زرداری کے پرائیویٹ ایس ایم ایس

نواز شریف کے نام
اس سیاست نے ہمارا ظرف بھی کم کردیا
"ورنہ فطرت کا برا تو بھی نہیں میں بھی نہیں"

مال و دولت کی تمنا، فطرتِ انسان ہے
اور فطرت سے جدا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

تیری "ییلوکیب" میری "بینظیرانکم سپورٹ"
اتنا تو بے آسرہ تو بھی نہیں میں بھی نہیں

راجہ پرویز اشرف کے نام
یہ الیکشن جیتنا ہی ہے ہمیں ہر حال میں
جیل سے ورنہ "رِہا" تو بھی نہیں میں بھی نہیں

آ کہ مدہوشی میں اک سجدہ کریں کرسی کو ہم
کیونکہ کرسی سے جدا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

میرے ترکش میں "بلاول" بھی ابھی موجود ہے
اور کرسی سے اٹھا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

چوہدری شجاعت کے نام
قوم منزل تک بھلا پہنچے گی کیسے، خیر سے
راستے پر جب چلا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

ہوگا نہ حائل الیکشن میں کبھی America
کیونکہ اس سے بے وفا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

بلاول زرداری کے نام
کیا ضرورت ہے کہ ٹینشن لیں غریبوں کے لئے
جبکہ غربت میں پَلا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

غم نہ کر جتنے بڑے تھے، سب کے سب شہدا ہوئے
اور سیاست میں بڑا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

ڈاکٹر عاصم حسین کے نام
چولہا جلتا نہیں اور گاڑیاں چلتی نہیں
اس خبر سے آشنا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

کب ہمیں درپیش ہے بحران بجلی گیس کا
بات یہ ہے خیرخواہ تو بھی نہیں میں بھی نہیں

رحمن ملک کے نام
ان دھماکوں کی وجہ سے ہے چراغاں شہر میں
ان دھماکوں سے پھٹا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

عتیقہ اوڈھو کے نام
چھوڑ اُس جمہور کے دشمن کو اس کے حال پر
اس کی قسمت میں لکھا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

تمام سیاسی جماعتوں کے نام (الگ الگ)
اگلے پنج سالے میں مل کر ہی بنیں گے حکمراں
اپنے پیروں پر کھڑا تو بھی نہیں میں بھی نہیں

شیطان کے نام
ایک سی فطرت ہے اپنی، ایک سا کردار ہے
"دونوں خودسر تھے جھکا تو بھی نہیں میں بھی نہیں"


شاعر کی طرف سے التماس
بچ کے زرداری سے کرنا forward اس نظم کو
لگ گیا اس کو پتہ! تو بھی نہیں میں بھی نہیں
 

یوسف-2

محفلین
بہت اعلیٰ راجا بھائی!
کیا یہ آپ کی تخلیق ہے؟ اگر ایسا ہے تو یہ سلسلہ جاری رکھئے۔ مزاح نگاروں کے لئے تو یہ ”موسم بہاراں“ ہے۔ احوالِ سیاہ ست :D پہ خوب خوب لکھا جاسکتا ہے۔ قارئین کے لئے ایسی تخلیقات پُرلطف بھی ہوتی ہیں اور سوچنے سمجھنے پر بھی مجبور کرتی ہیں۔ بہت بہت شکریہ محفل میں شیئر کرنے کا۔
 
یوسف بھائی، میں غزل گو شاعر ہوں، بس کبھی کبھی دل کی بھڑاس نکالنے کے لئے مزاح کے انداز میں اس طرح کی جسارت کر بیٹھتا ہوں، لیکن میری اس طرح کی تحریریں ناقابلِ اشاعت ہوتی ہیں جن کی تشہیر صرف اپنے دوستوں کو سنانے کی حد تک محدود ہے۔
اگر میں مزاح نگار ہوتا تو یقینآ "موسمِ بہاراں" میں خوب گل کھلاتا :)

آپ نے اشعار کو پسند کیا اور بہت حوصلہ افزائی فرمائی، جس کے لئے شکریہ، کوشش کروں گا کہ جب بھی کچھ لکھوں آپ دوستوں سے ضرور شیئر کروں۔ خوش رہیں۔
 

یوسف-2

محفلین
راجا بھائی! یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ غزل گو یعنی کہ مستند شاعر ہیں۔:) آپ اپنے دل کی بھڑاس ضرور نکالا کریں، لیکن کبھی کبھی نہیں بلکہ اکثر و بیشتر :) شاید اس طرح آپ کی غزل گوئی کا ”کفارہ“ ادا ہوتا رہے۔ :haha:
 

سید زبیر

محفلین
بہت خوب کلام ہے اللہ کرے زور قلم اور زیادہ
لطف آگیا
جیتے رہیں اور خوش رہیں اور اسی طرح مسکراہٹیں بانٹتے رہیں
 
یوسف بھائی، غزل گو شاعر تو ہوں لیکن مستند تب ہوں گا جب آپ دوست سند عنایت فرمائیں گے۔

خوب کفارہ بتایا آپ نے ہم خوش ہوئے
اک غزل آئی تھی دل میں، دل میں ہی وہ سو گئی
مسئلہ اک اور بھی ہے، وہ بھی حل کر دیجئے
مجھ سے نادانی میں اُف، شادی بھی سرزد ہوگئی
:)
 
زبیر بھائی، اشعار پسند کرنے کا شکریہ، آپ نے اتنی دعائیں دیں کہ میں مالامال ہو گیا :)

داد شاعر کی غذا ہے، داد ہی مقصود ہے
پر دعا سنتے ہی میری آنکھ بھرآئی ہے آج

سلامت رہو بھیا
 
بلال بھائی سب آپ کا قصور ہے، آپ نے میری آمد پر اتنا پرجوش ویلکم دیا کہ میں یہاں ٹکنے پر مجبور ہوگیا۔
بس اب برداشت کیجئے :)
 

شمشاد

لائبریرین
راجا صاحب بہت خوب۔
اپنے دل کی بھڑاس یہاں اتنی نکالیں کہ دیوان ادھر ہی مرتب ہو جائے۔
 
Top