غیر یقینی ختم، انگلینڈ سے پہلا ٹیسٹ پنڈی میں ہی ہوگا، مہمان ٹیم کی 27 نومبر کو آمد

19 نومبر ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) غیریقینی کا خاتمہ ہوگیا، پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ اصل شیڈول کے مطابق راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔ ملک میں سیاسی کشیدگی کے باعث پہلے ٹیسٹ کی میزبانی سے متعلق خدشات جنم لے رہے تھے۔ تاہم جمعے کو بورڈ کے ذرائع نے کہا ہے کہ سیریز شیڈول کے مطابق ان ہی مقامات پر کھیلی جائے گی جس کی پہلے منظوری دی گئی تھی۔ پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی پنڈی ، دوسرا9 دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا میچ 17 دسمبر سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ انگلش کر کٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انہیں دورے کے بارے میں کوئی تشویش نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کو متعلقہ حکام سے راولپنڈی اسٹیڈیم میں پاک انگلینڈ سیریز کا ٹیسٹ میچ کروانے کے لیے گرین سگنل مل گیا ہے۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو رپورٹ کرنے والے سیکیورٹی وفد نے بھی دورے سے متعلق کلیئرنس دیدی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی وفد انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مکمل طور پر مطمئن ہے۔ انگلینڈ کا ٹیسٹ اسکواڈ پلان کے مطابق اسلام آباد میں ہی لینڈ کرے گا، مہمان ٹیم 27نومبر کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہنچے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے سلیکٹرز نے ٹیسٹ سیریز کے ممکنہ کھلاڑیوں کے حوالے سے قومی ٹیم کی انتظامیہ کے ساتھ مشاورت مکمل کرلی ہے ، امکان ہے کہ فاسٹ بولر محمد عباس کو اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا،قائد اعظم ٹرافی میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی موقع دینے پر غور کیا جارہا ہے۔

نوٹ : یہ خبر رونامہ جنگ کراچی سےلی گئی ہے۔
 
Top