تصویر کشی (Imagery) سے مزین اشعار شامل کیجے

محمداحمد

لائبریرین
ایسی نثر یا نظم جس کے ذریعے مصنف یا شاعر قاری کے ذہن میں کسی منظر یا واقعے کی تصویر کھینچ کر رکھ دے، ادب کی اصطلاح میں امیجری کہلاتی ہے۔ کبھی کبھی جب ہم کوئی نظم یا شعر سن کر بے اختیار کہہ اُٹھتے ہیں کہ واہ کیا سماں باندھا ہے شاعر نے، تو شعر یا نظم کی یہی خوبی امیجری کہلاتی ہے۔

مظفر حنفی کا یہ شعر دیکھیے:

وہ خراشیں دکھاتے رہے ہاتھ کی سنگ باری کے دوران آئی تھیں جو
ہم ادھر زخمِ سر کو چھپاتے ہوئے اور تزئینِ‌دستار کرتے ہوئے

یہ شعر قاری کے ذہن میں ایک پورا نقشہ کھینچ کر رکھ دیتا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شعر میں کہی گئی بات یا واقعے کو ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔

یا جیسے غالب کا یہ شعر:

بوئے گل، نالہء دل، دودِ چراغِ محفل
جو تری بزم سے نکلا، سو پریشاں نکلا

اس سلسلے میں بشیر احمد بشیر صاحب فرماتے ہیں:
شاعری، تصورات کی تصویر کاری کا عمل ہے۔ شاعری کے ذریعے تصورات میں جب ارتعاش برپا ہوتا ہے تو ہمارے قلب و ذہن پر ایک واضع سی تصویر بن جاتی ہے۔ یہ ایک امیج یا ذہنی پیکر ہے، معروضی حالات کی بنا پر یہ تصویر ساکن بھی ہو سکتی ہے متحرک بھی۔ لیکن جتنی یہ تصویر واضح، بھرپور اور متحرک ہو گی، اتنی ہی امیجری جاندار ہوگی۔
ربط

شاعری کی بات کی جائے تو 'امیجری' کی زیادہ تر مثالیں نظموں میں ملتی ہیں تاہم ہم یہاں صرف اشعار شامل کریں گے۔

ابتداء میں کیے دیتا ہوں، پھر آپ کے لئے دعوتِ عام ہے۔ :)

جنگل کے جل جانے کا افسوس مجھے بھی ہے لیکن
اُس نے میرے پیڑ گرائے، آگ لگائی میں نے بھی

لیاقت علی عاصم

درخواست: اس سلسلے کے لئے شعر منتخب کرتے ہوئے احتیاط ضروری ہے تاکہ صرف ایسے اشعار ہی شامل ہو سکیں جو لڑی کے مطلوبہ معیار پر پورا اُترتے ہوں۔
 
محمد وارث

لائبریرین
میرے خیال میں شاعری کی اصطلاح میں اسے محاکات کہتے ہیں۔

جوش کا ایک شعر

مڑ کر جو میں نے دیکھا، اُمّید مر چکی تھی
پٹری چمک رہی تھی، گاڑی گزر چکی تھی
 
محمداحمد

لائبریرین
میرے خیال میں شاعری کی اصطلاح میں اسے محاکات کہتے ہیں۔

جوش کا ایک شعر

مڑ کر جو میں نے دیکھا، اُمّید مر چکی تھی
پٹری چمک رہی تھی، گاڑی گزر چکی تھی

شکریہ وارث بھائی!

بجا ارشاد فرمایا آپ نے، محاکات کی اصطلاح یہاں زیادہ اچھی رہے گی۔

تاہم ایک سوال جو میرے ذہن میں ابھرتا ہے وہ یہ ہے کہ کیا محاکات کا دائرہ امیجری سے زیادہ وسیع نہیں ہے؟ یعنی محاکات کے زمرے میں تو ہر وہ بات، خیال جو تخیّل میں آئےنقل کر دینا آتا ہے کہ شاعر کے ذہن کی بات قاری کو بھی نظر آ جائے یا کم از کم خیال کا ابلاغ ہو جائے؟ کچھ رہنمائی فرمائیے اس بابت۔
 
جی بالکل وسیع ہے۔ علامہ شبلی نعمانی سے شعر العجم جلد چہارم میں اس پر سیر حاصل بحث کی ہے، بیسیوں صفحات ہیں لیکن افسوس (اردو والوں کے لیے) کہ ساری مثالیں فارسی شاعری کی ہیں۔ علامہ محاکات کی تعریف یوں کرتے ہیں

" محاکات کے معنیٰ کسی چیز یا کسی حالت کا اس طرح ادا کرنا ہے کہ اس شے کی تصویر آنکھوں میں پھر جائے۔ تصویر اور محاکات میں یہ فرق ہے کہ تصویر میں اگرچہ مادی اشیا کے علاوہ حالات یا جذبات کی بھی تصویر کھینچی جا سکتی ہے۔ ۔۔تاہم تصویر ہر جگہ محاکات کا ساتھ نہیں دے سکتی۔ سینکڑوں گوناگوں حالات و واقعات تصور کی دسترس سے باہر ہیں۔"

یہ اقتباس میں نے نیٹ سے لیا ہے، شبلی کی بحث میں یہاں تصویری شکل میں لگانا چاہ رہا تھا لیکن پھر کچھ سوچ کر رک گیا ہوں :)
 
فرقان احمد

محفلین
مختلف اصلاحات کا رواج رہا ہے ویسے ۔۔۔

محاکات، تصویرکشی، تمثال نگاری، امیج، امیجری، تصویر آفرینی

لیجئے میری طرف سے ۔۔۔ ولی دکنی کا شعر ۔۔۔

تجھ لب کی صفت لعل بدخشاں سوں کہوں گا
جادو ہیں تیرے نین ۔۔۔ غزالاں سوں کہوں گا
 
فرقان احمد

محفلین
پانی کو چھو رہی ہے یوں جھک کے گل کی ٹہنی​
جیسے حسیں کوئی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ آئینہ دیکھتا ہو!​
اقبال​
 
محمداحمد

لائبریرین
جی بالکل وسیع ہے۔ علامہ شبلی نعمانی سے شعر العجم جلد چہارم میں اس پر سیر حاصل بحث کی ہے، بیسیوں صفحات ہیں لیکن افسوس (اردو والوں کے لیے) کہ ساری مثالیں فارسی شاعری کی ہیں۔ علامہ محاکات کی تعریف یوں کرتے ہیں

" محاکات کے معنیٰ کسی چیز یا کسی حالت کا اس طرح ادا کرنا ہے کہ اس شے کی تصویر آنکھوں میں پھر جائے۔ تصویر اور محاکات میں یہ فرق ہے کہ تصویر میں اگرچہ مادی اشیا کے علاوہ حالات یا جذبات کی بھی تصویر کھینچی جا سکتی ہے۔ ۔۔تاہم تصویر ہر جگہ محاکات کا ساتھ نہیں دے سکتی۔ سینکڑوں گوناگوں حالات و واقعات تصور کی دسترس سے باہر ہیں۔"

یہ اقتباس میں نے نیٹ سے لیا ہے، شبلی کی بحث میں یہاں تصویری شکل میں لگانا چاہ رہا تھا لیکن پھر کچھ سوچ کر رک گیا ہوں :)

بہت شکریہ اس تفصیل کا۔

اور مزید شکریہ کے آپ کو ٹائپ بھی کرنا پڑا۔ :)

جس ویب سائٹ کی تصویر آپ لگا رہے تھے اُس کا ربط فراہم کر دیجے تاکہ ہم بھی دید کر لیں۔ :)

اگر عنوان میں کسی تبدیلی کی ضرورت ہے تو وہ بھی تجویز کر دیجے۔

شکریہ۔ :)
 
فرقان احمد

محفلین
رات بھر ہم یوں ہی رقص کرتے رہے

نیند ۔۔۔ تنہا کھڑی ۔۔۔ ہاتھ ملتی رہی

ناصر کاظمی
 
آخری تدوین:

محمداحمد

لائبریرین
کُھل گئے شہرِ غم کے دروازے
اک ذرا سی ہوا کے چلتے ہی

خون سا لگ گیا ہے ہاتھوں میں
چڑھ گیا زہر گل مسلتے ہی

منیر نیازی
 
فرقان احمد

محفلین
بہت خوب!

کیا آپ کوئی مختلف فونٹ استعمال کرتے ہیں کہ آپ کی پوسٹ کچھ مختلف نظر آتی ہے؟

دراصل جب کوئی شعر یاد آ جائے تو انٹرنیٹ کی مدد سے اسے درست حالت میں حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور جب شعر وہاں سے نقل کرتا ہوں تو اگلے مرحلے میں اردو محفل میں آ کر فونٹ بدلتا ہوں۔ مرحلہء تدوین کے دوران مجھے نستعلیق فونٹ کا آپشن نظر نہیں آتا، اس لیے اکثر ٹے ہوما (اگر اس کا نام یہی ہے) فونٹ سے کام چلانے کی کوشش کرتا ہوں۔
 
ہمم۔۔۔۔! شعر کی صحت جانچنے کے لئے میں بھی یہ تکنیک استعمال کرتا ہوں۔

لیکن میں اسے براہِ راست پیسٹ کرنے کے بجائے اس کے بعد والا آپشن Paste as plain text استعمال کرتا ہوں۔ اس طرح عبارت محفل کی ڈیفالٹ اسٹائل میں ڈھل جاتی ہے۔ :)
 
محمد وارث

لائبریرین
بہت شکریہ اس تفصیل کا۔

اور مزید شکریہ کے آپ کو ٹائپ بھی کرنا پڑا۔ :)

جس ویب سائٹ کی تصویر آپ لگا رہے تھے اُس کا ربط فراہم کر دیجے تاکہ ہم بھی دید کر لیں۔ :)

اگر عنوان میں کسی تبدیلی کی ضرورت ہے تو وہ بھی تجویز کر دیجے۔

شکریہ۔ :)
جی یہ ربط دیکھیے۔ دراصل یہ علامہ شبلی پر مضمون ہے، محاکات کی بحث ضمنی ہے۔
 
محمداحمد

لائبریرین
arifkarim

عارف کریم بھائی ! خیریت ہے شاعری کے دھاگے پڑھے جا رہے ہیں اور دوستانہ کی ریٹنگز پھینکی جا رہی ہیں۔ :in-love:

سب خیریت؟ :love:
 
Top