غزل ۔۔۔ (مے خوار کے لبوں پہ بھی ہے جام آگیا)

محترم اساتذہ کرام کو اصلاح کی درخواست کے ساتھ:
الف عین ، ظہیراحمدظہیر ، محمّد احسن سمیع :راحل: ، یاسر شاہ ، سید عاطف علی
مفعول فاعلات مفاعیل فاعِلن
غیروں کے ساتھ مل کے ہے گلفام آگیا
مے خوار کے لبوں پہ بھی ہے جام آگیا

آبِ حیات لایا نہ بیمار کے لیے
وہ لے کے اُس کی موت کا پیغام آگیا

سامانِ قتل خُوب تھا اُس دلربا کے پاس
تھا ہاتھ کا دیا جو مِرے کام آگیا

بے درد بھی ہوا ہے گرفتار عشق میں
صیاد آپ ہی ہے زیرِ دام آگیا

آواز آئی غیب سے جو مانگنا ہے مانگ
فوراً مِرے لبوں پہ ترا نام آگیا

کوشش تھی جائے فن مِرا بامِ عروج پر
خورشید ہائے دیکھو لبِ بام آگیا​
 
صابرہ امین

لائبریرین
آواز آئی غیب سے جو مانگنا ہے مانگ
فوراً مِرے لبوں پہ ترا نام آگیا

بہت اچھے!! کچھ ایسا ہی ایک شعر ہمارا بھی ہے۔
 
آخری تدوین:
ابھی اصلاح سخن میں غزل پیش نہیں کی ہے۔ ملاحظہ کیجیے۔

متاع دل، متاع جاں، مرا سارا جہاں لے کر
وہ ہم سے پوچھتے ہیں مانگ ہم سے مانگتا کیا ہے
بہترین!
اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارے خیالوں میں کتنی مماثلت ہے- یا پھر یہ کہ مختلف لوگ اگر ایک موضوع پر سوچیں تو خیالوں کا مل جانا ایک قدرتی بات ہے- بس اندازِ بیاں اپنا اپنا ہوتا ہے-
 
محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
متاع دل، متاع جاں، مرا سارا جہاں لے کر
وہ ہم سے پوچھتے ہیں مانگ ہم سے مانگتا کیا ہے
ساری متاع ہی اگر حوالے ہی کرنی ہے تو "متاعِ آرزو" کا کیا قصور ہے 😊
متاعِ دل، متاعِ جاں، متاعِ آرزو لے کر
وہ مجھ سے پوچھتے ہیں مانگ ہم سے مانگتا کیا ہے
 
صابرہ امین

لائبریرین

صابرہ امین

لائبریرین
بہترین!
اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارے خیالوں میں کتنی مماثلت ہے- یا پھر یہ کہ مختلف لوگ اگر ایک موضوع پر سوچیں تو خیالوں کا مل جانا ایک قدرتی بات ہے- بس اندازِ بیاں اپنا اپنا ہوتا ہے-
جی بجا فرمایا۔

ویسے قافیہ کا چناؤ بھی ایسی صورتحال پیدا کر دیتا ہے۔ ہے نا؟
 
ساری متاع ہی اگر حوالے ہی کرنی ہے تو "متاعِ آرزو" کا کیا قصور ہے 😊
متاعِ دل، متاعِ جاں، متاعِ آرزو لے کر
وہ مجھ سے پوچھتے ہیں مانگ ہم سے مانگتا کیا ہے
میرا خیال ہے کہ متاعِ آرزو لے کر کا مطلب ہے کہ اب محب کی چاہت بھی وہی ہے جو محبوب کی یعنی بالکل surrender
 
صابرہ امین

لائبریرین
میرا خیال ہے کہ متاعِ آرزو لے کر کا مطلب ہے کہ اب محب کی چاہت بھی وہی ہے جو محبوب کی یعنی بالکل surrender
اچھا! ہمارا خیال تو ذرا مختلف ہے۔ متاعِ آرزو گئی تو ہی سب گیا۔ ورنہ ساری دنیا بھی چھن جائے تو بھی آرزو یا امید انسان کو زندہ رکھتی ہے۔
کوئی سینئر اگر اس بات کو سمجھنے میں ہماری مدد کرے تو کیا ہی اچھا ہو!!
 
محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
اچھا! ہمارا خیال تو ذرا مختلف ہے۔ متاعِ آرزو گئی تو ہی سب گیا۔ ورنہ ساری دنیا بھی چھن جائے تو بھی آرزو یا امید انسان کو زندہ رکھتی ہے۔
کوئی سینئر اگر اس بات کو سمجھنے میں ہماری مدد کرے تو کیا ہی اچھا ہو!!
یہ تو علم نہیں ہے کہ سینئیرز کا کیا خیال ہے لیکن میرا خیال آپ کے ساتھ ہے۔
 
اچھا! ہمارا خیال تو ذرا مختلف ہے۔ متاعِ آرزو گئی تو ہی سب گیا۔ ورنہ ساری دنیا بھی چھن جائے تو بھی آرزو یا امید انسان کو زندہ رکھتی ہے۔
کوئی سینئر اگر اس بات کو سمجھنے میں ہماری مدد کرے تو کیا ہی اچھا ہو!!
میں نے بھی یہی کہا ہے کہ جب ایک بندہ بالکل surrender
کردے تو باقی کیابچتا ہے- اورکسی کا سب کچھ لے کے لینے والا پوچھے کہ بتا اب کیا مانگتا ہے تو ایسا محبوب ہی کر سکتا ہے-
 
صابرہ امین

لائبریرین
آپ کی غزل کے بارے میں اپنے تجربات اور اساتذہ کے اصلاحی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ تجاویز کی جسارت کی ہے۔ امید ہے کچھ کام کی باتیں ضرور ہوں گی۔
غیروں کے ساتھ مل کے ہے گلفام آگیا
مے خوار کے لبوں پہ بھی ہے جام آگیا​

غیروں کے ساتھ مل کے جو گلفام آگیا
مے خوار کے لبوں پہ بھی اب جام آگیا

ویسے غیروں کے ساتھ نہ آتا اور اکیلا آتا پھر۔ کس مے خوار کا ذکر ہے۔ کسی کے آنے سے جام لبوں تک آنا کیسے ممکن ہے۔
آبِ حیات لایا نہ بیمار کے لیے
وہ لے کے اُس کی موت کا پیغام آگیا

آبِ حیات کی تھی تمنا مجھے مگر
وہ لے کے میری موت کا پیغام آگیا
سامانِ قتل خُوب تھا اُس دلربا کے پاس
تھا ہاتھ کا دیا جو مِرے کام آگیا

سامانِ قتل خُوب تھا اُس دلربا کے پاس
بسمل بھی ہو کے مجھ کو تو آرام آ آگیا
بے درد بھی ہوا ہے گرفتار عشق میں
صیاد آپ ہی ہے زیرِ دام آگیا

محاورہ ہے ۔۔۔آپ اَپنے دام میں آ جانا
مومن خان مومن کا مشہور شعر ہے

؎ اُلجھا ہے پاؤں یار کا زُلفِ دراز میں
لو ! آپ اپنے دام میں صیّاد آگیا

کوشش تھی جائے فن مِرا بامِ عروج پر
خورشید ہائے دیکھو لبِ بام آگیا

کوشش تھی پہنچے فن مِرا بامِ عروج پر
خورشید ہائے دیکھو لبِ بام آگیا

ویسے کہتے ہیں ہائے بھرتی کا لفظ ہوتا ہے۔ کچھ اور سوچ کر دیکھیے۔
 
آپ کی غزل کے بارے میں اپنے تجربات اور اساتذہ کے اصلاحی نکات کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ تجاویز کی جسارت کی ہے۔ امید ہے کچھ کام کی باتیں ضرور ہوں گی۔

غیروں کے ساتھ مل کے جو گلفام آگیا
مے خوار کے لبوں پہ بھی اب جام آگیا

ویسے غیروں کے ساتھ نہ آتا اور اکیلا آتا پھر۔ کس مے خوار کا ذکر ہے۔ کسی کے آنے سے جام لبوں تک آنا کیسے ممکن ہے۔

آپ کا محبوب اگر غیروں سے مل جائے تو آپکو خوشی ہو گی یا غم- میری غزل کے محب کو تو غم ہوا اور اس نے غم غلط کرنے کے لیے جام کا سہارا لیا-

آبِ حیات کی تھی تمنا مجھے مگر
وہ لے کے میری موت کا پیغام آگیا

میں نے شعر میں یہ کہنے کی کوشش کی ہے کہ جسے میں اپنا سمجھ کے اس سے توقع کررہا تھا کہ وہ میری زندگی بنے گا وہ میری موت کا پیامبر بن گیا- یعنی جو لوگ میری موت چاہتے تھے ان کا پیامبر بن گیا
آپ اپنے شعر اور میرے شعر کی روانی دیکھٰیں اور پھرفیصلہ کریں
سامانِ قتل خُوب تھا اُس دلربا کے پاس
بسمل بھی ہو کے مجھ کو تو آرام آ آگیا

میں نے کہا ہے کہ کسی نے اپنے ناز انداز سے مجھے گھیرنے کی کوشش کی لیکن میں نے کوئی نیکی کی تھی جس کے صلے میں بچ گیا- اب آ پ اپنے خیال اور میرے خیال کا فرق ملاحظہ فرمائیں-

محاورہ ہے ۔۔۔آپ اَپنے دام میں آ جانا
مومن خان مومن کا مشہور شعر ہے

؎ اُلجھا ہے پاؤں یار کا زُلفِ دراز میں
لو ! آپ اپنے دام میں صیّاد آگیا
مومن کا شعر مجھے بھی یاد ہے اس میں استعمال کیا گیا محاورہ بھی یاد ہے- لیکن شاید آپکو زیرِدام آنا محاورہ یاد نہیں ہے جس کا مطلب بھی ہے جال میں پھنسنا گرفتار ہونا

کوشش تھی پہنچے فن مِرا بامِ عروج پر
خورشید ہائے دیکھو لبِ بام آگیا

ویسے کہتے ہیں ہائے بھرتی کا لفظ ہوتا ہے۔ کچھ اور سوچ کر دیکھیے۔
خورشید لبِ بام آنا یعنی مرنے کے قریب ہونا تو اب شعر دیکھیں کہ میری کوشش تھی کہ میرا فن بامِ عروج پر پہنچے لیکن ہائے (افسوس) کہ موت کا وقت قریب آگیا ہے- تو کہاں ہے بھرتی کا لفظ

آپ کی اصلاح کی کوشش قابلِ قدر ہے- اور خوشی ہوئی کہ آپ بھی اس قابل ہوگئیں کہ کسی کلام کی اصلاح کے نام پر چیر پھاڑ کرسکیں
لیکن ہنوز دلی دور است
 
واقعی دلی تو بہت ہی دور ہے!
یہ تمام نکات تو ذہن میں ہرگز نہیں آئے۔ ۔ یہ چیر پھاڑ ہرگز نہیں اچھے بھائی ایک مبتدی کی ناقص رائے تھی جس کو بآسانی کوئی بھی رد کر سکتا ہے۔ بس جو کچھ سیکھا ہے اس کو استعمال کرنے کوشش ۔ ۔ آپ کی وضاحت نے بھی دیکھیے کتنا کچھ سکھا دیا۔ یعنی جس کا کام اسی کو ساجھے۔ :D
 
بہت شکریہ ! ہم (آپکو شامل کرنے پر معذرت ویسے میں صرف اپنے بارے میں کہنا چاہ رہا تھا) ابھی اس مقام پر ہیں کہ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کریں تو زیادہ فائدہ مند ہے بجائے اصلاح کی طرف جانے کے-
 
جی بہتر۔ بجا فرمایا آپ نے۔
ہاں البتہ حوصلہ افزائی کے نام ہر بےجا تعریف کی نسبت ایک صحت مند اور مثبت تنقید کسی بھی لکھاری کو اس فورم کے باہر بھی قابل قبول بنا سکتی ہے۔ اس سلسلے میں ہماری شروع کی غزلیں دیکھیں تو معلوم ہوگا کہ اگر اصلاحی تنقید نہ ہوتی تو کبھی راتوں کو بیٹھ کر شاعری کا علم حاصل کرنے کی جستجو نہ ہوتی۔
 
Top