عظیم غار سسٹم: میمتھ کیو نیشنل پارک

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
سوال یہ ہے کہ mammoth بمعنی کثیر الجثہ یا بہت بڑا نہ کہ قدیم ہاتھی نما جانور کے لئے اردو میں یہاں کیا مناسب ترین لفظ ہو گا؟ ظہیراحمدظہیر
میری رائے میں اس طرح کی کشادہ اور وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی زیرِ زمین جگہوں کے لیے غار مناسب لفظ نہیں ۔ اردو میں غار کا لفظ عموماً کسی پہاڑ میں موجود کھوکھلی جگہ کے لیے مستعمل ہے جو سطح سے زیادہ نیچے نہیں ہوتی۔اسے کھوہ بھی کہتے ہیں ۔ اگر یہ گڑھا چھوٹا سا ہو تو پھر اسے بھَٹ کہتے ہیں جس میں عموماً جانور وغیرہ رہا کرتے ہیں۔
امریک کے کئی زیرِ زمین غار تومیلوں پر پھیلے ہوئے ہیں۔ بچوں کے ساتھ دو تین کی سیر کا اتفاق بھی ہوا ہے ۔بعض میں تو ہائیکنگ بھی کی جاسکتی ہے ۔ ویسے میری پسندیدہ غار Niagra- Cave ہے۔ اس میں دنیا کی بلند ترین زیرِ زمین آبشار ہے ۔ اس غار میں پتھروں میں ایک قدرتی طور پر ترشی ہوئی ایک عمارت سی ہے جسے لوگ wedding-chapel کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور اس میں کرایہ دے کر تقریبات منعقد کی جاسکتی ہیں۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ انگریزی میں چونکہ انہیں cave-systemکہتے ہیں اس لیے اس طرح کے فراخ اور وسیع رقبے کے لیے غار کےبجائے زیرِ زمین علاقے کی اصطلاح گھڑ لی جائے تو زیادہ بہتر ہوگا۔ مثلاً اگر آپ اس دھاگے کا عنوان "میمتھ کا زیرِ زمین علاقہ" کہیں تو میری رائے میں مناسب ہوگا۔

( "علاقۂ غار" کی بھی ممکن ہے لیکن لوگ اسے علاقۂ غیر کا ٹائپو سمجھیں گے۔ :D)

اس مذاق سے قطع نظر ، آپ اپنے عنوان میں غار کا لفظ استعمال کریں یا اسے زیرِ زمین علاقہ کہیں ، اس کا نام میمتھ ہی رکھیں ۔ اس لیے کہ یہ اس غار کا ذاتی نام ہے اور یہ اسی نام سے جانا جاتا ہے ۔ میمتھ کا ترجمہ کرنا ٹھیک نہیں ہوگا۔ بالکل اسی طرح جیسے ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ میں ایمپائر اسٹیٹ کا ترجمہ نہیں کیا جائے گا ۔ اس کے نام کو جوں کا توں رکھا جائے گا۔

تیسری بات یہ کہ :D غار کو اگر عظیم کہیں تو غارِ عظیم کے بجائے عظیم غار کہنا بہتر اور افصح ہے۔ اردو میں تو سیدھے سیدھے صفت کو موصوف سے پہلے لگادیتے ہیں ۔ اگر صفت اور موصوف دونوں فارسی (یا مفرس) ہوں تو پھرعموماً ترکیبِ اضافی بنائی جاتی ہے۔
 
آخری تدوین:

زیک

مسافر
امریک کے کئی زیرِ زمین غار تومیلوں پر پھیلے ہوئے ہیں۔
میمتھ فلنٹ رج کیو سسٹم (آفیشل نام) میں 400 میل سے زائد کے راستے سروے ہو چکے ہیں۔

ویسے میری پسندیدہ غار Niagra- Cave ہے۔ اس میں دنیا کی بلند ترین زیرِ زمین آبشار ہے ۔
اب لڑائی ہو گی کہ یہاں جارجیا کی سرحد کے اس پار ٹینیسی میں لک آؤٹ ماؤنٹین کے اندر روبی آبشار ہے جس کا بھی یہی دعویٰ ہے۔

کہنے کا مقصد یہ ہے کہ انگریزی میں چونکہ انہیں cave-systemکہتے ہیں اس لیے اس طرح کے فراخ اور وسیع رقبے کے لیے غار کےبجائے زیرِ زمین علاقے کی اصطلاح گھڑ لی جائے تو زیادہ بہتر ہوگا۔
پورے کیورن یا کیو سسٹم کے لئے تو یہ ٹھیک ہے لیکن میمتھ کیو اصل میں ایک اونچی اور وسیع کیو ہے جس سے بہت سے زیر زمین راستے نکلتے ہیں۔ اس کیو اور نیشنل پارک کا جب نام رکھا گیا تو اس وقت کسی کو علم نہ تھا کہ یہ اتنا لمبا کیو سسٹم ہے۔

اگر آپ اس دھاگے کا عنوان "میمتھ کا زیرِ زمین علاقہ" کہیں تو میری رائے میں مناسب ہوگا
مجھے غار سسٹم بہتر محسوس ہوا کہ زیرِ زمین علاقہ کافی مبہم ہے اور ترکی میں زیرِ زمین شہروں کی یاد دلاتا ہے۔
 

زیک

مسافر
اس مذاق سے قطع نظر ، آپ اپنے عنوان میں غار کا لفظ استعمال کریں یا اسے زیرِ زمین علاقہ کہیں ، اس کا نام میمتھ ہی رکھیں ۔ اس لیے کہ یہ اس غار کا ذاتی نام ہے اور یہ اسی نام سے جانا جاتا ہے ۔ میمتھ کا ترجمہ کرنا ٹھیک نہیں ہوگا۔
اپنی اگلی لڑی کے عنوان کے بارے میں غور کر رہا تھا تو عربی وکیپیڈیا سے پتا چلا کہ وائٹ ماؤنٹینز کو وہاں جبال وايت لکھا گیا ہے۔ کئی زبانوں میں چیک کیا۔ کچھ وائٹ لکھتے ہیں اور کچھ اس کا اپنی زبان میں ترجمہ۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
اپنی اگلی لڑی کے عنوان کے بارے میں غور کر رہا تھا تو عربی وکیپیڈیا سے پتا چلا کہ وائٹ ماؤنٹینز کو وہاں جبال وايت لکھا گیا ہے۔ کئی زبانوں میں چیک کیا۔ کچھ وائٹ لکھتے ہیں اور کچھ اس کا اپنی زبان میں ترجمہ۔
عربی زبان کا چلن اور دستور اردو سے اور دنیا کی بہت ساری زبانوں سے مختلف ہے ۔ عربی میں لفظی ترجمے کی روایت صدیوں سے چلی آتی ہے ۔ عباسیوں کے دور ہی سے لاطینی اور یونانی زبانوں سے عربی میں ترجمے کا سلسلہ شروع ہوا تو وہ ممکنہ حد تک لفظی ترجمہ کیا کرتے تھے اور پھر ان کی زبان کا یہی دستور بن گیا ۔ اگر لفظی ترجمہ ممکن نہ ہو تو وہ اپنی الفبا کے حساب سے ٹرانسلٹریشن کر تے ہیں مثلاً کراتشی ، الباکستان ، الیابان وغیرہ۔ اکثر اوقات قریب ترین حروف استعمال کرکے تعریب یعنی عربی لفظ بھی بنالیتے ہیں ۔ بنطلون ، تلیفون ، تلیغرام ، وغیرہ
اردو میں جبکہ ایسا نہیں ہے۔ ہم لوگ ذاتی ناموں کی ٹرانسلٹریشن ہی کرتے ہیں کیونکہ اردو الفبا میں تقریباً تمام آوازیں موجود ہیں ۔ ہم نیویارک کو ترجمہ کرکے نیا یارک نہیں کہتے۔ چنانچہ ہر زبان کی اپنی روایت اور اپنا چلن ہے ۔ اردو تو بہت آرام سے غیر زبان کے لفظوں کو اپنا لیتی ہے۔ اگر آپ وائٹ ماؤنٹینز کا ترجمہ سفید پہاڑ یا کوہِ سفید کریں تو پھر اس قوسین میں اس کا معروف انگریزی نام یا علاقے ، شہر کا نام بھی لکھنا پڑے گا تاکہ پہچان میں آسانی رہے۔ مثلاً فلوریڈا کے سفید ریت کے ساحل وغیرہ۔
 
Top