دیکھ لو آج جی بھر کے ۔۔۔۔۔

فرخ منظور

لائبریرین
فلم: بازار
موسیقی: خیّام
شاعر: مرزا شوق

اس غزل میں ایک شعر ہے -
یاد اتنا تمہیں دلاتے جائیں
پان کل کے لیے لگاتے جائیں

یہ بہت خوبصورت شعر ہے اور اس میں جو محاورہ استعمال کیا گیا ہے - پان کل کے لیے لگاتے جائیں اسکا مطلب بہت عرصے تک میں ڈھونڈتا رہا - یوسفی نے بھی یہ محاورہ استعمال کیا ہے - اگر کسی صاحب کو اس محاورے کا مطلب پتا ہو تو براہِ مہربانی ضرور بتائیے گا -
 

فاتح

لائبریرین
جگجیت کور کی آواز میں سمیتا پاٹل اور فاروق شیخ پر فلمایا گیا یہ گیت مجھے ہمیشہ سے بے حد پسند رہا ہے۔ آج ہم نے چاہا کہ یہ خوبصورت گیت محفل پر بھی ارسال کرتے چلیں لیکن ظفری بھائی پہلے ہی یہ کارِ ثواب کر چکے تھے لہٰذا ہم نے محض اس گیت کے بول لکھنے کو ہی اپنی جانب سے 'کنٹری بیوشن' جانا۔ :)
دیکھ لو آج ہم کو جی بھر کے
کوئی آتا نہیں ہے پھر مَر کے

ہو گئے تم اگرچہ سودائی
دور پہنچے گی میری رسوائی

آؤ اچھی طرح سے کر لو پیار
کہ نکل جائے کچھ دل کا بخار

پھر ہم اٹھنے لگے، بٹھا لو تم
پھر بگڑ جائیں گے، منا لو تم

یاد اتنا تمھیں دلاتے جائیں
پان کل کے لیے لگاتے جائیں
 

فاتح

لائبریرین
فلم: بازار
موسیقی: خیّام
شاعر: مرزا شوق

اس غزل میں ایک شعر ہے -
یاد اتنا تمہیں دلاتے جائیں
پان کل کے لیے لگاتے جائیں

یہ بہت خوبصورت شعر ہے اور اس میں جو محاورہ استعمال کیا گیا ہے - پان کل کے لیے لگاتے جائیں اسکا مطلب بہت عرصے تک میں ڈھونڈتا رہا - یوسفی نے بھی یہ محاورہ استعمال کیا ہے - اگر کسی صاحب کو اس محاورے کا مطلب پتا ہو تو براہِ مہربانی ضرور بتائیے گا -

"پان لگانا" یا "پان بنانا" تو "پان کی گلوری تیار کرنے" کو کہا جاتا ہے۔ یہاں شاید شاعر کی مراد "پان دینا" ہو گی جس کا مطلب ہوتا ہے "رخصت کرنا" اور اس کے لیے "پان دینا" یا "رخصت کا پان دینا" ہر دو محاورات استعمال کیے جاتے ہیں۔ جب کہ "پان کھلانے" کا مطلب "منگنی کی رسم ادا کرنا" ہوتا ہے جو اس گیت کے محل کے مطابق درست نہیں بیٹھتا۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
فاتح صاحب میں نے کسی حیدرآبادی بابے سے سنا تھا کہ پان کل کے لئے لگاتے جانے کا مطلب ہے اپنے محبوب یا عزیز کو کسی بہانے روکے رکھنا تاکہ زیادہ سے زیادہ دیر تک اس کے ساتھ رہا جائے۔ کسی کو مزید روکنا مقصود ہو تو کہا جاتا تھا "حضور ذرا کل کے لئے پان تو لگاتے جائیں"
 

فاتح

لائبریرین
گو کہ یہ میرے علم میں نئی بات ہے مگر کسی بوڑھے خصوصاً بوڑھی سے سنا ہو تو ایسا ہی ہو گا جناب۔
 
Top