تعارف عاجز کا تعارف

فاخر

محفلین
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ،
احباب کی فرمائش بلکہ یوں کہیے محبت پر خاموشی توڑنے پر مجبور ہوں۔ ارادہ یہی تھا کہ خاموشی سے نئے نام، بلکہ تخلص"فلسفی" کی بنیاد پر شامل محفل رہوں گا۔ لیکن تعارف کے اصرار کی وجہ سے چند سطریں لکھنے پر مجبور ہوں۔

سب سے پہلے محترم الف عین صاحب سے معذرت کہ ان کے کہنے کے باوجود محفل پر باقاعدہ واپس نہیں آسکا۔ لیکن حقیقت یہی ہے کہ ان ہی کی محبت اور شاعری کے لیے اپنی اصلاح کی ضرورت دوبارہ محفل پر کھینچ لائی۔ میری پہلی آئی ڈی محمد عظیم الدین کے نام سے موجود ہے (میں چاہوں گا کہ نئی آئی ڈی ہی استعمال کروں)۔ جب محترم اعجاز عبید صاحب نے محفل کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا تو دل کو ایسا دھچکا لگا کہ مت پوچھیے۔ پھر محفل پر ہی کچھ تلخیوں کے باعث ارادہ کر لیا تھا کہ دوبارہ حاضر نہیں ہوں گا۔ لیکن جیسا عرض کیا کہ محترم اعجاز صاحب سے اصلاح کا متمنی تھا لیکن ان کا کہنا تھا کہ اصلاح محفل پر ہی ہو تو بہتر ہے تاکہ سب کو فائدہ ہو۔ لہذا کچھ عرصہ ادھر اُدھر ہاتھ پاؤں مارنے کے بعد اسی نتیجے پر پہنچا کہ محفل جیسا ماحول اور محترم اعجاز صاحب جیسا استاد فی الحال کہیں اور میسر نہیں۔

اس تمہید کے بعد مختصر تعارف عرض کر دیتا ہوں۔ میرا نام محمد عظیم الدین ولد صلاح الدین (مرحوم) ہے۔ لاہور، اسلام پورہ (کرشن نگر) کا رہائشی ہوں۔ کمیپوٹر سائنس میں یونیورسٹی اور مینیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے گریجویٹ ہوں۔ عمر کے 36 بہاریں دیکھ چکا ہوں۔ جولائی 2008 سے سعودی عرب کے شہر ریاض میں مقیم ہوں۔ داد اور نانا تقسیم کے وقت ضلع روہتک ، گاؤں، حسن گڑھ سے لاہور ہجرت کر کے آئے تھے۔ اس لیے گھر میں بولی جانے والی زبان اردو اور عام دوستوں کے ساتھ بوقت ضرورت تھوڑی بہت پنجابی بھی بول لیتا ہوں۔

شاعری کا شوق بچپن سے ہے۔ پانچویں جماعت میں پہلی نظم کہی تھی

ٹی وی پر کارٹوں لگے رہتے ہیں
بچے سکول سے بھاگتے رہتے ہیں
سبق ان کو آتا نہیں اور
استاد بدنام ہوتے رہتے ہیں

یہ پہلی باقاعدہ تک بندی تھی۔ اس کے بعد چل سُو چل۔ محفل پر آمد سے قبل محترم اسامہ سرسری صاحب کی کتاب "آؤ شاعری سیکھیں" نظر سے گزری تو معلوم ہوا اب تک جو لکھا وہ سب بیکار تھا۔ بس یہی احساس اور اصلاح کی ضرورت محفل تک لے آئی۔

پیشے کے حوالے سے اپنے کیرئیر کا آغاز بطور گرافک ڈیزائنر شروع کیا پھر نیٹ ورکنگ اور آخر میں پروگرامنگ کے دامن میں پناہ لی۔ شوق گریجویشن کے دوران ہی پروگرامنگ کا تھا لیکن بدقسمتی سے پہلی نوکری گرافک ڈیزائنر کی ملی اس لیے تین چار سال بس موقع کی تلاش میں رہا۔ پھر ڈاٹ نیٹ خود سے سیکھی اور اس میں نوکری بھی مل گئی۔ اس کے بعد سی، سی پلس پلس، ڈاٹ نیٹ، پی ایچ پی، وی بی، جاوا، موبائل ڈویلپمنٹ مختلف کمپوٹر کی زبانوں میں مختلف پروجیکٹس پر کام کیا۔ زیاد تر تجربہ مڈل وئیر ٹیکانالوجیز کا ہے۔ لیکن خود کو کبھی کسی ٹول، ٹیکنالوجی یا کمپوٹر کی زبان تک محدود نہیں رکھا۔جس میں کام ملتا ہے کر لیتا ہوں۔

خوش مزاج ہوں۔ مزاح پسند کرتا ہوں۔ ہنستا ہوں، ہنساتا ہوں اور خود پر ہنسنے کا حوصلہ بھی رکھتا ہوں۔ شادی شدہ ہوں، دو بچے ہیں ایک بیٹی گیارہ سال کی فاطمہ، بیٹا آٹھ سال کا محمد۔

حضرت نفیس شاہ صاحب رحمہ اللہ سے (ان کی وفات سے تقریبا تین چار سال قبل) اصلاح کا تعلق تھا۔ حضرت کی وفات کے بعد لاہور کے جامعہ مدنیہ جدید کے استاد مفتی حسن صاحب دامت برکاتہم سے اصلاحی تعلق ہے۔

اپنی زندگی سے مکمل طور پر مطمئن ہوں۔ اللہ پاک نے ہر خواہش اور دعا کو پورا فرمایا ہے۔ اب بس یہی دعا ہے کہ اللہ پاک ایمان کی سلامتی کے ساتھ دنیا سے لے جائے اور اپنے مقبول بندوں میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین

محترم محمد عدنان اکبری نقیبی @محمداحمد، زیک اور ربیع م صاحبان
اس کے علاوہ اگر کوئی سوال ہے تو عاجز حاضر ہے۔

ماشاءاللہ بہت خوب !!!! آج پوری کوائف جاننے کا موقعہ ملا۔بہت ہی خوب !!! حضرت نفیس شاہ صاحب سے اصلاحی تعلق بہت بڑی بات ہے ۔
آج یہ بھی واضح ہو گیا کہ آپ ’مہاجر‘ ہیں آپ کی رگوں میں ’ہجرت‘ اور ’ہندوستانیت‘ ؛بلکہ ’پنجابی‘ خون دوڑ رہا ہے۔
لیکن یہ بات بڑی عجیب سی لگی ہے کہ:’اکثر مہاجرین‘ کراچی میں مقیم ہیں ؛لیکن آپ کے آبا و اجدادنے لاہور کے قیام کو ہی ترجیح دی،وہ شاید اس لیے بھی کہ:’آپ پنجابی الاصل ہیں‘ اور ’خطہ پنج آب ‘ سے گہرا رشتہ ہے۔ ورنہ اکثر شمالی ہندوستان یوپی ،مہاراشٹر، بہار وغیرہ کے مہاجرین نےکراچی کو ترجیح دی۔ بہار کے اکثر مہاجرین نے مشرقی پاکستان کو ترجیح دی تھی؛کیوں کہ جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار سے مشرقی پاکستان نزدیک اور تہذیبی اعتبار سے ہم آہنگ تھا۔ گزشتہ کئی سال قبل 2009 میں ایک کراچی کا ’مہاجر‘ جو میرے ہی خاندان کاتھا،جس کے والد مرحوم نے ہجرت کا کرب برداشت کیا تھا ،میرے گاؤں آیا تھا۔ پردادا محترم کا نام لیکر کہا کہ مجھے’ دل شیر‘ مرحوم کے خاندان کے کسی فرد سے ملاقات کرنی ہے ،ہم پاکستان کے کراچی سے آئے ہیں ۔ دادا محترم اللہ کے پیارے ہوچکے تھے البتہ دادی محترمہ اس وقت باحیات تھی دادی سے ملاقات کرائی گئی تو دادی محترمہ نے پہچان لیا ۔ دادی کی یادداشت کے مطابق ان کے والد نے ڈھاکہ ہجرت کی تھی ،ممکن ہے کہ ان کے والد محترم سقوطِ ڈھاکہ کی ہوشربا قیامت میں کراچی منتقل ہوگئے ہوں۔ خیر ! ہم لوگ ٹھہرے پکے ہندوستانی مسلمان راجپوت جو اپنی ’مٹی‘ کو ترجیح دیتا ہے ؛اس لیے ہندوستان میں ہی ’دھونی رما‘ کر بیٹھ گئے اور آفات و بلیات کو ’اللہ کے حوالے کردیا‘۔
یہ آپ نے درست ہی کہا کہ: اس جیسی محفل اور استاد حضرت الف عین مدظلہ جیسا استاد میرے خیال سے مفت میں کہیں اور نہیں مل سکتا ۔نوک جھونک ہوتی رہتی ہے یہی تو محبت کی علامت ہے ۔ اللہ کرے کہ افادہ و استفادہ کا سلسلہ یونہی چلتا رہے ۔ آمین ثم آمین ۔
 

فلسفی

محفلین
لیکن یہ بات بڑی عجیب سی لگی ہے کہ:’اکثر مہاجرین‘ کراچی میں مقیم ہیں ؛لیکن آپ کے آبا و اجدادنے لاہور کے قیام کو ہی ترجیح دی
یہ سوال میرے ذہن میں بھی آیا لیکن کبھی امی جان سے پوچھا نہیں۔ جب میں ساتویں جماعت میں تھا تو والد صاحب دنیا سے رخصت ہو گئے تھے لہذا وہ عمر ایسی تھی نہیں جس میں اس حوالے سے زیادہ دلچسپی ہو۔ لیکن ددھیال کے بہت سے رشتے دار کراچی میں ہی رہائش پذیر ہیں۔ ننھیال والے پنجاب کے مختلف علاقوں میں مثلا لاہور، سیالکوٹ، پیر محل وغیرہ آباد ہوئے۔ اب آپ نے ذکر چھیڑا ہے تو امی جان سے پوچھوں گا۔ ویسے بھی تقسیم کے دوران جو حالات تھے ان میں بہت کم ایسے ہوں گے جو اپنی مرضی سے اور اپنی مرضی کی جگہ پر بحفاظت پاکستان پہنچے ہوں۔

اپنی مرضی سے تو کوئی بھی اپنی جگہ نہیں چھوڑنا چاہتا۔ لیکن جو کچھ ہم نے سنا اس کا خلاصہ یہی ہے کہ جو پیچھے رہ گئے وہ مار دیے گئے۔ نانا کا تقریبا پورا خاندان کاٹ دیا گیا۔ نانا اس لیے بچ گئے کہ وہ ڈھاکہ میں پوسٹ آفس میں ملازم تھے اور تقسیم کے دوران ڈیوٹی پر تھے۔ کچھ لوگ ہی جان بچا کر آ سکے۔ ہر ایک کی اپنی داستان ہے۔ خیر کاروبار دنیا ہے ۔۔۔ اللہ پاک سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آمین

۔ اللہ کرے کہ افادہ و استفادہ کا سلسلہ یونہی چلتا رہے ۔ آمین ثم آمین ۔
آمین
 

فلسفی

محفلین
فلسفی بھیا یہ بہتر نا ہوگا آپ کے لیے کہ آپ اپنی دونوں آئی ڈی کو ضم کر والیں ۔بس شناخت اپنی فلسفی ہی رکھیے گا وہ دراصل فلسفی نام آپ پر جچتا بہت ہے ۔
ہائے الله قربان جاؤں آپ کے عمر گزر گئی اسی آرزو میں کہ کوئی کہے کہ فلاں چیز آپ پر جچتی ہے۔

الله پاک آپ کو بہت خوش رکھے۔ دین اور دنیا کی تمام برکتیں عطا کرے۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ جیسا منتظمین مناسب سمجھیں۔

محمد تابش صدیقی بھائی اگر میری دونوں آئ ڈیز ضم کردیں لیکن مستعمل فقط فلسفی والی آئی ڈی رہے، کیا ایسا ممکن ہے۔
 
آخری تدوین:
ہائے الله قربان جاؤں آپ کے عمر گزر گئی اسی آرزو میں کہ کوئی کہے کہ فلاں چیز آپ پر جچتی ہے۔

الله پاک آپ کو بہت خوش رکھے۔ دین اور دنیا کی تمام برکتیں عطا کرے۔ مجھے کوئی اعتراض نہیں۔ جیسا منتظمین مناسب سمجھیں۔

محمد تابش صدیقی بھائی اگر میری دونوں آئ ڈیز ضم کردیں لیکن مستعمل فقط فسلفی والی آئی ڈی رہے، کیا ایسا ممکن ہے۔
جزاک اللہ خیرا اجر کثیرا ۔
 

فلسفی

محفلین
خدا نہ کرے کہ آپ فسلفی ہوں ۔۔! :)
:rollingonthefloor:

یار موبائل پر ٹائپ کرتے ہوئے غلطی ہو جاتی ہے۔ آپ لوگ بھی جھٹ سے اقتباس لے لیتے ہو۔ تاکہ تدوین بھی ہو جائے تب بھی غلطیاں منہ چڑاتی رہیں۔
اللہ کریم کا شکر ہے کہ یہ املاء کی غلطی ہم سے نہ ہوئی ۔:praying:
:laughing:
 
Top