ظلمت کدے کے سارے خداؤں کے فیصلے

محمد بلال اعظم

لائبریرین
کچھ اشعار۔۔۔ شاید کسی قابل ہوں۔

ظلمت کدے کے سارے خداؤں کے فیصلے


ظلمت کدے کے سارے خداؤں کے فیصلے
مل کر بدل سکے نہ دعاؤں کے فیصلے

اندھی ہوا کے پاس رکابِ سفر تھی لیک
بچوں کے ہمسفر رہے ماؤں کے فیصلے

وہ کون لوگ تھے کہ جو دستار لے گئے؟
یہ کون کر رہے ہیں رداؤں کے فیصلے؟

پلکوں سے تیرا عکس سنبھالا نہیں گیا
دل میں اتر گئے ہیں خزاؤں کے فیصلے

وہ شمعِ خواب خواب تو کب کی بجھی بلال
وہ جس نے رد کئے تھے ہواؤں کے فیصلے

(محمد بلال اعظم)
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
ظلمت کدے کے سارے خداؤں کے فیصلے
مل کر بدل سکے نہ دعاؤں کے فیصلے

اندھی ہوا کے پاس رکابِ سفر تھی لیک
بچوں کے ہمسفر رہے ماؤں کے فیصلے

وہ کون لوگ تھے کہ جو دستار لے گئے؟
یہ کون کر رہے ہیں رداؤں کے فیصلے؟

بہت خوب غزل ہے منے۔۔۔ بہت ہی اعلی۔۔۔ اللہ کرے زور سخن اور زیاد۔ ماشاءاللہ
 
پہلی خواندگی میں غزل اچھی لگی۔ کوشش کروں گا باریکی سے دیکھنے کی، مگر فوری طور پر نہیں۔

اس شعر میں عیبِ تنافر واقع ہو گیا ہے، کسی طور اس کو دور کر لیجئے۔
پلکوں سے تیرا عکس سنبھالا نہیں گیا
دل میں اتر گئے ہیں خزاؤں کے فیصلے



محمد بلال اعظم
 
شعر بہ شعر کچھ جسارتیں ۔۔۔۔۔۔۔

ظلمت کدے کے سارے خداؤں کے فیصلے
مل کر بدل سکے نہ دعاؤں کے فیصلے
۔ مطلع اچھا ہے۔ دعا فیصلے کی حیثیت نہیں رکھتی، ہاں! دعا کی قبولیت ضرور فیصلے کی حیثیت رکھتی ہے۔ اگر اس کی طرف ایمائیت ہے تو چنداں قباحت بھی نہیں، تاہم اس کو نکھارا جا سکتا ہے۔

اندھی ہوا کے پاس رکابِ سفر تھی لیک
بچوں کے ہمسفر رہے ماؤں کے فیصلے
۔ اس میں مسئلہ ہے "رکابِ سفر تھی" یہ اندھی ہوا کے زور کو کمزور کر رہا ہے۔ "لیک" کا لفظ لازم نہیں کہ ترک ہی کر دیا جائے (میں ترک کے حق میں نہیں) تاہم یہاں شعر کی ملائمت متاثر ہو رہی ہے۔

وہ کون لوگ تھے کہ جو دستار لے گئے؟
یہ کون کر رہے ہیں رداؤں کے فیصلے؟
۔ عمدہ شعر ہے۔

پلکوں سے تیرا عکس سنبھالا نہیں گیا
دل میں اتر گئے ہیں خزاؤں کے فیصلے
۔ عکس اور خزاں کے تعلق کو پھولوں کی نسبت سے زیادہ مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ دوسرے مصرعے میں نام لئے بغیر کانٹے مذکور بھی ہیں، وہ بھی واضح تر ہو جائے: پھولوں سے تیرا عکس ۔ ۔ ۔ ۔ عیبِ تنافر کے حوالے سے تو بات ہو چکی۔

وہ شمعِ خواب خواب تو کب کی بجھی بلال
وہ جس نے رد کئے تھے ہواؤں کے فیصلے
۔ اچھا شعر ہے۔

محمد بلال اعظم
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
ظلمت کدے کے سارے خداؤں کے فیصلے
مل کر بدل سکے نہ دعاؤں کے فیصلے

اندھی ہوا کے پاس رکابِ سفر تھی لیک
بچوں کے ہمسفر رہے ماؤں کے فیصلے

وہ کون لوگ تھے کہ جو دستار لے گئے؟
یہ کون کر رہے ہیں رداؤں کے فیصلے؟

بہت خوب غزل ہے منے۔۔۔ بہت ہی اعلی۔۔۔ اللہ کرے زور سخن اور زیاد۔ ماشاءاللہ
قبلہ سلامت رہیے
بہت شکریہ
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
زیرِ نظر غزل کا مجموعی مزاج گرد و پیش کے حالات کی ٹیس سے مرکب ہے، اچھا لگا۔
بہت بہت شکریہ استادِ محترم
بہت معذرت کہ ایک سرجری کے باعث اتنے دن حاضر نہ ہو سکا۔

زہے نصیب میرے۔۔۔۔ بہت عمدہ و مفید اصلاحات ہیں۔
میں جلد ہی ترمیم کے بعد دوبارہ پیش کرتا ہوں۔
 

قیصرانی

لائبریرین
بہت بہت شکریہ استادِ محترم
بہت معذرت کہ ایک سرجری کے باعث اتنے دن حاضر نہ ہو سکا۔

زہے نصیب میرے۔۔۔۔ بہت عمدہ و مفید اصلاحات ہیں۔
میں جلد ہی ترمیم کے بعد دوبارہ پیش کرتا ہوں۔
سرجری کاہے کی؟ کیا دل مرمت کرایا ہے (شاعرانہ رنگ میں)؟
 
Top