مصطفیٰ زیدی فرار ۔ مصطفیٰ زیدی

فرخ منظور

لائبریرین
فرار
اِس سے پہلے کہ خرابات کا دروازہ گرے

رقص تھم جائے ، اداؤں کے خزانے لُٹ جائیں
وقت کا درد ، نگاہوں کی تھکن ، ذہن کا بوجھ
نغمہ و ساغر و اِلہام کا رُتبہ پا لے
کونپلیں دُھوپ سے اک قطرۂ شبنم مانگیں
سنگساری کا سزاوار ہو بلّور کا جِسم
دِل کے اُجڑے ہوئے مندر میں وفا کی مِشعل
مصلحت کیشیِ طُوفان کی زد میں آجائے
آہُوئے دشتِ جنُوں شہر کی حد میں آجائے

سب کے قدموں میں تمنّا پئے خمیازہ گرے

عاقلو ، دیدہ ورو ، دُوسری راہیں ڈُھونڈو
اِس سے پہلے کہ خرابات کا دروازہ گرے

مصطفیٰ زیدی
( قبائے سَاز )
 
Top