مصحفی شیخ غلام ہمدانی ::::::جی میں سمجھے تھے کہ دُکھ درد یہ سب دُور ہُوئے::: Shaikh Ghulam Hamdani Mushafi

طارق شاہ

محفلین
غزل
غلام ہمدانی مصحفیؔ

جی میں سمجھے تھے کہ دُکھ درد یہ سب دُور ہُوئے
ہم تو اِس کُوچے میں آ، اور بھی مجبُور ہُوئے

کل جو ہم اشک فشاں اُ س کی گلی سے گُزرے
سینکڑوں نقشِ قدم خانۂ زنبُور ہُوئے

پُھول بادام کے پیارے مُجھے لگتے ہیں، مگر
تیری آنکھوں کے تئیں دیکھ کے مخمُور ہُوئے

دِل پہ از بس کہ پَھپولے تَپِ ہِجراں سے پڑے
داغِ دِل جتنے تھے، وہ خوشۂ انگُور ہُوئے

فرطِ اُلفت سے مِری بات بگڑتی ہی رہی
جُوں جُوں چاہا مَیں اُنھیں، اور بھی مغرُور ہُوئے

کھاکے سو نیشِ اَلم آبلۂ دِل میرے
رفتہ رفتہ بَہے اِتنے کہ وہ ناسُور ہُوئے

مُصحفیؔ پڑھ تُو اب اُن کو بھی بَھری مجلِس میں
شعر تُجھ سے، جو کوئی اور بدستُور ہُوئے

شیخ غلام ہمدانی مُصحفیؔ امروہوی
 
Top