جب محفل فورم کو وی بلیٹن پر منتقل کیا گیا

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،
آپ میں سے اکثر دوستوں کو یاد ہوگا جب محفل فورم کو سی ایچ موڈ‌ فورم سوفٹویر سے وی بلیٹن پر منتقل کیا گیا تھا۔ یہ آپریشن ہم نے گزشتہ سال 5 جولائی کو کیا تھا، یعنی محفل فورم کو وی بلیٹن پر منتقل ہوئے تقریباً ایک سال ہونے والا ہے۔ میرے خیال میں محفل فورم پر وی بلیٹن کا استعمال بالآخر کامیاب ثابت ہوا ہے، اگرچہ شروع میں اس بارے میں کچھ تحفظات پائے جاتے تھے۔ محفل فورم کی وی بلیٹن پر منتقلی ہمارا ایک اہم سنگ میل تھا اور میں اس کے بارے میں ضرور لکھنے کا ارادہ رکھتا تھا لیکن انہی دنوں لال مسجد کے سانحے نے پوری قوم کے اعصاب کو گویا شل کرکے رکھ دیا تھا، اس لیے اس جانب دھیان ہی نہیں گیا اور بعد میں اس کا وقت نہیں ملا۔ اب جبکہ محفل فورم کی تیسری سالگرہ کا وقت قریب آ رہا ہے تو میں اس سلسلے میں چند تحاریر پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔

محفل فورم سی ایچ موڈ سوفٹویر کے استعمال کے وقت بھی اتنی ہی مقبول تھی جتنی یہ اب ہے، بلکہ اکثر دوست ابھی تک پرانی محفل فورم کے خوبصورت سٹائلز کو یاد کرکے آہیں بھرتے ہیں۔ سی ایچ موڈ فورم ابھی تک میرا فیورٹ فورم سوفٹویر ہے اور مجھے اس کی فیچرز بہت پسند ہیں۔ لیکن سی ایچ موڈ فورم کے ساتھ مسئلہ یہ تھا کہ اس کی ڈیویلپمنٹ کے پیچھے صرف ایک آدمی کا ہاتھ ہے اور اسی لیے اس سوفٹویر کی ڈیویلپمنٹ کی رفتار بہت سست رہتی ہے۔ دوسری جانب ہمارا محفل فورم کو مزید ڈیویلپ کرنے کا ایک اپنا روڈ میپ ہوتا ہے جس پر ہم اسی لیے بروقت عمل نہیں کر پا رہے تھے کہ اس فورم سوفٹویر کی ڈیویلپمنٹ کی رفتار تسلی بخش نہیں تھی۔ اس صورتحال کے پیش نظر میں نے کچھ اور اوپن سورس فورم سوفٹویر کا جائزہ لیا لیکن مجھے وہ زیادہ نہیں بھائے۔ انہی دنوں جب اردو مجلس کے عبدالرحمن نے وی بلیٹن میں اردو ویب پیڈ کی انٹگریشن کے متعلق سوال کیا تو میں نے بھی وی بلیٹن کی فیچرز کا جائزہ لیا اور مجھے اس کی فیچرز بہت پسند آئیں۔ اردو مجلس کے لیے وی بلیٹن میں اردو ایڈیٹر کی انٹگریشن کے کام کے دوران مجھے اس کے کچھ استعمال کا بھی تجربہ ہوا تو میں نے وی بلیٹن کے استعمال کا پختہ ارادہ کر لیا اور اس کا ایک لائسنس خرید لیا گیا۔

محفل فورم کی وی بلیٹن پر منتقلی کو ہم بجا طور پر ایک بڑی تکنیکی کامیابی قرار دے سکتے ہیں۔ ایسی کوئی سکرپٹ موجود نہیں ہے جو سی ایچ موڈ‌ فورم کے ڈیٹا کو براہ راست وی بلیٹن میں امپورٹ کر سکے۔ خوش قسمتی سے سی ایچ موڈ فورم کی کئی ڈیٹاٹیبلز کا سٹرکچر وہی ہے جو کہ پی ایچ پی بی بی کا ہے۔ اس طرح کم ازکم موضوعات اور پیغامات تو امپورٹ‌ ہو جاتے ہیں جبکہ باقی ڈیٹا کو امپورٹ کرنے کے لیے براہ راست ڈیٹابیس میں مینول آپریشن کرنا پڑتے ہیں۔ مجھے اس کام میں مسلسل زکریا کی رہنمائی اور تکنیکی معاونت حاصل رہی اور ان کی مدد سے ہی اس کام کی تکمیل ممکن ہوئی۔

میں نے وی بلیٹن کا لائسنس خریدنے کے بعد تقریباً ایک مہینے تک تحقیق کی کہ کس طرح محفل فورم کے ڈیٹا کو بغیر کسی نقصان کے وی بلیٹن پر منتقل کیا جائے۔ خود محفل فورم کو وی بلیٹن پر منتقل کرنے کا آپریشن بھی اچھا خاصا ایڈونچر ثابت ہوا۔ ہمارا خیال تھا کہ یہ کام تھوڑی دیر میں مکمل ہو جائے گا لیکن اس میں تقریباً پانچ گھنٹے صرف ہوئے۔ اس دوران زکریا اور میں نے چیٹ پر رابطہ رکھا۔ کسی بھی میجر اپگریڈ پر زکریا کی یہ ڈیوٹی بھی ہوتی ہے کہ کسی گڑبڑ کی صورت میں فورم کو پرانی حالت پر ریسٹور کر دیا جائے، اگرچہ ابھی تک اس کی نوبت نہیں آئی۔ جب بالآخر ہم نے محفل فورم کو وی بلیٹن سوفٹویر پر چالو کر دیا تو ہماری خوشی دیدنی تھی۔ اس کے بعد فورم کے ممبران کو نئی فورم کے استعمال کے ساتھ ایڈجسٹ میں قدرے وقت ضرور لگا لیکن رفتہ رفتہ ہم اس میں مفید ایڈ آن شامل کرتے گئے اور کچھ بہتر سٹائلز کا اضافہ بھی کر دیا گیا۔ وی بلیٹن کا اردو ترجمہ عبدالرحمن نے فراہم کیا جو کہ ابھی تک اس پر استعمال ہو رہا ہے۔ کچھ دوستوں نے وی بلیٹن میں اردو ایڈیٹر کی انٹگریشن کے بارے میں دریافت کیا جس پر میں نے اس کے لیے ہدایات کو علیحدہ سے ایک موڈ کی شکل میں جاری کر دیا جسے اور بھی کئی وی بلیٹن فورمز پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

مجھے محفل فورم سے متعلق اور بھی جو پرانی باتیں یاد آتی جائیں گی، میں انہیں آپ کے ساتھ شیئر کرتا رہوں گا۔

والسلام
 
Top