قصہ ایک اجنبی سے ملاقات کا ۔۔۔

الشفاء

لائبریرین
کچھ عرصہ پہلے میرے پاپا کی ملاقات ایک اجنبی سے ہوئی۔ وہ ہمارے گاؤں میں نیا نیا آیا تھا۔ میرے پاپا اس پرکشش اجنبی سے مل کر اتنے متاثر ہوئے کہ فوراً ہی اس کو اپنے گھر میں رہنے کی دعوت دے دی جو اس نے بڑی خوشی سے قبول کر لی اور پھر وہ ہمارے ساتھ ہمارے گھر میں رہنے لگا۔
جب میں تھوڑا بڑا ہوا تو اس اجنبی سے اور زیادہ مانوس ہونے لگا۔ میرے والدین کا میری تربیت میں بہت بڑا کردار تھا۔ ماما مجھے اچھائی اور برائی میں تمیز کرنا سکھاتی تھیں اور پاپا بڑوں کا حکم ماننا اور ادب و آداب وغیرہ کی نصیحتیں کرتے تھے۔ اور وہ اجبنی،،،،، وہ تو مجھے مزے مزے کی کہانیاں سناتا تھا۔ وہ ہمیں گھنٹوں اپنے پاس بٹھا کر طرح طرح کے مزاحیہ، پراسرار اور حیران کر دینے والے قصے سناتا اور کبھی ہمیں بور نہ ہونے دیتا۔ اگر کبھی مجھے سیاست، تاریخ یا سائنس کا کوئی مسئلہ درپیش ہوتا تو اکثر مجھے میرے سوال کا جواب اس سے مل جاتا۔ وہ ماضی کے بارے میں بہت کچھ جانتا تھا۔ حالیہ واقعات پر تبصرے اور بعض اوقات تو مستقبل کی پیش گوئیاں بھی کر دیتا۔
ایک دفعہ وہ ہمیں ایک بڑے لیگ میچ میں بھی لے گیا۔ وہ ہمیں بنساتا بھی تھا اور رلاتا بھی تھا۔ وہ بہت بولتا تھا لیکن پھر بھی میرے پاپا مائنڈ نہیں کرتے تھے۔
بعض دفعہ جب ہم سب اس کے آس پاس بیٹھ کر اس کی باتوں میں مگن ہوتے تو ماما چپکے سے وہاں سے اٹھ کر خاموشی اور سکون کے لئے کچن میں چلی جاتیں ۔ لیکن میرا نہیں خیال کہ انہوں نے کبھی اس اجنبی کو گھر سے جانے کے لئے کہا ہو۔
ہمارے گھر میں پاپا کا حکم چلتا تھا اور ان کے اپنے کچھ اصول تھے لیکن اجنبی ان اصولوں کو بھی خاطر میں نہ لاتا اور بہت ساری ایسی باتیں کہہ دیتا جو شائد ہمارے گھر میں اس کے علاوہ کسی اور کو کہنے کی جرآت نہ ہوتی۔ بعض دفعہ وہ ایسی ایسی باتیں کہہ جاتا کہ پاپا حیرانی سے دیکھتے رہ جاتے اور ماما شرما کر وہاں سے چلی جاتیں۔
میرے پاپا شراب کے حق میں نہیں ہیں لیکن وہ اجنبی بڑی ڈھٹائی سے اس کی ترغیب دیتا اور سگریٹ سگار وغیرہ کو کُول چیزیں کہتا۔ وہ سیکس کے بارے میں بھی کھل کر بولتا اور بعض دفعہ تو حد کر دیتا۔
اب مجھے لگتا ہے کہ میری بہت ساری غلط حرکتوں کا سبب بھی وہی اجنبی بنا تھا۔ لیکن حیرانی کی بات ہے کہ اس کو پھر بھی کبھی گھر چھوڑنے کا نہیں کہا گیا۔۔۔
اس اجنبی کو آئے ہوئے پچاس سال سے زیادہ ہو گیا تھا اور اب وہ ہماری فیملی میں گھل مل چکا تھا۔ لیکن اب اس میں وہ کشش نہ رہی تھی جو شروع میں تھی۔ آج بھی اگر آپ کبھی ہمارے گھر آئیں تو اس کو ایک کونے میں پڑا انتظار کرتا پائیں گے کہ کوئی آئے جو اس سے گپ شپ لڑائے اور اس کی فوٹو بنائے۔
اگر میں صحیح کہوں تو اس نے ہماری فیملی کی ساری اخلاقی قدروں ، آپس کی محبت، ایک دوسرے کے لئے وقت اور دیگر اچھی خصوصیات کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ اگرچہ اس نے کچھ اچھی باتیں بھی بتائیں لیکن وہ ہم کسی اور ذریعے سے بھی جان لیتے اگر وہ نہ ہوتا۔
کیا کہا آپ نے ؟ اس کا نام !!!
،
،
ہماری فیملی تو اس کو بس ٹی-وی کے نام سے پکارتی ہے،،،، اور اب تو اس کی شادی بھی ہو چکی ہے،
اس کی بیوی کا نام کمپیوٹر ہے، اور ان کے پہلے بچے کا نام موبائل اور دوسرے کا نام آئی-پوڈ ہے۔۔۔

 
Top