سمرقندی فارسی کا دلچسپ لفظ 'کنفیکن'

حسان خان

لائبریرین
گذشتہ روز شہرِ سمرقند کے محقق و ادبیات شناس مرحوم رسول ہادی زادہ کی ایک نہایت دلچسپ اور مفید کتاب 'سمرقندیان چہ می گویند؟' نظروں سے گذری تھی۔ مذکورہ کتاب کے ابتدائی حصے میں مؤلف نے شہرِ سمرقند کی تمدنی حیثیت، یہاں فارسی زبان و ادب کی پیدائش، تاریخ اور موجودہ صورتِ حال، تیموریوں اور ازبک امراء کے درباروں میں فارسی زبان کے تسلط، ماوراءالنہری فارسی تمدن کی تشکیل میں تاجکوں اور ازبکوں کے یکساں کردار، خطے میں فارسی اور ترکی کی متقابل اثر پذیری اور سمرقند کے گفتاری لہجے کی خصوصیات جیسے موضوعات پر بہت معلوماتی اور جامع گفتگو کی ہے۔ جبکہ کتاب کے دوسرے حصے میں مؤلف نے سمرقندی گفتاری فارسی میں مستعمل عامیانہ الفاظ، اصطلاحات اور عبارات کی تشریحی لغت فراہم کی ہے اور یوں وہ سمرقندی فارسی کے کئی دلچسپ نکات سامنے لائے ہیں۔ چونکہ ادبی فارسی مجموعی طور پر قدامت پسند زبان ہے اس لیے ادبی فارسی میں مختلف علاقوں میں استعمال ہونے والے منفرد عامیانہ الفاظ منعکس نہیں ہوتے، لہٰذا ایسی کتابوں کے ذریعے کسی علاقے کی گفتاری فارسی زبان اور اُس کی روزمرہ زندگی میں جھانکا جا سکتا ہے۔
مشتے از خروار کے طور پر اس لغت سے ایک لفظ 'کنفیکن' کی شرحِ حال پیش کی جا رہی ہے۔

کُنفَیَکُن kunfayakun - زیر و زبر، بی سر و سامان، بی ترتیب. "بچه‌ها شوخی کرده در یک لحظه همه را کنفیکن کرده رفتند."، "وی با قهر و غضب آمده همه را کنفیکن کرد" یعنی همهٔ ما را کاهش و سرزنش نمود. این تعبیر از آیت مشهور قرآن مجید "کن فیکون" آمده‌است. حق تعالیٰ در آفرینش فرمود: "کن" (باش) و به امر او هستی به وجود می‌آید." یعنی در یک آن، در یک لحظه. در تعبیر سمرقندیان همین آهنگِ در یک لحظه دگرگون شدن عالم منظور است، نه معنی آیه شریفه.

کنفیکن kunfayakun - زیر و زبر، بے سر و سامان، بے ترتیب۔ "بچے اچھل کود کرتے ہوئے ایک ہی لمحے میں سب کچھ کنفیکن کر کے چلے گئے۔" "اُس نے قہر و غضب کے ساتھ آ کر سب کو کنفیکن کر دیا" یعنی اُس نے ہم سب کو ملامت اور سرزنش کی۔ یہ عبارت قرآنِ مجید کی مشہور آیت 'کن فیکون' سے آئی ہے۔ حق تعالیٰ نے تخلیق کے وقت فرمایا: "کن" (ہو جا) اور اُس کے امر سے ہستی وجود میں آ جاتی ہے۔" یعنی ایک آن میں، ایک لحظے میں۔ سمرقندیوں کی عبارت میں اسی ایک لحظے میں عالم کے دگرگوں ہو جانے کا مفہوم مقصود ہے، نہ کہ آیتِ شریفہ کا [لفظی] معنی۔

اس کتاب کو یہاں سے پڑھا جا سکتا ہے:
islamic-rf.ir/ebook/samarqandian.che.migooyand.pdf
 
آخری تدوین:
Top