خار و خس کی مہ و انجم سے یوں نسبت دیکھی ۔ عنبرین صلاح الدین

فرخ منظور

لائبریرین
خار و خس کی مہ و انجم سے یوں نسبت دیکھی
میرے خوابوں کی مرے شہر نے قیمت دیکھی

کب مرا راستہ ایسا تھا کہ تجھ تک پہنچے
میں نے خود چشمِ تخیل سے رعایت دیکھی

میں نے لفظوں کو سمیٹا تو فسانے پھیلے
خواب بکھرے تو مری آنکھ نے شہرت دیکھی

وقت کی آندھیاں کس سمت اڑا لے آئیں
اس نے دیکھا تھا مجھے، میں نے قیامت دیکھی

گونج رہتی ہے دروبام میں تنہائی کی
کب ترے بعد کسی جشن کی فرصت دیکھی

اس کے لفظوں کے مقابل مَیں بھلا کیا کہتی
میں نے حیران ہی رہنے میں سہولت دیکھی

چھو کے آئی ترا پیکر جو نکھرتی ہوئی دھوپ
کیا سے کیا میں نے دروبام کی رنگت دیکھی

(عنبرین صلاح الدین)
 
الف عین

لائبریرین
شکریہ ابھی ان محترمہ کی ای بک بنائی ہے، اس میں اضافہ کر دوں گا۔ لیکن ایک غلطی کا بھی پتہ چلا۔ اردو ورلڈ میں ان کا بہت سا کلام عنایت علی خان کے نام کر دیا گیا ہے۔ عنایت کی ای بک بناتے ہوئے سوچ رہا تھا کہ ان کا سنجیدہ کلام الگ کیا جائے اور مزاحیہ الگ، تو معلوم ہوا کہ عنبریں کا کلام بھی اس میں شامل کر دیا گیا ہے۔ ایک تو مؤنث کے صیغے سے معلوم ہوا اور پھر اس وجہ سے کہ عنبرین کی ای بک اس سے ایک دو دن پہلے ہی بنائی تھی۔ یہاں تک کہ اپنی سائٹ پر عنایت علی خان کی ای بک کا نام ’اجنبی شہر کے در و دیوار‘ بھی در اصل عنبرین کی نظم کے عنوان سے لیا گیا تھا۔ اب بدل دیا ہے، عنایت کی ای بک کا عنوان ’پیٹ ہلکا ہو گیا نا‘ رکھا ہے اور عنبرین کا ’طلسم نجومِ شب‘۔
 
اعجاز صاحب، آپ مجھے ای بک ای میل کر دیں۔ میں عنبرین صاحبہ کو دکھا کر ان سے تصدیق کروا لوں گا کہ ساری کلام انہی کا ہے یا کسی اور کا بھی شامل ہو گیا ہے۔
 
Top