نصیر الدین نصیر دیکھ اے دل! یہ کہیں مژدہ کوئی لائی نہ ہو

الف نظامی

لائبریرین
دیکھ اے دل! یہ کہیں مژدہ کوئی لائی نہ ہو
اُس دیارِ پاک سے چل کر صبا آئی نہ ہو


راہِ طیبہ میں خیالِ ہوش و دانائی نہ ہو
کیا سفر کا لطف جب تک بے خودی چھائی نہ ہو


اُن کا جلوہ ہو ، ہمارے قلب کا آئینہ ہو
اور کوئی دوسری صورت سے رعنائی نہ ہو


دل نے جب حُسنِ عقیدت سے کیا ہے اُن کو یاد
غیر ممکن ہے کہ اب اِس کی پذیرائی نہ ہو


نسبتِ شاہِ مدینہ کر گئی دل کو غنی
میں گدائی میں بَھلا ، قسمت میں دارائی نہ ہو


اے مرے دل! تیری رونق ہے جمالِ مصطفےﷺ
عالمِ فانی کے جلووں کا تماشائی نہ ہو


کیا خبر اس کو کہ مستی عشق کی ہے چیز کیا
میرے ساقی نے جسے آنکھوں سے پلوائی نہ ہو


اُلفتِ خیر الورٰیﷺ میں رات دن رہتا ہوں گم
کون سا دَم ہے کہ جس دَم اُن کی یاد آئی نہ ہو


لے چلو ہو! اے فرشتو! جس کو دوزخ کی طرف
دیکھ لو پھر غور سے ، یہ اُن کا شیدائی نہ ہو


ہے وہ دیوانہ ؟، جو دیوانہ محمدﷺ کا نہیں
ہے وہ سودائی؟ ، محمدﷺ کا جو سودائی نہ ہو


کل بھلا محشر میں پہچانے گا کون اُس کو نصیر
قبر میں جس کی محمدﷺ سے شناسائی نہ ہو


(سید نصیر الدین نصیر)
 
آخری تدوین:
Top