دُعا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔از: محمد شفیع الدین نیر (ٹیگور کی مشہور کتاب گیتانجلی کے ایک گیت سے متاثر ہو کر)

فارقلیط رحمانی

لائبریرین
دُعاء
ٹیگور کی مشہور کتاب ’’گیتانجلی‘‘
کے ایک گیت سے متاثر ہو کر
- رابندر ناتھ ٹیگور
(پیدائش: ۷، مئی ۱۸۶۱ ؁ء - وفات:۷،اگست۱۹۴۱ ؁ء)
رابندر ناتھ ٹیگور بنگالی زبان کے شاعر تھے۔ اصل نام رابندر ناتھ ٹھاکر، ٹیگور، ٹھاکر کی بگڑی ہوئی شکل ہے۔ انہیں بنگالی زبان کا شیکسپیئر بھی کہتے ہیں۔مشہور افسانہ نویس تھے۔ ۱۹۱۳ ؁ ء میں نوبل پرائز بھی ملا۔۱۹۱۵ ؁ ء میں نائٹ ہڈ کا خطاب بھی ملا۔۱۹۰۱ ؁ ء میں بولپور ، بنگال کے مقام پر شانتی نکیتن درس گاہ اور یونیورسٹی قائم کی۔
- محمد شفیع الدین نیر
(پیدائش: ۱۹۰۳ ؁ء - وفات: ۱۹۷۸ ؁ء)
محمد شفیع الدین نام، تخلص : نیر، اترولیا، ضلع علی گڑھ، یو۔پی۔ میں پیدا ہوئے تھے اور نئی دہلی میں انتقا ل ہوا تھا۔ بچوں کے ادیب اور شاعر کے طور پر مشہور ہیں۔
نیر کے ایک درجن سے زائد مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ جن میں سے ’’بچوں کا کھلونا (۱۹۳۴ء)، گھی شکر، وطنی نظمیں (۱۹۴۵ء) مُنّی کے گیت، اِسلامی نظمیں،ہماری نعت، تعلیمی تحفہ،ہماری زندگی، اچھی چڑیاوغیرہ کو غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی۔بچوں کے لیے انہوں نے کہانیوں کی تقریباً چالیس کتابیں بھی لکھی تھیں۔۱۹۵۶ ؁ء میں جامعہ کالج میں لکچرار مقرر ہوئے جہاں ڈاکٹر ذاکر حسین کی فرمائش پر ’’غالب کی کہانی ‘‘ کتاب لکھی۔
محمد شفیع الدین نیر نے یہ دُعاء رابندر ناتھ ٹیگورکی مشہور کتاب ’’گیتانجلی‘‘ کے ایک گیت سے متاثر ہوکر لکھی ہے۔
خُدایا! ہم ترے دربار میں ایک عرض لائے ہیں
یہ اپنے سر ، تری سرکار میں ہم نے جھکائے ہیں
گُزارے زِندگی اب قَوم اپنی اُن فضاؤں میں
مَسرّت ناچتی ہو رات دِن جن کی ہواؤں میں
جہاں خوددار اور بے خوف ہوں چھوٹے بڑے سارے
سدا خُلق اور اُخوت کے چمکتے ہوں جہاں تارے
جہاں ہر شخص ہو ہمدرد اور غم خوار دُنیا کا
جہاں پھیلا ہوا ہو عِلم و فن کا ہر طرف چرچا
جہاں ہر کام میں تکمیل ہو پیش نظر سب کے
جہاں بندے نہ ہوں افرد نفرت اور تعصب کے
جہاں کے لوگ دور ازکا ر رسموں کے نہ قائل ہوں
جہاں پر لوگ دِل سے خدمتِ انساں پہ مائل ہوں
عمل میں راستی ہو، صِدق ہو اُن کی زبانوں پر
توانا ہوں، مگر آفت نہ ڈھائیں نا توانوں پر
برابر ہو جہاں ہر ایک ادنا ہو کہ اعلا ہو
جہاں اِنصاف کا اور عدل ہی کا بول بالا ہو
(محمد شفیع الدین نیرؔ )
الفاظ - معانی
فضا : ماحول
خوددار : غیرت مند
خُلق : اچھی عادت
اُخُوت : (اُ+خُوْ+وَتْ)بھائی چارا
تکمیل : پورا کرنا
غم خوار : ہمدرد، دکھ درد کا شریک
مائل : متوجہ
راستی : سچائی
صِدْق : سچائی
توانا : طاقتور
ناتواں : کمزور
 
گیتانجلی ہماری پسندیدہ کتابوں میں سے ہے۔ ہمارے پاس اسکے دو عدد ایڈیشن اور ان کے علاوہ عبدلالعزیز خالد کیا کیا ہوا گیتانجلی کا منظوم ترجمہ بھی موجود ہے اور ہمیں بہت پسند ہے۔ نیر صاحب کی نظم بھی بہت خوبصورت ہے۔ شکریہ قبول کیجیے۔
 
Top