کاشفی
محفلین
شام پر ممکنہ حملہ ، چوتھا امریکی بحری بیڑا بھی خطے میں پہنچ گیا
دبئی…خانہ جنگی کے شکار شام پر عالمی دباوٴ بڑھتا جارہا ہے،ایک امریکی عہدے دار نے بتایا ہے کہ شام پر کل سے میزائل حملے کئے جاسکتے ہیں،ممکنہ اہداف کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ شامی حکومت کا کہنا ہے کہ ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق امریکا کی خفیہ ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شام کی وزارت خارجہ کے حکام کی کیمیکل یونٹ کو کی جانے والی کال کی ریکارڈنگ حاصل کرلی ہے۔ یہ فون کال کیمیائی حملے کے ایک گھنٹے کے دوران کی گئیں۔امریکا کا کہنا ہے کہ یہ فون کال شام کی حکومت کے خلاف ثبوت کے طور پر اور فوجی کارروائی کیلئے کافی ہیں۔ ادھر امریکا نے شام کے خلاف فوجی کارروائی کو حتمی شکل دینی شروع کردی ہے۔ امریکا کا چوتھا بحری بیڑا بھی خطے میں پہنچ چکا ہے۔ ایک امریکی عہدے دار کے مطابق شام پر کل سے میزائل حملے کیے جاسکتے ہیں جو تین دن تک جاری رہ سکتے ہیں۔دوسری جانب شام پر ممکنہ امریکی حملے کی خبروں پر وہاں موجود جہادی گروپوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ امریکا ان حملوں کی آڑ میں اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ایران اور روس نے ممکنہ امریکی حملے کی مخالفت کی ہے جبکہ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ امریکی کارروائی محدود ہونی چاہیے۔شامی حکومت کا کہنا ہے کوئی بیرونی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی اور کسی بھی حملے کا حیران کن انداز میں جواب دیا جائے گا۔