دل کے موضوع پر اشعار!

عمر سیف

محفلین
تنہائی میں لے جائیں گے سمجھائیں گے دل کو
یہ مان بھی جائے گا یہ دعویٰ نہ کریں گے
وعدہ ہے کہ اب اور جلائیں گے نہ جی کو
نقصان ہے اسمیں تو یہ سودا نہ کریں گے
 

شمشاد

لائبریرین
پہلی دستک میں میرے دل میں اُترنے والے
دَر کھلے جس کیلئے اس کا ہی گھر ہوتا ہے
(فاخرہ بتول)
 

عمر سیف

محفلین
منظروں سرابوں کی
شدتوں سے گھبرا کے
راہ تو بدل لی ہے
پر یہ دل سودائی
روک روک لیتا ہے
ڈوب ڈوب جاتا ہے
 

شمشاد

لائبریرین
دردِ دل ایسا بڑھا خود اپنا درماں ہو گیا
زندگی کا پھر مری پیدا اک امکاں ہو گیا
(ناہید ورک)
 

شمشاد

لائبریرین
یہ دو دلوں کو کبھی جو اک ساتھ دیکھتا ہے
ہوا پہ سازش کا جا ل رکھ کر پکارتا ہے
(فاخرہ بتول)
 

محمد وارث

لائبریرین
گرفتہ دل عندلیب، گھائل گلاب دیکھے
محبتوں نے سبھی رتوں میں عذاب دیکھے

وہ دن بھی آئے صلیب گر بھی صلیب پر ہوں
یہ شہر اک روز پھر سے یومِ حساب دیکھے

(فراز)
 

عمر سیف

محفلین
فیض دلوں کے بھاگ میں ہے،گھر بھرنا بھی لُٹ جانا بھی
تم اس حسن کے لطف و کرم پر کتنے دن اتراؤ گے
 

شمشاد

لائبریرین
کم نہیں تھی یورشِ غم ہائے دنیا جان پر
دل کو کیا سوجھی محبت میں دیوانا ہو گیا
(سرور)
 

شمشاد

لائبریرین
کیا س۔ادہ دل۔۔ی ہے ک۔ہ گ۔رفت۔ارِ م۔ح۔ب۔ت
کرتے ہیں قفس میں پر و پرواز کی باتیں
(سرور)
 

شمشاد

لائبریرین
بھولی بسری یادیں جب جب دل کو ٹھیس لگاتی ہیں
آنکھیں برسیں رم جھم رم جھم سانس رکے دل گھبرائے
(سرور)
 

شمشاد

لائبریرین
دل ہار کے سرور تم اس طرح جو بیٹھے ہو
”پچھتانے سے کیا حاصل، پچھتانے سے کیا ہوگا؟“
(سرور)
 

شمشاد

لائبریرین
ت۔۔ری ی۔اد میں رہے دل مرا بے ق۔۔رار کب تک
مری منزلوں کی رِہ میں تری رِہ گزار کب تک
(ناہید ورک)
 
Top