر یہ غذا وہ خود پیدا کر لیتا ؟

“النظر” کے معنی کسی چیز کو دیکھنے یا اس کی حقیقت جاننے کے لئے نظر یا خیال کو متحرک کرنے کے ہیں۔ کبھی اس سے محض غو ر وفکر کرنے کا معنی مراد لیا جاتا ہے اور کبھی اس معرفت کو کہتے ہیں جو غور وفکر کے بعد حاصل ہوتی ہے۔(المفردات)

اَنَّا صَبَبْنَا الْمَاۗءَ صَبًّا (25)

کہ ہم نے اوپر سے خوب پانی برسایا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس سے مراد بارش ہے۔ الله سبحانہ وتعالی فرماتے ہیں سب سے پہلے ہم نے بادلوں کو پانی سے بھرا، پھر اپنی قدرت سے اس پانی کو عجیب طریقے سے زمین ہر برسایا اور محفوظ کیا۔
سورج کی حرارت سے سمندروں سے پانی کی بہت بڑی مقدار کو بھاپ بن کر اوپر اٹھایا جاتا ہے۔ پھر الله کے حکم سے اس بھاپ سے بھاری بادل بنتے ہیں، ہوائیں ان کو لے کر دنیا کے مختلف حصوں میں پھیلاتی ہیں۔ عالم بالا کی ٹھنڈک سے وہ بھاپ دوبارہ پانی کی شکل اختیار کرتی ہے۔ یہ پانی ہر علاقے میں ایک خاص حساب سے برستا ہے۔ پانی براہ راست بھی زمین پر برستا ہے اور زمین کے نیچے کنوؤں اور چشموں کی شکل بھی اختیار کرتا ہے ، دریاؤں اور ندی نالوں کی شکل میں بھی بہتا ہے ، اور پہاڑوں پر برف کی شکل میں جم کر پھر پگھلتا ہے اور بارش کے موسم کے علاوہ دوسرے موسموں میں بھی دریاؤں کے اندر بہتا رہتا ہے ۔ کیا یہ سارے انتظامات انسان نے خود کیے ہیں؟ اس کا خالق اس کو رزق دینے کے لیے یہ انتظام نہ کرتا تو کیا انسان زمین پر زندہ رہ سکتا تھا ؟ بھلا الله تعالی کے سوا کوئی ہے جو اس بات کی قدرت رکھتا ہے۔

ثُمَّ شَقَقْنَا الْاَرْضَ شَقًّا (26)

پھر ہم نے زمین کو عجیب طرح پھاڑا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

الله تعالی نے زمین کو نرم بنایا اور اس میں یہ صلاحیت رکھی کہ وہ پانی کو اپنے اندر جذب کر لیتی ہے۔ انسان صرف یہ کرتا ہے کہ زمین کو کھودتا ہے یا اس میں ہل چلاتا ہے اور جو بیج الله تعالی نے پیدا کر دیے انہیں زمین میں دبا دیتا ہے۔ اللہ کے حکم سے اس مردہ اور بےجان بیج میں زندگی پیدا ہوجاتی ہے اور اس کی نرم و نازک کونپل زمین پھاڑکرباہر نکل آتی ہے۔ آہستہ آہستہ یہی کونپل ایک مکمل پودا یا تناور درخت بن جاتا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ اگر اللہ تعالیٰ زمین میں نشو ونما کی استعداد نہ رکھتا یا بیج میں وہ تمام خصوصیات پیدا نہ کرتا، جو اس کے پودے یا درخت میں تھیں، یا بارش ہی نہ برساتا تو کیا انسان کے پاس کوئی ایسا ذریعہ ہے جس سے وہ اپنی خوراک حاصل کرسکتا ؟
 

ام اویس

محفلین
فَاَنْۢبَتْنَا فِيْهَا حَبًّا (27)

پھر ہم نے اس میں غلے اگائے۔

وَّعِنَبًا وَّقَضْبًا (28)

اور انگور اور ترکاریاں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ہر وہ چیز جو زمین سے اگتی ہے ۔ اسے نبت یا نبات کہا جاتا ہے ۔ خواہ وہ تنا دار ہو جیسے درخت یا بغیر تنے کے جیسے جڑی بوٹیاں۔ عام طور پر نبات اسے کہتے ہیں جس کا تنا نہ ہو اور جانوروں کے چارے کے لیے ہو؛ لیکن یہ اپنے حقیقی معنی کے اعتبار سے ہر بڑھنے والی چیز یعنی نباتات، حیوانات اور انسان سب کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔ (المفردات)

حبہ: سے مراد گندم، جو، خوشبو دار پودوں اور پھولوں کے بیج وغیرہ جو دانوں یا دالوں کی شکل میں ہوتے ہیں۔

عنب: انگور کو کہتے ہیں جس کی جمع اعناب ہے، جو غذائیت سے بھرپور بھی ہے اور مزے داربھی۔
قضب: کھانے کے لیے مختلف سبزیاں جو پکا کر اور بغیر پکائے کاٹ کر کھائی جاتی ہیں۔ جیسے مولی، گاجر، شلجم پیاز، کھیرا وغیرہ ۔ قضب تازہ گھاس، سبزی، تر کاری اور در خت کی ترو تازہ شاخوں کو بھی کہتے ہیں اور انہیں کاٹنے کے لیے بھی لفظ قضب استعمال کیا جاتا ہے۔

وَّزَيْتُوْنًا وَّنَخْلًا (29)

اور زیتون اور کھجور۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

الله سبحانہ وتعالی نے زیتون جیسی زبردست چیز کو پیدا کیا، جوکچا پکا کھایا جاتا ہے، اس کا تیل بھی انتہائی مفید ہے جو کھانے اور مالش کے کام آتا ہے نیز اس کی لکڑی بھی کارآمد ہے۔

نخلاً: کھجور بھی زبردست چیز ہے، جو غذائیت سے بھر پور ہے۔ اس کو تازہ یا خشک کرکے سارا سال کھایا جاتا ہے اور اس سے سرکہ اور مختلف شربت بنائے جاتے ہیں۔

وَّحَدَاۗئِقَ غُلْبًا (30)

اور گھنے گھنے باغات۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گھنے اور گنجان باغات بنائے جن میں مختلف اقسام کی لکڑی، پھل ، پھول، جڑی بوٹیاں ہوتی ہیں اور ان کا گھنا سایہ عمدہ ہوتا ہے۔ مختلف ذائقوں والے انتہائی لذیذ پھل ہوتے ہیں مثلا سیب، انار، خوبانی، بادام وغیرہ اس کے علاوہ دیگر میوہ جات اخروٹ، جنگلی پیلو اور مختلف اقسام کی بیریاں وغیرہ اور جانوروں کے کھانے کے لیے گھاس اور چارا پیدا فرمایا۔

وَّفَاكِهَةً وَّاَبًّا (31)

اور میوے اور چارہ۔
۔۔۔۔۔۔

بعض نے کہا ہے کہ فاکھۃ کا لفظ ہر قسم کے میوہ جات پر بولا جاتا ہے اور بعض نے کہا ہے کہ انگور اور انار کے علاوہ باقی میوہ جات کو فاکھۃ کہا جاتا ہے اور “ابّاً” اس گھاس کے کہتے ہیں جو کٹنے اور جانوروں کے چرنے کے لئے بالکل تیار ہو۔

مَّتَاعًا لَّكُمْ وَلِاَنْعَامِكُمْ (32)

سب کچھ تمہارے اور تمہارے مویشیوں کے فائدے کی خاطر۔
۔۔۔۔۔

الله سبحانہ و تعالی انسان سے مخاطب ہو کر فرماتے ہیں یہ سب چیزیں تمہارے فائدے کے لیے اور تمہارے جانوروں کے لیے ہیں۔ جانور تمہارے نفع کے لیے بنائے تاکہ تم ان کا دودھ پیو، گوشت کھاؤ اور ان کے چمڑے سے جوتے، لباس اور استعمال کی چیزیں بناؤ، ان کے بالوں سے عمدہ گرم شالیں تیار کرو۔ یہ سب الله سبحانہ وتعالی کی عظیم الشان قدرت کے نمونے ہیں۔
جس ذات نے پہلی بار پانی کی ایک بوند سے ہزاروں چیزوں کو پیدا کیا وہ دوبارہ پھر زندہ کر سکتا ہے۔ ان سب انعامات کا تقاضا ہے کہ عطا کرنے والے کا شکر ادا کیا جائے اور شکر یہی ہے کہ اسی کو وحدہ لا شریک مانا جائے اور اس کے تمام احکام پر عمل کیا جائے۔
 

ام اویس

محفلین
ربط آیات: 33 تا 42۔

الله تعالی کی قدرت کے دلائل بیان کرنے کے بعد اصل مضمون یعنی قیامت کے احوال اور اس کی ہولناکی کا بیان ہے۔ حق کی دعوت قبول کرنے والوں کے لیے خوشخبری اور انعامات کا وعدہ اور نہ ماننے والوں کے لیے شدید عذاب کا ڈراوا ہے۔

فَاِذَا جَاۗءَتِ الصَّاۗخَّةُ (33)

آخر جب وہ کان پھاڑنے والی آواز آ ہی جائے گی۔ (اس وقت اس ناشکری کی حقیقت پتہ چل جائے گی)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مطلب یہ ہے کہ ابھی تم ہماری نعمتوں کی ناشکری کر رہے ہو جب کانوں کو بہرا کر دینے والی سخت آواز آئے گی، اس دن تمہیں اپنی ناشکری کا مزہ معلوم ہو جائے گا۔
اس سے نفخہ ثانیہ ( دوسری بار صور کا پھونکا جانا) اور قیامت کا شور مراد ہے۔

يَوْمَ يَفِرُّ الْمَرْءُ مِنْ اَخِيْهِ (34)

یہ اس دن ہوگا جب انسان اپنے بھائی سے بھی بھاگے گا۔

وَاُمِّهٖ وَاَبِيْهِ (35)

اور اپنے ماں باپ سے بھی۔

وَصَاحِبَتِهٖ وَبَنِيْهِ (36)

اور اپنے بیوی بچوں سے بھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

قیامت کے دن کی ہولناکی کا بیان ہے۔ محشرکا دن ایسا سخت اور وحشت ناک ہوگا کہ ہر شخص کو اپنی اپنی پڑی ہوگی۔ نفسا نفسی کا عالم ہوگا، کسی کو دوسرے کی خبر نہ ہوگی۔ بھائی بھائی سے ، بچے اپنے ماں باپ سے اور شوہر اپنی بیوی اور اولاد سے بھاگتا پھرے گا۔

سوال: میدانِ حشر میں آدمی اپنے عزیز و اقارب سے کیوں بھاگے گا؟

جواب: علماء نے اس کی کئی وجوھات بیان کی ہیں۔

۱- ان حقوق کے مطالبے کا ڈر ہوگا جو دنیا میں ادا نہ کیے تھے۔ جیسے مفلس قرض خواہ سے چھپتا پھرتا ہے۔

۲- مدد مانگنے کے ڈر سے۔ ایسا نہ ہو کہ عزیز رشتہ داروں کو عذابِ خداوندی سے بچانے کے لیے کچھ نیکیاں دینی پڑ جائیں۔ جیسے قحط سالی میں لوگ ایک دوسرے سے ملنا چھوڑ دیتے ہیں یا جیسے امیر لوگ فقیروں اور سوالیوں سے بھاگتے ہیں۔

۳-عزیزوں کی مصیبتیں دیکھی نہ جائیں گی۔ اس لیے ایک دوسرے سے منہ چھپائیں گے۔

۴-اپنی رسوائی کو چھپانے کے لیے بھاگیں گے۔

۵-دنیا میں خدا سے بے خوف اور آخرت سے غافل ہو کر جس طرح یہ سب ایک دوسرے کی خاطر گناہ کرتے اور ایک دوسرے کو گمراہ کرتے رہے ، اس کے برے نتائج سامنے آتے دیکھ کر ان میں سے ہر ایک دوسرے سے بھاگے گا کہ کہیں وہ اپنی گمراہیوں اور گناہ کی ذمہ داری اس پر نہ ڈالنے لگیں اور اس کے خلاف مقدمے کے گواہ نہ بن جائیں۔

بعض ان سب اسباب کی وجہ سے بھاگیں گے اور بعض ان میں سے کچھ اسباب کی وجہ سے۔

فائدہ: ان آیات میں ترتیب رشتوں کے تعلق کے اعتبار سے ادنی سے اعلی کی طرف بیان کی گئی ہے۔

لِكُلِّ امْرِۍ مِّنْهُمْ يَوْمَئِذٍ شَاْنٌ يُّغْنِيْهِ (37)

(کیونکہ) ان میں سے ہر ایک کو اس دن اپنی ایسی فکر پڑی ہوگی کہ اسے دوسروں کا ہوش نہیں ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یہ جملہ پہلے جملوں کی وجہ بیان کر رہا ہے۔ مراد یہ ہے کہ قیامت کے دن ایسا کیا ہوگا جس کی وجہ سے سب ایک دوسرے سے دور بھاگیں گے۔ وجہ یہی ہے کہ اس دن ہر شخص ایسی حالت میں ہوگا کہ اس کو اپنے علاوہ کسی دوسرے کی خبر نہ ہوگی۔ یہ حساب کتاب سے پہلے کا حال ہے۔ بعد میں نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی سفارش سے حساب کتاب شروع ہوگا۔

احادیث میں مختلف طریقوں اور سندوں سے یہ روایت آئی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا قیامت کے روز سب لوگ ننگے پاؤں، ننگے جسم، بغیر ختنہ اٹھائے جائیں گے۔ آپ کی ازواج مطہرات میں سے کسی نے ( بروایت بعض حضرت عائشہ نے ، اور برویتِ بعض حضرت سودہ نے اور بروایتِ بعض ایک خاتون نے ) گھبرا کر پوچھا ، یا رسول اللہ ! کیا ہمارے ستر اس روز سب کے سامنے کھلے ہوں گے؟ حضور نے یہی آیت تلاوت فرما کر بتایا کہ اس روز کسی کو کسی کی طرف دیکھنے کا ہوش نہ ہو گا۔

( نسائی ، ترمذی ، ابن ابی حاتم ، ابن جریر ، طبرانی ، ابن مردویہ ، بہیقی ، حاکم ) ۔
 
فَاَنْۢبَتْنَا فِيْهَا حَبًّا (27)

پھر ہم نے اس میں غلے اگائے۔

وَّعِنَبًا وَّقَضْبًا (28)

اور انگور اور ترکاریاں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ہر وہ چیز جو زمین سے اگتی ہے ۔ اسے نبت یا نبات کہا جاتا ہے ۔ خواہ وہ تنا دار ہو جیسے درخت یا بغیر تنے کے جیسے جڑی بوٹیاں۔ عام طور پر نبات اسے کہتے ہیں جس کا تنا نہ ہو اور جانوروں کے چارے کے لیے ہو؛ لیکن یہ اپنے حقیقی معنی کے اعتبار سے ہر بڑھنے والی چیز یعنی نباتات، حیوانات اور انسان سب کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔ (المفردات)

حبہ: سے مراد گندم، جو، خوشبو دار پودوں اور پھولوں کے بیج وغیرہ جو دانوں یا دالوں کی شکل میں ہوتے ہیں۔

عنب: انگور کو کہتے ہیں جس کی جمع اعناب ہے، جو غذائیت سے بھرپور بھی ہے اور مزے داربھی۔
قضب: کھانے کے لیے مختلف سبزیاں جو پکا کر اور بغیر پکائے کاٹ کر کھائی جاتی ہیں۔ جیسے مولی، گاجر، شلجم پیاز، کھیرا وغیرہ ۔ قضب تازہ گھاس، سبزی، تر کاری اور در خت کی ترو تازہ شاخوں کو بھی کہتے ہیں اور انہیں کاٹنے کے لیے بھی لفظ قضب استعمال کیا جاتا ہے۔

وَّزَيْتُوْنًا وَّنَخْلًا (29)

اور زیتون اور کھجور۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

الله سبحانہ وتعالی نے زیتون جیسی زبردست چیز کو پیدا کیا، جوکچا پکا کھایا جاتا ہے، اس کا تیل بھی انتہائی مفید ہے جو کھانے اور مالش کے کام آتا ہے نیز اس کی لکڑی بھی کارآمد ہے۔

نخلاً: کھجور بھی زبردست چیز ہے، جو غذائیت سے بھر پور ہے۔ اس کو تازہ یا خشک کرکے سارا سال کھایا جاتا ہے اور اس سے سرکہ اور مختلف شربت بنائے جاتے ہیں۔

وَّحَدَاۗئِقَ غُلْبًا (30)

اور گھنے گھنے باغات۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گھنے اور گنجان باغات بنائے جن میں مختلف اقسام کی لکڑی، پھل ، پھول، جڑی بوٹیاں ہوتی ہیں اور ان کا گھنا سایہ عمدہ ہوتا ہے۔ مختلف ذائقوں والے انتہائی لذیذ پھل ہوتے ہیں مثلا سیب، انار، خوبانی، بادام وغیرہ اس کے علاوہ دیگر میوہ جات اخروٹ، جنگلی پیلو اور مختلف اقسام کی بیریاں وغیرہ اور جانوروں کے کھانے کے لیے گھاس اور چارا پیدا فرمایا۔

وَّفَاكِهَةً وَّاَبًّا (31)

اور میوے اور چارہ۔
۔۔۔۔۔۔

بعض نے کہا ہے کہ فاکھۃ کا لفظ ہر قسم کے میوہ جات پر بولا جاتا ہے اور بعض نے کہا ہے کہ انگور اور انار کے علاوہ باقی میوہ جات کو فاکھۃ کہا جاتا ہے اور “ابّاً” اس گھاس کے کہتے ہیں جو کٹنے اور جانوروں کے چرنے کے لئے بالکل تیار ہو۔

مَّتَاعًا لَّكُمْ وَلِاَنْعَامِكُمْ (32)

سب کچھ تمہارے اور تمہارے مویشیوں کے فائدے کی خاطر۔
۔۔۔۔۔

الله سبحانہ و تعالی انسان سے مخاطب ہو کر فرماتے ہیں یہ سب چیزیں تمہارے فائدے کے لیے اور تمہارے جانوروں کے لیے ہیں۔ جانور تمہارے نفع کے لیے بنائے تاکہ تم ان کا دودھ پیو، گوشت کھاؤ اور ان کے چمڑے سے جوتے، لباس اور استعمال کی چیزیں بناؤ، ان کے بالوں سے عمدہ گرم شالیں تیار کرو۔ یہ سب الله سبحانہ وتعالی کی عظیم الشان قدرت کے نمونے ہیں۔
جس ذات نے پہلی بار پانی کی ایک بوند سے ہزاروں چیزوں کو پیدا کیا وہ دوبارہ پھر زندہ کر سکتا ہے۔ ان سب انعامات کا تقاضا ہے کہ عطا کرنے والے کا شکر ادا کیا جائے اور شکر یہی ہے کہ اسی کو وحدہ لا شریک مانا جائے اور اس کے تمام احکام پر عمل کیا جائے۔
جزاک اللہ وخیرہ
 

ام اویس

محفلین
وُجُوْهٌ يَّوْمَئِذٍ مُّسْفِرَةٌ (38)

اس روز کتنے چہرے تو چمکتے دمکتے ہوں گے۔

ضَاحِكَةٌ مُّسْتَبْشِرَةٌ (39)

ہنستے، خوشی مناتے ہوئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بہت سے چہرے روشن ہوں گے جنت کی خوشخبری سُن کر خوش ہوں گے اور ہنستے ہوں گے۔ چہروں کی یہ روشنی اور خوشی اعمال نامے دائیں ہاتھ میں دیئے جانے کے بعد ہوگی۔

وَوُجُوْهٌ يَّوْمَئِذٍ عَلَيْهَا غَبَرَةٌ (40)

اور کتنے چہرے اس دن ایسے ہوں گے کہ ان پر خاک پڑی ہوگی۔

تَرْهَقُهَا قَتَرَةٌ (41)

سیاہی نے انہیں ڈھانپ رکھا ہوگا۔

اُولٰۗئِكَ هُمُ الْكَفَرَةُ الْفَجَرَةُ (42)

یہ وہی لوگ ہوں گے جو کافر تھے، بدکار تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اور بہت سے چہروں پر غبار ہوگا، اپنی بداعمالیوں کو دیکھ کر چہروں پر مایوسی کی سیاہی چھا جائے گی۔ یہ وہ کافر و فاجر لوگ ہوں گے جو دنیا میں اپنے نفس کے تقاضے پورے کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی مقرر کی ہوئی حدوں پر عمل کرنا ضروری نہیں سمجھتے تھے۔

میدان محشر میں لوگ دو گروہوں میں تقسیم ہوں گے۔ ان کی علامات ان کے چہروں سے نمایاں ہوں گی۔ اللہ کے فرمانبرداروں کے چہرے ہشاش بشاش کھلکھلاتے اور مسکراتے ہوئے ہوں گے، دلوں میں بھی خوشی بھری ہوگی اور کچھ لوگوں کے چہروں پر ہوائیاں اڑ رہی ہوں گی، رنگ فق اور چہرے بگڑے ہوئے اور بےرونق ہوں گے اور یہ اللہ کے نافرمان اور بدکردار لوگ ہوں گے۔

گویا لوگ گروہوں میں بٹنے کی وجہ سے اپنے چہروں سے پہچان لیے جائیں گے کہ کون شخص شقی ہے اور کون سعید ہے۔

(الله کریم روز محشر میں ہمیں روشن چہرے والا بنائے۔ )

مختصر تفسیرِ عتیق سورہ عبس

سرداران قریش کے مطالبہ پر نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم ان سے علیحدگی میں دعوت اسلام کے موضوع پر گفتگو کر رہے تھے۔ تاکہ ان کے اسلام قبول کر لینے کی صورت میں ان کے ماتحت افراد بھی مشرف بہ اسلام ہو جائیں۔ اتنے میں ایک نابینا صحابی حضرت عبداللہ بن ام مکتوب کسی قرآنی آیت کے بارے میں معلومات کے لئے حاضر خدمت ہوئے، وہ نابینا ہونے کی بنا پر صورتحال سے ناواقف تھے۔ نبی کریم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کو ان کا یہ انداز ناگوار گزرا، جس پر اللہ تعالیٰ نے یہ سورت نازل فرمائی کہ ایک نابینا کے آنے پر منہ بسور کر رخ موڑ لیا اور جو بے نیازی کے ساتھ اپنی اصلاح کا خواہاں نہیں اس کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ جو اللہ کی خشیت سے متأثر ہو کر اپنی اصلاح کی خاطر آپ کے پاس آتا ہے اس سے آپ اعراض کرتے ہیں۔ یہ قرآن کریم نصیحت کا پیغام ہے، کسی بڑے چھوٹے کی تفریق نہیں کرتا۔ اس سے جو بھی نصیحت حاصل کرنا چاہے اس کی جھولی علم و معرفت سے بھردیتا ہے۔
غریب علاقوں کو نظرانداز کر کے فائیو اسٹار ہوٹلوں اور پوش علاقوں کے ساتھ تفسیر قرآن کی مجالس کو مخصوص کرنے والوں کی واضح الفاظ میں اس سورت میں مذمت کی گئی ہے۔
انسان اگر پہلی مرتبہ اپنی تخلیق پر غور کرے تو دوبارہ پیدا ہونے پر اسے تعجب نہیں ہونا چاہئے۔ ماخلقکم ولا بعثکم الا کنفس واحدۃ۔ تمہارا پیدا ہونا اور مرنے کے بعد زندہ ہونا ایک ہی جیسا ہے۔ زمین، فضاء اور پانی میں منتشر اجزاء کو پھلوں سبزیوں کی شکل دے کر تمہاری خوراک کے ذریعہ تمہارے جسم کا حصہ بنایا۔ مرنے کے بعد تمہارے منتشر اجزاء کو دوبارہ جمع کر کے انسان بنا کر پھر قبروں سے باہر نکال لیا جائے گا۔ پھر قیامت کے دن کی شدت اور دہشت کو بیان کر کے نیک وبد کا ان کے اعمال کے مطابق انجام ذکر فرما کر سورت کو اختتام پذیر کیا ہے۔
 

سیما علی

لائبریرین
انسان اگر پہلی مرتبہ اپنی تخلیق پر غور کرے تو دوبارہ پیدا ہونے پر اسے تعجب نہیں ہونا چاہئے۔ ماخلقکم ولا بعثکم الا کنفس واحدۃ۔ تمہارا پیدا ہونا اور مرنے کے بعد زندہ ہونا ایک ہی جیسا ہے۔ زمین، فضاء اور پانی میں منتشر اجزاء کو پھلوں سبزیوں کی شکل دے کر تمہاری خوراک کے ذریعہ تمہارے جسم کا حصہ بنایا۔ مرنے کے بعد تمہارے منتشر اجزاء کو دوبارہ جمع کر کے انسان بنا کر پھر قبروں سے باہر نکال لیا جائے گا۔ پھر قیامت کے دن کی شدت اور دہشت کو بیان کر کے نیک وبد کا ان کے اعمال کے مطابق انجام ذکر فرما کر سورت کو اختتام پذیر کیا ہے۔
بےشک بے شک
خود انسان کا اپنا وجود قدرت کی بڑی نشانی ہے ، اپنے وجود پر غور و فکر کرنے سے انسان خالق اورمعبود کی معرفت حاصل کرسکتا ہے۔۔۔۔
تنہا معبود حقیقی ہے ، اسکا کوئی شریک و ساجھی نہیں ، اسی نے بنی نوع انسان کو پیدا کیا اور اسے اپنی دیگر مخلوقات میں شرف و تکریم سے نوازا ۔ ارشاد ربانی ہے:
’’ اور یقینا ہم نے اولادِ آدم کو بڑی عزت دی اور انہیں خشکی و تری کی سواریاں دیں اور انہیں پاکیزہ چیزوں کی روزیاں دیں اوراپنی بہت سی مخلوق پر انہیں فضیلت عطا فرمائی۔ ‘‘ (الاسراء70)۔

نادان انسان مرنے کے بعد دوبارہ اُٹھائے جانے کو ناممکن اور محال تصور کرتا ہے۔ ﷲ تعالیٰ نے اس کے جواب میں بار ہا اسے یاد دلایا کہ وہ اپنے آپ کو کیوں بھول جاتا ہے ؟ کیا ایک وقت ایسا نہ تھا کہ اس کا کوئی وجود اس کائنات میں نہ تھا ، ہم نے اسے وجود بخشا اور اپنی قدرت سے ٹھیک ٹھاک درست انسان بنایا تو جو پروردگار پہلی مرتبہ وجود بخش سکتا ہے اور معدوم سے موجود کرسکتا ہے اس کیلئے دوبارہ پیدا کرنا کونسا مشکل کام ہے ؟ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
۰ انسان کہتا ہے کہ جب میں مرجاؤں گا تو کیا پھر زندہ کرکے نکالا جاؤں گا ؟ کیا یہ انسان اتنا بھی یاد نہیں رکھتا کہ ہم نے اسے اس سے پہلے پیدا کیا حالانکہ وہ کچھ بھی نہ تھا (مریم67-66) ۔
۰ یقینا انسان پر زمانے میں ایک ایسا وقت گزرا جبکہ یہ کوئی قابل ذکر چیز نہ تھا ، بے شک ہم نے انسان کو ملے جلے نطفے سے امتحان کیلئے پیدا کیا اور اس کو سنتا دیکھتا بنایا ، ہم نے اسے راہ دکھائی اب خواہ وہ شکر گزار بنے خواہ ناشکرا (الدہر3-1)۔
اﷲ ہی ساری کائنات کا اور مخلوقات میں سب سے اشرف مخلوق ، بنی نوع انسان کا خالق اور وہی معبود حقیقی ہے ، اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔ اس سے بڑی ناشکری اور کیا ہوسکتی ہے کہ انسان اپنے پیدا کرنے والے کو چھوڑ کر بے جان اور بے اختیار چیزوں کے آگے اپنا ماتھا ٹیکے ؟ توحید اور عبادت رب کی دعوت دیتے ہوئے ساری انسانیت سے ﷲ تعالیٰ کا خطاب ہے:
’’ اے لوگو ! اپنے پروردگار کی ہی عبادت کرو جس نے تم کو پیدا کیا اور ان لوگوں کو بھی جو تم سے پہلے تھے تاکہ تم پرہیزگار بن جاؤ۔ ‘‘ ( البقرہ21)۔
انسان کی تخلیق قدرت الٰہی کی عظیم نشانی ہے چنانچہ جابجا قرآن پاک میں انسان کو خود اپنی پیدائش اور اپنے وجود کی ابتداو انتہا اور اس دوران پیش آنے والے مختلف احوال اورتبدیلیوں پر غور و فکر کی دعوت دی گئی۔ حضرت نوح علیہ السلام نے اپنی قوم سے وعظ و نصیحت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا’’تمہیں کیا ہوگیا ہے کہ تم ﷲ کی برتری کا عقیدہ نہیں رکھتے حالانکہ اس نے تمہیں طرح طرح سے پیدا کیا ہے۔‘‘ ( یعنی رحم مادر میں نطفہ سے خون ، خون سے گوشت کا لوتھڑا پھر ہڈیوں کی بناوٹ وغیرہ مختلف ادوار سے گزار کر اس دنیا میں وجود بخشا ) ۔
رحم مادر میں ہونیوالی تبدیلی اور انسان کی تخلیق کا تذکرہ سورۃالمومنون ،آیت 12تا16میں اس تفصیل کے ساتھ آیا ہے:
’’ یقینا ہم نے انسان کو مٹی کے جوہر سے پیدا کیا ، پھر اسے نطفہ بناکر محفوظ جگہ میں قرار دیدیا ( یعنی رحم مادر میں جہاں بچہ اس دنیا میں آنے سے پہلے9 ماہ حفاظت سے رہتا اور پرورش پاتا ہے ) پھر نطفہ کو ہم نے جما ہوا خون بنا دیا ، پھر اس خون کے لوتھڑے کو گوشت کا ٹکڑا کردیا ، پھر گوشت کے ٹکڑے کو ہڈیاں بنادیں ، پھر ہڈیوں کو ہم نے گوشت پہنادیا پھر دوسری بناوٹ میں اس کو پیدا کردیا ، برکتوں والا ہے وہ ﷲ جو سب سے بہتر پیدا کرنیوالا ہے ، اس کے بعد پھر تم سب یقینا مرجانے والے ہو ، پھر قیامت کے دن بلا شبہ تم سب اُٹھائے جاؤگے۔ ‘‘
’’ دوسری بناوٹ ‘‘ سے مراد وہ خاص شکل و صورت ہے جو نومولود ( رحم مادر میں 9ماہ کے درمیان مختلف تبدیلیوں کے بعد ) اس دنیا میں لے کر آتا ہے جسے قرآن میں دوسری جگہ ’’ احسن تقویم ‘‘ کہا گیا کہ ’’ یقینا ہم نے انسان کو بہترین شکل و صورت میں پیدا کیا ‘‘ (التین)،ظاہری اعتبار سے خوبصورت انسانی پیکر جہاں قدرت کی بڑی نشانی ہے وہیں اس پیکرِ انسانی کی معنوی خوبیاں اور صلاحیتیں کچھ کم نہیں جو صرف اور صرف ﷲ ہی کی عطا کردہ ہیں اور غور و فکر کرنے والوں کیلئے اس میں قدرت کی بڑی نشانیاں ہیں ۔ رحم مادر میں تخلیق انسانی کے مراحل کو ظاہر بین نگاہ اگر نہ سمجھ سکے تو اتنا تو ہر انسان جانتا ہے کہ اس کا وجود ایک قطرہ ٔناپاک ہی سے ہے جو مرد و زن کے اختلاط کے بعد رحم مادر میں قرار پاتا ہے ، پھر 9ماہ بعد ایک بہترین شکل و صورت میں اس دنیائے آب و گل میں وارد ہوتا ہے تو کیا اس قطرۂ آب کو بہترین انسانی پیکر دینے والا ﷲ کے سوا کوئی اور ہے ؟ ارشاد باری تعالیٰ ہے ’’ اچھا یہ تو بتلاؤ کہ جو منی تم ٹپکاتے ہو ، کیا اس کا ( انسان ) تم بناتے ہو یا پیدا کرنے والے ہم ہی ہیں ؟ ‘‘ ( الواقعہ59-5۔
 
Top